امریکی مڈ ٹرم الیکشن کے نتائج نے پوری دنیا کو ایک ایسا پیغام دیا ہے جسے صرف ووٹوں کی گنتی سے نہیں بلکہ تاریخ کے آئینے میں دیکھنا چاہیے۔ یہ الیکشن ڈیموکریٹس اور ریپبلکنز کے درمیان نشستوں کی کشمکش نہیں تھا‘ یہ امریکی ضمیر کی بیداری کا اعلان تھا۔ یہ اُس قوم کے اجتماعی شعور کا فیصلہ تھا جو برسوں سے جنگوں‘ دھمکیوں‘ پابندیوں اور عالمی محاذ آرائی کے بوجھ تلے دبی ہوئی تھی اور اب اس نے اپنے ووٹ کی طاقت سے یہ کہہ دیا کہ بس بہت ہو چکا‘ اب ہم امن چاہتے ہیں‘ اب ہم اپنی معیشت مضبوط بنانا چاہتے ہیں‘ اب ہم اپنے بچوں کا بہتر مستقبل چاہتے ہیں۔اب دنیا کو فتح کرنے کا خبط نہیں‘ ہم دنیا کے ساتھ جینے کا سلیقہ چاہتے ہیں۔ مڈ ٹرم الیکشن میں ریپبلکن پارٹی کی ہار دراصل امریکہ کی جیت ہے۔ ریپبلکن پارٹی کی شکست دراصل ایک ایسی پالیسی کی شکست ہے جو طاقت کو دلیل‘ دھمکی کو سفارتکاری اور جنگ کو سیاست سمجھتی تھی۔ امن کی یہ جیت دراصل جمہوری سوچ کی جیت ہے‘ عوام کی جیت ہے‘ امریکی آئین کی جیت ہے‘ اس کے ان اداروں کی جیت ہے جنہیں بار بار کمزور کرنے کی کوشش کی گئی مگر وہ اپنی جڑوں پر قائم رہے۔ یہ جیت اس لیے بھی اہم ہے کہ یہ کسی بیرونی دباؤ‘ کسی سازش سے نہیں بلکہ خود امریکی عوام کے اپنے فیصلے سے حاصل ہوئی ہے جنہوں نے پولنگ سٹیشنوں پر جا کر ثابت کر دیا کہ امریکہ ابھی زندہ ہے‘ اس کا ضمیر ابھی سویا نہیں‘ اس کی جمہوریت ابھی تھکی نہیں۔ جب قوم جاگ جائے تو کوئی طاقت‘ کوئی پروپیگنڈا‘ کوئی خوف اس کے فیصلے کو بدل نہیں سکتا۔ یہی وہ لمحہ تھا جب دنیا نے دیکھا کہ امریکی عوام نے اپنی تاریخ کے ایک نازک موڑ پر دانشمندی کا ثبوت دیا اور دنیا کو یہ پیغام دیا کہ امریکہ کا اصل چہرہ وہ نہیں جو ٹیلی ویژن کی سکرینوں پر غصے‘ نفرت اور جارحیت کی صورت میں دکھایا جاتا رہا بلکہ امریکہ کا اصل چہرہ وہ ہے جو امن‘ رواداری‘ برداشت اور انسانیت پر یقین رکھتا ہے۔ جب دنیا کی سب سے بڑی طاقت کے عوام امن کا انتخاب کرتے ہیں تو اس کا اثر صرف واشنگٹن تک محدود نہیں رہتا بلکہ اس کی گونج بغداد سے کابل‘ غزہ سے یوکرین اور تائیوان سے خلیج تک ہر اس خطے میں سنائی دیتی ہے جو جنگ کے سائے میں جی رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ امریکی مڈ ٹرم الیکشن کو صرف امریکی سیاست ہی نہیں بلکہ عالمی امن کیلئے ایک ریفرنڈم سمجھا جا رہا تھا۔
ڈیموکریٹس کی واضح برتری کو اگر ہم سیاسی اعداد و شمار کی روشنی میں دیکھیں گے تو ہم اس کے اصل معنوں کو سمجھنے سے محروم رہ جائیں گے۔ یہ برتری دراصل امریکی عوام کی جانب سے اس جنگی جنون سے نفرت کا اظہار ہے جو گزشتہ چند برسوں میں امریکی سیاست کا غالب رنگ بن گیا تھا۔ وہ جنون جس نے امریکی نوجوانوں کو بیرونِ ملک محاذوں پر جھونکنے کی بات کی‘ جس نے دفاعی بجٹ کو عوامی فلاح کے بجٹ پر فوقیت دی‘ جس نے ہر بین الاقوامی مسئلے کا حل صرف بمباری‘ ناکہ بندی اور فوجی دباؤ میں تلاش کیا۔ جس نے دنیا کے ہر ملک کو دوست یا دشمن کے خانے میں بانٹ دیا اور سفارتکاری کی باریک اور نازک زبان کو بھلا دیا۔ امریکی عوام نے اس جنون کو مسترد کر دیا ہے‘ انہوں نے یہ باور کرایا ہے کہ ہمیں ایسا امریکہ نہیں چاہیے جو ہر وقت جنگ پر آمادہ ہو۔ ہمیں ایسا امریکہ چاہیے جو بہتر تعلیم اور بہتر طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے تیار ہو‘ جو روزگار فراہم کرنے کیلئے تیار ہو‘ جو ماحول کے تحفظ کیلئے تیار ہو۔ امریکی عوام نے یہ واضح پیغام دیا کہ ہمیں وہ قیادت نہیں چاہیے جو ہمیں ہر روز کسی نئے دشمن سے ڈرائے بلکہ ہمیں وہ قیادت چاہیے جو ہر روز کسی نئے خواب سے روشناس کرائے۔ یہی نفرت ووٹ کی قوت میں ڈھل کر سامنے آئی۔ یہ نفرت کسی ایک جماعت سے نہیں اس سوچ سے ہے جو جنگ کو کاروبار سمجھتی ہے‘ جو اسلحہ ساز کمپنیوں کے مفاد کو قومی مفاد کا نام دیتی ہے‘ جو میڈیا پر جنگی ماحول بنا کر عوام کے ذہنوں کو یرغمال بناتی ہے‘ اور پھر انہی عوام کے ٹیکسوں سے جنگوں کا ایندھن خریدا جاتا ہے۔ امریکی عوام نے اب اس چکر کو پہچان لیا ہے‘ انہوں نے دیکھ لیا ہے کہ جنگیں ان کے گھروں کو محفوظ نہیں بناتیں بلکہ ان کے گھروں کو مہنگائی‘ بیروزگاری اور بے چینی کی آگ میں جھونک دیتی ہیں۔ انہوں نے دیکھ لیا ہے کہ جب واشنگٹن جنگوں میں الجھا ہوتا ہے تو اوہائیو کے کسان‘ مشی گن کے مزدور‘ کیلیفورنیا کے طالب علم اور ٹیکساس کے چھوٹے کاروباری سب پیچھے رہ جاتے ہیں۔ اس لیے اس بار کا ووٹ دراصل ایک احتجاج کا اظہار تھا‘ ایک پُرامن انقلاب تھا‘ ایک خاموش مگر فیصلہ کن بغاوت! جس میں عوام نے بندوق کے بجائے بیلٹ پیپر سے جنگی جنون کو شکست دی۔ امریکی عوام نے بتا دیا کہ وہ اب جنگ نہیں بلکہ ایک پُرامن اور خوشحال زندگی چاہتے ہیں۔مڈٹرم امریکی الیکشن کا ایک اہم پہلو یہ ہے کہ اس نے امریکی جمہوریت کی گہرائی اور پختگی کو ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کیونکہ ایک ایسے وقت میں جب دنیا بھر میں جمہوریت کے زوال‘ میڈیا کے دباؤ‘ جھوٹی خبروں اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے رائے عامہ کو گمراہ کرنے کی باتیں ہو رہی تھیں‘ امریکی عوام نے دکھا دیا کہ ووٹ کی طاقت آج بھی سب سے بڑی طاقت ہے۔ کوئی بھی حکمران‘ چاہے وہ کتنا ہی مقبول کیوں نہ ہو‘ کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو عوام کی مرضی کے بغیر زیادہ دیر قائم نہیں رہ سکتا۔ یہی جمہوریت کا اصل حسن ہے کہ اس میں شکست بھی عزت کے ساتھ قبول کی جاتی ہے اور جیت بھی عاجزی کے ساتھ منائی جاتی ہے۔
اس الیکشن میں نوجوانوں‘ خواتین‘ اقلیتوں‘ مزدوروں‘ اساتذہ‘ ڈاکٹروں‘ کسانوں‘ سب نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور یہ ثابت کر دیا کہ امریکہ کا مستقبل کسی ایک شخص کے ہاتھ میں نہیں بلکہ پوری قوم کے ہاتھ میں ہے۔ جب قوم اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرتی ہے تو وہ فیصلہ ہمیشہ درست ہوتا ہے‘ اس لیے اس نتیجے کو کسی جماعت کی شکست و فتح سے زیادہ جمہوریت کی فتح سمجھنا چاہیے کیونکہ جمہوریت ہی وہ نظام ہے جو غلطی کی اصلاح کا موقع دیتا ہے‘ جو حکمران کو آئینہ دکھاتا ہے‘ جو عوام کو یہ حق دیتا ہے کہ وہ اپنے حکمرانوں سے پوچھیں کہ تم نے ہمارے ٹیکس کا پیسہ کہاں خرچ کیا‘ ہمارے بچوں کے مستقبل کے ساتھ کیا کیا‘ دنیا میں ہمارے ملک کا نام روشن کیا یا رسوا کیا؟ اس بار امریکی عوام نے یہ سوال پوچھا ہے اور اس کا جواب بھی اپنے ووٹ سے دیا ہے۔ یہ جواب اتنا واضح ہے کہ اب واشنگٹن کے ایوانوں میں بیٹھے ہر سیاستدان کو اسے سننا پڑے گا کیونکہ عوام کی آواز کو زیادہ دیر تک دبایا نہیں جا سکتا‘ اور جب عوام بولتے ہیں تو تاریخ بھی خاموشی سے ان کا فیصلہ سنتی ہے۔ اس بار تاریخ نے بھی سنا ہے کہ امریکہ نے امن کو چنا ہے‘ انسانیت کو چنا ہے‘ دانش مندی کو چنا ہے۔
ریپبلکن انتظامیہ کی بین الاقوامی سطح پر جاری جارحانہ خارجہ پالیسی کے خلاف یہ عدم اعتماد کا ووٹ کوئی معمولی واقعہ نہیں بلکہ اس عالمی پالیسی کے خلاف ایک کھلا ریفرنڈم ہے جس نے امریکہ کو دنیا میں تنہا کر دیا تھا‘ جس نے اتحادیوں کو ناراض‘ حریفوں کو مشتعل اور غیر جانبدار ملکوں کو خوف میں مبتلا کر دیا تھا۔ٹرمپ کا ہارنا اور امریکی عوام کا جیتنا ہمیں یہ سبق دیتا ہے کہ طاقت سے بڑی چیز عوامی رائے ہے‘ خوف سے بڑی چیز امید ہے‘ اور جنگ سے بڑی چیز امن ہے۔ جو قوم اس سبق کو سمجھ جائے وہ کبھی ہارتی نہیں‘ وہ ہمیشہ جیتتی ہے۔ اس بار امریکی قوم نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ ہارنے والی نہیں‘ جیتنے والی قوم ہے۔ اس کی جیت دراصل پوری انسانیت کی جیت ہے‘ جنگی جنون کے خلاف امن کی جیت پر ہمیں بھی مبارکباد دینی چاہیے کیونکہ جب کسی ایک ملک‘ کسی ایک خطے میں امن جیتتا ہے تو باقی دنیا کو بھی جیتنے اور جینے کا حوصلہ ملتا ہے۔ دنیا کو اسی حوصلے کی جتنی زیادہ ضرورت آج ہے اتنی پہلے شاید کبھی نہ تھی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments