وفاقی وزرا کی ایک دوسرے پرلفظی گولہ باری اور وزیراعظم شہباز شریف کی سادگی کہیں یا بے نیازی‘ اس صورتحال میں مجھے یاد آیا کہ اول تو سر پر تاج سجانا مشکل ہوتا ہے لیکن اس سے بھی زیادہ مشکل کام اس تاج کی رکھوالی اور اس سے بڑھ کر اس کی عزت کو برقرار رکھنا ہے۔ اب تک تو وزیراعظم اپنی کابینہ میں جاری لفظی گولہ باری پہ خاموش اور نیوٹرل تھے‘ وہ ایسے ظاہر کر رہے تھے جیسے ان کا ان وزرا یا ان کے بیانات سے کوئی لینا دینا ہی نہیں مگر آج‘ جب میں یہ کالم لکھ رہا ہوں تو وزیراعظم آفس سے ایک بیان جاری ہوا ہے جس میں وفاقی وزرا کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایک دوسرے کے خلاف بیانات دینے سے گریز کریں۔ یہ بیان چھ ماہ تاخیر سے آیا ہے اور اب تک بہت نقصان ہو چکا ہے۔ یہ بیان اُس وقت جاری ہوا ہے جب وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ اور وزیر داخلہ محسن نقوی کے درمیان زبانی لڑائی بہت آگے بڑھ چکی ہے اور بہت سے اندیشے جنم لے چکے ہیں۔ شاید شہباز شریف بھی دھیرے دھیرے اس مقام پر جا کھڑے ہوئے ہیں جہاں ان سے پہلے وزیراعظم نواز شریف تین‘ چار مرتبہ پہنچ گئے تھے۔ ایک دفعہ انہیں 12 اکتوبر 1999ء کا دن دیکھنا پڑا‘ تو قمر جاوید باجوہ کے دور میں وہ جیل جا پہنچے۔ اس سے قبل راحیل شریف کے دور میں ڈان لیکس میں وہ بڑی مشکل سے بچے تھے۔ وجہ ایک ہی تھی کہ مقتدرہ کے ساتھ چل نہیں پائے تھے۔
یہ سمجھا جاتا تھا کہ شہباز شریف کا مزاج اپنے بڑے بھائی سے مختلف ہے۔ مقتدر حلقوں میں بھی انہیں پسند کیا جاتا ہے۔ نواز شریف کے پہلے دورِ حکومت میں صدر غلام اسحاق خان کے ساتھ جب پھڈا ہوا تو انہوں نے میاں شریف صاحب سے کہا تھا کہ آپ اپنے چھوٹے بیٹے کو آگے کر دیں۔ ان کا خیال تھا کہ بڑا بیٹا حکومت میں نہیں چل سکتا اور ذاتی ایشوز بنا کر بیٹھ جاتا ہے۔ اس پر کسی ظالم نے تبصرہ کیا تھا کہ میاں شریف کا کہنا تھا اگر چھوٹا بیٹا آپ کو دے دیا تو پھر کاروبار کون چلائے گا۔ مطلب یہ تھا کہ نواز شریف سے کاروبار نہیں چلتا۔یعنی جو بیٹا خاندان کا کاروبار نہیں چلا سکتا وہ ملک چلانے کیلئے بہتر رہے گا۔ نواز شریف پر یہ اعتراض بھی ہوتا رہا ہے کہ وہ اپنے ہی لگائے گئے آرمی چیفس کے ساتھ بھی نہیں چل پاتے تھے اور اس کا نتیجہ ہر دفعہ نواز شریف اور جمہوریت‘ دونوں کیلئے برا نکلا۔ اس دفعہ سوچا گیا کہ نواز شریف کو بریک دیا جائے اور ان کی جگہ شہباز شریف کو سامنے لایا جائے‘ جو صدر غلام اسحاق سے پرویز مشرف تک سب کی خواہش رہی۔ شہباز شریف کے ہوتے ہوئے مقتدرہ خود کو پُرسکون سمجھتی تھی جبکہ نواز شریف کی وزیراعظم ہاؤس میں موجودگی کے دوران سب کو دھڑکا لگا رہتا۔ اب تک تو بطور وزیراعظم شہباز شریف نے سمجھداری سے خود کو مقتدرہ کے ساتھ لڑائی سے بچائے رکھا اور تین سال سکون سے گزر گئے ہیں لیکن بعض دفعہ ایسا ہوتا ہے کہ آپ پوری کوشش کرتے ہیں کہ لڑائی نہ ہو لیکن وہ لڑائی آپ کے گھر تک پہنچ جاتی ہے اور نہ چاہتے ہوئے بھی لڑنا پڑتا ہے۔ ایسے لگتا ہے کہ شہباز شریف اس وقت اسی سٹیج پر کھڑے ہیں۔ وہ مقتدرہ سے لڑائی نہیں چاہتے یا وہ سمجھتے ہیں کہ انہوں نے نواز شریف والا راستہ اختیار نہیں کرنا لیکن جس تیزی سے حالات بدل رہے ہیں‘ بڑا سوال یہ ہے کہ کیا شہباز شریف خود کو اس لڑائی سے بچا کر اگلے دو سال پورے کر سکتے ہیں؟ ان کا پُرسکون انداز شاید اب زیادہ دیر تک کارگر ثابت نہ ہو اور انہیں میدان میں اترنا ہی پڑے۔ اگر وہ میدان میں نہیں اترنا چاہتے تو پھر ماضی میں مثالیں بھی موجود ہیں جب وزیراعظم خاموشی سے گھر چلے گئے۔ ان میں ظفراللہ جمالی کا نام سب سے پہلے ذہن میں آتا ہے۔ وہ مشرف کے چنیدہ وزیراعظم تھے مگر جس دن انہیں پیغام ملا وہ بغیر کوئی گلہ شکوہ کیے گھر چلے گئے۔ جب پنڈی ریلوے سٹیشن سے وہ بلوچستان کیلئے روانہ ہونے لگے تو پچاس ساٹھ کی کابینہ میں سے صرف ایک وزیرِ مملکت‘ رضا حیات ہراج وہاں موجود تھے‘ باقی پیارے اور لاڈلے وزیرجو دورِ اقتدار میں اُن پر صدقے واری جاتے تھے‘ اس وقت ایف 8 سیکٹر میں چودھری شجاعت حسین کے ڈرائنگ روم میں بیٹھے نئے وزیراعظم کی شان میں قصیدے پڑھ رہے تھے۔ دیکھا جائے تو اس وقت شہباز شریف بھی تمام تر کوششوں اور اپنے بڑے بھائی کے فلسفے سے خود کو دور رکھنے کے باوجود اس مشکل میں پھنس چکے ہیں جس کا نتیجہ کبھی اچھا نہیں نکلا۔ اس وقت وہ بہت زیادہ مصلحت پسندی کا شکار ہیں کیونکہ ان پر لاشعوری دباؤ تھا کہ انہوں نے کسی سے سینگ نہیں اڑانے۔ لیکن اس کا مطلب یہ نہیں تھا کہ آپ بالکل بے نیاز ہو جائیں۔
میں سمجھتا ہوں کہ شہباز شریف نے اُس دن اپنے عہدے سے انصاف نہیں کیا جس دن وزیر داخلہ نے ٹی وی کیمروں کے سامنے کھڑے ہو کر پوری قوم کو بتایا کہ سسٹم کولیپس کر گیا ہے اور وزیراعظم چودہ گھنٹے کام کریں یا اٹھارہ‘ کوئی فرق نہیں پڑنے والا۔ کمزور سے کمزور وزیراعظم بھی اپنے وزیر کی اس گفتگو کو نظر انداز نہیں کر سکتا۔ یہ سخت فیصلے کی گھڑی تھی۔ انہیں چاہیے تھا کہ اپنے وزیر سے پوچھتے کہ آپ میری کابینہ کا حصہ ہیں اور ایک ڈسپلن لاگو ہوتا ہے‘ اگر اس ایشو پر بات کرنی تھی تو کابینہ کے اجلاس میں کرنی چاہیے تھی۔ آپ نے کابینہ کے فورم کے بجائے کیمرے کا فورم چنا۔ یہ ایک واضح پیغام ہوتا۔ یا پھر اگر انہیں لگتا کہ ان کا وزیر داخلہ طاقتور ہے اور وہ خود کمزور ہیں تو پارلیمنٹ میں جا کر ایک تقریر کرتے اور ایوان کو بتاتے کہ اپنے عہدے کی حفاظت نہیں کر پا رہے‘ ایوان کوئی نیا وزیراعظم چن لے جو اُن کی طرح مصلحتوں کا شکار نہ ہو اور وزیراعظم کے عہدے اور پارلیمنٹ کی بالادستی پر حرف نہ آئے۔
دنیا بھر میں وزیراعظم استعفے دیتے آئے ہیں۔ سب کو پتا ہوتا ہے کہ ایک دن سب نے جانا ہے۔ کرسی کب تاحیات رہتی ہے‘ لہٰذا وہ اخلاقی قوت کا سہارا لیتے ہیں۔ برطانیہ میں پچھلے دس بارہ سال کے دوران چھ سات وزیراعظم عہدہ چھوڑ گئے۔ اٹلی اور جاپان میں بھی یہی کچھ ہوتا رہا۔ شہباز شریف بھی اگر اپنے عہدے کا دفاع نہیں کر سکتے یا اپنے وزیروں کو ڈسپلن میں نہیں لا سکتے تو یہ راستہ اختیار کر سکتے تھے۔ اب جبکہ رانا ثنا اللہ اور محسن نقوی کی لڑائی بہت آگے بڑھ چکی ہے تو اس وقت وزیراعظم آفس نے وزرا کو بیان بازی سے گریز کی ہدایت کی ہے۔ مجھے نہیں لگتا کہ اب اس سے کچھ فرق پڑے گا۔ ایک دفعہ لڑائی شروع ہو جائے تو رکتی نہیں ۔حیرانی اس بات پر ہے کہ شہباز شریف کا تجربہ بھی کامیاب نہیں رہا۔ نواز شریف جارحانہ مزاج رکھتے تھے مگر شہباز شریف تو ضرورت سے زیادہ ملائم ہیں۔ دونوں بھائی وزیراعظم آفس میں بیٹھ کر توازن برقرار نہیں رکھ سکے۔ ایک بھائی جارحانہ پالیسی کا حامی ہے تو دوسرا مصلحت پسندی کا کہ جس کا جو جی چاہے کرے بس میری کرسی محفوظ رہے۔ یہ بات اب انہیں کون سمجھا سکتا ہے کہ سر پر تاج پہننے کا شوق اپنی جگہ لیکن اس تاج کی توقیر برقرار رکھنا اس سے بھی زیادہ مشکل کام ہوتا ہے۔ انسانی تاریخ میں تاج کے شوقین اپنی جان دیتے بھی آئے ہیں اور دوسروں کی جان لیتے بھی آئے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments