کہیں ہواؤں کے رخ بدل رہے ہیں تو کہیں وقت کے تیور۔ ماضی بعید اور قریب کے سبھی ادوار کے اختتامی نقطے ملائیں تو بننے والے سبھی خاکے حالاتِ حاضرہ کا چربہ دکھائی دیتے ہیں۔ تند و تیز جملوں سے لے کر جوش میں ہوش گنوانے تک کچھ بھی نیا نہیں ہے۔ لانے والوں سے شاکی ہونے کے بعد نکالے جانے کا خوف دھڑکا بن کر دن کا چین اور رات کی نیندیں اڑائے رکھتا ہے۔ شوقِ حکمرانی کے مارے سیاستدان حصولِ اقتدار کے لیے تو سب کچھ کر گزرنے کو ہمہ وقت تیار رہتے ہیں مگر قیمت چکاتے وقت انہیں نظریات اور اصول یاد آنے لگتے ہیں‘ یعنی وصولی سیاست کے راستے اقتدار میں آنے والوں کو بازی ہاتھ سے نکلتی نظر آئے تو اصولی سیاست کا بخار چڑھ جاتا ہے‘ جیسے مہنگے ترین ریسٹورنٹس میں زبان کے چسکے پورے کرنے کا شوق ہو تو کھانے کا آرڈر جیب دیکھ کر دیا جاتا ہے‘ عین اسی طرح سیاست میں بھی اپنی بساط اور گنجائش دیکھ کر ہی آسانی و فراوانی کا سودا کرنا چاہیے۔
ایک مشہور انگریزی مقولہ پیش خدمت ہے: There's no such thing as a free lunch۔ پیپلز پارٹی آج جوابی تعاون کے مطالبے پر لنچ کا بل ادا کرنے کے بجائے کھانے میں کیڑے اور نقص نکال رہی ہے حالانکہ حکمرانی کی میز پر سٹارٹر سے لے کر سوپ اور رنگ برنگی سلادوں سمیت مرغوب پکوانوں کے علاوہ ڈھیروں سویٹ ڈشز کے ساتھ ہاضمے کے لیے قہوے بھی نوش فرما چکے ہیں۔ مگر اب حالیہ جوشِ خطابت دیکھ کر لگتا ہے کہ ڈکار کہیں پھنس گیا ہے۔ اس صورتحال پر برادرم شعیب بن عزیز ایک شعر یاد آرہا ہے:
خبر ہم کو بھی تھی مرنا پڑے گا عشق میں لیکن
ہمیں اس نے توقع سے زیادہ مار ڈالا ہے
گویا یہ عشق نہیں آساں۔ مزید وضاحت کے لیے یوں بھی کہا جاسکتا ہے کہ کتھے آ پھسے آں۔ بسیار خوری کی عادت پکی ہو جائے تو نظامِ انہضام کمزور پڑنے کے علاوہ ڈکار بھی پھنسنے لگتا ہے۔ ایسے میں کبھی پھکی‘ کبھی گولی تو کبھی انجکشن کی ضرورت پیش آجاتی ہے۔ اس بار معاملہ ٹوٹکوں سے نکل کر ڈاکٹر تک جاپہنچا ہے۔ عین ممکن ہے معدے کا سائز چھوٹا کرنے سے لے کر اضافی چربی سمیت دیگر ضروری سرجری بھی کرنا پڑے۔ ویسے آنکھوں پر چڑھی چربی اُتارنے کا کوئی حربہ کارگر ہو جائے تو لمبے اور تکلیف دہ جراحی عمل سے بچا بھی جا سکتا ہے۔
اقتدار اور وسائل کے بٹوارے کے پرچے آؤٹ کرنے کے علاوہ 1947ء سے جاری سبھی بدعتوں سمیت زندان سے ایوان اور ایوان سے زندان کی جادوگری پر بھی سوال اٹھا ڈالا۔ بند کمروں کے راز و نیاز سے لے کر مولانا فضل الرحمن اور عمران خان کی ناقابلِ تردید اہمیت باور کرواتے ہوئے وزیراعظم کو بھی ان کی بے بسی کا احساس دِلا ڈالا ہے۔ جہاں وزیر داخلہ کو آڑے ہاتھوں لیا وہاں کراچی کی سڑکوں پر خون بہنے کی دھمکیاں بھی دے ڈالی ہیں۔ نصف درجن سے زائد آئینی عہدوں پر براجمان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے سسٹم کے ساتھ ساتھ حکومت کے وجود اور جواز پر بھی سوالات اٹھائے ہیں مگر حکومت سے علیحدگی کا کوئی عندیہ نہیں دیا۔ ٹاک شوز سے لے کر سوشل میڈیا تک پر بلاول بھٹو زرداری کی گفتگو پر خوب دانشوری جھاڑی جا رہی ہے اور دور کی کوڑیاں بھی لائی جارہی ہیں لیکن ان تلوں سے تیل نکلتا دکھائی نہیں دیتا کیونکہ دیوار سے لگے آدمی کے پاس دو ہی آپشن ہوتے ہیں؛ پہلا آپشن سرنڈر ہے جبکہ دوسرا آخری بھرپور مزاحمت۔ تاریخ میں زندہ حوالہ بننے کے لیے آخری آپشن استعمال کر لینے میں بھی کوئی حرج نہیں۔ بغیر لڑے ہتھیار ڈالنے کا الزام سر لینے سے کہیں بہتر ہے کہ فیس سیونگ کے لیے گفتار کا غازی بن کر کوئی حجت ضرور کر لینی چاہیے۔ ماضی قریب اور بعید میں ایسی حجتیں سبھی کرتے چلے آئے ہیں۔
نوازشریف عدالتی فیصلے کے نتیجے میں نااہل ہو کر اقتدار سے نکلے تو پوچھتے پھرتے تھے کہ مجھے کیوں نکالا؟ نکالنے والوں کی کردار کشی سے لے کر ہرزہ سرائی تک سبھی حدیں پار کر گئے۔ اسی طرح آصف علی زرداری اینٹ سے اینٹ بجانے کی دھمکی دے کر بیرونِ ملک جابیٹھے‘ بمشکل معاملہ رفع دفع ہوا اور معافی تلافی کے بعد وطن واپسی نصیب ہوئی۔ اسی طرح عمران خان بھی اپنے اقتدار کے آخری ایام میں اینٹی اسٹیبلشمنٹ لائن لے کر جوش میں ہوش گنوا بیٹھے۔ اداروں کے وقار کے منافی جملوں سمیت مقتدر شخصیات کے بارے ہتک آمیز بیانیے جاری کرنا معمول بنا ڈالا تھا۔ اب بلاول بھٹو اپنے تئیں طبلِ جنگ تو بجا بیٹھے ہیں لیکن جنگ کی تیاری کے آثار اور امکانات دکھائی نہیں دے رہے۔ صدارت اور چیئرمین سینیٹ سمیت صوبائی گورننس اور دیگر آئینی عہدوں کے تسلسل کے ساتھ یہ طبلِ جنگ بس رنگ میں بھنگ ڈالنے کے سوا کچھ نہیں۔ بیساکھیوں کے سہارے اقتدار میں آنے والے گزرتے وقت کے ساتھ سبھی ترلوں‘ منتوں اور خوشامدوں سمیت قسموں‘ وعدوں اور ان سبھی یقین دہانیوں کو کیسے فراموش کرتے چلے جاتے ہیں جن کے نتیجے میں انہیں اقتدار کے سنگھاسن پر بوجوہ بٹھایا جاتا ہے۔ تحریک انصاف سمیت پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ(ن) کے سبھی ادوار ہوں یا موجودہ حکومتی اتحاد‘ سب کے بارے میں سبھی جانتے ہیں۔ سیاست کی جادونگری میں زندان سے ایوان اور ایوان سے زندان کا سفر چٹکیوں میں طے ہوتا چلا آیا ہے۔ زندان سے ایوان میں آنے کے بعد افتادِ طبع کا آسیب اس طرح جکڑ لیتا ہے کہ اقتدار کی کرسی سر کو چڑھ جاتی ہے۔
پنجاب میں بھی کہیں لگے لپٹے الفاظ میں تو کہیں کھلے عام تنقید کے نشتر برسائے جا رہے ہیں اور کہیں لتے لیے جا رہے ہیں۔ اتحادیوں کو للکارنے سے لے کر قانونی چارہ جوئی کا محاذ بھی کھول ڈالا ہے۔ جہاز کی خریداری پر حکومتی وزیروں اور مشیروں کے دفاعی بیانیے حکومت کے لیے مزید جوابدہی کے ساتھ سبکی کا باعث بھی بنتے رہے‘ نتیجتاً سبھی عذر‘ جواز اور حیلے بہانے بے سود ثابت ہونے کے بعد جہاز اب پاک فضائیہ کے حوالے کرنا پڑا۔ دوسری طرف سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان کا طرزِ سیاست جہاں زیر بحث آتا چلا جا رہا ہے وہاں نمبر گیم بھی زیرِ بحث ہے۔ وزیراعلیٰ کی سپیکر سے ملاقات‘ پرویز رشید کی موجودگی میں ایوانِ وزیراعلیٰ کے کھلے لان میں ہو چکی ہے۔ شرکا کے چہروں کے تاثرات سے لے کرباڈی لینگوئج تک ڈی کوڈ کرنے کی میراتھن جاری ہے۔ من پسند تبصروں سے لے کر خواہشات پر مبنی تجزیے اور دانشوری خوب جاری ہے۔ سوشل میڈیا پر ریٹنگ کی دوڑ میں اَنتھک بھاگنے والے قسطوں میںاندرونی کہانی جاری کر رہے ہیں۔ دوسری جانب نئے صوبوں کا منصوبہ تیزی سے مراحل طے کرتا ہوا ان سبھی کے ہاتھوں سے نکلتا چلا جا رہا ہے۔ یارانِ باخبر کے مطابق ہنرمندانِ ریاست و سیاست صوبوں کی تقسیم کا فیصلہ کر چکے ہیں۔ راج واڑوں کے ٹوٹنے کا دھڑکا سبھی سیاسی خانوادوں کا سکون برباد کیے ہوئے ہے۔ کوئی اپنے مستقبل کو لے کر پریشان ہے تو کوئی حال سے شاکی ہے لیکن ایک بات طے ہے کہ منظرنامہ اختتامی ایام کی خبر دے رہا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments