عمران نادر‘ ایک سلجھے ہوئے نوجوان ہیں جو میری رہائشگاہ کے قریب واقع مسجد میں بھی اکثر نماز کیلئے تشریف لاتے ہیں۔ آپ کو دین سے والہانہ محبت ہے اور ختمِ نبوت کے کاز اور دیگر دینی معاملات میں غیر معمولی دلچسپی رکھتے ہیں۔ اتوار کے روز جب میں ظہر کی نماز کی ادائیگی کے بعد مسجد سے نکلا تو انہوں نے مجھے ڈاکٹر سہیل ظفر کی لکھی ہوئی ایک خوبصورت کتاب پیش کی۔ ''سیرتِ نبویﷺ آیاتِ قرانی میں‘‘ ایک دلچسپ موضوع ہے۔ قرآن مجید کا ایک طالب علم ہونے کے ناطے مجھے ہمیشہ سے اس قسم کے موضوعات سے غیر معمولی دلچسپی رہی ہے؛ چنانچہ میں نے گھر آنے کے فوراً بعد کتاب کی ورق گردانی کی تو اس کو ایک مفید کتاب پایا۔ قرآن مجید میں اللہ تبارک و تعالیٰ نے جہاں عقائد‘ عبادات اور معاملات سے متعلق بہت سے احکامات اور تعلیمات کا نزول فرمایا ہے وہیں نبی کریمﷺ کی ذاتِ اقدس کے حوالے سے بھی بہت سے احکامات اور تعلیمات کو بڑے خوبصورت انداز میں بیان کیا ہے۔ڈاکٹر سہیل ظفر نے اچھے انداز میں اس موضوع کا احاطہ کرنے کی کوشش کی ہے اور اس حوالے سے انہوں نے اپنی کتاب کو 17ابواب میں تقسیم کیا ہے جن میں سے ہر باب سیرت النبیﷺ سے متعلق مختلف احکامات اور تعلیمات پر مشتمل ہے۔ آپ نے اپنی کتاب کے مختلف ابواب میں جن اہم امور کو اجاگر کیا ہے‘ وہ درج ذیل ہیں:
1۔ اللہ اور اس کے رسولﷺ کی اطاعت کا حکم: آپ نے قرآن مجید کی مختلف آیات کو پیش کر کے اس بات کی وضاحت کی ہے کہ اللہ تبارک و تعالیٰ نے قرآن مجید میں اپنی اطاعت کے ساتھ ساتھ نبی کریمﷺ کی اطاعت کا بھی حکم دیا ہے اور نبی کریمﷺ کی اطاعت کو سورۃ النساء کی آیت : 80 میں اپنی اطاعت قرار دیا۔ اسی طرح اللہ تعالیٰ کے رسولﷺ کی اطاعت کو رحمت کے حصول کا ذریعہ‘ کامیابی اور کامرانی کے حصول کا سبب اور انعام یافتہ گروہوں کی معیت کا ذریعہ قرار دیا ہے۔ اسی طرح رسولِ کریمﷺ کی اطاعت کو سورۃ النور میں ہدایت کا ذریعہ قرار دیا ہے اور سورۃ الانفال کی آیت: 24 میں رسول کریمﷺ کی اطاعت ہی کو حقیقی زندگی قرار دیا ہے۔ اسی طرح سورۃ الحشر کی آیت سات میں نبی کریمﷺ کے اوامر و نواہی کو ماننے کا حکم دیا ہے۔ سورۃ الاحزاب کی آیت: 21 میں رسول اللہﷺ کی زندگی کو ان لوگوں کیلئے بہترین نمونہ قرار دیا ہے جو اللہ اور یومِ حساب پر یقین رکھتے اور کثرت سے اللہ کا ذکر کرتے ہیں۔
2۔ اللہ اور رسولﷺ کی نافرمانی پر وعید: ڈاکٹر صاحب نے اس کتاب میں اللہ اور اس کے رسول کی نافرمانی پر مختلف طرح کی وعید کے وارد ہونے کا ذکر کیا ہے اور سورۃ الاحزاب کی آیت: 36 میں اس بات کو واضح کیا کہ جب اللہ اور اس کے رسولﷺ کسی بات کا حکم دے دیں تو کسی مومن مرد اور عورت کیلئے اس کی سرتابی کی کوئی گنجائش موجود نہیں ہے۔ اسی طرح سورۃ المجادلہ کی آیت: 20 کی روشنی میں اس بات کو بیان کیا گیا ہے کہ جو لوگ اللہ اور اس کے رسول کی مخالفت کرتے ہیں وہ ذلیل ترین لوگوں میں شامل ہوں گے۔ سورۃ النساء کی آیت: 42کی روشنی میں اس بات کو بیان کیا کہ جن لوگوں نے کفر کیا اور رسولِ کریمﷺ کی نافرمانی کا رویہ اختیار کیا‘ وہ قیامت کے روز تمنا کریں گے کہ کاش انہیں زمین میں دھنسا کر برابر کر دیا جائے؛ چنانچہ قیامت کے دن کی حسرت اور افسوس کااظہار کرنے کے بجائے جو لمحات اللہ نے ہمیں اس فانی دنیا میں عطا کیے ہیں‘ ان کو صحیح طریقے سے استعمال کرکے اپنی آخرت کو سنوارنے کی کوشش کرنی چاہیے۔
3۔ رسالت مآب: ڈاکٹر صاحب نے اپنی کتاب میں رسول اللہﷺ کی رسالت کے دلائل کو بیان کیا ہے کہ سورۃ الشعراء کی آیت: 197میں اس بات کا ذکر ہے کہ بنی اسرائیل کے علماء کتاب اللہ اور رسول کریمﷺ کی رسالت کے شاہد ہیں۔ اسی طرح سورۃ البقرہ کی آیت: 146 میں اس بات کا ذکر کیا گیا ہے کہ اہلِ کتاب نبی کریمﷺ پر نازل ہونے والی کتاب کو اس طرح پہچانتے ہیں جس طرح باپ اپنے بیٹے کو پہچانتا ہے لیکن حق شناسی کے باوجود حق کو چھپانے سے باز نہیں آتے۔ اسی طرح سورۃ النساء کی آیت: 163کی روشنی میں اس بات کو بیان کیا گیا کہ نبی کریمﷺ پر اسی طرح وحی کا نزول ہوا جس طرح سابقہ انبیاء علیہم السلام پر وحی کا نزول ہوتا رہا۔ سورۃ المزمل کی آیت: 15میں اس بات کو بیان کیا کہ جس طرح موسیٰ علیہ السلام کو فرعون کی طرف مبعوث کیا گیا تھا اسی طرح رسولِ کریمﷺ کو دنیا بھر کے لوگوں کیلئے ایک گواہ کی حیثیت سے بطورِ رسول مبعوث کیا گیا ہے۔ سورۃ الاعراف کی آیت: 157 میں اس بات کا ذکر کیا گیا ہے کہ آپ کا ذکر تورات اور انجیل میں موجود تھا۔ گو آج تورات اور انجیل میں تحریف ہو چکی ہے لیکن اس کے باوجود آج بھی تورات اور انجیل میں نبی کریمﷺ کی آمد کے حوالے سے مختلف آیات موجود ہیں۔
4۔ صفاتِ رُسل: اللہ تبارک و تعالیٰ نے قرآنِ مجید میںسابقہ رسل اللہ کی صفات کا ذکر کیا جو تمام رسولوں میں مشترک ہیں کہ اللہ کے رسول اللہ کے سوا کسی سے نہیں ڈرتے‘ رسول اسی زبان میں تعلیم دیتے جس زبان میں لوگ گفتگو کرتے ہیں۔ اللہ کے رسول بھی ازواج اور اولاد رکھتے ہیں‘ رسولوں کے ذمے اللہ کا پیغام پہنچانا ہوتا ہے‘ اللہ کے رسول لوگوں کو اللہ کے عذاب سے ڈراتے اور اچھے اعمال کرنے والوں کو اچھے انجام کی خوشخبری دیتے ہیں‘ رسولوں کے پاس اللہ کی نشانیاں اور کتاب ہوتی ہے اور تمام رسولوں کا رتبہ ایک جیسا نہیں بلکہ ان کے درجات میں تفاوت ہے۔ نبی کریمﷺ کی بعثت کے حوالے سے اللہ تبارک و تعالیٰ نے تمام رسل اللہ سے عالم ارواح میں عہد لیا تھا۔ بعض رسولوں کا ذکر قرآن میں مذکور ہے جبکہ بعض رسولوں کا ذکر کلام اللہ میں موجود نہیں ہے۔ اسی طرح انہوں نے اس کتاب میں نبی کریمﷺ کے انفرادی اوصاف کا بھی ذکر کیا کہ آپﷺ بشیر و نذیر ہیں۔ اسی طرح آپ کی ذمہ داری یہ ہے کہ آپ لوگوں تک اللہ کا پیغام پہنچائیں۔ آپﷺ اپنی حیاتِ مبارکہ میں صراطِ مستقیم پر کاربند رہے اور آپﷺ ہی کا راستہ‘ سیدھا راستہ ہے۔ آپﷺ اللہ کی طرف سے ایک روشن چراغ ہیں۔ آپﷺ اللہ تعالیٰ کے آخری رسول اور نبی ہیں۔ آپﷺ کا حمایتی اللہ سبحانہ و تعالیٰ ہے۔ آپ ﷺ کی امت پر اللہ تبارک و تعالیٰ کا فضل ہے اور آپﷺ کی امت کے تابعدار لوگ کامیاب اور کامران ہوں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ ڈاکٹر صاحب نے اپنی کتاب میں بعثتِ رسول کے مقاصد بھی بیان کیے جن میں پہلا مقصد اللہ تبارک و تعالیٰ کے کلام کی تلاوت کرنا‘ دوسرا مقصد کتاب اللہ کی تعلیم دینا‘ تیسرا مقصد حکمت کی تعلیم دینا اور چوتھا مقصد تزکیہ نفس ہے۔
5۔ نبی کریمﷺ کی ازواج اور صحابہ کرام کا مقام: ڈاکٹر صاحب نے آیاتِ قرآنیہ کی روشنی میں نبی کریمﷺ کی ازواجِ مطہرات اور صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کے مقام کا بھی ذکر کیا۔
6۔ غزوات: آپ نے اپنی کتاب میں نبی کریمﷺ کے غزوات جن میں بدر‘ احد‘ حنین اور تبوک شامل ہیں‘ کو بیان کیا ہے۔ اسی طرح آپ نے غزوہ احزاب‘ صلح حدیبیہ اور بیعت رضوان کا بھی ذکر کیا۔
اس کتاب کو پڑھنے کے بعد انسان کو قرآنِ مجید کی آیات کی روشنی میں نبی کریمﷺ کی سیرتِ مبارکہ اور مقدس مشن کو سمجھنے کا موقع ملتا ہے۔ اللہ تبارک و تعالیٰ ڈاکٹر صاحب کی اس تحریر کو اپنی بارگاہ میں قبول کرے اور ہم سب کو نبی کریمﷺ کی اتباع کرنے‘ آپﷺ کی اطاعت کرنے‘ آپﷺ سے محبت کرنے اور آپﷺ پر درود بھیجنے کی توفیق دے‘ آمین!
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments