"SUC" (space) message & send to 7575

وہی ان کی ستیزہ کاری ہے … (2)

میں نے پچھلی تحریر میں عرض کیا تھا کہ نوآبادیاتی دور میں اور اس کے بعد مغربی طاقتوں کو اسلام پسند قوتیں اپنے لیے خطرہ محسوس ہوتی رہیں اور انہیں کسی نہ کسی بہانے براہِ راست یا بالواسطہ کچلنے کی پالیسیاں بنائی جاتی رہیں۔ اس کیلئے ایک تو وہ مقامی ذہن پیدا کیے گئے جو مغربی نظریات سے مرعوب اور ذہنی طور پر اس کے تابع ہوں دوسرے مذہبی قوتوں کو اشتعال دلا کر جواز پیدا کیے گئے کہ حکومت وقت ان کے ساتھ سختی سے نمٹے۔ یہ کھیل ایک صدی سے زائد مدت سے کھیلا جاتا رہا اور یکے بعد دیگرے سارے ممالک اس کی زد میں آتے رہے ہیں۔ کوئی ملک جتنا طاقتور اور پُرامن ہوتا ہے اتنا ہی دشمنوں کی نظر میں کھٹکتا ہے۔ بہت سے خطوں‘ بالخصوص برصغیر میں مذہبی طاقتوں نے یہ حکمت عملی بھانپ کر ایسی جوابی حکمت عملی بنائی کہ ان کے افرادی‘ تعلیمی اور علمی اثاثے محفوظ رہ سکیں۔ میں نے الجزائر اور مصر کی مثالیں دی تھیں۔ الجزائر میں جنوری 1992ء میں فوج نے مداخلت کی‘ صدر شاذلی بن جدید کو مستعفی ہونے پر مجبور کیا اور انتخابی عمل منسوخ کر دیا۔ اسلامی محاذ پر پابندی لگائی گئی اور اس کے رہنماؤں کو گرفتار کر لیا گیا۔ اس کے بعد الجزائر ایک طویل اور خونریز خانہ جنگی میں داخل ہو گیا۔ ایک طرف ریاستی ادارے اور دوسری طرف مختلف مذہبی شدت پسند گروہ تھے۔ عام شہری اس تصادم کا سب سے بڑا شکار بنے۔ ہزاروں انسان اس جنگ میں جان سے گئے۔ اسی طرح مصر میں بھی یہ کشمکش برسوں سے جاری ہے۔ 2011ء کے انتخاب کے بعد محمد مرسی مصر کے پہلے منتخب صدر بنے لیکن جولائی 2013ء میں ان کی حکومت ختم کردی گئی۔ اس کے بعد ان لوگوں کے خلاف ایک شدید ریاستی مہم شروع ہوئی۔ اس میں جہاں بہت ظلم ہوا‘ وہاں یہ بھی حقیقت ہے کہ مذہبی قوتوں کی اپنی سیاسی حکمت عملی‘ مخالفین سے تعلقات اور فیصلوں کا تنقیدی جائزہ ضروری ہے۔ کسی تحریک کی سیاسی ناکامی کی تمام ذمہ داری بیرونی طاقتوں پر نہیں ڈالی جا سکتی۔
یہی کچھ شام میں ہوا۔ شام میں حافظ الاسد نے 1970ء میں اقتدار سنبھالا۔ ان کی حکومت عرب قوم پرستی اور سیکولر سوشلسٹ نظریے پر قائم تھی۔ ریاستی اقتدار کا اصل مرکز فوج‘ خفیہ ادارے اور بعث پارٹی تھے۔ اخوان المسلمون شام اور دیگر مذہبی حلقے اس نظام کے مخالف تھے۔ 1979ء سے 1982ء کے درمیان حکومت اور مسلح مذہبی گروہوں کے درمیان تصادم شدت اختیار کرتا گیا۔ اس دوران دونوں جانب سے تشدد ہوا لیکن ریاستی طاقت کا عدم تناسب انتہائی نمایاں تھا۔ جون 1980ء میں تدمر جیل میں سینکڑوں‘ اور ہیومن رائٹس واچ کے مطابق اندازاً ایک ہزار قیدی قتل کیے گئے۔ اس کے بعد فروری 1982ء میں حما شہر کا محاصرہ کیا گیا۔ رفعت الاسد کی قیادت میں دفاعی بریگیڈز اور دیگر فوجی دستوں نے شہر میں کارروائی کی۔ حما میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد کے بارے میں مختلف اندازے موجود ہیں۔ ہیومن رائٹس واچ نے نسبتاً معتبر اندازوں کی بنیاد پر پانچ سے دس ہزار ہلاکتوں کا ذکر کیا ہے‘ جبکہ بعض دیگر تخمینے اس سے زیادہ ہیں۔ اس فوجی آپریشن نے شام میں مذہبی سیاسی مزاحمت کی منظم قوت کو کئی دہائیوں کیلئے توڑ دیا۔ حافظ الاسد کی حکومت مغرب کے ساتھ تعلقات میں کبھی کشیدگی اور کبھی مفاہمت کی پالیسی اختیار کرتی رہی۔ اس کی اصل ترجیح اقتدار کا تحفظ تھا۔ بڑا لمیہ یہ تھا کہ ایک طرف مذہبی تحریکیں اپنے نظریاتی مخالفین کے ساتھ سیاسی مکالمے اور مشترکہ قومی نظام کی تشکیل میں ناکام رہیں‘ دوسری طرف حکمرانوں نے اختلافِ رائے کو ریاست دشمنی قرار دے کر کچل دیا۔
عراق اس کھلی حقیقت کی ایک اور مثال ہے کہ بیرونی طاقتوں کی مداخلت کس طرح ایک پورے معاشرے کے سیاسی‘ تعلیمی اور انتظامی ڈھانچے کو تباہ کر سکتی ہے۔ صدام حسین کی حکومت اگرچہ مذہبی سیاسی قوتوں کیلئے سخت گیر تھی اور اس نے شیعہ و سنی دونوں حلقوں میں مخالفین کو دبایا لیکن 2003ء میں امریکی قیادت میں عراق پر حملے نے ملک کے ریاستی ڈھانچے کو ہی تہ و بالا کر دیا۔ امریکی صدر جارج بش کی انتظامیہ نے صدام حکومت کے خلاف بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کی موجودگی اور دہشت گردی سے تعلق کے دعوے کیے۔ بعد میں عراق میں ایسے ہتھیاروں کے ذخائر نہیں ملے جن کی بنیاد پر جنگ کا جواز پیش کیا گیا تھا۔ ایک امریکی سول ایڈمنسٹریٹر پال بریمر نے دو انتہائی اہم فیصلے کیے۔ حکم نمبر ایک کے ذریعے بعث پارٹی کی تطہیر (De-Baathification) شروع کی گئی۔ حکم نمبر دو کے ذریعے عراقی فوج اور متعدد ریاستی اداروں کو تحلیل کردیا گیا۔ ان فیصلوں کے نتیجے میں لاکھوں افراد کا روزگار‘ ریاستی انتظام اور قومی سلامتی کا نظام شدید متاثر ہوا۔ تجربہ کار فوجی افسران‘ انتظامی اہلکار اور ریاستی اداروں سے وابستہ افراد اچانک بے دخل ہو گئے۔ اس خلا نے مسلح بغاوت‘ فرقہ وارانہ تصادم اور انتہا پسند تنظیموں کیلئے زمین ہموار کی۔ بعد میں القاعدہ فی العراق اور پھر داعش جیسی تنظیمیں اسی تباہ شدہ ریاستی ماحول میں ابھریں۔ امریکہ نے صدام حسین کی آمرانہ حکومت تو ختم کردی لیکن ایک مستحکم‘ متحد اور خود مختار عراق ختم ہو جانے سے تباہ شدہ اور خانہ جنگی کی آگ میں جلتا عراق نمودار ہوا۔ جنگ کے نتیجے میں ایران کا علاقائی اثر و رسوخ بھی بڑھا اور مشرقِ وسطیٰ میں فرقہ وارانہ تقسیم نے مزید شدت اختیار کی۔ آکسفورڈ یونیورسٹی کے عالمی امور میں لوئز فوسیٹ کے تحقیقی مطالعے کے مطابق عراق جنگ نے نہ صرف عراق بلکہ پورے مشرقِ وسطیٰ کے علاقائی توازن‘ فرقہ وارانہ سیاست اور بین الاقوامی تعلقات کو تبدیل کر دیا۔ یہ معاملہ یہ خوفناک حقیقت سمجھنے کیلئے کافی ہے کہ جب کسی معاشرے میں اسلامی سیاسی قوت کو انتخابی راستے سے اقتدار تک پہنچنے کا امکان پیدا ہوا تو بعض طاقتور ریاستی حلقے اسے قبول کرنے کے بجائے پورے سیاسی نظام کو ہی پٹڑی سے اتار سکتے ہیں۔
لیبیا کی مثال قدرے مختلف مگر انتہائی اہم ہے۔ کرنل معمر قذافی نے 1969ء میں بادشاہ ادریس کا تختہ الٹ کر اقتدار سنبھالا۔ قذافی نے ایک منفرد سیاسی نظام متعارف کرایا جسے جماعتی سیاست کے بجائے عوامی اقتدار کا نظام قرار دیا گیا۔ ان کی کتاب ''گرین بک‘‘ اس نظام کی نظریاتی بنیاد تھی۔ قذافی مغربی استعمار اور امریکی بالادستی کے ناقد تھے۔ انہوں نے تیل کے وسائل پر ریاستی اختیار بڑھایا‘ عرب قوم پرستی کی حمایت کی اور افریقی سیاست میں بھی نمایاں کردار ادا کیا۔ لیکن ان کی حکومت نے اپنے ناقدین اور مخالف سیاسی قوتوں کو شدید ریاستی جبر کا نشانہ بنایا۔ مذہبی تحریکوں سے وابستہ افراد اور دیگر مخالفین کو گرفتار کیا گیا۔ سیاسی آزادیوں پر پابندیاں عائد رہیں۔ ہیومن رائٹس واچ کی 2009ء اور 2012ء کی رپورٹوں میں قذافی حکومت کے دور میں جبری گمشدگیوں‘ تشدد‘ ماورائے عدالت قتل اور اسلام پسند مخالفین کے خلاف کارروائیوں کی تفصیلات موجود ہیں۔ 1996ء میں ابوسلیم جیل میں ہونے والا قتلِ عام اس دور کے سیاہ ترین واقعات میں شمار ہوتا ہے۔ 2011ء میں عرب بہار کے دوران لیبیا میں حکومت مخالف تحریک شروع ہوئی۔ قذافی حکومت نے اسے طاقت سے کچلنے کی کوشش کی۔ اس کے بعد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 1973ء کے تحت شہریوں کے تحفظ کیلئے فضائی کارروائی کی اجازت دی گئی‘ لیکن نیٹو کی مداخلت عملاً قذافی حکومت کے خاتمے پر منتج ہوئی۔ قذافی اکتوبر 2011ء میں قتل کر دیے گئے۔ لیکن سوال یہ ہے کہ اس کے بعد لیبیا کو کیا ملا؟
یہ محض چند مثالیں ہیں لیکن ہماری آنکھیں کھولنے کیلئے کافی ہیں۔ یہ حقائق دونوں طبقات کو سمجھنے چاہئیں۔ مذہبی طاقتوں کو بھی کہ وہ جذباتیت سے بالاتر ہو کر اشتعال میں آئے بغیر اپنی کامیاب حکمت عملی بنائیں اور طاقتور طبقات کا نشانہ بننے کا کوئی جواز ہرگز فراہم نہ کریں۔ طاقتور طبقات کو بھی یہ سمجھنا چاہیے کہ مذہبی اذہان کو کچلنے کا یہ کھیل غیرملکی طاقتوں کا ایجنڈا ہے‘ اور اس کھیل میں شامل ہونا ملک کو بربادی کے سوا کسی اور نتیجے تک نہیں پہنچاتا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...