"AIZ" (space) message & send to 7575

فکر ِ اقبالؒ

علامہ محمد اقبالؒ ایک بہت بڑے دانشور‘ فلسفی اور مفکر تھے۔ آپ نے جس انداز سے اپنی فکر کو لوگوں کے سامنے رکھا اس نے فقط آپ کے عہد کے لوگوں ہی کو متاثر نہیں کیا بلکہ نو سے زائد عشرے گزر جانے کے باوجود آج بھی آپ کا کلام لوگوں کے دلوں پر گہرے اثرات مرتب کر رہا ہے۔ آپ کے تصورات اور فکر کی گہرائی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ پاکستان کی اساس آپ ہی کے نظریات اور افکار پر رکھی گئی۔ آپ نے قائداعظم محمد علی جناحؒ کے ہمراہ برصغیر کے مسلمانوں کی بیداری کیلئے بے مثال جدوجہد کی۔ شعرو سخن کے اسلوب کو اس اعتبار سے بدل ڈالا کہ روایتی شاعروں کی طرح چند مخصوص موضوعات پر شاعری نہیں کی بلکہ آپ نے اپنی شاعری کے ذریعے مسلمانوں میں ایک نئے جذبے اور روح کو پھونک دیا۔ علامہ محمد اقبال امتِ مسلمہ کو ترقی اور عروج کے اسی مقام پر دیکھنا چاہتے تھے جو انہیں قرونِ اولیٰ میں حاصل تھا۔ جب ہم اقبال کی شاعری کا مطالعہ کرتے ہیں تو اس میں غیرت اور خودداری کا عنصر بڑا نمایاں نظر آتا ہے۔ اس حوالے سے ''بڈھے بلوچ کی نصیحت بیٹے کو‘‘ میں بیان کرتے ہیں :
غیرت ہے بڑی چیز جہانِ تگ و دو میں؍ پہناتی ہے درویش کو تاجِ سرِ دارا
آپ کے نزدیک اس رزق کی کوئی اہمیت نہیں جو انسان کو اس کے نصب العین سے دور کر دے۔ اس حقیقت کو آپ یوں بیان فرماتے ہیں: اے طائرِ لاہوتی! اس رزق سے موت اچھی؍ جس رزق سے آتی ہو پرواز میں کوتاہی
آپ کی نظروں میں انسان کے مادی وسائل اور اسباب سے زیادہ اہمیت انسان کی حق پرستی کی ہے؛ چنانچہ ایک مقام پر فرماتے ہیں: تعمیرِ آشیاں سے میں نے یہ راز پایا؍ اہلِ نوا کے حق میں بجلی ہے آشیانہ۔ اس شعر میں ان لوگوں کیلئے بہت بڑی نصیحت ہے جو حق کا راستہ چھوڑ کر دنیاوی اور مادی ترقی کے پیچھے چل پڑتے ہیں۔
علامہ محمد اقبال نے مسلمانوں کو اس بات کی بھی نصیحت کی کہ ان کو قوم پرستی کو چھوڑ کر ملتِ واحدہ کی شکل اختیار کرنی چاہیے۔ فرماتے ہیں: بتانِ رنگ و بو کو توڑ کر ملت میں گم ہو جا؍ نہ تورانی رہے باقی‘ نہ ایرانی نہ افغانی
آپ نے مسلمانوں کو اس بات کا بھی سبق دیا کہ ان کو رنگ ونسل کے ذریعے اپنی پہچان کرانے کے بجائے اپنی پہچان اپنے دین کے حوالے سے کرانی چاہیے اور یہی ان کا سب سے بڑا تعارف اور ان کے استحکام کی اصل بنیاد ہے۔ فرماتے ہیں: اپنی ملت پر قیاس اقوامِ مغرب سے نہ کر؍ خاص ہے ترکیب میں قومِ رسولِ ہاشمی ٭ان کی جمعیت کا ہے ملک و نسب پر انحصار؍ اور قوتِ مذہب سے مستحکم ہے جمعیت تیری
اقبال کے ان فکر انگیز اشعار نے دو قومی نظریے کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا۔ آپ نے مسلمانوں کو جمود سے نکل کر تحریک کی طرف پلٹانے میں نمایاں کردار ادا کیا اور دلِ مسلم میں ایک تڑپ اور لگن پیدا کرنے کے لیے یکسو‘ بیتاب اور بے قرار رہے۔ ایک مقام پر آپ فرماتے ہیں: یا رب! دلِ مسلم کو وہ زندہ تمنا دے؍ جو قلب کو گرما دے‘ جو روح کو تڑپا دے ٭پھر وادیٔ فاراں کے ہر ذرے کو چمکا دے؍ پھر شوقِ تماشا دے پھر ذوقِ تقاضا دے ٭محرومِ تماشا کو پھر دیدۂ بینا دے؍ دیکھا ہے جو کچھ میں نے اوروں کو بھی دکھلا دے
آپ کے نزدیک فقط مادی اور سائنسی عروج مسلمانوں کی ترقی کا ضامن نہیں تھا بلکہ روحانی ترقی کو آپ بھی انتہائی ضروری خیال کرتے تھے۔ ایک مقام پر ارشاد فرماتے ہیں: یہ علم، یہ حکمت، یہ تدبر، یہ حکومت؍ پیتے ہیں لہو دیتے ہیں تعلیمِ مساوات ٭ بیکاری و عریانی و مے خواری و افلاس؍ کیا کم ہیں فرنگی مَدنِیّت کی فتوحات ٭وہ قوم کہ فیضانِ سماوی سے ہو محروم؍ حد اس کے کمالات کی ہے برق و بخارات
علامہ اقبال کے نزدیک ایسی تعلیم جوانوں کی ترقی کے لیے کسی طور مفید نہیں جو ان کے نظریات اور دینی افکار کو مسخ کرکے ان کو لادینیت اور الحاد کی طرف مائل کر دے۔ اس حوالے سے فرماتے ہیں:
خوش تو ہیں ہم بھی جوانوں کی ترقی سے مگر؍ لبِ خنداں سے نکل جاتی ہے فریاد بھی ساتھ ٭ہم سمجھتے تھے کہ لائے گی فراغت تعلیم؍ کیا خبر تھی کہ چلا آئے گا الحاد بھی ساتھ
علامہ اقبال نے مسلمانوں کو جس عروج کا راستہ سکھایا اس میں توحید‘ سنت اور خلفائے راشدین سے وابستگی کی اہمیت کو واضح طور پر اجاگر کیا گیا ہے۔ اقبال توحیدِ باری تعالیٰ کے حوالے سے ارشاد فرماتے ہیں: زندہ قوت تھی جہاں میں یہی توحید کبھی؍ آج کیا ہے، فقط اک مسئلۂ علم کلام ٭روشن اس ضو سے اگر ظلمتِ کردار نہ ہو؍ خود مسلماں سے ہے پوشیدہ مسلماں کا مقام
اقبال نے نبی کریمﷺ سے وفادار ی کو دنیا کی سرداری کا زینہ قرار دیتے ہوئے کہا:
کی محمد سے وفا تُو نے تو ہم تیرے ہیں
یہ جہاں چیز ہے کیا لوح و قلم تیرے ہیں
خلفائے راشدین کے کردار سے اقبال کو غیر معمولی وابستگی تھی۔ خاص طور پر سیدنا صدیق اکبر اور سیدنا علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہما کی شخصیات کو وہ مسلمانوں کے لیے مشعلِ راہ قرار دیتے ہیں۔ اس حوالے سے لکھتے ہیں:
تڑپنے پھڑکنے کی توفیق دے، دلِ مرتضیٰ سوزِ صدیق دے
جگر سے وہی تیر پھر پار کر، تمنا کو سینوں میں بیدار کر
علامہ اقبال نے مسلمانوں کو اس بات پر بھی راغب کیا کہ ان کو غلامی سے نجات حاصل کرنے کے لیے ایمان اور یقین کے راستے پہ چلنا ہو گا‘ اگر وہ ایمان اور یقین کے راستے پہ چل نکلے تو ان کی غلامی کے ایام آزادی سے بدل جائیں گے۔ فرماتے ہیں: غلامی میں نہ کام آتی ہیں شمشیریں نہ تدبیریں؍ جو ہو ذوقِ یقیں پیدا تو کٹ جاتی ہیں زنجیریں
علامہ اقبال کی اس فکری بلندی کی وجہ سے خوابِ غفلت میں ڈوبے برصغیر کے مسلمانوں میں بیداری کی ایک لہر پیدا ہو گئی اور وہ انگریز سامراج کا مقابلہ کرنے کے قابل ہو گئے۔ اس تحریک سے‘ جس کی شمع جلانے میں علامہ اقبال نے بنیادی کردار ادا کیا تھا‘ مسلمان انگریزوں کے جبر اور ہندو بنیے کی مکاری سے نجات حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے۔
اقبال نے جہاں مسلمانوں کی بیداری کے لیے عمومی طور پر بہت خوبصورت شاعری کی وہیں آپ نے کردار‘ اخلاق اور اعمال کی اصلاح کے لیے بھی بہت سی خوبصورت نظمیں لکھیں جن کو پڑھ کر انسان میں ایمان کی حرارت بیدار ہو جاتی ہے اور مادہ پرستی اور دنیا داری کے بجائے رجوع الی اللہ اور دین سے محبت کی شمع روشن ہو جاتی ہے۔ گو علامہ اقبال کو دنیا سے رخصت ہوئے 88 برس کا عرصہ ہو چکا ہے لیکن آج بھی ان کی فکر جمود کو توڑنے اور خوابِ غفلت کے شکار مسلمانوں کو جگانے میں نمایاں کردار ادا کرتی ہے۔
مصورِ پاکستان علامہ محمد اقبال کی فکر سے وابستہ رہنا مسلمانوں کی ترقی اور عروج کے لیے نہایت ضروری ہے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ علامہ اقبال کی محنتوں کو قبول کرے اور ہمیں ان کی فکر انگیز نصیحتوں سے سبق حاصل کرنے کی توفیق دے‘ آمین!

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...