ڈیرہ داری کی دم توڑتی روایت

گاؤں میں شام ڈھلے جب سورج کھیتوں کی مینڈھوں کے پیچھے اترنے لگتا ہے‘ پرندے گھونسلوں کو لوٹ آتے ہیں‘ کھیتوں میں کام کرنے والی خواتین گھروں کو چل دیتی ہیں اور تھکے ہارے کسان گاؤں کی گلیوں میں داخل ہوتے ہیں تو اسی وقت گاؤں کے ایک کونے میں چراغ جل اٹھتا ہے۔ یہ کسی حویلی یا کوٹھی کا نہیں‘ ڈیرے کا چراغ ہوتا ہے۔ ڈیرہ وہ جگہ ہے جہاں دن بھر کی تھکن اترتی ہے اور دل کا بوجھ ہلکا ہوتا ہے۔ وہاں امیر ہو یا غریب‘ زمیندار ہو یا مزارع‘ سب ایک صف میں بیٹھتے‘ ایک ہی حقے سے کش لگاتے اور چائے کی پیالی سے محبت بانٹتے ہیں۔ سب اس بات پر متفق ہوتے ہیں کہ گاؤں کا مان اور عزت سب سے بڑی ہے اور گاؤں کا جھگڑا گاؤں ہی میں ختم ہونا چاہیے۔
ڈیرہ داری کوئی عہدہ‘ نوکری یا الیکشن کا ٹکٹ نہیں بلکہ ایک مزاج‘ تربیت اور ورثہ ہے جو باپ سے بیٹے اور دادا سے پوتے کو منتقل ہوتا ہے۔ لوگ کسی کو اس کے پیسے یا طاقت کی وجہ سے نہیں مانتے بلکہ اس کے لہجے میں بزرگوں کی خوشبو‘ گفتگو میں خاندانی وقار اور فیصلوں میں اجداد کی امانت داری دیکھتے ہیں۔ ایسے ڈیرے پنجاب کی اصل پارلیمنٹ اور یہ بیٹھکیں اصل عدالتیں ہیں‘ جہاں نہ وکیل کی فیس لگتی ہے‘ نہ پیشیوں کا چکر اور نہ گواہوں کی منڈی سجتی ہے۔ وہاں صرف سچ‘ انصاف اور بھائی چارے کی بات ہوتی ہے۔ پشتون علاقوں میں ڈیرے کو حجرہ کہتے ہیں۔ بلوچستان کے اکثر علاقوں میں بھی حجرہ ہی کہا جاتا ہے۔ نام‘ زبان اور لباس بدل جاتے ہیں مگر اس مسندِ توقیر پر بیٹھنے والے کا دل وہی ہوتا ہے۔ پنچایت ہو یا جرگہ‘ مقصد یہی ہے کہ خون کو خون سے نہیں‘ معافی سے دھویا جائے۔ دشمنی کو دوستی سے مٹایا جائے اور جھگڑے کو منصفانہ فیصلے سے ختم کیا جائے۔
ڈیرہ محض چارپائیوں کا اجتماع نہیں بلکہ وہ درس گاہ ہے جہاں نوجوان کو ادب‘ بچوں کو بڑوں کا احترام سکھایا جاتا ہے۔ مسافر کو پناہ‘ بھوکے کو روٹی‘ بے سہارا کو سہارا اور جھگڑنے والوں کو انصاف ملتا ہے۔ اور یہ سب لالچ‘ دکھاوے اور تشہیر کے بغیر ہوتا ہے۔ یہی اصل ڈیرہ داری‘ اصل پنجاب اور ہماری پہچان ہے جسے آنے والی نسلوں تک پہنچانا ضروری ہے۔
دوسری طرف اپنے اردگرد نظر دوڑائیں تو دل خون کے آنسو روتا ہے کہ اس پاکیزہ روایت کو بعض لوگوں نے داغدار کر دیا ہے۔ چراغ کے نیچے اندھیرا‘ بیٹھک کو بازار‘ خدمت کو دھندہ اور ورثے کو تجارت بنا دیا گیا ہے۔ سارے ڈیرے دار اصلی اور نسلی نہیں ہوتے۔ کچھ ایسے بھی ہیں جن کے ڈیرے پر بیٹھنے والوں کی نیت میں کھوٹ ہے۔ زبان پر صلح‘ دل میں فساد اور نظر دوسروں کی جیب پر ہوتی ہے۔ ان کا طریقۂ واردات اتنا مکروہ اور منظم ہے کہ انسان حیران رہ جاتا ہے۔ پہلے وہ گاؤں کے دو سادہ لوح لوگوں کے درمیان شک کا بیج بوتے اور ایک کو دوسرے کے خلاف بھڑکا کر ایسی آگ لگاتے ہیں جسے بجھایا جا سکتا تھا۔ پھر اپنے خاص بندوں سے تھانوں میں جھوٹی درخواستیں دلواتے‘ من پسند اہلکاروں سے رابطہ کرتے اور وکیلوں سے مشورے لیتے ہیں۔ دونوں فریقوں کو تھانے کچہری کے چکروں میں اس طرح الجھایا جاتا ہے کہ کسان کی فصل‘ مزدور کی مزدوری اور غریب کی گائے بھینس بک جاتی ہے۔ عزت دار آدمی کی عزت داؤ پر لگ جاتی ہے۔ جب دونوں فریق تھک ہار کر‘ پیسہ لٹا کر اور بچوں کے سامنے شرمندہ ہو کر صلح کی درخواست کرتے ہیں تو یہی سوداگر فرشتہ بن کر سامنے آ جاتے ہیں اور شرافت کا لبادہ اوڑھ کر پنچایتی بن بیٹھتے ہیں۔ صلح کے نام پر دونوں سے نذرانہ لیتے‘ دعوتیں کھاتے اور اپنی سیاست چمکاتے ہیں۔ سادہ لوح لوگ اسے احسان سمجھتے ہیں‘ حالانکہ آگ اسی نے لگائی ہوتی ہے اور پانی ڈالنے کا ڈرامہ بھی وہی کرتا ہے۔ زخم بھی وہی لگاتا ہے اور مرہم رکھنے کا دعویٰ بھی وہی کرتا ہے۔ ایسے لوگ ڈیرہ دار نہیں‘ ڈیرے کے نام پر دھبہ اور پنچایت کی آڑ میں اس کی توہین ہوتے ہیں۔ وہ بزرگوں کی پَگ کو داغ لگا کر ان کی روح کو تکلیف پہنچاتے ہیں۔ انہی کی وجہ سے لوگ ڈیرہ داروں پر اعتبار کھونے لگے ہیں کیونکہ انہوں نے خدمت کو تجارت اور پنچایت کو نیلام گھر بنا دیا ہے۔
اب سوال یہ ہے کہ اصل اور نقلی میں فرق کیسے کیا جائے؟ اصل ڈیرہ دار وہ ہے جو جھگڑا ہونے سے پہلے صلح کی بات کرے‘ تھانے جانے سے پہلے گفتگو کا دروازہ کھولے‘ اپنی جیب سے مہمان نوازی کرے اور فیصلے کے بدلے کسی فریق سے پیسہ نہ مانگے۔ وہ غریب اور امیر کو ایک نظر سے دیکھتا ہے اور اس کے ڈیرے پر بیٹھنے والے کو یہ خوف نہیں ہوتا کہ ان کی بات کسی اور تک پہنچا دی جائے گی۔ وہاں دشمن بھی خود کو محفوظ سمجھتا ہے۔ اصل ڈیرہ دار کے ڈیرے پر جھگڑا ختم ہوتا ہے بڑھتا نہیں۔ دل ملتے ہیں‘ ٹوٹتے نہیں۔ وہاں آنے والا خالی ہاتھ آئے تو بھرا ہوا دل لے کر جاتا ہے اور کوئی خود کو چھوٹا محسوس نہیں کرتا۔ اس کے برعکس نقلی ڈیرہ دار کے ڈیرے پر جھگڑا ختم ہونے کے بجائے لٹکا رہتا ہے۔ وہاں فیصلہ مرضی سے ہوتا ہے‘ انصاف سے نہیں۔ اس کے اردگرد ٹاؤٹ‘ چمچے اور خوشامدی بیٹھے ہوتے ہیں جو ہر بات پر واہ واہ اور ہر فیصلے پر تالیاں بجاتے ہیں۔ وہاں آنے والا ڈرتا ہے کہ اس کی کمزوری کسی اور کو نہ بتا دی جائے۔ صلح کے بعد بھی دشمنی باقی رہتی ہے کیونکہ صلح دل سے نہیں‘ دباؤ سے کرائی گئی ہوتی ہے۔ اصل ڈیرہ دار مر جائے تو گاؤں روتا ہے‘ اس کی قبر پر چراغ جلتے اور اس کا نام دعاؤں میں لیا جاتا ہے۔ اس کے بعد اس کے بچوں کو بھی اسی عزت و احترام سے دیکھا جاتا ہے۔ نقلی ڈیرہ دار زندہ ہو تو لوگ اس سے تنگ رہتے ہیں اور اس کے مرنے پر اکثر یہ کہتے دکھائی دیتے ہیں کہ فلاں ابنِ فلاں سے جان چھوٹی۔ اصلی اور نقلی ڈیرہ دار کو پرکھنے کی یہی کسوٹی ہے۔
ضرورت اس امر کی ہے کہ ڈیرہ داری ختم نہیں محفوظ کی جائے اور اسے اصل رنگ میں واپس بحال کیا جائے۔ اس کلچر کو ان نوسربازوں سے چھڑایا جائے جنہوں نے اسے یرغمال بنا رکھا ہے۔ نوجوان نسل کو بتانا ہوگا کہ ڈیرہ داری کا مطلب بڑی گاڑی‘ بڑا ڈیرہ‘ بڑے ہوٹل یا گارڈز کی تعداد نہیں بلکہ بڑا دل‘ بڑا ظرف‘ برداشت اور قربانی ہے۔ ڈیرہ دار وہ نہیں جو لوگوں کو ڈرائے بلکہ وہ ہے جو انہیں گلے لگائے۔ وہ نہیں جو لوگوں کو تھانے اور حوالات میں بھجوائے بلکہ وہ ہے جو انہیں پولیس کچہری سے بچائے‘ وہ نہیں جو لوگوں کی جیبیں خالی کرے بلکہ وہ ہے جو اپنی جیب خالی کرکے لوگوں کے چولہے جلائے۔
اگر ہم نے بچوں کو یہ سبق پڑھا دیا تو ڈیرے پھر آباد‘ پنچایتیں باوقار اور جرگے معتبر ہو جائیں گے‘ اور گاؤں پھر وہی بن جائیں گے جہاں شام کو چراغ جلتا‘ بزرگوں کی بات پر سر جھکایا جاتا اور جھگڑا آتے ہی ختم ہو جاتا تھا۔ یاد رکھنا چاہیے کہ جس قوم کے ڈیرے ویران ہو جائیں‘ اس کے دل بھی ویران ہو جاتے ہیں‘ اور جس قوم کے دل ویران ہوں اس کی تاریخ بھی ویران ہو جاتی ہے۔ فیصلہ ہمارے ہاتھ میں ہے کہ ہم ڈیرے کو چراغ بنائیں گے یا بازار۔ پنچایت کو انصاف بنائیں گے یا تجارت‘ روایت کو ورثہ بنائیں گے یا دھندہ۔ یہ فیصلہ آج کرنا ہے‘ کل بہت دیر ہو جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...