"MMC" (space) message & send to 7575

چل بھاگ! ورنہ آدمی کی موت مارا جائے گا

اسلام میں انسانی جان کی بڑی اہمیت ہے۔ قرآنِ کریم میں آدمؑ کے پہلے مقتول مظلوم بیٹے ہابیل کے قتل کا پس منظر بیان کرنے کے بعد فرمایا: ''اسی سبب ہم نے بنی اسرائیل پر لکھ دیا کہ جس نے قصاص یا فساد فی الارض (کے جرم) کے بغیر کسی (بے قصور) انسانی جان کو قتل کیا تو گویا اس نے تمام انسانوں کو قتل کیا اور جس نے کسی ایک انسانی جان کو بچایا تو گویا اُس نے پوری انسانیت کو بچایا‘‘ (المائدہ: 32)۔ 'حفظِ جان‘ انسانیت کا اجتماعی حق ہے‘ اس لیے جس نے کسی ایک بے قصور انسان کو قتل کیا تو گویا اس نے پوری انسانیت کے اجتماعی حق کو پامال کر دیا۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ''عقلمندو! تمہارے لیے قصاص میں حیات ہے‘‘ (البقرہ: 179)۔ ظاہری صورت میں قصاص بھی قتل اور جان کا تلف کرنا ہے مگر قرآنِ کریم نے اسے 'حیات‘ سے اس لیے تعبیر فرمایا کہ جب قاتلوں پر قانونِ قصاص بے لاگ نافذ ہوگا اور مظلوم مقتولین کو انصاف ملے گا تو کوئی قتلِ ناحق کرنے سے پہلے سو بار سوچے گا۔
رسول اللہﷺ نے حجۃ الوداع کے موقع پر فرمایا تھا: 'بیشک تمہاری جانوں‘ مالوں اور آبروئوں کو ایک دوسرے پر وہی حرمت حاصل ہے جو یومِ عرفہ‘ ماہِ ذوالحجہ اور شہرِ مکہ کو حاصل ہے‘‘ (مسلم: 1218)۔ نیز فرمایا: 'ایک مسلمان کی جان‘ مال‘ آبرو الغرض سب کچھ دوسرے مسلمان پر حرام ہے‘‘ (مسلم: 2564)۔ روایت میں ہے: ''عبداللہ بن عمرؓ نے بیت اللہ پر نظر ڈالی اور کہا: تیری شان کتنی بڑی اور تیری حرمت کتنی عظیم ہے‘ لیکن اللہ کے نزدیک (بے قصور) مومن کی جان کی حرمت تجھ سے بھی زیادہ ہے‘‘ (ترمذی: 2032)۔ حدیث پاک میں ہے: 'جس نے اسلام میں کسی اچھے کام کی بنیاد ڈالی‘ پھر اُس کے بعد دوسروں نے اس پر عمل کیا تو اُس بنیاد ڈالنے والے کے نامۂ اعمال میں ہر عامل کے برابر اجر لکھا جائے گا‘ جبکہ اُن عاملین کے اجر میں کوئی کمی نہیں کی جائے گی اور جس نے اسلام میں کسی برے کام کی بنیاد ڈالی اور اُس کے بعد دوسروں نے اُس پر عمل کیا تو اُس بنیاد ڈالنے والے کے نامۂ اعمال میں ہر عامل کے برابر گناہ لکھا جائے گا‘ جبکہ اُن عاملین کے گناہ میں کوئی کمی نہیں کی جائے گی‘‘ (مسلم: 1017)۔ اسی تناظر میں رسول اللہﷺ کا ارشاد ہے: 'بنی آدم میں جب بھی کسی بے قصور شخص کو ظلماً قتل کیا جائے گا تو آدم علیہ السلام کے پہلے بیٹے (قابیل) کے کھاتے میں اُس قتلِ ناحق کا گناہ لکھا جائے گا‘ کیونکہ وہ پہلا شخص ہے جس نے قتلِ ناحق کی بنیاد ڈالی‘‘ (بخاری: 3335)۔
اکیسویں صدی میں ہمارے وطنِ عزیز میں قتلِ ناحق‘ ڈکیتی اور جبری آبرو ریزی کے واقعات اس قدر کثرت کے ساتھ ہو رہے ہیں کہ یقین کرنا دشوار ہے۔ اس میں انتہائی متمول گھرانوں کی آوارہ اولاد بھی شامل ہے۔ رشتوں کی حرمتیں پامال ہو رہی ہیں‘ بیوی شوہر کے قتل کی منصوبہ بندی کرتی ہے اور شوہر بیوی کے قتل کا ذمہ دار قرار پاتا ہے۔ اولاد ماں باپ کو اور ماں باپ اولاد کو قتل کر رہے ہیں۔ گھریلو ملازم لڑکیوںکو انتہائی بیدردی سے قتل کیا جاتا ہے۔ ٹریفک حادثات تو روزانہ کا معمول ہیں۔ انسانی جان کی بے حرمتی کے اعتبار سے یہ شعر ہمارے حسبِ حال ہے : ایک کتے نے دوسرے کتے سے کہا؍ چل بھاگ! ورنہ آدمی کی موت مارا جائے گا
نو عمر بچوں اور بچیوں کو جنسی تسکین وتلذُّذ بلکہ اذیت رسانی کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے۔ امریکہ میں اپسٹین فائلز کے بارے میں جو واقعات رپورٹ ہو رہے ہیں‘ ہمارے ہاں یہ سب کچھ معمول بنتا جا رہا ہے۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ اَطفال کی جابرانہ آبرو ریزی اور اذیت پر مبنی جنسی تشدد شخصی جرم سے بڑھ کر کاروباری نوعیت اختیار کرتا جا رہا ہے۔ ٹریفک کے حادثات روزمرہ کا معمول بن چکے ہیں۔ پھول جیسے بچے سیوریج لائن کے کھلے گڑھوں میں گر کر نعمتِ حیات سے محروم ہو رہے ہیں۔ میڈیا قتل‘ ڈکیتی اور ظلم کی ان وارداتوں کواپنی سکرین کی زینت بناتا ہے لیکن تازہ واقعہ رونما ہونے پر ماضی کے واقعات کی بساط لپیٹ دی جاتی ہے اور وہ قصۂ پارینہ بن جاتے ہیں۔ ہمارا نظامِ عدل فرسودہ اور ازکار رفتہ ہے‘ اس لیے مجرم دندناتے پھر رہے ہیں۔ شعبۂ وکالت اپنی اصل کے اعتبار سے مظلوموں کو انصاف دلانے کیلئے تھا‘ مگر ناقابلِ تصور بھاری فیسوں کے عوض ظالموں‘ ڈکیتوں اور قاتلوں کا مددگار ہے۔ مروجہ نظامِ عدل کو 'عدل‘ کہنا لفظِ عدل کی معنویت کو بدلنے کے مترادف ہے۔ ہم نے کبھی بااثر قاتلوں‘ ڈکیتوں‘ ظالموں‘ منشیات فروشوں اور انواع واقسام کے مجرموں کو نشانِ عبرت بنتے نہیں دیکھا۔ حکمرانوںکی اولین ذمہ داری عوام کے جان ومال اور آبرو کا تحفظ ہے‘ وہ قیامت میں اللہ تعالیٰ کو کیا جواب دیں گے۔ حدیث پاک میں ہے: 'قیامت کے دن مقتول قاتل کو پکڑ کر لائے گا اور کہے گا: (اے اللہ!) اس سے پوچھیے‘ اس نے مجھے کیوں (ناحق) قتل کیا‘ تو وہ کہے گا: میں نے یہ قتل فلاں (حکمران )کے عہدِ اقتدار میں کیا ہے‘‘ (نسائی: 3998)۔
جب سے ہیومن ازم یعنی انسانیت پرستی کی مغربی قدروں کو ہمارے ہاں پذیرائی ملنا شروع ہوئی ہے‘ ہماری عفت‘ عصمت‘ حیا اور اخلاقیات کی ساری قدریں پسِ پشت ڈال دی گئی ہیں۔ ہیومن ازم کی روح یہی ہے کہ انسان اپنے خیر وشر کیلئے کسی الہامی ہدایت اور خدائی رہنمائی کا محتاج ہے نہ پابند‘ بلکہ وہ اپنی عقلِ اکثری یا کُلّی سے اپنے خیر وشر کا فیصلہ خود کر سکتا ہے۔ کراچی اور لاہور میں قوم کی بیٹیوں کا 'میرا جسم میری مرضی‘ کے پلے کارڈ لے کر چوک میں کھڑے ہونا اس بات کا واضح ثبوت ہے۔ پس انسان خود ہی عابد ہے اور خود ہی معبود‘ وہ کسی خالق ومالک اور احکم الحاکمین کے حضور جوابدہ نہیں ہے۔ تمام تر دینی‘ اخلاقی اور معاشرتی اقدار سے مادر پدر آزادی کو عقیدے کا درجہ دے دیا گیا ہے اور اس عقیدے کا عنوان بڑا دلکش ہے: 'آزادیِ اظہاراور آزادیِ پریس‘۔ کسی زمانے میں 'روزنامہ جاوِداں‘ لاہور کے مُدیر ظہور عالَم شہید مرحوم نے اپنے اخبار کی لوح پر لکھا تھا: 'سب کی خبر دیں گے اور سب کی خبر لیں گے‘۔ میڈیا میں رونق افروز افراد کو تو اب بھی اس امر کی کھلی اجازت ہے کہ سب کی خبر لیں اور سب کی خبر دیں‘ سب کو بے توقیر کریں‘ لیکن وہ خود کسی بھی اخلاقی معیار پر کسی کو جوابدہ نہیں ہیں۔ حکومتیں اُن سے مرعوب رہتی ہیں اور ہر وقت اپنی جان کی امان چاہتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اُن کیلئے تحدید وتوازن‘ جزا وسزا اور جوابدہی کا کوئی سریع العمل‘ مؤثر اور شفاف عدالتی نظام نہیں ہے۔
دہشت گردی کا عفریت الگ ملک کو اپنی لپیٹ میں لیے ہوئے ہے۔ ہمارے دو صوبے طویل عرصے سے دہشت گردی کا شکار ہیں۔ ان میں بی ایل اے‘ بی ایل ایف اور ٹی ٹی پی کے دہشت گرد سب شامل بھی ہیں۔ انہیں پڑوسی ممالک کی پشت پناہی بھی حاصل ہے۔ وہاں اُنہیں پناہ ملتی ہے‘ تربیتی کیمپ ہیں‘ وافر اسلحہ اور مالی وسائل بھی دستیاب ہیں۔ بھارت کا جاسوسی اور تربیتی نیٹ ورک بھی موجود ہے اور وہ پاکستان میں انتشار اور بے امنی پھیلانے کیلئے کثیر سرمایہ خرچ کر رہا ہے۔ ہمارے سلامتی کے ادارے دہشت گردی کے اس نیٹ ورک کو 'فتنہ الخوارج‘ اور 'فتنہ الہندوستان‘ سے تعبیر کرتے ہیں۔ بعض برادر مسلم ممالک کی طرف بھی اشارے کیے جاتے ہیں‘ لیکن سیاسی مصلحت اور حکمتِ عملی کے تحت ان کا نام نہیں لیا جاتا کہ کہیں جبینِ یار پہ شکن نہ آ جائے‘ کیونکہ ہماری مجبوریاں بھی بہت ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف ہماری سلامتی کے اداروں نے جتنی قربانیاں دی ہیں‘ شہادتیں پیش کی ہیں‘ جسمانی معذوریوں کے دکھ سہے ہیں‘ ماضیِ قریب میں اس کی مثال نہیں ملتی۔ بلوچستان میں پنجاب اور کے پی سے آنے والے بے قصور مزدوروں کو شناخت کرکے قتل کیا جاتا ہے اور لاشیں ملک کے مختلف حصوں میں بھیجی جاتی ہیں۔ اگرچہ ہمارے سلامتی کے ادارے اس فتنے کو کچلنے کیلئے بار بار اپنے پختہ عزم کا اظہار کرتے رہتے ہیں اور عمل سے بھی یہی ظاہر ہوتا ہے‘ لیکن حقیقت یہ ہے کہ یہ عفریت قابو میں نہیں آ رہا۔ اس جہاد میں پوری قوم کا دل وجان سے قومی دفاع اورسلامتی کے اداروں کے قدم بقدم اور شانہ بشانہ کھڑا ہونا قومی‘ ملی اور دینی فریضہ ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...