"RKC" (space) message & send to 7575

عمران خان کا نیا طویل سفر

عمران خان کی لطیف کھوسہ اور سلمان صفدر سے ہونے والی ملاقات کے بعد باہر نکلنے والی چند غیرمعمولی باتوں سے سابق وزیراعظم کی شخصیت کے بارے میں کچھ نئی باتوں کا اندازہ ہوا ہے‘ جو پی ٹی آئی کے ہارڈ لائن حامیوں کیلئے مایوس کن ہیں اور کچھ کے نزدیک یہ مثبت تبدیلی ہے۔ عمران خان کی اس نئے ''پریکٹیکل اپروچ بیانیے‘‘ سے جن کو مایوسی ہورہی ہے وہ شاید انہیں ساری عمر جیل میں ڈٹا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں۔ اس سے لگتا ہے کہ ہم انسان اپنے ہیرو کو ساری عمر بہادر دیکھنا چاہتے ہیں‘ چاہے اسے پھانسی کا پھندا کیوں نہ چومنا پڑے یا تمام عمر جیل کی سلاخوں کے پیچھے گزارنی پڑے۔ ایک سہما‘ ڈرا ہوا یا سیاسی کمپرومائز کرنے والا ہیرو ہمارے معیار پر پورا نہیں اترتا۔
ہر انسانی معاشرے اور ملک کو ہمیشہ ایک ہیرو چاہیے ہوتا ہے جس کی موجودگی انہیں تحفظ اور برتری کا احساس دلائے۔ ایک ڈرامہ پڑھا تھا جس میں ایک شخص کسی قیدی سے ملنے جاتا ہے اور کہتا ہے ہم بدقسمت ہیں کہ ہمارے پاس ان برے حالات میں کوئی ہیرو نہیں ہے۔ وہ قیدی جواب دیتا ہے کہ بدقسمتی یہ نہیں ہے کہ ہمارے پاس ہیرو نہیں‘ جو اِن برے حالات سے ہمیں نکالے بلکہ بدقسمتی یہ ہے ہمیں ہیرو کی ضرورت پیش آرہی ہے۔ انسانی معاشروں کو ہزاروں سال سے اپنے تحفظ کیلئے ہیرو درکار ہوتا ہے‘ اور وہ ان کی بہادری کی پوجا کرتے آئے ہیں۔ اگرچہ وقت کے ساتھ ساتھ ہیرو کا معیار یا اس کی تعریف بدلتی رہی ہے لیکن یہ طے ہے کہ آج کے جدید دور میں بھی آپ کو ہر فیلڈ میں ہیرو درکار ہیں جن کی کامیابیوں پر آپ خوش ہوتے اور جن کی ناکامی پر آنسو بہاتے ہیں۔ مجھے بھٹو صاحب کا ایک پرانا کلپ دیکھنے کا اتفاق ہوا جس میں وہ کہہ رہے تھے کہ ہر دفعہ مجھے کہا جاتا ہے کہ تم ہیرو بن کر فلاں کام کرو‘ فلاں کام کرو۔ میں اب ہیرو بن کر تھک گیا ہوں‘ اب کوئی نیا ہیرو تلاش کر لیں۔ قدرت کو ان کا یہ اندازِ گفتگو شاید پسند نہیں آیا اور پھر ہم سب نے اس ہیرو کا المناک انجام دیکھا۔
ویسے تو ہیرو کی انسانی تاریخ میں یہی تعریف رہی ہے کہ وہ اونچے مقام سے نیچے گرے اور عام لوگ اس کیلئے آنسو بہائیں۔ اگر ہیرو کے ساتھ ٹریجڈی نہیں جڑتی تو وہ ہیرو نہیں کہلاتا۔ کسی نے کیا خوب بات کہی تھی کہ مجھے آپ ایک ہیرو دے دیں‘ اس کی ٹریجڈی میں لکھ دوں گا‘ لہٰذا ہیرو اور ٹریجڈی کا ایک دوسرے سے بہت گہرا تعلق ہے۔ پاکستان میں اس تعریف پر دو ہی سیاسی لیڈر پورا اترتے ہیں جو عوام میں بہت مقبول تھے اور جن کے انجام ٹریجک نکلے۔ ایک ذوالفقار علی بھٹو اور دوسرے عمران خان۔
آپ کہیں گے پاکستان نے تو اور بھی بہت سے لیڈر پیدا کیے تو وہ ہیرو کیوں نہیں؟ دراصل ہیرو کیلئے عوام میں بے پناہ مقبولیت اور کرشماتی شخصیت کا ہونا ضروری ہے۔ جس کیلئے لوگ مرنے جینے پر تیار ہوں اور اپنی جان تک دے دیں۔ یہ خوبیاں آپ کو پاکستان میں صرف بھٹو اور عمران خان میں ملتی ہیں۔ بھٹو ایک ذہین اور کرشماتی شخصیت کے مالک تھے اور جب ان کو پھانسی دی گئی تو ان کے کئی چاہنے والوں نے خود سوزیاں کر لیں۔ کئی نوجوانوں کی جوانیاں لاہور کا قلعہ کھا گیا اور کئی بیرونِ ملک جا بسے۔ کئی پھانسیاں لگ گئے۔ بے شمار نے بھٹو کے نام پر کوڑے کھائے۔ بھٹو کے بعد اس طرح کا جنون آپ کو عمران خان کیلئے لوگوں میں نظر آیا۔ لوگوں نے انہیں بہت پیار محبت دیا۔ باقی چھوڑیں اس بندے کیلئے شاہ محمود قریشی تک جیل میں جا بیٹھے۔ وہ قریشی صاحب جنہوں نے کبھی کچی زمین پر پائوں نہیں رکھا تھا‘ وہ بھی خان کے کرشماتی جال میں ایسے پھنسے کہ تین سال سے جیل میں ہیں۔ عمران خان کی اس سے بڑی کامیابی کیا ہوسکتی ہے کہ جن کے آبائو و اجداد نے ہمیشہ‘ ہر دور میں مقتدرہ کا ساتھ دیا وہ اب خان کے نام پر اینٹی اسٹیبلشمنٹ کا نعرہ مار کر جیل میں بیٹھے ہیں۔ میرے نزدیک تو یہی ایک مثال کافی ہے کہ خان کی کرشماتی شخصیت کیا کیا رنگ دکھا سکتی ہے۔ اگر لیڈرز اپنی کرشماتی شخصیت کو مثبت انداز میں لیتے ہیں‘ اپنے آپ کو تکبر اور غرورسے دور رکھتے ہیں تو بہت دیر تک انسانوں پر حکمرانی کرتے ہیں۔ لیکن یہ ہو ہی نہیں سکتا کہ لاکھوں لوگ آپ پر مرتے ہوں‘ اپنی جان تک دینے کو تیار ہوں اور آپ عاجزی اور انکساری کا مجسمہ بنے رہیں۔ یہ کام کوئی سادھو‘ سنت‘ فقیر یا گوتم ہی کرسکتا ہے۔ ہر انسان گوتم بدھ نہیں ہوتا۔ ہم انسان دوسروں پر حکمرانی کیلئے اقتدار چاہتے ہیں جبکہ بدھ حکمرانی سے گھبرا کر جنگلوں میں نکل گئے تھے۔
اگر عمران خان یا بھٹو جیسے کرشماتی شخصیت کے کردار عاجز رہنا بھی چاہتے ہیں تو میرے جیسے خوشامدی اور درباری انہیں مسلسل فیڈ کرتے رہتے ہیں کہ جناب آپ کو خدا نے دوسروں سے ہٹ کر پیدا کیا ہے‘ وہ کوئی بڑا کام لینا چاہتا ہے۔آپ کوئی عام انسان نہیں ہیں۔ یوں دھیرے دھیرے ان ہیروز کو ان کی چھپی ہوئی صلاحیتوں کے بارے میں فیڈ کیا جاتا ہے اور ان کی اَنا کو پہاڑ سے بھی بڑا بنا دیا جاتا ہے۔ رفتہ رفتہ وہ خود کو ایسی مخلوق سمجھنے لگ جاتے ہیں جن کا خیال ہوتا ہے کہ وہ عام انسان نہیں بلکہ خدا نے انہیں خاص مقام دے کر بھیجا ہے۔ وہ اس مقام اور رتبے کو اپنے لیے امتحان نہیں بلکہ اسے اپنا انعام اور حق سمجھتے ہیں۔ پھر ایک دن ان ہیروز کی قسمت جواب دے جاتی ہے اور ہم سب مل کر ان کی قسمت کو روتے ہیں۔ صدیوں سے یہی کچھ ہوتا آیا ہے۔
ایسے کرشماتی انسانوں اور ہیروز کو ایسے ٹریجک انجام سے بچنا ہے تو پھر انہیں انسانی تاریخ اور تہذییوں کا کثرت سے مطالعہ کرتے رہنا چاہیے کہ ان سے پہلے جو بادشاہ اور شہنشاہ گزرے یا ان جیسے دیگر ہیروز کا ٹریجک انجام کیسے اور کیوں ہوا۔ ہر وقت خود کو یاد دلاتے رہنا چاہیے کہ ایک دن سب نے مرنا ہے لہٰذا تکبر اور غرور اور ''اپُن ہی بھگوان ہے‘‘ کے احساس سے بچ کر رہنا ہے۔ اگرچہ بھٹو کے مقابلے عمران خان اتنے پڑھے لکھے یا کتابوں کے شوقین نہیں تھے۔ بھٹو جیسی لائبریری تو پاکستان میں شاید ہی کسی کے پاس ہوگی۔ اگر مجھے زندگی میں دو لیڈروں کی لائبریری دیکھنے کا شوق تھا تو وہ بھارتی وزیراعظم نہرو اور پاکستانی وزیراعظم بھٹو تھے۔ میں تصور کرتا رہتا ہوں کہ ان پڑھے لکھے لیڈروں کے پاس کیا کیا شاندار کتابوں کا ذخیرہ ہوگا جنہیں پڑھ کر ان کی ذہانت اور دانشمندانہ طاقتیںاتنی ابھری تھیں۔ اب ذرا فرق دیکھیں کہ نہرو بھی بڑا لیڈر تھا۔ وہ مسلسل تین دفعہ‘ تقریباً سولہ سال وزیراعظم رہے لیکن آپ ان کے انٹرویوز سنیں یا تقریریں یا پھر ان کی لکھی کتابیں پڑھیں تو آپ کو ایک انتہائی سمجھدار‘ پڑھا لکھا انسان نظر آتا ہے جس میں غرور اور تکبر نہیں ملتا۔ ہوسکتا ہے بھٹو صاحب نے نہرو سے زیادہ کتابیں نہ پڑھی ہوں لیکن کم بھی نہیں ہوں گی‘ لیکن بھٹو میں ایک غرور تھا۔آپ کہیں گے بھٹو ایک خاندانی جاگیردار تھا اور یہ رویہ ان پر حاوی ہوجاتا تھا۔ایسا نہیں ہے! نہرو بھی ہندوستان کے امیرترین کشمیری پنڈت کا بیٹا تھا جس کا باپ‘دادا 1857ء میں مغلوں کے دلّی کا کوتوال تھا۔موتی لعل کے بارے مشہور تھا وہ اتنا امیر تھا اس کے کپڑے بھی انگلینڈ سے سلائی اور ڈرائی کلین ہو کر آتے تھے۔موتی لعل کا خاندان بھٹو خاندان سے زیادہ امیر تھا۔ خواہ بھٹو کا باپ جونا گڑھ ریاست کا آخری دیوان ہی کیوں نہ رہا ہو۔
دراصل نہرو ایک سوشلسٹ تھا جس میں غریبوں اور عام آدمیوں کیلئے درد تھا۔ اس نے وزیراعظم بن کر جاگیرداری کو ختم کیا۔ اگرچہ بھٹو نے بھی عام آدمی کو زبان دی‘ شعور دیا اور غریبوں کیلئے کام بھی کیے لیکن وہ اس تکبراور غرور سے جان نہ چھڑا سکے جو نہرو میں بالکل نہیں تھا۔ عمران خان تو اس کلاس میں کہیں فٹ نہیں ہوتے‘ لیکن قدرت نے عمران کو ان کی صف میں لاکھڑا کیا‘ چاہے وہ ذہنی طور پر ان سے بہت پیچھے تھے۔ البتہ عمران خان کی کرشماتی شخصیت شاید بھٹو اور نہرو پر بھی بھاری پڑ گئی۔ لیکن ہر بڑے بندے کی طرح ایک دن خان صاحب بھی اس خوفناک وہم کا شکار ہو گئے جس کی وجہ سے انسانی تاریخ میں ہر ہیرو کا ٹریجک زوال ہوا۔ (جاری)

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...