"MMC" (space) message & send to 7575

امتِ وسَط کی وحدت:شرعی مسلَّمات سے میثاقِ وحدت تک (سوم)

یہ تمام آثار اس حقیقت کو واضح کرتے ہیں کہ امت کی وحدت محض قرآن و سنت سے وابستگی کے مُجرَّد دعوے سے حاصل نہیں ہو سکتی‘ بلکہ اس کیلئے ان کے فہم وتشریح میں نبوی تعلیمات اور صحابہ کرامؓ کے منہج کو معیار بنانا بھی ضروری ہے۔ یہی وہ علمی و اعتقادی بنیاد ہے جو امت کو خود ساختہ تعبیرات‘ فکری انحرافات سے محفوظ رکھ سکتی ہے۔
(7) اتحادِ امت کا مطلب یہ نہیں کہ تمام مسلمان ہر علمی اور اجتہادی مسئلے میں ایک ہی رائے اختیار کر لیں‘ ایسا نہ عملاً ممکن ہے اور نہ شریعت نے اسے لازم قرار دیا ہے۔ ضروری امر یہ ہے کہ اختلاف کو علم‘ انصاف‘ تحمل‘ حسنِ اخلاق اور ادب کے دائرے میں رکھا جائے اور اصولوں سے انحراف نہ کیا جائے۔ اس حوالے سے چند گزارشات حسبِ ذیل ہیں: (الف) اختلاف کے حوالے سے پہلا اور بنیادی ادب یہ ہے کہ اپنے مخالف اہلِ علم کے بارے میں حسنِ ظن رکھا جائے اور کسی عالم یا مجتہد کے متعلق یہ بدگمانی نہ کی جائے کہ اُس نے جان بوجھ کر حق کو چھوڑ دیا‘ بلکہ اس کی علمی لغزش کو سمجھنے کی کوشش کی جائے اور حتی الامکان اس کیلئے عذر تلاش کیا جائے۔ نبیﷺ کا ارشاد ہے: (1) ''جب حاکم کسی فیصلے کیلئے اجتہاد کرے‘ پھر درست فیصلہ کرے تو اس کیلئے دو اجر ہیں اور جب اجتہاد کے باوجود اُس سے فیصلہ کرنے میں غلطی ہو جائے تو اُس کیلئے ایک اجر ہے‘‘۔ (2) ''بدگمانی سے بچو‘ کیونکہ بدگمانی سب سے بڑا جھوٹ ہے‘‘۔ شیخ ابن تیمیہ اس اُصول کی وضاحت کرتے ہوئے لکھتے ہیں: سلَف و خلَف میں سے کئی مجتہدین سے ایسی آرا اور اقوال صادر ہوئے جو حقیقت میں بدعت پر مشتمل تھے‘ لیکن اُنہیں اس بات کا علم نہ تھا کہ اُن کا مؤقف بدعت ہے۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ ان کے پاس مؤقف کی تائید میں بعض ایسی روایات اور دلائل موجود تھے جنہیں اُنہوں نے اپنے فہم کے مطابق صحیح سمجھا‘ لیکن وہ دلائل حقیقت میں ضعیف یا کمزور تھے‘ یا اُنہوں نے بعض آیات اور نصوص کے وہ معانی اخذ کیے جو اُن آیات ونصوص سے مقصود نہ تھے یا بعض نصوص اُن تک پہنچی ہی نہیں تھیں۔ لہٰذا کسی عالم کی علمی لغزش کی وجہ سے اس کی تمام علمی خدمات‘ دینی خوبیوں اور قابلِ قدر کارناموں کو نظر انداز کر دینا ناانصافی ہے۔ جو شخص بقدرِ وسعت اللہ تعالیٰ سے ڈرتے ہوئے حق کی تلاش میں کوشاں رہتا ہے‘ اُس کی بابت اُمید ہے کہ وہ اللہ تعالیٰ کے اس ارشاد کا مصداق ہوگا: ''اے ہمارے رب! اگر ہم بھول جائیں یا خطا کر بیٹھیں تو ہمیں نہ پکڑنا‘‘۔ علامہ ذہبی نے امام قتادہ بن دعامہ سدوسی کی بابت لکھا ہے: وہ مسئلہ تقدیر میں قدریہ کے نظریہ کے قائل تھے۔ ہم اللہ تعالیٰ سے ایسے بُرے عقیدے سے عافیت طلب کرتے ہیں اور ہم اُمید رکھتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ ان جیسے اہلِ علم کے عذر کو قبول فرمائے گا جو کسی بدعت میں مبتلا ہوئے‘ لیکن ان کا مقصود اللہ تعالیٰ کی تعظیم و تنزیہ تھا اور اس معاملے میں انہوں نے اپنی پوری علمی وفکری کوشش صرف کی تھی۔ لہٰذا جب کسی عالم کی درست اور حق باتیں زیادہ ہوں‘ حق کی جستجو اُس کے طرزِ عمل سے ظاہر ہو‘ اس کا علم وسیع اور ذہانت نمایاں ہو‘ نیز اس کی نیکی‘ تقویٰ اور اتباعِ سنت معروف ہو تو اس کی علمی لغزش پر اُس کیلئے اللہ سے مغفرت طلب کی جائے گی اور ہم اسے گمراہ کہیں گے‘ نہ اسے بالکلیہ ردّ کریں گے اور نہ اس کی خوبیوں اور خدمات کو فراموش کریں گے۔ البتہ ہم اس کی بدعات اور لغزشوں میں اس کی پیروی نہیں کریں گے اور اس کیلئے اللہ تعالیٰ سے مغفرت کی اُمید رکھیں گے۔
(ب) علمی مکالمے‘ مباحثے اور مسلمانوں کے مابین تعلقات میں قربت پیدا کرنے‘ معاملات کو خوش اسلوبی کے ساتھ سنوارنے اور دلوں کو جوڑنے کیلئے نرمی‘ خیر خواہی‘ تواضع‘ تحمل اور نرم گفتاری کو ملحوظ رکھنا چاہیے۔ نبیﷺ نے فرمایا: ''وہ شخص جھوٹا نہیں جو لوگوں کے درمیان صلح کرانے کیلئے کسی فریق کی طرف اچھی بات منسوب کرے یا خیر کا کلمہ کہے‘‘ (بخاری: 2692)۔ یعنی اس کا مقصد ٹوٹے ہوئے دلوں کو جوڑنا اور نفرتوں کو کم کرنا ہو۔ نرم گفتاری کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے حضراتِ موسیٰ و ہارون علیہما السلام کو فرعون جیسے سرکش اور جابر وظالم حکمران کے پاس بھیجتے ہوئے ہدایت فرمائی: ''تم دونوں فرعون کے پاس جائو‘ وہ سرکش ہو گیا ہے‘ اس امید پر اس سے نرمی سے بات کرنا کہ شاید وہ نصیحت حاصل کر لے یا اللہ سے ڈرے‘‘ (طٰہٰ: 44)۔ حالانکہ فرعون خدائی کا دعویدار‘ انتہائی ظالم و جابر اور اپنی ذات و حکومت کے تحفظ کیلئے بنی اسرائیل کے ہزاروں بے قصور بچوں کا قاتل تھا‘ نیز اللہ کے علم میں تھا کہ فرعون اپنی سرکشی اور گمراہی سے باز آنے والا نہیں۔ اس کے باوجود اپنے پیغمبروں کو اس کے ساتھ نرم گفتاری کی ہدایت فرمائی تاکہ اُسے غور وفکر اور رجوع الی الحق کا موقع ملے اور اتمامِ حجت ہو جائے۔ اس سے واضح ہوتا ہے کہ دعوت واصلاح اور علمی مکالمے کا بنیادی تقاضا یہ ہے کہ فریق مخالف کے نظریات وعقائد خواہ کتنے ہی غلط اور اس کا رویہ کتنا ہی نامناسب کیوں نہ ہو‘ اس کے ساتھ ہمدردی‘ خیر خواہی اور نرمی کا برتائو کیا جائے‘ کیونکہ اصلاح وہدایت کا مقصد کسی کو زیر کرنا نہیں‘ بلکہ اُسے حق کے قریب لانا ہے۔ ارشادِ باری ہے: ''اور لوگوں سے اچھی بات کہو‘‘ (البقرہ: 83)۔ اسی طرح اہلِ کتاب کے ساتھ مکالمے اور مباحثے کا طریقہ بیان کرتے ہوئے فرمایا: ''اور اہلِ کتاب کے ساتھ اَحسن طریقے سے بحث کرو‘‘ (العنکبوت: 46)۔ امام قرطبی ان آیات کی تشریح میں فرماتے ہیں: ان میں مکارمِ اخلاق کی ترغیب دی گئی ہے‘ پس انسان کو چاہیے کہ وہ مداہنت اور حق پر مفاہمت کیے بغیر لوگوں سے نرم اور شائستہ گفتگو کرے‘ گفتگو کے دوران اس کا رویہ شائستہ ہونا چاہیے‘ خواہ مخاطَب نیک ہو یا بد‘ اہلِ سنت ہو یا مُبتدِع‘ یہ تو یہود ونصاریٰ کے ساتھ مکالمے کی بات ہے‘ تو کسی موحد مسلمان کے ساتھ حسنِ سلوک کی اہمیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ یونس صَدَفی کہتے ہیں: میں نے امام شافعی سے زیادہ عقلمند شخص نہیں دیکھا۔ ایک دن میں نے ان سے ایک مسئلے میں مناظرہ کیا‘ پھر ہم جدا ہو گئے۔ بعد میں جب ان سے ملاقات ہوئی تو انہوں نے میرا ہاتھ پکڑا اور فرمایا: ابو موسیٰ! اگر ہم کسی مسئلے میں متفق نہ ہو سکیں تو کیا یہ ممکن نہیں کہ ہم بھائی بھائی بن کر رہیں۔
(ج)ہر مسئلے میں مکمل اتفاق رائے اور ہر معاملے میں فطری ہم آہنگی ضروری ہے اور نہ ممکن‘ پس وسعتِ نظری اور اعتدال کا تقاضا یہ ہے کہ تنگ نظری اور تعصب سے بالاتر ہو کر حق اور خیر کی بات قبول کی جائے‘ خواہ اُس کا قائل کوئی بھی ہو۔ محض اس بنا پر کسی درست بات کو ردّ نہیں کرنا چاہے کہ اس کا کہنے والا ہمارا مخالف ہے یا ہم خیال نہیں ہے۔ حضرت علیؓ کی طرف یہ قول منسوب ہے: ''یہ مت دیکھو کہ کس نے کہا‘ یہ دیکھو کہ کیا کہا‘‘۔ امام مالک نبیﷺکے روضہ مبارکہ کی طرف اشارہ کر کے فرمایا کرتے تھے: ''اِس صاحبِ قبر کے سوا ہر شخص کی بات (معیارِ حق پر) قبول بھی کی جا سکتی ہے اور ردّ بھی کی جا سکتی ہے‘‘۔ الغرض کسی کی بات کی صحت وقبولیت کا معیار اس کی ذات نہیں‘ بلکہ اس کا حق وصواب کے مطابق ہونا ہے۔ امام احمد رضا قادری نے لکھا: ''فرضِ قطعی ہے کہ اہلِ کلمہ کے ہر قول و فعل کو حتی الامکان کفر سے بچائیں‘ اگرچہ بظاہر کیسا ہی خراب سے خراب تر ہو۔ اگر ضعیف سے ضعیف تاویل سے بھی حکمِ اسلام کی گنجائش نکلتی ہو تو اس کی طرف جائیں اور اس کے سوا ہزار احتمال اگر کفر کی جانب جاتے ہوں‘ انہیںخیال میں نہ لائیں‘‘ (فتاویٰ رضویہ‘ ج: 12‘ ص: 317)۔ آپ لکھتے ہیں: ''امام اعظم و دیگر ائمہ فرماتے ہیں: ''جو کسی مسلمان کی نسبت یہ چاہے کہ اُس سے کفر صادر ہو‘ وہ کفر کرے یا نہ کرے‘ یہ (خواہش رکھنے والا) ابھی کافر ہو گیا کہ مسلمان کا کافر ہونا چاہا‘ (فتاویٰ رضویہ‘ ج: 12‘ ص: 403)۔ امام شافعی فرماتے ہیں: ''میں نے جب بھی کسی سے بحث یا مناظرہ کیا تو میری خواہش یہی رہی کہ اللہ تعالیٰ میرے فریقِ مخالف کو حق اور درست بات کہنے کی توفیق عطا فرمائے اور میں نے کبھی یہ پسند نہیں کیا کہ وہ غلطی کرے‘‘۔ (جاری)

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...