سب غائب ہو جاتے ہیں۔ وقت‘ آنے والا وقت سب نقش اپنی دھول میں لپیٹ کر خاک میں ملا دیتا ہے۔ کچھ دکھ سا ہوا‘ جب کچھ پڑھے لکھے دانشوروں سے یہ پوچھا کہ آپ پروفیسر حفیظ ملک کو جانتے ہیں؟ نہیں! بتائیں وہ کون تھے‘ کہاں تھے اور کس مضمون کے پروفیسر تھے؟ پروفیسر تو میں نے احتراماً کہا تھا۔ پاکستان اور جنوبی ایشیا کی تاریخ‘ سیاست اور فکری مباحث کے بارے میں کچھ بنیادی علم رکھنے والوں کو ان کے تعارف کے لیے فقط حفیظ ملک کہہ دینا ہی کافی تھا۔ چونکہ کچھ اندازہ تھا کہ وہ وطن عزیز کے کسی کالج یا جامعہ کے پروفیسر نہیں رہے اس لیے اگر نام کے ساتھ پروفیسر نہ لگایا تو سامنے بیٹھے لوگ انہیں گزرے زمانوں کا کرکٹ پلیئر نہ سمجھ لیں۔ ویسے کوئی حیرانی تو نہیں ہوئی کہ بہت کم لوگ پڑھنے اور کتابیں اکٹھی کرنے کا شوق رکھتے ہیں۔ میری ان کے نام اور تصانیف سے واقفیت کچھ نصف صدی سے ہے۔ ذاتی ملاقاتیں چند تھیں‘ جو امریکہ میں کانفرنسوں کے دوران ہوئیں۔ تقریباً چھ سال قبل‘ نوے سال کی عمر میں وہ وہاں چلے گئے جہاں سب کا آخری ٹھکانہ ہوتا ہے۔ ان کی کچھ کتابیں دہائیوں سے سنبھال کر رکھی ہوئی ہیں۔ چند اپنے مقالوں کے حوالوں کے استعمال کے لیے بھی ہیں۔ پہلا تعارف تو ان کے تحقیقی رسالے ''جرنل آف سائوتھ ایشین اینڈ مڈل ایسٹرن سٹڈیز‘‘ سے ہوا‘ جس کے وہ بانی اور پوری زندگی ایڈیٹر رہے۔ یہ مجلہ یونیورسٹی آف ولنووا سے گزشتہ نصف صدی سے باقاعدہ شائع ہوتا رہا ہے۔ ایسے علمی اور تحقیقی مجلے کے سال میں صرف چار شمارے آتے ہیں۔ گزشتہ ستمبر میں لاہور میں ایک عالمی کانفرنس کے دوران کچھ کتابوں کے سٹالوں کا جائزہ لیا تو حیران ہوا کہ جرنل آف سائوتھ ایشین اینڈ مڈل ایسٹرن سٹڈیز کی طرف سے نئی نسل کے دو تین پروفیسروں نے اس کے تعارف اور تشہیر کے لیے ایک ڈیسک پر کچھ شمارے سجائے ہوئے تھے۔ انہیں بتایا کہ پروفیسر حفیظ ملک کو جانتا ہوں۔ ملاقاتیں بھی ہوئی ہیں اگرچہ مختصر‘ مگر ان کے علمی کام سے کچھ واقفیت ہے اور اس جرنل میں ہمارے بھی دو تین مقالے مختلف وقتوں میں شائع ہوئے ہیں۔ بہت خوش ہوئے اور ساتھ حکمانہ کہیں یا درخواست کہ پروفیسر صاحب کے اس رسالے میں شائع شدہ مقالوں (جو تقریباً سترہ ہیں) کو پڑھ کر ان کے فکری رجحانات‘ ان پر دیگر لوگوں کے اثرات اور افزائشِ علم میں جو اُن کا کردار ہے‘ اس کے بارے میں مقالہ تحریر کروں۔ رسمی خط بھی روانہ کر دیا اور ساتھ ہی یہ شرط عائد کر دی کہ مضمون میں کم وکاست تین ہزار الفاظ سے زیادہ نہ ہوں۔ ان کے مضامین پڑھنے کے ساتھ بے ترتیب الماریوں سے ان کی کتابیں ڈھونڈیں۔ عرصہ دراز کے بعد گرد وغبار جھاڑا اور میز پر رکھ دیں۔ کچھ وہ کتابیں جن کے بارے میں کچھ علم تو تھا مگر وہ شاید پرانے کتب خانوں میں مل سکیں‘ مگر اب انٹرنیٹ پر بھی اچھی خاصی معلومات موجود تھیں۔ ان کی پہلی کتاب ''مسلم نیشنلزم اِن انڈیا‘‘ ان کا پی ایچ ڈی کا مقالہ تھا جو انہوں نے 1960ء میں امریکہ کیSyracuse University میں لکھا تھا۔ وہ کتاب کی صورت 1963ء میں شائع ہوا۔ اس موضوع پر اُس زمانے میں مسلم قومیت کی تاریخ وتہذیب اور اس کے ثقافتی رنگ پر کچھ زیادہ تحقیقی کام نہیں ہوا تھا۔ یہاں اس کتاب پر تبصرہ کرنا مقصود نہیں۔ بہرحال ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی آزادی یا انڈیا سے علیحدگی کو صرف 1940ء کی دہائی کی سیاست کے تناظر میں نہیں دیکھنا چاہیے۔ اس کتاب میں دو قومی نظریے کی بھرپور انداز میں حمایت میں تاریخی دلائل اور شواہد پیش کیے گئے ہیں۔ میرے نزدیک اس بارے میں کئی اور بھی تشریحات اور مؤقف موجود ہیں جن کے بارے میں کچھ لکھنے یا گفتگو کرنے سے گریز کیا جاتا ہے۔ خالصتاً علمی پیمانے پر پروفیسر حفیظ ملک کی یہ کتاب اپنے موضوع پر اہم ترین کتابوں میں سے ایک سمجھی جاتی ہے۔
اس کے بعد انہوں نے سر سیّد احمد خاں کی فکری اور علمی تحریک کے بارے میں دوسری کتاب تحریر کی۔ وہ ان جدید سکالرز میں سے ایک تھے جو برصغیر میں مسلم جدیدیت کے فلسفے سے بے حد متاثر رہے ہیں۔ جس کے تانے بانے شاہ ولی اللہ کی فکری تحریک سے ملتے ہیں۔ پروفیسر ملک نے علامہ اقبال کی اسلام کے بارے میں تشریح‘ جدت پسندی اور بیداری کے پیغام پر بہت ہی مؤثر انداز میں ایک کتاب لکھی۔ ڈاکٹر جاوید اقبال سے بہت دوستی تھی جنہیں وہ اپنی کانفرنسوں میں مدعو کیا کرتے تھے۔ ڈاکٹر صاحب نے جو اپنی سوانح حیات لکھی‘ اس کا ترجمہ کر کے پروفیسر ملک نے ہی شائع کیا۔ تین چار دیگر کتابیں سوویت یونین اور امریکہ کے ہمارے خطے کے ساتھ تعلقات کے بارے میں ہیں۔ سب سے بڑا کام تو انہوں نے جرنل کی بنیاد رکھنے اور اسے اپنی آخری سانسوں تک چلانے کا کیا‘ جس میں تین نسلوں کے سکالرز اور پالیسی سازوں کے مقالے پیش ہوئے اور آج بھی یہ سلسلہ جاری ہے۔ پروفیسر مرحوم نے ہمارے ملک کی ایک ایسی خدمت کی ہے جس کے بارے میں شاید ہی کسی کو پتا ہو۔ سوچا کہ اس مضمون کے حوالے سے آپ کے ساتھ شیئر کر دوں۔ 1973ء میں انہوں نے امریکن انسٹیٹیوٹ آف پاکستان سٹڈیز کی بنیاد رکھی۔ وہ بڑے پائے کے سکالر تو تھے ہی‘ ان کا دنیا میں اعلیٰ مقام رکھنے والے لوگوں سے بھی رابطہ تھا۔ وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو سے ملے اور انہیں اس انسٹیٹیوٹ کے قیام اور مستقل مالی اعانت کی درخواست کی۔ آج تک ہماری حکومت اور امریکی حکومت اسے مشترکہ طور پر چلا رہے ہیں۔ امریکہ کی جامعات میں سے سینکڑوں سکالرز نے اس کی فیلوشپ حاصل کر کے ہمارے ملک میں رہ کر تحقیقی مقالے اور کتابیں لکھی ہیں۔ جتنا کام اس ایک انسٹیٹیوٹ نے ہماری تاریخ‘ ثقافت‘ ادب‘ معاشرے اور سیاست سے لے کر ہر معروف و غیر معروف پہلو کو دنیا میں عام کرنے میں کیا ہے‘ وہ شاید ہماری سفارتکاری نہ کر سکی ہے اور نہ کر سکے گی۔ پروفیسر حفیظ ملک امریکہ کے ان دانشوروں اور پروفیسروں کے دل میں بھی بستے ہیں جنہوں نے ان کے طفیل اس ادارے کی فیلوشپ سے مالی معاونت حاصل کی۔
مجھے تقریباً پینتیس سال پہلے‘ ان کی ایک کانفرنس میں جانے کا اتفاق ہوا‘ جس میں سابق امریکی جرنیلوں سے لے کر مشہور سفارتکار اور پاکستان سٹڈیز کے تمام نامور پروفیسرز موجود تھے۔ نجانے کتنی بار انہوں نے اپنی کاوشوں سے دنیا بھر سے دانشوروں کو مدعو کر کے انہیں ڈائیلاگ‘ ہم آہنگی اور ایک دوسرے کو سمجھنے اور دنیا میں امن و آشتی کے ساتھ جینے کے طریقوں پر غور وفکر کی دعوت دی۔ سوویت یونین کے زمانے میں ان کی دوستی پروفیسر یوری گینگا فکسی‘ جنہوں نے پاکستان پر دو کتابیں اور کئی مقالے لکھے ہیں‘ سے ہوئی تو وہاں کئی مرتبہ گئے۔ انہوں نے تاتارستان اور دیگر روسی علاقوں کے مسلمانوں کے بارے میں نہایت عمدہ مضامین اپنے رسالے میں شائع کیے۔ وسطی ایشیا‘ افغانستان اور ایران کے انقلاب کے بارے میں انہوں نے لکھا۔ امریکی جامعات میں ان کی عزت و تکریم خود اپنی آنکھوں سے دیکھی ہے۔ اچھی بات یہ ہے کہ امریکہ میں ہمارے سفارتکار نے ان کی زندگی میں ہی‘ ان کی تعریف وتعظیم میں ایک تقریب منعقد کی۔ 22 اپریل 2020ء کو فوت ہوئے تو ہمارے صرف ایک انگریزی اخبار نے مختصر سی خبر لگائی۔ پاکستانی سکالر کئی دہائیوں کی خدمت کے بعد خاموشی سے امریکہ میں چل بسے۔ وقت کی دھول کسی کو معاف نہیں کرتی‘ سب پر گر کر رہتی ہے۔ مگر احسان شناسی کا تقاضا ہے کہ ایسے عالموں کو یاد رکھا جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments