"MMC" (space) message & send to 7575

خصائص وامتیازاتِ صدیق اکبر ؓ …(1)

اللہ تعالیٰ نے حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کو بے شمار خصوصیات اور امتیازات سے نوازا‘ اُن میں سے ایک یہ ہے کہ امت نے آپ کو ''اَفْضَلُ الْبَشَر بَعْدَ الْاَنْبِیَاء‘‘ قرار دیا۔ امامِ اہلسنت امام احمد رضا قادری نے لکھا: ''اس سے مراد افضلیت مِنْ کُلِّ الْوُجُوْہ نہیں ہے بلکہ مطلق افضلیت ہے‘ سو اگر کسی خاص شعبے میں یا بعض شعبوں میں دیگر صحابۂ کرام کو کوئی امتیازی فضیلت حاصل ہو تو یہ صدیق اکبرؓ کی مطلق افضلیت کے منافی نہیں ہے‘‘۔ آپؓ کی ایک خصوصیت یہ ہے کہ اسلام میں آپ ''اَلسَّابِقُوْنَ الْاَوَّلُوْن‘‘ میں سے ہیں۔ غارِ ثور اور سفرِ ہجرت کے امین ورفیق‘ تمام غزوات میں آپﷺ کے ہم رکاب اور آج روضۂ رسول میں جوارِ مصطفیﷺ میں آرام فرما ہیں اور اس طرح کہ جہاں قدمینِ مصطفی ہیں‘ اس کے متصل قبرِ صدیق اکبرؓ کا سرہانہ ہے اور قیامت میں بھی آپﷺ کے ساتھ اٹھیں گے اور ساتھ ہی جنت میں داخل ہوں گے۔ کسی نے کیا خوب کہا ہے:
پائے رسول پاک پہ ہو سر رکھا ہوا
ایسے میں آ اَجَل‘ تو کہاں جا کے مر گئی
یہ خواب تو ہر مومن کا ہے۔ میر سوز نے کہا ہے:
سر زانو پہ ہو اس کے اور جان نکل جائے
مرنا تو مسلَّم ہے ارمان نکل جائے
اس کی تعبیر صدیق اکبرؓ نے پا لی۔
سن 6 ہجری کو رسول اللہﷺ تقریباً چودہ سو اصحاب کے ساتھ عمرے کی ادائیگی کیلئے مدینہ منورہ سے روانہ ہوئے۔ آپﷺ نے صحابۂ کرام کو بتایا تھا: ''میں نے خواب دیکھا ہے کہ ہم بیت اللہ کا طواف کر رہے ہیں‘‘۔ حدیبیہ کے مقام پر مشرکینِ مکہ نے آپﷺ کو روک دیا اور کہا: ہم عمرے کی اجازت نہیں دیں گے۔ اس دوران قریشِ مکہ کے ساتھ سفارتکاری ہوئی اور بالآخر ایک معاہدے پر اتفاق ہوا۔ اس کی شرائط یہ تھیں: (1) دس سال تک جنگ بندی رہے گی اور لوگ ایک دوسرے سے محفوظ رہیں گے۔ (2) اس سال مسلمان عمرہ ادا کیے بغیر واپس چلے جائیں گے اور آئندہ سال عمرہ ادا کریں گے اور تین دن مکہ مکرمہ میں رہیں گے‘ صرف وہی ہتھیار ساتھ رکھیں گے جو عام حالات میں سفر میں رکھے جاتے ہیں۔ (3) جو شخص مکۂ مکرمہ سے اسلام قبول کرنے کیلئے اپنے ولی کی اجازت کے بغیر رسول اللہﷺ کے پاس آئے گا تو اُسے لوٹا دیا جائے گا۔ (4) جو مدینۂ منورہ سے پلٹ کر قریش کے پاس آئے گا تو اُسے نہیں لوٹایا جائے گا۔ (5) قبائلِ عرب کو اختیار دیا جائے گا کہ وہ مسلمانوں اور قریشِ مکہ میں سے جس کے چاہیں حلیف بن جائیں۔
بظاہر اس معاہدے کی شرائط مسلمانوں کی کمزور پوزیشن کو ظاہر کر رہی تھیں‘ اس سے مسلمانوں میں اضطراب پیدا ہوا۔ حضرت عمرؓ بن خطاب جن کے روئیں روئیںاور انگ انگ میں دینی حمیت کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی تھی‘ رسول اللہﷺ کے پاس حاضر ہوئے اور عرض کی: ''یا رسول اللہﷺ! کیا آپ اللہ کے سچے نبی نہیں ہیں‘‘ آپﷺ نے جواب دیا: ''یقینا سچا نبی ہوں‘‘۔ انہوں نے کہا: ''کیا ہم حق پر اور وہ باطل پر نہیں ہیں‘‘ آپﷺ نے فرمایا: ''یقینا ایسا ہی ہے‘‘۔ انہوں نے کہا: ''کیا ہمارے شہدا جنت میں اور اُن کے مقتولین جہنم میں نہیں ہوں گے‘‘ آپﷺ نے فرمایا: ''ایسا ہی ہو گا‘‘۔ انہوں نے کہا: ''تو پھر ہم کمزور پوزیشن میں رہ کر کیوں معاہدہ کر رہے ہیں‘‘ آپﷺ نے جواب دیا: ''میں اللہ کا بندہ اور اس کا رسول ہوں‘ اس کی نافرمانی نہیں کرتا اور وہ مجھے ضائع نہیں فرمائے گا‘ وہ میرا مددگار ہے‘‘۔ انہوں نے پھر کہا: ''کیا آپ نے ہمیں یہ نہیں کہا تھا کہ ہم بیت اللہ کا طواف کریں گے‘‘ آپﷺ نے فرمایا: ''یقینا کہا تھا‘ لیکن میں نے یہ تو نہیں کہا تھا کہ اسی سال طواف کریں گے‘‘۔ حضرت عمرؓ کو پھر بھی قرار نہ آیا اور وہ حضرت ابوبکر صدیقؓ کے پاس گئے جو رسول اللہﷺ سے سوال وجواب کے وقت وہاں موجود نہیں تھے۔ اُن سے وہی سوال اُسی ترتیب سے کیے اور حضرت ابوبکر صدیقؓ نے لفظ بہ لفظ وہی جوابات دیے جو آپﷺ نے دیے تھے۔ اس سے معلوم ہوا کہ اُن کی سوچ تاجدارِ نبوتﷺ کی فکر کے سانچے میں ڈھلی ہوئی تھی اور ذرّہ بھر فرق نہیں تھا‘‘ (سُبُلُ الْھُدیٰ وَالرَّشَاد‘ ج: 5‘ ص: 52)۔
اسی طرح جب رسول اللہﷺ غارِ حرا سے پہلی امانتِ وحی لے کر گھر لوٹے تو بتقاضائے بشری آپﷺ پر گھبراہٹ کی کیفیت تھی اور شدید گرمی کے موسم میں آپ پر کپکپی طاری تھی۔ ام المومنین خدیجۃ الکبریٰ رضی اللہ عنہا نے آپ کو تسلی دیتے ہوئے کہا: ''بخدا! اللہ آپ کو بے آبرو نہیں کرے گا‘ کیونکہ آپ صلۂ رحمی کرتے ہیں‘ دوسروں کا بوجھ اٹھاتے ہیں‘ ناداروں کے کام آتے ہیں‘ مہمان نوازی کرتے ہیں اور حق کی راہ میں مصیبت اٹھانے والوں کے مددگار ہوتے ہیں‘‘ (بخاری: 3)۔ یعنی جس کا کردار اتنا پاکیزہ اور بلند ہو‘ یہ ممکن ہی نہیں کہ اللہ تعالیٰ اُسے دوسروں کے رحم وکرم پر چھوڑ دے۔ پھر ایک موقع آیا کہ حضرت ابوبکر صدیقؓ کفارِ مکہ کی اذیتوں سے تنگ آ کر ہجرت کے ارادے سے مکے سے روانہ ہوئے‘ پھر جب آپ ''بَرْکَ الْغِمَاد‘‘ کے مقام پر پہنچے تو راستے میں وہاں کے رئیس ''ابن الدَّغِنہ‘‘ سے ملاقات ہوئی‘ اس نے پوچھا: ابوبکر! کہاں کا ارادہ ہے‘ انہوں نے کہا: قوم مجھے وطن سے نکال رہی ہے تو میں نے سوچا کہ اللہ کی زمین میں سیاحت کروں اور اپنے رب عزوجل کی عبادت کروں۔ ابن الدغنہ نے کہا: ابوبکر! رک جائو‘ آپ جیسے شخص کو نہ وطن سے جانا چاہیے اور نہ نکالا جانا چاہیے‘ کیونکہ آپ ناداروں کے کام آتے ہیں‘ صلۂ رحمی کرتے ہیں‘ کمزوروں کا بوجھ اٹھاتے ہیں‘ مہمان نوازی کرتے ہیں اور راہِ حق میں مصائب اٹھانے والوں کے مددگار ہوتے ہیں؛ پس میں آپ کوپناہ دیتا ہوں‘ لوٹ جائیے اور اپنے شہر میں اپنے رب کی عبادت کیجیے‘‘ (سُبُلُ الْھُدیٰ وَالرَّشَاد‘ ج: 2‘ ص: 410)۔ ذرا غور فرمائیے! خُلُقِ مصطفی کے بارے میں جو کلمات آپﷺ کی رفیقۂ حیات حضرت خدیجہؓ نے کہے‘ بعینہٖ وہی کلمات خُلُقِ صدیقی کے حوالے سے ایک نظریاتی دشمن اور رئیسِ مکہ ابن الدغنہ نے کہے۔ اس سے معلوم ہوا کہ قربت وصحبتِ مصطفی کی برکت سے جنابِ صدیقِ اکبرؓ کا کردار خلقِ مصطفی کے سانچے میں ڈھلا ہوا تھا۔ اس طرح سو فیصد عکسِ کردارِ مصطفی کہیں اور نہیں ملے گا۔
عام دستور یہ ہے کہ جس پر کوئی طعن کیاجائے یا الزام لگایا جائے تو وہ خود اپنی صفائی پیش کرتا ہے‘ لیکن مقامِ مصطفیﷺ کے انداز نرالے ہیں کہ طعن مصطفی پر کیا جاتا ہے اور صفائی ربِ مصطفی بیان فرماتا ہے‘ سو جب کچھ عرصے کے لیے وحی موقوف ہوگئی تو کفارِ مکہ نے طعن کیا :''محمد کے رب نے ان کو چھوڑ دیا ہے اور وہ اُن سے ناراض ہوگیا ہے‘‘‘ بجائے اس کے کہ آپ جواب دیتے‘ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ''(اے حبیبِ مکرم!) آپ کے رب نے آپ کو چھوڑا ہے اور نہ وہ آپ سے ناراض ہوا ہے اور بے شک آپ کی ہربعد والی ساعت پہلی ساعت سے بہتر ہے اور عنقریب آپ کا آپ کو اتنا عطا فرمائے گا کہ آپ راضی ہوجائیں گے‘ (الضحیٰ:3-5)‘‘۔
اسی طرح جب حضرت بلالؓ کو خرید کر آزاد کرنے پر کفارِ مکہ نے طعن کیا کہ ہو نہ ہو‘ ابوبکر نے بلال کے کسی احسان کا بدلہ چکایا ہے‘ تو اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ''اور اس نارِ جہنم سے وہ سب سے زیادہ متقی شخص محفوظ رہے گاجو (اللہ کی راہ میں) اپنامال دیتا ہے تاکہ اس کا قلب (مال کی محبت سے) پاک ہو جائے اور اُن پر کسی کا کوئی احسان نہیں ہے‘ جس کا بدلہ چکا رہے ہوں‘ وہ تو صرف اپنے بزرگ وبرتر پروردگار کی رضا کیلئے (اپنا مال خرچ کرتے ہیں) اور وہ عنقریب اُن سے راضی ہو جائے گا‘‘ (اللیل: 17 تا 21)۔ (جاری)

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...