"MMC" (space) message & send to 7575

تَحْسَبُہُمْ جَمِیْعًا وَّ قُلُوْبُہُمْ شَتّٰی!

اتحاد واشتراک کبھی تو دل وجان سے ہوتا ہے‘ کبھی مشترکہ مقاصد کیلئے ہوتا ہے اور کبھی مفادات پر مبنی ہوتا ہے۔ سو ہمارے حکومتی نظام میں بھی اشتراک مفاداتی ہے‘ ہر شریکِ اقتدار کی کوشش ہوتی ہے کہ خوانِ اقتدار سے اپنے استحقاق سے زیادہ حصہ وصول کرے‘ مگر حکومتی نظام کی ناکامیوں کی ملامت کوئی اپنے سر لینے کو تیار نہیں ہوتا۔ اللہ تعالیٰ نے مدینہ کے منافقین اور یہود کی بابت فرمایا: ''اُن کی آپس میں لڑائی سخت ہے‘ (مسلمانوں کی عداوت میں) تم اُنہیں متحد سمجھو گے‘ حالانکہ (آپس میں) اُن کے دل بٹے ہوئے ہیں‘‘ (الحشر: 14)۔ وفاقی وزیر چودھری سالک حسین اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بیانات سے پوری تصویر آپ کی نظروں میں آ سکتی ہے۔ یہ الگ بات ہے کہ چودھری سالک حسین کو تو تُرکی بہ تُرکی جواب دے دیا گیا ہے‘ لیکن وزیر داخلہ کے ساتھ کوئی چھیڑ چھاڑ نہیں کرتا‘ کیونکہ اُن کا کھونٹا مضبوط ہے۔ ہمارا نظامِ حکومت ہائبرڈ ہے‘ ہائبرڈ مخلوط النسل کو کہتے ہیں‘ یعنی اس میں پارلیمنٹ‘ وزیراعظم‘ کابینہ اور ریاستی مفادات کے حقیقی محافظ مِل جُل کر نظام کو چلا رہے ہیں۔ معروف کالم نگار جناب سہیل وڑائچ وقتاً فوقتاً لکھتے رہتے ہیں کہ مقتدرہ کو سیاسی حکمرانوں سے شکایت ہے کہ وہ بیانیہ نہیں بنا پا رہے یا اُن کا مؤثر دفاع نہیں کر پا رہے۔ وزیراعظم شہباز شریف ایسا سمندر ہیں کہ اُس کی لہروں میں ارتعاش نہیں ہے‘ وہ سرکاری پروگراموں میں بحیثیتِ وزیراعظم یا مہمانِ خصوصی رسمی خطابات تو کرتے رہتے ہیں‘ لیکن پالیسی بیان کم ہی دیتے ہیں۔ وہ پلِ صراط پر چل رہے ہیں‘ اُن کے پاس اپنی جماعت کے بل پر سادہ اکثریت بھی نہیں ہے‘ لہٰذا انہیں اپنے ایسے حلیفوں کو بھی ساتھ لے کر چلنا ہوتا ہے جو باہم متصادم ہیں۔ حلیف تو وقتاً فوقتاً بولتے ہیں‘ گرجتے ہیں‘ اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہیں‘ مگر وزیراعظم کی کیفیت کو علامہ اقبال نے ان الفاظ میں بیان کر دیا ہے: نہیں منّت کشِ تابِ شنیدن داستاں میری ؍ خموشی گفتگو ہے‘ بے زبانی ہے زباں میری ٭یہ دستورِ زباں بندی ہے کیسا تیری محفل میں؍ یہاں تو بات کرنے کو ترستی ہے زباں میری
حفیظ جالندھری نے کہا ہے:
ارادے باندھتا ہوں‘ سوچتا ہوں‘ توڑ دیتا ہوں
کہیں ایسا نہ ہو جائے‘ کہیں ویسا نہ ہو جائے
رازدان راز نے کہا ہے:
بات کب عشق کی ہونٹوں سے بیاں ہوتی ہے
عشق ہوتا ہے تو آنکھوں میں زباں ہوتی ہے
وزیراعظم تو ایسا گہرا سمندر ہیں کہ نظروں سے بھی اپنا مدّعا بیان نہیں کرتے‘ جذبات کو پی جاتے ہیں‘ پس انہی کے دم سے یہ نظام چل رہا ہے۔ بظاہر نظر تو یہی آ رہا ہے کہ وفاقی کابینہ کے ارکان بھی یکسو نہیں ہیں‘ ہر ایک کی اپنی ترجیحات اور قبلۂ عقیدت ہے اور پالیسی بیان وزیراعظم کے بجائے وزیرِ داخلہ جاری کرتے ہیں۔ وہ بظاہر کم گو ہیں‘ مغلوب الغضب نظر نہیں آتے‘ جذبات کو قابو میں رکھتے ہیں‘ لیکن وقتاً فوقتاً مقتدرہ کا پیغام پہنچاتے رہتے ہیں۔ وہ 'صاحبِ کرامات‘ ہیں۔ یہ کرامات سیاسی‘ اعتمادی اور تخویفی (Threatening)‘ الغرض ہمہ جہت ہیں۔ اس طرح وہ سوشل میڈیا کی ماند پڑتی ہوئی مسندوں کو رونقیں عطا کر دیتے ہیں۔ ہفتوں اُن کا کام چل جاتا ہے‘ کہیں خبریں‘ کہیں اِنذار‘ کہیں تبشیر اور کہیں تجزیے؛ الغرض بارہ مسالے کی چاٹ تیار ہو جاتی ہے۔ منطق میں تو اجتماعِ ضِدَّین یا نقیضَین مُحال ہے‘ لیکن وزیر داخلہ یہ کرامت بھی دکھا سکتے ہیں کہ ایک طرف وہ مُقتدرِ وقت کے محبوب اور معتَمد ہیں اور دوسری طرف صدر آصف علی زرداری کے روحانی اور معنوی فرزندِ دلبند ہیں‘ حالانکہ بعض اوقات دونوں کے موقفوں میں بُعد المشرقین ہوتا ہے۔ ہمارے میدانِ سیاست کے کھلاڑیوں کاعمومی مزاج اس شعر میں بیان ہوا ہے: ہر قوم راست راہے‘ دِینے و قبلہ گاہے ؍ من قبلہ راست کردم‘ بر سمت کج کلاہے
مفہومی ترجمہ: 'ہر قوم کا ایک راہِ عمل اور ایک قبلۂ عقیدت ہوتا ہے‘ میں نے سب سے یکسو ہوکر اپنا رُخِ عقیدت 'کج کُلاہ‘ کی طرف کر دیا ہے‘۔ کج کُلاہ کے لفظی معنی ہیں: ٹیڑھی ٹوپی والا‘ یہ 'بادشاہوں کا لقب‘ بھی ہوتا تھا‘ پس عقیدت مندانِ اقتدار وفا اور جفا کے چکر میں پڑے بغیر 'کرسیِ اقتدار‘ کے گرد طواف ہی کو اپنے مفاد میں سمجھتے ہیں۔ اس طرح ابتلائوں سے بھی بچے رہتے ہیں اور نوازشات سے بھی فیض یاب ہوتے رہتے ہیں۔
چنانچہ چودھری سالک حسین کے بیان پر وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا: ''لگتا ہے اقتدار کے خواہشمند اگلے ممکنہ نظام میں اپنے لیے گنجائش پیدا کر رہے ہیں۔ اچانک پنجاب اسمبلی کے سپیکر جنابِ ملک محمد احمد خان بھی بول پڑے ہیں۔ انہوں نے کہا: ''اگر عوام نئے صوبوں کا قیام چاہتے ہیں تو نئے صوبے بننے چاہئیں اور اس سلسلے میں ریفرنڈم کا بنیادی مقصد عوام کی رائے معلوم کرنا ہے۔ اصل 'مختارِ کُل‘ عوام ہیں اور جب وہ خود فیصلہ دے دیں گے تو عوامی نمائندوں کی کوئی اہمیت نہیں رہے گی‘‘۔ اُن کے انگریزی الفاظ ہیں: Doesn't Matter۔ اگر پارلیمنٹ کے ارکان یا سیاسی جماعتوں میں اتفاقِ رائے نہ ہو تو مقتدرہ کے پاس 26ویں آئینی ترمیم کے تحت قائم کردہ 'آئینی عدالت‘ کی صورت میں حلِّ مشکلات کا ایک نظام موجود ہے۔ اس سے اُن کی دور اندیشی کا بھی اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
2002ء میں ایک ڈائیلاگ پروگرام میں ہم امریکہ میں تھے۔ ہارورڈ یونیورسٹی میں سینیٹر گیری ہارٹ نے لیکچر دیا اور کہا: 'ریپبلک‘ کے معنی یہ ہیںکہ عوام خود بولیں اور 'ڈیموکریسی‘ کے معنی ہیںکہ عوام اپنے نمائندوں کے ذریعے بولیں۔ سو ہم 'ریپبلکن ڈیموکریٹ‘ ہیں؛ یعنی صدر کے انتخابات میں عوام براہِ راست اپنی رائے دیتے ہیں اور کانگریس کے دونوں ایوانوں (ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ کے ارکان) کا انتخاب بھی براہِ راست کرتے ہیں‘ لیکن پھر یہ نمائندے عوام کے ترجمان بن کر فیصلے کرتے ہیں۔ نوٹ: سینیٹر گیری ہارٹ 1988ء میں امریکہ کے انتخابات میں صدارتی امیدوار تھے اوران کی پوزیشن بھی کافی بہتر تھی‘ لیکن پھر معاشقے کے الزام کے نتیجے میں انہیں مقابلے سے دستبردار ہونا پڑا۔ اگر آخرِکار سیاسی جماعتوں کے سربراہوں اور پارلیمنٹ سے ہی رجوع کرنا ہے‘ تو کیا یہ بہتر نہ ہوتا کہ معاملے کو عوام کے درمیان لانے اور قومی انتشار کا تاثر پیدا کرنے کے بجائے پسِ پردہ اتفاقِ رائے یا اجماع حاصل کرنے کی کوشش کی جاتی۔ صدر آصف علی زرداری نے اٹھارہویں ترمیم کیلئے جو آئینی کمیٹی بنائی تھی‘ وہ دس ماہ سے زیادہ پسِ پردہ اجلاس کرتی رہی‘ اُس کے ارکان سے حلف لیا گیا تھا کہ اجلاسوں کی کارروائی کو باہر مُشتَہر نہیں کیا جائے گا اور آخرکار وہ ترمیم اتفاقِ رائے سے تیار ہو گئی اور پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں ایک ہی دن میںآئین میں ایک سو ایک ترامیم منظور ہو گئیں۔ تو کیا یہ ممکن نہیں ہے کہ ہماری مقتدرہ صدر آصف علی زرداری کی اس دانش سے کام لے اور ترغیب وترہیب کے جوحربے استعمال کیے جا رہے ہیں‘ انہیں پسِ پردہ استعمال کر کے اتفاقِ رائے کی کوئی صورت پیدا کرے۔ نیز اٹھارہویں ترمیم میں وفاق اور صوبوں کے درمیان این ایف سی ایوارڈکے ذریعے مالی وسائل کی تقسیم میں جو عدمِ توازن سمجھا جا رہا ہے‘ نظام میں ہلچل پیدا کرنے کے بجائے اُس میں اتفاقِ رائے سے توازن پیدا کیا جائے۔ یہ توازن ففٹی ففٹی بھی ہو سکتا ہے۔ اس کا فائدہ یہ ہوگا کہ آئے دن ملک میں جو غیر یقینی صورتِ حال پیدا ہو جاتی ہے‘ اُس سے بچا جا سکتا ہے‘ کیونکہ ملک کو ایسے استحکام کی شدید ضرورت ہے کہ جو نظر بھی آئے اور حقیقتاً نظام کی مختلف سطحوں میں موجود بھی ہو۔ ہمارے گرد وپیش کے حالات اور موجودہ عالمی تناظر بھی اسی کا متقاضی ہے۔ آج ہم چاروں طرف سے جن مشکلات میں گھرے ہوئے ہیں‘ ایسی صورتِ حال پہلے کبھی نہ تھی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...