تین بڑوں کی ملاقات: خدشات اور امکانات

دنیا کی تاریخ میں کچھ تصویریں صرف اخبارات کی سرخی نہیں بنتیں بلکہ پوری صدی کا نقشہ بدل دیتی ہیں۔ 1945ء میں ہونے والی یالٹا کانفرنس سے بھی ایک ایسی ہی تصویر سامنے آئی تھی جب امریکہ کے روز ویلٹ‘ برطانیہ کے چرچل اور روس کے سٹالن ایک میز پر بیٹھے اور دنیا کو تقسیم کر دیا تھا۔ 1945ء میں جرمن شہر پوٹسڈیم میں بھی ایسا ہی ہوا‘ اور پھر سرد جنگ کے خاتمے پر بھی دنیا نے ایسے ہی مناظر دیکھے تھے۔ 19نومبر 2026ء کو چین کے شہر شین زین میں بھی دنیا نے ایک ایسی ہی تصویر دیکھی جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ‘ روسی صدر ولادیمیر پوتن اور چینی صدر شی جن پنگ ایک میز پر بیٹھے۔ اپیک سربراہی اجلاس کے موقع پر کائلن وِلا میں ہونے والی یہ ملاقات صرف ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہی مگر اس کے شور نے پوری دنیا کو ہلا کر رکھ دیا۔ صدر شی جن پنگ نے صدر ٹرمپ کا ہوائی اڈے پر خود جا کر استقبال کیا‘ جو چینی صدر کی طرف سے کسی غیرملکی رہنما کے استقبال کا پہلا موقع تھا۔ پھر تینوں رہنما ایک بڑی میز کے گرد بیٹھے جس کے درمیان میں شی جن پنگ تھے‘ جیسے چین خود کو دنیا کا مرکز ثابت کر رہا ہو۔ ملاقات کے بعد اعلامیہ برائے امن جاری ہوا جس میں چار نکات تھے: اقوام متحدہ کی اصلاح‘ صاف شدہ پٹرولیم مصنوعات کی پیداوار اور فراہمی میں اضافہ‘ عالمی فوجداری عدالت کے دائرہ اختیار کے غلط استعمال سے اجتناب اور جوہری خطرات میں کمی اور جوہری پھیلاؤ کی روک تھام کیلئے مکالمہ۔ یہ چار نکات بظاہر بہت بڑے لگتے ہیں‘ مگر اصل سوال یہ ہے کہ کیا ان تینوں رہنماؤں نے واقعی کسی نئے عالمی نظام کی بنیاد ڈال دی ہے یا یہ صرف ایک فوٹو سیشن تھا جس کے بعد ہر ایک نے اپنی اپنی راگنی گائی اور دنیا کو یہ تاثر دیا کہ وہ امن کے علمبردار ہیں۔ حقیقت میں یوکرین‘ ایران‘ فلسطین اور غزہ کی جنگوں کا اس اعلامیے میں کہیں ذکر تک نہیں ہوا۔
اس ملاقات کا پہلا اور سب سے اہم پہلو یہ ہے کہ یہ ملاقات کیوں ہوئی اور اس کے پیچھے ہر رہنما کا مقصد کیا تھا‘ کیونکہ تینوں کے مقاصد ایک جیسے نہیں تھے بلکہ ایک دوسرے سے بالکل مختلف تھے۔ ٹرمپ کیلئے یہ ملاقات داخلی سیاست کا سہارا تھی۔ حالیہ امریکی وسط مدتی انتخابات میں ٹرمپ کی ریپبلکن جماعت کو شکست ہوئی ہے اور ان کی مقبولیت گر رہی ہے۔ ایران کے ساتھ جنگ کا کوئی سفارتی حل بھی نظر نہیں آ رہا‘ اسی لیے انہوں نے جوہری ہتھیاروں میں کمی کو اپنا سب سے بڑا ایجنڈا بنایا۔ پوتن کیلئے یہ ملاقات یوکرین جنگ سے نکلنے کا ایک راستہ تھی۔ پوتن نے ہی 9 اکتوبر کو ٹرمپ سے فون پر اس سہ فریقی ملاقات کی تجویز دی تھی‘ اور وہ چاہتے تھے کہ یوکرین کے صدر زیلنسکی کو باہر رکھ کر تین بڑی طاقتوں کے درمیان یوکرین کا فیصلہ کر دیا جائے‘ جیسے یالٹا میں کیا گیا تھا۔ پوتن کو عالمی فوجداری عدالت کے وارنٹ گرفتاری سے بھی نجات چاہیے‘ اور انہیں روسی تیل کی برآمدات پر لگی پابندیوں اور قیمتوں کی حد سے بھی چھٹکارا چاہیے۔ شی جن پنگ کیلئے یہ ملاقات چین کو دنیا کا امن ساز اور مستحکم رہنما ثابت کرنے کا موقع تھی۔ وہ ٹرمپ کو خوش کرکے تجارتی جنگ میں عارضی وقفہ چاہتے تھے‘ پوتن کو ساتھ رکھ کر روس کے ساتھ شراکت داری کو مضبوط کرنا چاہتے تھے‘ اور دنیا کو یہ پیغام دینا چاہتے تھے کہ اب عالمی نظام کا مرکز واشنگٹن نہیں بلکہ بیجنگ ہے۔
اس ملاقات کا دوسرا پہلو یہ ہے کہ اس میں کیا طے پایا اور کیا نہیں‘ اور یہی وہ نکتہ ہے جہاں اس ملاقات کی حقیقت کھل کر سامنے آتی ہے۔ جو چار نکات طے پائے وہ سب اصولی اور عمومی ہیں۔ ان میں کوئی ٹائم ٹیبل نہیں‘ کوئی عملی منصوبہ نہیں‘ کوئی معاہدہ نہیں۔ اقوام متحدہ کی اصلاح پر تینوں متفق ہوئے مگر اصلاح کیا ہو گی‘ سلامتی کونسل میں کس کو ویٹو کا حق ملے گا‘ کس کو رکنیت ملے گی‘ اس پر کوئی بات نہیں ہوئی۔ چین اقوام متحدہ میں زیادہ طاقت چاہتا ہے‘ ٹرمپ اقوام متحدہ سے مایوس ہیں‘ پوتن اقوام متحدہ کو اپنی جنگ کیلئے ڈھال بنانا چاہتے ہیں‘ تینوں کا اصلاح کا مطلب مختلف ہے۔ پٹرولیم کی فراہمی پر اتفاق ہوا‘ مگر اس سے فائدہ سب سے زیادہ روس کو ہوا جس کا تیل پابندیوں کا شکار ہے۔ انٹرنیشنل کرمنل کورٹ کے دائرہِ اختیار پر اتفاق ہوا مگر اس سے فائدہ بھی پوتن کو ہوا جن کے خلاف وارنٹ نکلے۔ جوہری خطرات میں کمی پر اتفاق ہوا کہ جوہری جنگ جیتی نہیں جا سکتی اور اسے کبھی لڑا نہیں جانا چاہیے‘ مگر اس پر عمل کیسے ہو گا‘ کون سے ہتھیار کم ہوں گے‘ کون نگرانی کرے گا‘ اس پر کوئی بات نہیں ہوئی۔ سب سے زیادہ حیران کن بات یہ ہے کہ جن جنگوں نے دنیا کو سب سے زیادہ پریشان کر رکھا ہے‘ ان کا اس اعلامیے میں ذکر تک نہیں تھا۔
اس ملاقات کا تیسرا پہلو یہ ہے کہ کیا یہ کسی نئی صف بندی اور نئے عالمی نظام کی بنیاد تھی‘ اور اس سوال کا جواب ہاں اور ناں دونوں میں ہے‘ مگر زیادہ تر ناں میں ہے۔ ہاں اس لیے کہ پہلی بار دنیا کی تین بڑی جوہری طاقتیں‘ جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی مستقل رکن بھی ہیں‘ ایک ساتھ بیٹھی ہیں اور اس نے ایک ساختی تبدیلی کا اشارہ دیا ہے کہ اب دنیا یک قطبی نہیں رہی‘ دو قطبی بھی نہیں رہی بلکہ سہ قطبی کی طرف جا رہی ہے‘ جس میں تین بڑی طاقتیں‘ درمیانی طاقتیں اور 150 سے زیادہ گلوبل ساؤتھ کے ممالک ہیں۔ یہ ملاقات اس بات کا بھی ثبوت ہے کہ امریکہ اب یکطرفہ کارروائیوں سے ہٹ کر ڈیل کی طرف آ رہا ہے‘ اور چین اور روس بھی امریکہ کے ساتھ بیٹھنے کو تیار ہیں۔ مگر یہ کوئی نئی صف بندی‘ کوئی نیا اتحاد‘ کوئی نیا ادارہ یا کوئی نیا معاہدہ نہیں۔ یہ صرف ایک غیر رسمی‘ آخری لمحے میں طے ہونے والی ملاقات تھی جس کا کوئی فالو اَپ میکانزم نہیں۔ عالمی جنوب کے ممالک کو سب سے زیادہ اعتراض اس بات پر ہے کہ کیا تین بڑی طاقتیں دنیا کے آٹھ ارب لوگوں کا فیصلہ خود کر لیں گی‘ جیسے یالٹا میں کیا گیا تھا۔ یقینا آج کی دنیا 1945ء کی دنیا نہیں ہے۔ اس لیے شین زین ملاقات کو نئے نظام کی بنیاد نہیں بلکہ نئے نظام کی بحث کا آغاز کہنا زیادہ درست ہوگا۔
اس ملاقات کا چوتھا اور سب سے اہم پہلو یہ ہے کہ کیا ان تینوں ممالک کے مفادات ایک جیسے ہیں اور کیا یہ زیادہ دیر تک اکٹھے کام کر سکتے ہیں‘ اور اس کا جواب تاریخ‘ جغرافیہ اور معیشت تینوں کی روشنی میں واضح ہے۔ نہیں! یہ زیادہ دیر تک اکٹھے نہیں رہ سکتے کیونکہ یہ مثلث ناہموار ہے۔ امریکہ اور چین کی تجارتی جنگ‘ ٹیکنالوجی کی جنگ‘ تائیوان کا مسئلہ‘ بحیرۂ جنوبی چین کا تنازع‘ مصنوعی ذہانت اور چپس کی جنگ‘ یہ سب تنازعات اتنے گہرے ہیں کہ ایک بار گلے ملنے سے ختم نہیں ہو سکتے۔ امریکہ اور روس کے مابین یوکرین جنگ‘ نیٹو کی توسیع‘ یورپ کی سلامتی‘ اور پوتن کے خلاف وارنٹ‘ یہ سب اتنے بڑے مسائل ہیں کہ ایک ملاقات سے حل نہیں ہو سکتے۔ چین اور روس کے مابین بظاہر دوستی ہے مگر اندرونی طور پر روس چین کا چھوٹا شراکت دار بنتا جا رہا ہے۔ روس نے چین کو تیل بیچنا ہے‘ چین کو روس سے سستی توانائی چاہیے‘ مگر چین روس کی جنگ میں براہِ راست شریک نہیں ہونا چاہتا‘ اور روس چین کی تائیوان پالیسی میں نہیں پھنسنا چاہتا۔ یعنی یہ مثلث تین اتحادیوں کی مثلث نہیں بلکہ تین حریفوں کی مثلث ہے جو ایک دوسرے کو استعمال کر رہے ہیں۔
تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی تین بڑی طاقتیں اکٹھی ہوئی ہیںوہ زیادہ دیر تک یکسو نہیں رہ سکیں۔ یالٹا کانفرنس کے فوری بعد سرد جنگ کا آغاز ہو گیا تھا۔ آج بھی یہی ہوتا نظر آتا ہے کہ شین زین ملاقات کے بعد سرد جنگ کی ایک نئی شکل سامنے آئے گی‘ جس میں امریکہ ایک طرف‘ چین دوسری طرف‘ اور روس بیچ میں جھولتا نظر آئے گا۔ تین بڑے اکٹھے بیٹھے‘ یہ اچھی بات ہے مگر اب ضرورت اس بات کی ہے کہ وہ اکٹھے بیٹھ کر جنگیں ختم کریں‘ دنیا سے بھوک ختم کریں‘ اور انسانیت کو بچائیں۔ اگر وہ ایسا نہیں کرتے تو تاریخ یہ یاد رکھے گی کہ تین بڑی طاقتیں شین زین میں اکٹھے بیٹھ کر بھی دنیا کو امن نہ دے سکیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...