بدھ کی صبح لاہور کی ایک نجی جامعہ کے آڈیٹوریم میں دیگر مہمانوں کے انتظار میں بیٹھا سوچ رہا تھا کہ اپنی باری پر‘ جنوبی ایشیا کے ممالک کو درپیش چیلنجز کے سلسلے میں تقریر میں کون سی بات نہ کی جائے۔ اپنے وطنِ عزیز کا نام سرفہرست نہیں تو چند ممالک کی اس صف میں اوپر سے نیچے کی طرف کہیں دور بھی نہیں۔ آج کل کئی باتیں منہ سے نہ ہی نکلیں تو بہتر ہے۔ احتیاط برتنے کی سوچ میں جب ڈوبا ہوا تھا تو اچانک دروازے کی طرف نظر پڑی تو دیکھا کہ اگلی صف کے لوگ اُٹھ اُٹھ کر کسی کو سلام کر رہے تھے۔ ایسا محسوس ہوا کہ کوئی نامور طاقتور سیاستدان اپنی بزرگی کے ساتھ نمودار ہو رہا ہے۔ میرے قدو قامت کا یہ انسان اپنے سر کے بال عرصے سے کھو چکا تھا۔ جو باقی رہ گئے‘ وہ میرے بالوں کی طرح سفید ہیں۔ اس شخص نے میری طرف دیکھا تو سب کو چھوڑ کر ادھر چلا آیا اور میں نے بھی زوردار آواز میں اسے اپنے پاس آنے کی دعوت دی۔ بہت سالوں بعد ملاقات ہو رہی تھی۔ میں تو بھول ہی چکا تھا کہ یہ قسمت کا مارا انسان کہاں ہو گا۔ ہم اپنے اپنے مسائل اور روزمرہ زندگی کی زنجیروں میں ایسے جکڑے ہوئے ہیں کہ ہمارے گردوپیش کا جہاں دنیا کی طرح سمٹ کر گول ہو چکا ہے۔ میں اصل میں ایک عرصے سے دل میں خواہش پالے ہوئے تھا کہ پاکستان کے اس 'سب سے بڑے چور‘ سے ملاقات ہو اور کچھ اس کی اسیری‘ مقدمہ‘ قید اور حراست میں ہوئے سلوک کے بارے میں تفصیلات اس کی زبانی معلوم ہو سکیں۔
وہ پروفیسر رہے‘ بہاولپور اسلامیہ یونیورسٹی میں دس سال سے زیادہ عرصہ تک پڑھاتے رہے اور پھر بہاء الدین زکریا یونیورسٹی میں وائس چانسلر بھی رہے۔ ہمارے علمی میدان‘ انٹرنیشنل ریلیشنز کے واحد پروفیسر ہیں جنہیں اپنی علمی استعداد اور صلاحیت کی بنیاد پر ملک کا سفیر بننے کا اعزاز بھی حاصل ہوا۔ وائس چانسلری ختم ہو گئی تھی‘ یا اس کے قریب تھے کہ صوبے کے وزیراعلیٰ نے دربار میں حاضری کا حکم نامہ جاری کیا۔ ملاقات میں کہا کہ آپ کے خلاف کرپشن کی شکایات ہیں۔ انہوں نے کہا: ضرور‘ غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائیں‘ دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جائے گا۔ انہیں بھی نہیں پتا کہ کب اور کس نے تحقیقات کیں۔ بس یہ معلوم ہے کہ ایک شام نیب والے آئے اور گھر سے بیوی بچوں کے سامنے پکڑ کر لے گئے کہ آپ کے خلاف تحقیقات کرنی ہیں۔ دس بارہ دن ان کے مہمان رہے اور پھر عدالت نے ان کی ضمانت لی اور حکم دیا کہ دو ہفتوں میں تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ دی جائے۔ کوئی بات ہوتی تو تحقیقات ہوتیں۔ ایک سال سے کہیں زیادہ عرصہ گزر گیا اور آخر عدالت نے نیب والوں کو اور ملک کے اس 'بڑے چور‘ کے وکیلوں کو بلا لیا۔
کیا نام ہے آپ کا؟ خواجہ علقمہ۔ آپ کس صوبے سے ہیں؟ جناب میرا اب کوئی صوبہ نہیں۔ یہ کیسے ممکن ہے؟ آپ کا تعلق ملتان سے ہے؟ نہیں جناب! ملتان سے نہیں۔ تو کہاں سے ہے؟ بنگال سے۔ اب وہ بنگلہ دیش ہے۔ آپ کے والد کیا کرتے تھے؟ جناب وہ سیاستدان تھے۔ اچھا ان کا نام کیا تھا؟ خواجہ خیر الدین‘ سابق ممبر قومی اسمبلی۔ اس کے بعد پروفیسر علقمہ کے وکیل نے منصف سے کہا کہ ان کے چچا کا نام بھی پوچھ لیں۔ آپ ہی بتائیں وہ کون تھے؟ جناب ان کے چچا تھے خواجہ ناظم الدین‘ جو قائداعظم کے بعد ملک کے گورنر جنرل بنے اور بعد میں وزیراعظم بھی۔ وہ ان سات وزرائے اعظم میں سے تھے جنہیں پہلا مارشل لاء لگنے سے قبل تک برطرف کیا گیا تھا۔ یہ نہیں معلوم کہ عدالت کو یہ بھی بتایا گیا یا نہیں کہ اس خاندان کی خدمات کے اعتراف میں اسلام آباد میں ایک مشہور سڑک کا نام خواجہ ناظم الدین کے نام پر ہے۔ منصف نے اب نیب والوں سے پوچھا کہ ان کے اکائونٹ میں کتنے پیسے ہیں؟ جناب 80 ہزار روپے۔ انہوں نے اپنی ضروریات کے لیے بینک سے پانچ لاکھ قرض بھی لیا ہوا ہے۔ پروفیسر علقمہ سے منصف نے ایک سوال اور بھی کیا کہ آپ کا مکان اپنا ہے؟ نہیں جناب! کرائے کے مکان میں رہتا ہوں۔ ہم اپنا مکان تو مشرقی پاکستان چھوڑ آئے تھے۔ منصف کچھ دیر کے لیے اپنے عقبی کمرے میں چلا گیا اور آتے ہی بریت کا حکم نامہ جاری کر دیا۔
وقت تو کم تھا مگر آج کھل کر کچھ باتیں کیں۔ ان کے والد خواجہ خیرالدین سقوطِ ڈھاکہ کے بعد مسلم لیگی ہونے کی پاداش میں تین سال تک بنگلہ بندھو کی قید میں رہے۔ ان کے تاریخی مکان احسن منزل پر حکومت نے قبضہ کر لیا جو ابھی تک انہیں واپس نہیں ملا۔ خواجہ صاحب پاکستان آ گئے تو یہاں بھی سرگرم رہے۔ بنگلہ بندھو نے جو سلوک کیا سو کیا مگر قائدِ عوام بھی ان سے ناراض ہوئے اور حکم دیا کہ انہیں سمندر میں پھینک آئو۔ یہ کوئی مذاق نہیں‘ ظلم کی سچی داستان ہے۔ حکومتی کارندے انہیں واقعتاً بحیرہ عرب کے اندر‘ کم گہرے پانی میں دھکا دے آئے۔ اندھیرے میں چیختے چلاتے رہے۔ شیروانی اتار کر جھنڈا بناکر لہرایا۔ کچھ مقامی ماہی گیروں نے دیکھا تو پہلے انہیں بھارت کا جاسوس سمجھا مگر انہوں نے جب بتایا کہ وہ سادات سے ہیں تو انہوں نے ہاتھ بھی چومے اور فوراً نکال کر گھر پہنچا دیا۔ ان کی اصول پسندی اور جمہوریت نوازی دیکھی تو محترمہ نصرت بھٹو نے‘ خواجہ صاحب سے ایم آر ڈی تحریک میں حصہ لینے کا کہا اور وہ اس کے پہلے سیکرٹری جنرل بنے اور جمہوریت کی بحالی کی تحریک میں پیش پیش رہے۔
تاریخ کے کچھ اوراق آپ کے لیے اور ان کے لیے بھی‘ جنہوں نے پروفیسر خواجہ علقمہ اور ان کے والد محترم کو مشکلات میں ڈالا۔ مسلم لیگ کی بنیاد 1906ء میں ڈھاکہ میں ان کے دادا نواب سر سلیم اللہ کے گھر‘ احسن منزل میں رکھی گئی تھی۔ ان کا یہ گھر 15 سے 20 ایکڑ پر مشتمل تھا۔ اب بنگلہ دیش میں حالات کی تبدیلی کے سبب وہ اس کی بازیابی کے لیے تگ و دو کر رہے ہیں۔ ادھر پاکستان میں جس نے ان پر چوری کا الزام لگایا‘ اب ملک کے سب سے بڑے عہدے پر فائز ہیں۔ شاید مسلم لیگ کا جسم اُن کے ہاتھوں میں ہو مگر اس کی روح اب بھی خواجہ علقمہ کے خاندان کے دلوں میں دھڑکتی ہے۔ خواجہ صاحب سے کہا کہ اب تو چوری پکڑی گئی ہے تو آپ دعویٰ کیوں دائر نہیں کرتے کہ مسلم لیگ کی پیدائش تو آپ کے خاندان میں ہوئی‘ قیامِ پاکستان میں بھی آپ کے خاندان کا ایک کردار رہا ہے۔ اب مسلم لیگ پر قبضہ کسی اور کا ہے۔ اگر آپ قبضہ چھڑائو مہم چلاتے ہیں‘ ایک آدھ جلوس میں مَیں بھی جھنڈا لہرائوں گا اور نعرہ بازی بھی کروں گا کہ ہماری مسلم لیگ واپس کرو۔ خواجہ صاحب بس ہماری الٹی سیدھی باتوں پر مسکراتے رہے کہ دیکھو بھائی کہاں جائیں‘ کہاں سے انصاف ملے گا‘ خاموشی ہی بہتر ہے۔ میں بھی سمجھ گیا کہ اب وقت بدل گیا ہے۔ محسن بھوپالی کا شعر یاد آ گیا:
نیرنگیٔ سیاستِ دوراں تو دیکھیے
منزل انہیں ملی جو شریکِ سفر نہ تھے
اب الزام اور الزام تراشنے والوں کا کیا کریں؟ کچھ بھی نہیں ہو سکتا۔ کوئی اور ملک ہوتا تو کروڑوں کے جرمانے دینے پڑ جاتے۔ شرم و حیا دلانے کی باتیں اب صرف خواجہ آصف ہی کر سکتے ہیں۔ محسن بھوپالی کا دوسرا شعر ملاحظہ فرمائیں:
تلقینِ اعتماد وہ فرما رہے ہیں آج
راہِ طلب میں خود جو کبھی معتبر نہ تھے
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments