"AIZ" (space) message & send to 7575

ابلاغی صلاحیتوں کا درست استعمال

اللہ تبارک وتعالیٰ نے انسانوں کو عقل اور قوتِ فیصلہ کے ساتھ ساتھ ابلاغی صلاحیتوں سے بھی نوازا ہے۔ اوسط ذہانت کا حامل ہر انسان اپنی زبان سے اپنا پیغام دینے کی صلاحیت رکھتا ہے جبکہ بہت سے ذہین وفطین لوگ تقریر کرنے اور تحریر لکھنے کی صلاحیتیں بھی رکھتے ہیں۔ اللہ تبارک وتعالیٰ کی عطا کردہ اس صلاحیت کو کئی لوگ مثبت اور بہت سے منفی انداز سے استعمال کرتے ہیں۔ اس دنیا میں رہتے ہوئے جہاں انسان کے دیگر اعمال اور صلاحیتوں کی جانچ پڑتال کی جاتی ہے‘ وہیں اس پر یہ ذمہ داری بھی عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنی ابلاغی صلاحیتوں کا درست استعمال کرے اور ان کے منفی استعمال سے بچنے کی کوشش کرے۔ اس ابلاغی صلاحیت کو منفی کاموں سے بچا کر درست سمت میں لگانا ہی انسان کی اصل کامیابی ہے۔ اس حوالے سے بعض اہم باتیں درج ذیل ہیں:
1۔ اللہ تبارک وتعالیٰ کی خشیت: انسان جب بھی کوئی گفتگو کرے تو اسے اللہ تبارک وتعالیٰ کی خشیت اور اس کے خوف کو ملحوظِ خاطر رکھنا چاہیے۔ اگر انسان اللہ تبارک وتعالیٰ کے سامنے جوابدہی کا احساس اپنے دل میں پیدا کر لے گا تو وہ اپنی ابلاغی صلاحیتوں کو اچھے انداز سے استعمال کرنے کے قابل ہو جائے گا۔ اللہ تبارک وتعالیٰ کے سامنے جوابدہی کا احساس انسان کو غلط بیانی اور مبالغہ آمیزی سے بچا لیتا ہے۔
2۔ بے ادبی سے احتراز: انسان کو مقدس ہستیوں کے بارے میں لب کشائی کرنے کے بارے میں ہمیشہ محتاط رہنا چاہیے۔ اسی طرح بزرگوں‘ اساتذہ اور والدین کے حوالے سے بھی اپنی زبانوں کو قابو میں رکھنا چاہیے۔ مقدس شخصیات کے احترام کو یقینی بنانے اور والدین کے ادب و احترام میں کسی بھی طرح کی کمی نہیں آنی چاہیے۔ سورۂ بنی اسرائیل میں اللہ تبارک وتعالیٰ نے والدین کے سامنے اُف تک کہنے سے بھی انسان کو منع کیا ہے۔ کوئی بھی باشعور انسان گفتگو کرتے ہوئے ادب واحترام کے تقاضوں کو فراموش نہیں کرتا۔
3۔ سچائی: انسان کو گفتگو کرتے ہوئے ہمیشہ سچائی کو ملحوظ اور مقدم رکھنا چاہیے۔ اس لیے کہ جھوٹ‘ مبالغہ آمیزی اور گفتگو میں کمی بیشی کسی بھی طور پر درست عمل نہیں ہے۔ اس سے انسان کا وقار مجروح ہوتا ہے اور معاشرے میں انتشار بھی پھیلتا ہے۔ اللہ تبارک وتعالیٰ سورۃ الاحزاب کی آیات: 70 تا 71 میں ارشاد فرماتے ہیں: ''اے ایمان والو! اللہ سے ڈرو اور سیدھی سیدھی (سچی) باتیں کیا کرو۔ تاکہ اللہ تعالیٰ تمہارے کام سنوار دے اور تمہارے گناہ معاف فرما دے‘ اور جو بھی اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کرے گا اس نے بڑی مراد پا لی‘‘۔ جہاں سچی بات کرنا انتہائی اہمیت کا حامل ہے وہیں سچائی کا ایک بڑا تقاضا یہ ہے کہ اپنے وعدوں کی بھی پاسداری کی جائے۔ بہت سے لوگ کاروباری معاملات‘ رشتہ داری اور شادی بیاہ کے معاملات میں جھوٹے وعدوں سے کام لیتے ہیں جس کی وجہ سے دوسرے انسانوں کو جذباتی اور نفسیاتی کوفت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
4۔ کسی کا مذاق اڑانے سے اجتناب: انسان اپنی زبان کے ذریعے کسی کا استہزا اور اس کی توہین کر سکتا ہے۔ ایک مسلمان کو کسی دوسرے کے استہزا یا اس کو غلط ناموں سے منسوب کرنے سے احتراز کرنا چاہیے۔ اس حوالے سے سورۃ الحجرات کی آیت: 11 میں اللہ تبارک وتعالیٰ ارشاد فرماتے ہیں: ''اے ایمان والو! مرد دوسرے مردوں کا مذاق نہ اڑائیں ممکن ہے کہ یہ ان سے بہتر ہوں اور نہ عورتیں عورتوں کا مذاق اڑائیں‘ ممکن ہے یہ ان سے بہتر ہوں‘ اور آپس میں ایک دوسرے کو عیب نہ لگائو اور نہ کسی کو برے لقب دو۔ ایمان کے بعد فسق برا نام ہے‘ اور جو توبہ نہ کریں وہی ظالم لوگ ہیں‘‘۔
5۔ غیبت سے احتراز: انسان کو اپنے کسی مسلمان بھائی کی عدم موجودگی میں اس کے بارے میں غلط گفتگو کرنے سے باز رہنا چاہیے۔ جو لوگ کسی کی پیٹھ پیچھے اس کی برائی کرتے ہیں خواہ اس میں وہ عیب پایا ہی کیوں نہ جاتا ہو‘ درحقیقت وہ اپنے مردہ بھائی کا گوشت کھاتے ہیں۔ اس حوالے سے اللہ تبارک وتعالیٰ سورۃ الحجرات کی آیت: 12 میں ارشاد فرماتے ہیں: ''اے ایمان والو! بہت بدگمانیوں سے بچو‘ یقین مانو کہ بعض بدگمانیاں گناہ ہیں۔ اور بھید نہ ٹٹولا کرو اور نہ تم میں سے کوئی کسی کی غیبت کرے۔ کیا تم میں سے کوئی بھی اپنے مردہ بھائی کا گوشت کھانا پسند کرتا ہے؟ (یقینا) تم کو اس سے گھن آئے گی‘ اور اللہ سے ڈرتے رہو‘ بیشک اللہ توبہ قبول کرنے والا مہربان ہے‘‘۔
6۔ تہمت طرازی سے اجتناب: جس طرح غیبت سے اجتناب کرنا ضروری ہے اسی طرح کسی پر بہتان لگانے یا تہمت طرازی سے اجتناب کرنا بھی ضروری ہے۔ کئی لوگ پاک دامن مسلمان بہن بھائیوں کی بلا سبب کردار کشی پر آمادہ وتیار ہو جاتے ہیں۔ یہ بات اللہ تبارک وتعالیٰ کو انتہائی ناپسند ہے اور اسلامی حدود میں سے ایک حد باقاعدہ طور پر ایسے لوگوں کے لیے مقرر کی گئی ہے جو دوسروں پر بلاوجہ غلط الزام لگاتے ہوں۔ اللہ تبارک وتعالیٰ سورۃ النور کی آیت: 4 میں ارشاد فرماتے ہیں: ''جو لوگ پاک دامن عورتوں پر (زِنا کی) تہمت لگائیں پھر چار گواہ نہ پیش کر سکیں تو انہیں اسّی کوڑے لگائو اور کبھی بھی ان کی گواہی قبول نہ کرو‘ یہ فاسق لوگ ہیں‘‘۔
7۔ افواہ سازی سے اجتناب: بہت سے لوگ اپنی زبان کو افواہ سازی کے لیے استعمال کرتے اور مسلم معاشروں میںبلا تحقیق غلط باتوں کو فروغ دیتے ہیں۔ ایسے لوگ معاشرے میں انتشار اور بگاڑ کو پھیلانے کا ذریعہ بنتے ہیں۔ اللہ تبارک وتعالیٰ نے ایسے لوگوں کے بارے میں مسلمانوں کو چوکنا رہنے کی تنبیہ کی ہے۔ اللہ تبارک وتعالیٰ سورۃ الحجرات کی آیت: 6 میں ارشاد فرماتے ہیں: ''اے مسلمانو! اگر تمہیں کوئی فاسق خبر دے تو تم اس کی اچھی طرح تحقیق کر لیا کرو‘ ایسا نہ ہو کہ نادانی میں کسی قوم کو ایذا پہنچا دو پھر اپنے کیے پر پشیمانی اٹھائو‘‘۔
8۔ ناانصافی سے اجتناب: انسان جب گفتگو کرے تو اس کو ناانصافی سے کام نہیں لینا چاہیے بلکہ ہمیشہ انصاف کے راستے پر چلنا چاہیے۔ حق کو چھوڑ کر اپنے یا اپنے اعزہ واقارب کے حق میں بات کرنا اسلام میں درست نہیں ہے۔ اللہ تبارک وتعالیٰ سورۃ النساء کی آیت: 135 میں ارشاد فرماتے ہیں: ''اے ایمان والو! عدل وانصاف پر مضبوطی سے جم جانے والے اور خوشنودیِ رب کے لیے سچی گواہی دینے والے بن جائو‘ گو وہ خود تمہارے اپنے خلاف ہو یا تمہارے ماں باپ کے یا رشتہ دار عزیزوں کے خلاف ہو‘ وہ شخص اگر امیر ہو تو‘ اور فقیر ہو تو‘ دونوں کے ساتھ اللہ کو زیادہ تعلق ہے‘ اس لیے تم خواہشِ نفس کے پیچھے پڑ کر انصاف نہ چھوڑ دینا اور اگر تم نے کج بیانی یا پہلو تہی کی تو جان لو کہ جو کچھ تم کرو گے اللہ اس سے پوری طرح باخبر ہے‘‘۔ اسی طرح اگر انسان کسی کا مخالف ہی کیوں نہ ہو‘ اس کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے بھی عدل وانصاف سے کام لینا چاہیے۔ اللہ تبارک وتعالیٰ سورۃ المائدہ کی آیت: 8 میں ارشاد فرماتے ہیں: ''اے ایمان والو! تم اللہ کی خاطر حق پر قائم ہو جائو‘ راستی اور انصاف کے ساتھ گواہی دینے والے بن جائو‘ کسی قوم کی عداوت تمہیں خلافِ عدل پر آمادہ نہ کر دے‘ عدل کیا کرو جو پرہیز گاری کے زیادہ قریب ہے‘ اور اللہ سے ڈرتے رہو‘ یقین مانو کہ اللہ تمہارے اعمال سے باخبر ہے‘‘۔
آج کل سوشل میڈیا کے دور میں بہت سے لوگ شعوری یا لاشعوری طور پر ان اصول و ضوابط کا خیال نہیں کرتے اور بہت سے ایسے کام کر دیتے ہیں جو اخلاقی اور شرعی اعتبار سے درست نہیں ہوتے اور معاشرے میں بلاسبب انتشار اور فساد پھیلانے کا سبب بن جاتے ہیں۔ دعا ہے کہ اللہ تبارک وتعالیٰ ہمیں گفتگو اور تحریر و تقریر میں محتاط رہنے اور اپنی زندگی کو شریعت اور اخلاق کے اعلیٰ معیار کے مطابق گزارنے کی توفیق دے‘ آمین!

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...