عقیدہ تو یہی ہے کہ دن اپنی اصل میں نہ مبارک ہوتے ہیں نہ منحوس۔ یہ تو حالات اور واقعات ہوتے ہیں جو کسی دن کو اچھا یا برا بنا دیتے ہیں۔ لیکن اگر میں اس خاص دن کو مبارک نہ کہوں تو کیا کہوں‘ کیونکہ ایسا دن تو زندگی میں کبھی کبھی آتا ہے۔ کل کا دن میرے لیے بہت خاص تھا۔ یہ نہیں کہ میری کروڑوں کی لاٹری نکل آئی یا سرکار دربار سے بہت بڑی جاگیر عطا ہو گئی۔ ایسا کچھ بھی نہیں ہوا! لیکن یہ دن بہت خاص تھا۔ میرا خیال ہے کہ میں پہیلیاں نہ بجھواؤں‘ اس دن کی تفصیلات بتائوں تاکہ آپ کو میری خوشی کا ٹھیک اندازہ ہو سکے۔
میں معمول کے مطابق دفتر جانے کیلئے تیار ہو رہا تھا۔ موبائل پر نظر ڈالی تو دفتر کے کسی کارکن کا چھٹی کا کوئی پیغام نہیں تھا۔یہ دن کا بہت غیر معمولی آغاز تھا۔ ناشتے سے پہلے ایک اور خوشی کی خبر ملی کہ چولہے میں گیس آ رہی ہے۔ میں تو حیران رہ گیا۔ یہ اَنہونی کیسے ہوئی‘ میری سمجھ سے باہر تھا۔ گھر میں بجلی بھی ٹھیک آ رہی تھی۔ یہ مزید حیرانی کی بات تھی۔ ناشتے کے بیچ اخبار پر ایک نظر ڈالی تو بھوک بڑھ گئی۔ پٹرول کی قیمتوں میں کمی ہوئی تھی۔ تھوڑی بھی نہیں‘ ٹھیک سوا روپے کی کمی ہوئی تھی۔ ایک روپے پچیس پیسے بھلا تھوڑے ہوتے ہیں؟ اس خطیر رقم کی کمی کے مقابلے میں 325 روپے فی لٹر کی قیمت معمولی لگنے لگی۔ دل نے کہا کہ خوش ہو جائو میاں! جہاں آٹھ دس روپے فی لٹر روز اضافہ ہوتا ہو وہاں یہ بڑی خوشی کی خبر ہے۔
گاڑی نکالی اور مین روڈ پر آیا۔ ٹریفک حسبِ معمول بہت تھی۔ لیکن حیرت کی بات یہ تھی کہ ایک ٹریفک وارڈن ٹریفک کنٹرول کیلئے موجود تھا۔ یہ کہاں سے آ گیا؟ روز تو نظر نہیں آتا۔ البتہ آج اس کے ہونے سے ٹریفک میں کچھ بہتری تھی اور گاڑیاں سست سہی لیکن چل رہی تھیں۔کیا چکر ہے؟ کسی وی آئی پی کی آمد تو نہیں؟ خیر کچھ بھی ہو‘ اچھی بات ہے۔ نہر کی طرف مڑنے سے پہلے میں تیار تھا کہ اس موڑ پر گاڑیوں‘ بسوں‘ موٹر سائیکلوں وغیرہ کا ایک ہجوم ہو گا جس کے آگے ایک کنٹینر لگا کر راستہ بند ملے گا۔ کچھ ٹریفک اہلکار ہاتھ ہلا ہلا کر حکم صادر کر رہے ہوں گے کہ یہ راستہ بند ہے‘ متبادل راستہ اختیار کرو۔ یہ تقریباً روز کا معمول ہے۔ لمبا سفر اور زیادہ پٹرول خرچ کرکے دفتر پہنچنا پڑتا لیکن آج تو کوئی خاص ہی دن تھا۔ آج نہ کوئی کنٹینر تھا‘ نہ ٹریفک پولیس‘ نہ راستہ بند ملا۔ گاڑیاں آسانی سے گزر رہی تھیں۔ مجھے یقین نہیں آ رہا تھا لیکن اسی حیرت میں انڈر پاس آسانی سے عبور کر رہا تھا۔
فیروز پور روڈ کا موڑ آیا تو ایک اور حیرانی میری منتظر تھی۔ یہاں بھی آج راستہ کھلا تھا۔ نہ کنٹینر‘ نہ پولیس۔ میں گزرتا چلا گیا۔ کافی دور تک فیروزپور روڈ اور میں ساتھ ساتھ چلا کیے۔ جین مندر چوک پر یہ ساتھ ختم ہوا۔ اب ایک نئے مرحلے سے گزر کر پرانی انارکلی فوڈ سٹریٹ میں داخل ہونا تھا۔ میں ذہنی طور پر تیار تھا کہ یہ چوک گاڑیوں ‘ رکشوں سے ٹکراتے‘ بچتے بچاتے عبور کرنا ہے۔ یہ چند گز کا فاصلہ طے کرنا قیامت ہوتا ہے۔ یہاں نہ تو کوئی سگنل ہے اور نہ کوئی ٹریفک پولیس اہلکار۔ ہمیشہ یہاں سے گزرتے یہی لگتا ہے کہ اِک آگ کا دریا ہے اور ڈوب کے جانا ہے۔ کسی طرح یہ دریا عبور کیا اور اگلے مرحلے کیلئے تیار ہو گیا۔ سڑک پر پھیلا گندا‘ بدبودار پانی‘ اس کے دائیں بائیں کھانے اور ناشتے کی طعام گاہیں۔ سڑک روک کر کھڑے بیرے‘ جو بیچ سڑک میں اس وقت تک راستہ روکے کھڑے رہتے ہیں جب تک آپ جھنجھلا کر برا بھلا نہ کہہ لیں۔ آج دن واقعی مبارک تھا کہ صرف چند ہرکارے سڑک کے بیچوں بیچ کھڑے تھے اور گاڑیاں ان سے بچ بچا کر گزر رہی تھیں۔
دفتر کے باہر گاڑی کھڑی کی تو خوشی کا ایک نیا منظر منتظر تھا۔ کسی دکان یا بینک کا جنریٹر نہیں چل رہا تھا‘ یعنی بجلی آ رہی تھی۔ یہ خلافِ معمول بات تھی۔ دن میں بغیر اطلاع اور بغیر لوڈ شیڈنگ کے بجلی غائب رہنا برسوں پرانی روایت ہے۔ جب میں دفتر پہنچتا ہوں تو بجلی اس کے کافی دیر کے بعد‘ ٹہلتے ہوئے تشریف لایا کرتی اور کچھ دیر حاضری لگانے کے بعد پھر کہیں غائب ہو جاتی۔ آج یہ بروقت دفتر میں موجود تھی۔ میں نے گاڑی سے اتر کر دائیں بائیں نظر ڈالی۔ قریب ہی نیلا گنبد چوک کی تعمیر شروع ہوئے ایک مدت ہو چکی۔ میرے دفتر کے سامنے کبھی اینٹوں کا اور کبھی بجری کا ٹرک عین سڑک پر ڈھیر کر دیا جاتا ہے۔ یہ تنگ سڑک جو گاڑیاں کھڑی کرنے کیلئے پہلے ہی ناکافی ہے‘ مزید تنگ ہو جاتی ہے۔ بجری کا ایک ڈھیر دو ماہ پہلے کسی ٹھیکیدارنے یہاں پھینک دیا تھا اور اب ضرورت پڑنے پر یہاں سے تھوڑا تھوڑا اٹھا کر لے جایا جاتا ہے۔ کس نے یہ بجری پھینکی اور کیوں؟ کب اٹھائیں گے؟ کس سے شکایت کریں‘ کچھ معلوم نہیں۔ لیکن آج کا دن مبارک تھا۔ پرانی بجری تو وہیں تھی لیکن کوئی نیا ڈھیر میرا منتظر نہیں تھا۔ یعنی گاڑی کی پارکنگ کی جگہ موجود تھی۔ مزید خوشی یہ کہ دفتر کے باہر لگے اے سی کے آئوٹر بھی موجود تھے۔ کسی نشہ باز نے چند ماہ پہلے کی طرح‘ راتوں رات اتار کر بیچ نہیں دیے تھے۔ یہاں سامنے باغیچے میں رات بھر یہ نشئی ڈیرہ لگاتے ہیں اور انہیں کوئی پوچھنے والا نہیں۔ دفتر میں داخل ہوا تو وائی فائی موبائل سے جڑ گیا۔ یعنی انٹرنیٹ بھی کام کر رہا تھا۔ دل خوشی سے بھر گیا کہ فون لائنیں ٹھیک ہیں۔ یعنی آج کسی کی منتیں نہیں کرنی پڑیں گی کہ خدا کیلئے یہ ٹھیک کر دو۔ کسی کو چائے پانی نہیں دینا پڑے گا۔ خدایا! کیسا پیارا دن ہے۔
دفتر میںکچھ بل میرے منتظر تھے۔ بجلی کے بل میٹر ریڈنگز کے مطابق تھے۔ فون کا بل بھی ٹھیک تھا۔ پانی کے بل میں سابقہ بل کی ادا شدہ رقم دوبارہ لگ کر نہیں آئی تھی‘ یعنی بل ٹھیک کرانے کیلئے دفتروں کے چکر نہیںکاٹنے تھے۔ ایکسائز انسپکٹر نے جو پراپرٹی ٹیکس بنا کر بھیجا تھا‘ وہ پچھلے سال کے بل کے مطابق تھا۔ نئے اضافے‘ نئے ٹیکس شامل نہیں کیے گئے تھے۔ دکان کا رقبہ وغیرہ بھی سابقہ کے مطابق تھا‘ اس میں از خود اضافہ نہیں کیا گیا تھا۔ ورنہ پچھلے سالوں میں بے شمار چکر اس لیے لگائے گئے کہ دکان کی جو پیمائش انسپکٹرز کے ریکارڈ کے مطابق تھی‘ بل اس کے مطابق نہیں تھا۔ شکر ہے کہ اس سال خواری نہیں ہوگی۔ میں نے بل ادا کرنے کیلئے بینک ایپلی کیشن کھولی۔ حیرت کی بات تھی کہ سروسز معطل نہیں تھیں۔ یہ خوشخبری نہیں ملی تھی کہ فلاں دن ایپلی کیشن معطل رہے گی۔ اگر آج بھی معطل ہوتی تو مخصوص بینکوں کی قطاروں میں لگ کر بل جمع کرانے پڑتے۔ دن کے بارہ بج چکے تھے لیکن کسی Scam والے فراڈیے کا فون نہیں آیا تھا۔ ان باتوں پر شکر تو بنتا ہے۔ شکر ہے مالک! تیرا شکر ہے۔ مجھے لگا کہ میری توانائیوں میں اضافہ ہو گیا ہے اور میری گرتی صحت اس ایک دن کے آغاز نے بحال کر دی ہے۔
چائے کے گھونٹ لیتے ہوئے میں نے اپنے معالج کو صوتی پیغام بھیجا جو میرے دوست بھی ہیں۔ ''ڈاکٹر صاحب! گزشتہ دنوں آپ نے معائنے کے بعد میری صحت پر تشویش کا اظہار کیا تھا اور کہا تھا کہ ٹینشنوں سے دور رہیں۔ میں اس وقت سے اس ٹینشن میں تھا کہ یہ ٹینشنیں دور کیسے کروں۔ آج مجھے سمجھ میں آگیا ہے کہ یہ پریشانیاں دور کیسے ہوتی ہیں۔ میرا آج کا دن مبارک ہے اور میں ذہنی طور پر بہت پُرسکون ہوں‘‘۔ ڈاکٹر صاحب کا پیغام کچھ دیر کے بعد آیا۔ ''اچھا دن مبارک ہو۔ میرے گھر میں بجلی اور گیس نہیں تھی اور اب میں ٹریفک میں پھنسا ہوا ہوں‘ کافی ٹینشن ہے کہ مریض منتظر ہیں اور ہسپتال جانے کا راستہ بند ہے‘ فارغ ہوکر بات کروں گا‘‘۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments