"RKC" (space) message & send to 7575

کابینہ اور اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی سہولت کاری؟

میری سوچ بڑی حد تک مثبت رہتی ہے۔ اگرچہ لوگ ہم سے توقع رکھتے ہیں کہ ہم انہیں شام تک قیامت آنے کا وقت بتائیں تو ہی ہم اچھے صحافی ہیں‘ ورنہ بیکار‘ فضول اور کرپٹ ہیں۔ دس کروڑ کی گاڑی پر سوار بندہ بھی ہم سے کہتا ہے کہ ہم انہیں کہیں کہ ملک تباہ ہو گیا ہے۔ چند دن پہلے ایک ٹی وی شو میں شریک تھا۔ وہاں دو تین اور افراد بھی تھے۔ باہر نکلنے لگے تو ایک صاحب کہنے لگے کہ ملک تباہ و برباد ہو گیا ہے۔ میں نے پوچھا کہ دس سال پہلے کے پاکستان میں ان کی زندگی بہتر تھی یا آج ہے؟ کہنے لگے کہ دس سال پہلے بہت بہتر تھی۔ یہ کہہ کر وہ میرے سامنے دس کروڑ کی گاڑی کی پچھلی سیٹ پر بیٹھے اور ان کا ڈرائیور گاڑی چلانے لگا۔ میں کچھ حیران ہوا کہ وہ صاحب ملک بھر میں مشہور ہیں‘ لوگ انہیں جانتے ہیں‘ ٹی وی شوز پر بلائے جاتے ہیں‘ ان کا پروفیشنل کام بہت اچھا چل رہا ہے‘ دس کروڑ کی امپورٹڈ گاڑی رکھی ہوئی ہے‘ چلانے کیلئے ڈرائیور بھی ہے لیکن انہیں دس سال پہلے کے مقابلے میں آج اپنی لائف تباہ کن لگتی ہے۔اس پر مجھے قرآن کریم کی آیت یاد آئی کہ انسان بڑا بے انصاف اور ناشکرا ہے۔ میں نے فوراً توبہ کی بلکہ اپنی زندگی پر شکر ادا کیا کہ اگر خدا یہ بھی نہ دیتا تو ہم کیا کر لیتے۔ خدا کو شکر گزاری بہت پسند ہے‘ لہٰذا وہ انسان سے کہتا ہے کہ تم میری نعمتوں پر شکر نہیں کرتے‘ میرا شکریہ ادا نہیں کرتے۔ میں اس بات پر حیران تھا کہ کیا اس پر بھی شکر نہیں بنتا کہ دس سال سے میں صحتمند ہوں۔ دس سال پہلے مجھے کوئی نہیں جانتا تھا‘ اب میں ٹی وی پر ایکسپرٹ بن کر آتا ہوں۔ چار بندے پہچان کر سلام کرتے ہیں۔ گھر ہے‘ ڈرائیور ہے‘ دس کروڑ کی گاڑی ہے‘ پھر بھی میں سب کو کہتا پھر رہا ہوں کہ زندگی تباہ ہے۔ مجھے قبلہ جنید یاد آئے‘ جو کہتے ہیں کہ آج تک تم سے کسی غریب مزدور یا ہوٹل کے باہر گارڈز یا ویٹرز نے کبھی نہیں پوچھا ہو گا کہ پاکستان کا کیا بنے گا یا یہ کہ ملک تباہ ہو گیا ہے۔ ہمیشہ ایلیٹ اور امیر طبقہ ہی پوچھے گا۔ ساتھ ہی مجھے قبلہ ہارون الرشید صاحب کے کالموں سے ایک بات یاد آئی کہ امیر کو دولت کی زیادہ ضرورت ہوتی ہے۔ شروع میں تو مجھے یہ بات سمجھ نہ آتی تھی کہ دولتمند کے پاس تو پہلے ہی پیسہ ہے‘ دولت تو غریب کو چاہیے ہو گی‘ امیر کو نہیں۔ پھر کچھ ذہن میچور ہوا تو ہارون صاحب کی اس گہری بات کے پیچھے چھپی حکمت سمجھ آئی کہ امیر کو ہر وقت فکر لگی رہتی ہے کہ کہیں وہ غریب نہ ہو جائے‘ اسے اپنے لائف سٹائل پر سمجھوتا نہ کرنا پڑے۔ یہی خوف اسے مزید دولت کے لالچ پر آمادہ رکھتا ہے اور دس کروڑ کی گاڑی میں بیٹھنے والے انسان کو بھی لگتا ہے کہ اس کی زندگی برباد ہو گئی ہے۔ مجھے ایک لمحے کیلئے اس شخص پر ترس آیا اور بچپن میں اماں سے سنی ہوئی مثال یاد آئی کہ مچھلی سمندر میں بھی پیاسی رہتی ہے کہ اس کے پانی کے چند گھونٹ پینے سے سمندر خشک ہو گیا تو وہ کہاں جائے گی (مجھے نہیں پتا سائنسی طور پر یہ بات درست ہے یا ہمارے بزرگوں کی کہی سنی ہے لیکن اس کا پیغام بہت پیارا ہے)۔ وہ شخص اس لیول تک پہنچ کر بھی پیاسا تھا۔ اپنی زندگی سے ناخوش اور ناشکرا تھا۔
اس کے بعد اگلا جھٹکا بدھ کے روز سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ کے اجلاس میں لگا جس کی صدارت ہمارے ملتان کے سینیٹر رانا محمود الحسن کر رہے تھے۔ رانا محمود الحسن بڑے احسن انداز اور حسنِ سلوک سے کمیٹی کا اجلاس چلاتے ہیں۔ رعایت تو وہ کسی کے ساتھ نہیں کرتے لیکن کسی کی بے عزتی بھی نہیں کرتے۔ ان کی کمیٹی سے بڑی بڑی خبریں نکلتی ہیں اور میرے جیسے لوگ خبر کی لالچ میں سرگرداں وہاں پہنچ جاتے ہیں۔ کابینہ کمیٹی میں سیکرٹری کابینہ اور سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن بھی موجود ہوتے ہیں اور یہ دونوں اہم عہدے ہیں۔ میں طویل عرصے سے کمیٹیوں کے اجلاس کور کرتا آیا ہوں‘ لہٰذا بیورو کریسی کے بارے میں بھی ایک تاثر بن چکا ہے۔ سیکرٹری کابینہ اولڈ سکول آف تھاٹ سے ہیں کہ اپنے افسران کو کور دینا ہے‘ انہیں بچانا ہے یا اگر وہ پھنس جائیں تو ان کی تعریف کرکے انہیں مشکل سے نکالنا ہے۔ دھیمے مزاج کے انسان ہیں‘ لہٰذا اکثر اپنے افسران کو بچا کر لے جاتے ہیں کیونکہ سینیٹرز ان کی عزت کرتے ہیں۔ دوسری طرف سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے بارے میں اگر یہ کہوں کہ بڑے عرصے کے بعد کوئی قابل اور تگڑا بیوروکریٹ دیکھا ہے تو غلط نہ ہو گا۔ میری ان سے کوئی دعا سلام نہیں‘انہیں صرف کمیٹی اجلاسوں میں ہی دیکھا ہے۔ قابل اور پُراعتماد نظر آتے ہیں‘ جن کے پاس سینیٹرز کے تقریباً ہر مشکل سوال کا جواب موجود ہوتا ہے۔ وہ بیوروکریٹس کی اس کلاس میں سے لگتے ہیں جو پوری تیاری کے ساتھ اجلاس میں آتے ہیں۔ خیر‘ بات کہاں چل نکلی۔ سابق آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا‘ جو آج کل اینٹی منی لانڈرنگ اتھارٹی کے چیئرمین ہیں‘ نے کمیٹی اجلاس میں انکشاف کیا کہ ہزاروں پاکستانی افسران اس وقت بیرونِ ملک شہریت لے چکے ہیں۔ وہ حیران تھے کہ ان افسران کے پاس اتنا پیسہ کہاں سے آ رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان افسران کے پاس اتنا پیسہ آ گیا ہے کہ اکثر تو اب اُن ملکوں کی شہریت خرید رہے ہیں جہاں اگر دو ڈھائی لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کریں تو ان کو پاسپورٹ دے دیا جاتا ہے۔ انہوں نے ایک بڑی اہم بات کہی کہ اکثر بیورو کریٹس کو شہریت لینے کیلئے ان ملکوں میں کچھ عرصہ لازمی رہنا پڑتا ہے‘ تو وہ پاکستان سے ایک ایک سال کی چھٹی لے کر اپنی لازمی مدت پوری کر آتے ہیں۔ مطلب یہ کہ کابینہ ڈویژن اور اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اس کام میں سہولت کاری کا فریضہ سرانجام دے رہے ہیں۔ باری باری سب افسران پاکستان سے پیسہ کما کر بچوں کو بیرونِ ملک شفٹ کرتے ہیں اور چھٹیاں لے کر اپنا کام کر آتے ہیں۔ سکھیرا صاحب کی باتوں سے لگا کہ ایک طرف یہ افسران بیرونِ ملک وفاداری کے حلف دے رہے ہیں تو دوسری طرف وہ مبینہ طور پر کروڑوں ڈالر کی منی لانڈرنگ کر رہے ہیں۔ وہ حیران تھے کہ یہ سب کچھ کیا چل رہا ہے؟ کیا اس ملک سے کسی کو کوئی ہمدردی نہیں رہی؟ سب لوٹ مار میں لگے ہیں اور ہر کوئی مال کما کر بیرونِ ملک جائیداد خرید کر‘ بچے وہاں شفٹ کرکے ہی واپس آتا ہے اور پھر نئے سرے سے لوٹ مار شروع کر دیتا ہے۔
بہت سارے پوچھیں گے کہ یہ بابو کیسے کرپشن کرتے ہیں؟ آپ کو انڈر پاسز‘ اوور فلائی‘ کھدائیاں‘ ترقیاتی کاموں کو تیس چالیس دن میں مکمل کرنے یا ضلعوں میں دھڑا دھڑ جو کام نظر آ رہے ہیں‘ یہ سب کمیشن وہاں سے کمایا جاتا ہے۔ مذکورہ اجلاس میں ہی انکشاف ہوا کہ سندھ میں ایک ڈپٹی کمشنر نے تین ارب روپے کا ترقیاتی فنڈ‘ جو سڑک بنانے کیلئے بھیجا گیا تھا‘ اپنے ذاتی اکاؤنٹ میں ڈالا اور آج کل وہ آذربائیجان میں مزے کی زندگی گزار رہا ہے۔ اس کا ایک بھائی سی ڈی اے میں ایک اعلیٰ عہدے پر تعینات تھا۔ اس نے بھی جی بھر کر پیسہ کمایا۔ پھر گرفتار ہوا اور چند دن اڈیالہ میں گزار کر دوبارہ اسی ادارے میں اعلیٰ پوزیشن پر تعینات ہو گیا۔
سیکرٹری کابینہ کہنے لگے کہ ایک وقت تھا جب لوگوں کو کسی کرپٹ شخص کا پتا چلتا تھا تو وہ اس سے فاصلہ رکھتے تھے۔ اس کی شادی بیاہ میں نہیں جاتے تھے‘ نہ اسے بلاتے تھے۔ لیکن اب وہی کرپٹ عزت دار ہیں اور ہر کوئی انہیں اپنی تقریبات میں بلانا اپنے لیے باعثِ عزت سمجھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سب کچھ ان کی زندگی میں ہوا ہے کہ پہلے کرپٹ لوگوں سے فاصلہ رکھا جاتا تھا اور اب کرپٹ لوگوں کو پہلی صف میں بٹھا کر اس پر فخر کرنا معمول بن چکا ہے۔ مشتاق سکھیرا کے اس سوال کا جواب کسی نے نہیں دیا کہ ان افسران کو بیرونِ ملک سٹڈی لیو کے نام پر شہریت دلوانے میں کابینہ اور اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کیوں سہولت کار بنے ہوئے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...