"SG" (space) message & send to 7575

بھارت کیلئے نوشتۂ دیوار

وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک کے دورۂ بھارت کا مقصد شنگھائی تعاون تنظیم کے فورم میں شرکت کرنا تھا‘ لیکن ان کی نئی دہلی آمد پر بھارتی میڈیا اور بھارت کی سیاسی جماعتوں کے واویلے نے ثابت کر دیا کہ بھارت ابھی تک ہندو قوم پرستی سے باہر نہیں نکل سکا۔ نریندر مودی کی حکومت آج بھی ہندوتوا کی پالیسی اور پاکستان کیخلاف اپنی روایتی بدنیتی پر کاربند ہے۔ جب پاکستان نے مذکورہ اجلاس میں وزیر ماحولیاتی تبدیلی کی شرکت کا اعلان کیا تو بھارتی حکومت کی جانب سے یہ مؤقف سامنے آیا کہ پاکستانی وزیر کی شرکت صرف شنگھائی کانفرنس تک محدود ہو گی اور اسے دوطرفہ تعلقات کی بحالی کا عمل قرار نہیں دیا جا سکتا۔ ڈاکٹر مصدق ملک کے دورۂ بھارت کے دوران سندھ طاس معاہدے کے ضمن میں دیے گئے انکے اس بیان کو بار بار دہرایا جاتا رہا کہ جو پاکستان کے پانی پر اثر انداز ہو گا‘ اسکے ہاتھ کاٹ دیں گے۔ گویا ڈاکٹر مصدق ملک کی بھارت آمد بھارتی قوم پرستوں اور میڈیا کو ہضم نہیں ہو پا رہی تھی۔ ویسے تو ایس سی او میں شرکت کا دعوت نامہ وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ اورنگزیب کھچی کے نام آیا تھا لیکن حکومت نے ڈاکٹر مصدق ملک کو بھیجنے کا فیصلہ کیا۔ اس انتخاب سے واضح تھا کہ حکومت کانفرنس میں شرکت کیلئے کسی ایسے شخص کو بھیجنا چاہتی تھی جسکا ملکی مفادات کے حوالے سے مؤقف واضح ہو۔ جو بھارتی میڈیا کے تلخ سوالوں کا سامنا کرتے ہوئے دہشتگردی اور انتہا پسندی کیخلاف پاکستان کا نقطۂ نظر بھی بیان کرے اور بھارت کو یہ بھی باور کرائے کہ پاکستان کبھی مذاکرات سے گریزاں نہیں رہا تاہم بات چیت کا عمل بامقصد اور نتیجہ خیز ہونا چاہیے۔
2014ء میں نریندر مودی کے اقتدار میں آنے کے بعد سے بھارت کی پاکستان کے خلاف ایک طے شدہ ذہنیت رہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بھارت پاکستان کے ساتھ مذاکرات سے گریزاں اور اسے دہشت گردی سے منسلک کرنے کیلئے اپنا پروپیگنڈا محاذ گرم رکھے ہوئے ہے۔ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے موقع پر ڈاکٹر مصدق ملک نے بھارتی میڈیا سے گفتگو میں تلخ سوالات کا اعتماد سے جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی طرف سے جس دہشت گردی کی بات کی جاتی ہے پاکستان خود اس کا شکار ہے۔ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے دونوں ممالک کے درمیان اعتماد کی بحالی ضروری ہے اور اس کا طریقہ الزامات کے بجائے ٹھوس بنیادوں پر معاملات کا حل تلاش کرنا ہے۔ ڈاکٹر مصدق ملک نے کانفرنس سے خطاب کے دوران زور دیا کہ بھارت سمیت تمام ایس سی او ممالک مسائل کے حل کیلئے بات چیت کا راستہ اختیار کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ بات چیت کا عمل مختلف الخیال نظریات کے حامل لوگوں کے درمیان ہی ہوتا ہے۔ اگر تمام تہذیبیں اور نظریات ایک جیسے ہوں تو پھر مکالمے کی ضرورت ہی باقی نہیں رہتی۔ انہوں نے بھارتی میڈیا کے سامنے یہ بھی واضح کیا کہ پاکستان مذاکرات کا حامی ہے اور متنازع معاملات پر بات چیت ہی مؤثر اور نتیجہ خیز ثابت ہو سکتی ہے۔ لیکن یہاں بنیادی سوال یہ ہے کہ آخر بھارت بامقصد مذاکرات سے انکاری کیوں ہے؟ اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ کشمیر اور پانی کے معاملات پر بھارت کے پاس کوئی سیاسی اور اخلاقی جواز نہیں‘ جس دہشت گردی کو بنیاد بنا کر وہ پاکستان کے خلاف الزام تراشی اور ہرزہ سرائی کرتا رہا‘ اب دنیا بھر میں اس حوالے سے اس کا اپنا چہرہ بے نقاب ہو رہا ہے۔ کینیڈا اور امریکہ سمیت مختلف ممالک میں بھارتی حکومت اور اس کی پالیسیوں کو دہشت گردی کے واقعات سے جوڑتے ہوئے آوازیں اٹھ رہی ہیں۔ پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والا بھارت آج خود دفاعی پوزیشن میں کھڑا دکھائی دیتا ہے اور مودی حکومت پاکستان کے حوالے سے ایک نفسیاتی کیفیت سے دوچار ہے۔ یہ صورتحال 22 اپریل 2025ء کو پہلگام میں دہشت گردی کے واقعے کے بعد پیدا ہوئی‘ جب بھارت نے اس کا الزام پاکستان پر عائد کیا۔ بھارت سرکار کا یہ پرانا ہتھکنڈا رہا ہے کہ جب بھی وہاں دہشت گردی کا کوئی بڑا واقعہ رونما ہوتا ہے تو حکومت کی جانب سے پاکستان پر الزام تراشی کرکے ہمیشہ اپنی بنیادی ذمہ داری سے انحراف کیا جاتا ہے۔ پہلگام واقعے کے بعد پاکستانی قیادت نے کسی تیسرے ملک یا ادارے سے تحقیقات کرانے کی پیشکش بھی کی۔ پاکستان کے اس ذمہ دارانہ طرزِعمل کو دنیا بھر میں پذیرائی ملی لیکن بھارتی حکومت کسی غیرجانبدار ذرائع سے تحقیقات کرانے کے بجائے اپنی ہٹ دھرمی پر قائم رہی۔ جب بھارت نے پاکستان پر مئی 2025ء میں حملہ کیا تو اسے توقع تھی کہ پاکستان پسپائی اختیار کر لے گا‘ لیکن پاکستانی مسلح افواج نے اپنی بھرپور پیشہ ورانہ صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کو ایسا جواب دیا کہ دنیا دنگ رہ گئی۔ 10مئی 2025ء کے بعد سے بھارتی قیادت ایک نفسیاتی کیفیت سے دوچار ہے جبکہ پاکستان کا سفارتی کردار نمایاں ہوا ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ اس کی عالمی و علاقائی اہمیت میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ خصوصاً امریکہ ایران جنگ میں پاکستان کے ثالثی کردار نے عالمی محاذ پر بھی اس کی اہمیت بڑھائی ہے۔ یہ تمام پیش رفت بھارت کو ہضم نہیں ہو رہی۔
پاکستان ہمیشہ سے متنازع معاملات پر مذاکرات کا خواہاں رہا ہے لیکن بھارت اس عمل کا حصہ بننے سے اسلئے انکاری رہا کہ وہ دیگر ہمسایہ ممالک کی طرح پاکستان پر دباؤ ڈال کر اپنے ایجنڈے کی تکمیل کر سکے‘ تاہم اسکے مذموم عزائم پورے نہ ہو سکے۔ پاک بھارت تنازعات کے دوران ایک مرحلہ ایسا بھی آیا جب امریکی صدر ٹرمپ نے ثالثی کی پیشکش کی لیکن بھارت نے اسے مسترد کر دیا‘ حالانکہ وہ امریکہ کا علاقائی اتحادی بھی ہے۔ اسکی بنیادی وجہ کشمیر اور پانی جیسے معاملات پر بھارت کی ضد اور ہٹ دھرمی ہے۔ وہ ان معاملات سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عالمی معاہدات کو تسلیم کرنے سے بھی انکاری ہے۔ جہاں تک دہشتگردی کا تعلق ہے تو اب عالمی میڈیا بھی اس حوالے سے بھارت کو تنقید کا نشانہ بنا رہا‘ لیکن بھارت اپنے طرزِ عمل پر نظرثانی کیلئے تیار نہیں اور دنیا بھر میں بدلتی صورتحال کا ادراک کرنے سے قاصر ہے۔ آج کی دنیا تصادم کی نہیں بلکہ مکالمے اور مذاکرات کی دنیا ہے‘ جہاں متنازع معاملات کا حل بات چیت ہی سے ممکن ہے۔ دنیا کے اہم ممالک نے اپنے تنازعات مل بیٹھ کر حل کیے اور ہمسایہ ممالک کے درمیان تناؤ کم ہوا‘ لیکن بھارت اس حقیقت کے ادراک سے قاصر ہے۔
پاکستان نے بھارتی جارحانہ طرزِعمل کا جواب دے کر دنیا کو دکھا دیا ہے کہ کوئی بھی ملک صرف جدید جنگی ساز و سامان کی وجہ سے مضبوط نہیں ہوتا بلکہ قوموں کا جذبہ اور اپنی افواج پر اعتماد ہی انہیں دشمن کے مقابلے میں غلبہ عطا کرتا ہے۔ پاکستانی افواج کے ہاتھوں شکست کے بعد بھارت نے پاکستان کے خلاف آبی دہشت گردی کا ارتکاب کرتے ہوئے یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدہ ختم کرنے کا اعلان کیا لیکن اس کا یہ حربہ بھی کارگر ثابت نہ ہوا۔ پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کے ردِعمل نے واضح کر دیا کہ پاکستان پانی بند کرنے کو اعلانِ جنگ تصور کرے گا۔ اس معاملے پر پاکستان کی یکسوئی اور سنجیدگی بھارت کیلئے کسی بڑے چیلنج سے کم نہیں۔ پاکستان ہمیشہ سے بھارت کے مذموم عزائم کے حوالے سے چوکس رہا ہے۔ اب نئی پیدا شدہ صورتحال میں بھارت کے پاس موقع ہے کہ وہ اپنے طرزِعمل اور پالیسیوں پر نظرثانی کرے اور متنازع معاملات پر مذاکرات کی میز پر آئے۔ بھارت کو ادراک ہونا چاہیے کہ آج کا پاکستان ماضی سے مختلف ہے۔ اس کی بڑی وجہ پاکستانی افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور سفارتی محاذ پر پاکستان کو ملنے والی اہمیت ہے۔ دنیا اس خطے میں نئی دہلی کے بجائے اسلام آباد کی طرف دیکھ رہی ہے جبکہ ہمسایہ ممالک بھی بھارت کی روایتی بدنیتی اور جارحانہ عزائم کے باعث اس کے ساتھ اچھے تعلقات کے حامی نہیں۔ لہٰذا مودی سرکار جتنی جلد نوشتۂ دیوار پڑھ لے‘ اس کیلئے بہتر ہوگا۔ بھارت کو باہمی تنازعات کے حل کیلئے پاکستان کے ساتھ مذاکرات کی میز پر ہی بیٹھنا پڑے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...