پنجاب کی سیاست کا ایک چہرہ

نام تھا ملک امیر محمد خان۔ پنجاب کے ضلع میانوالی میں کالا باغ کے مقام پر بڑی جاگیر کے مالک ہونے کی وجہ سے وہ اعوان قبیلے کے سردار اور نواب آف کالا باغ کہلاتے تھے۔ نواب صاحب 20 جون 1910ء کو پیدا ہوئے۔ قیام پاکستان سے پہلے وہ یونینسٹ پارٹی سے وابستہ تھے‘ جو قیام پاکستان کی مخالف تھی۔ یہی وجہ تھی کہ پاکستان بننے کے بعد انہوں نے سیاست سے قطع تعلق کر لیا۔ 1960ء میں جنرل ایوب خان نے انہیں مغربی پاکستان کا گورنر مقرر کر دیا‘ جسے نواب صاحب نے اس طرح چلایا جیسے ان کی ذاتی جاگیر ہو۔ 1966ء میں ان کے جنرل ایوب خان سے اختلافات اس قدر بڑھ گئے کہ نواب صاحب مستعفی ہو گئے جبکہ جنرل ایوب کی ڈائری میں درج ہے کہ انہوں نے نواب آف کالا باغ کو اس لیے مستعفی ہونے کی اجازت دی تھی کہ وہ ان کے وفادار نہیں رہے تھے۔ اگلے سال‘ 26نومبر 1967ء کو ان کے بیٹے اسد محمد خان نے خانگی تنازعے پر گولی مار کر انہیں قتل کر دیا۔ اسد محمد خان 1964ء میں ایچیسن کالج میں زیرتعلیم تھے‘ جب میں وہاں اعلیٰ جماعتوں کے طلبہ کو سماجی علوم پڑھاتا تھا۔ Craig Baxter‘ جو سابق امریکی سفارتکار اور تاریخ دان ہے‘ نے اپنی کتاب میں قتل کی وجہ باپ بیٹے کے درمیان زمین کا جھگڑا بتائی ہے‘ جو درست نہیں۔ میری معلومات کے مطابق تنازع زمین کا نہیں بلکہ رشتے کا تھا۔ نواب صاحب اپنی بیٹی کی شادی اپنے دوست اور معالج ڈاکٹر طوسی کے بیٹے سے کرنا چاہتے تھے‘ جو نہ نواب تھا اور نہ زمیندار بلکہ دیہاتیوں کی زبان میں شہری بابو تھا۔ نواب صاحب کا بیٹا اس رشتے کو توہین آمیز سمجھتا تھا اور اسے اپنے سخت گیر باپ کو قتل کرنے کے سوا اس شادی کو روکنے کا کوئی راستہ نظر نہ آیا۔
نواب صاحب نے ایچیسن کالج لاہور میں تعلیم حاصل کی اور جن لوگوں نے ان کا دورِ اقتدار دیکھا ہے‘ انہیں بمشکل یقین آئے گا کہ وہ آکسفورڈ یونیورسٹی کے فارغ التحصیل تھے۔ وہ 1956-58ء میں پنجاب اسمبلی کے رکن بنے۔ 12اپریل 1960ء کو گورنر مقرر ہونے سے پہلے ایک برس صنعتی ترقی کی سرکاری کارپوریشن PIDC کے چیئرمین رہے۔ 1952ء میں سابق امریکی صدر کی بیوہ Eleanor Roosevelt ان کی مہمان بنیں۔ امریکی صدر جان ایف کینیڈی کی اہلیہ جیکولین اور شاہ فیصل کی میزبانی کا اعزاز بھی انہیں حاصل ہوا۔ 1961ء میں ملکہ برطانیہ ان کی مہمان بنیں۔ جیکولین کینیڈی کے اعزاز میں نواب صاحب کے عشائیے کا ایک دلچسپ واقعہ الطاف گوہر نے بیان کیا ہے۔ کھانے کی میز پر جیکولین نواب صاحب کے ساتھ بیٹھی تھیں۔ گفتگو کے دوران ان کی نظر پھلوں کی طشتری پر پڑی۔ انہوں نے امرود اٹھایا اور پوچھا کہ یہ کون سا پھل ہے؟ نواب صاحب نے امرود کی نسل اور اس کے فضائل بیان کرنا شروع کر دیے جس پر جیکولین نے انہیں کہا: ''آپ سے بہتر وزیر زراعت امریکی حکومت کو نہیں مل سکتا‘‘۔
جنرل جہانداد خان 1965-66ء میں نواب صاحب کے ملٹری سیکرٹری رہے۔ انہوں نے اپنی کتاب Pakistan: Leadership Challenges میں نواب صاحب کی انتظامی صلاحیتوں کی بہت تعریف کی۔ کوئی وجہ نہیں کہ ہم اسے سچ نہ مانیں۔ 1965ء کی پاک بھارت جنگ میں لاہور پر بھارتی حملے کے دوران نواب صاحب اپنی سرکاری رہائش گاہ میں ہی مقیم رہے اور نازک وقت میں بہترین نظم و نسق قائم رکھا۔ ان کے چار بیٹوں میں سے تین بیٹے اور ایک پوتی قومی اسمبلی کے رکن بنے۔ کالا باغ کے نواب کا شمار پنجاب کے بڑے جاگیرداروں میں ہوتا ہے۔ جیسے ڈیرہ غازی خان کے لغاری اور مزاری خاندان‘ سرگودھا کے ٹوانے اور واہ کے کھٹڑ قبیلے کے افراد۔ الطاف گوہر نے اپنی کتاب میں لکھا ہے کہ نواب صاحب ایک بار مشرقی پاکستان گئے تو صرف اپنا باورچی ہی نہیں بلکہ سبزی‘ گوشت اور پینے کا پانی بھی ساتھ لے کر گئے۔ میں نے ایک جگہ یہ بھی پڑھا کہ مشرقی پاکستان کے پہلے چیف سیکرٹری‘ غالباً عزیز احمد‘ جب کسی ماتحت بنگالی افسر سے ہاتھ ملاتے تو فوراً باتھ روم جا کر ہاتھ دھوتے تھے۔ قارئین سے درخواست ہے کہ محاورے کے مطابق اسے دیگ سے نکالا گیا ایک چاول سمجھیں۔ اس ایک واقعے سے مغربی پاکستان کے حکمران طبقے اور افسر شاہی کے قابلِ مذمت نسل پرستانہ رویے کی جھلک نظر آتی ہے۔ ایک معتبر شخص نے مجھے بتایا کہ ایک مرتبہ ایم خورشید‘ جو انڈین سول سروس کے سینئر افسر تھے‘ مغربی پاکستان کے چیف سیکرٹری مقرر ہوئے۔ انہوں نے نواب صاحب کی طرح بڑی بڑی مونچھیں رکھی ہوئی تھیں اور صبح کا بیشتر وقت ان کی تراش خراش میں صرف کرتے تھے۔ نواب صاحب نے دو چار ماہ برداشت کیا مگر آخرکار کہہ دیا: ''ایک صوبے میں دو مونچھیں نہیں چل سکتیں‘‘۔ نواب صاحب جب تک گورنر ہاؤس میں رہے ان کا کوئی قریبی رشتہ دار وہاں نہیں رہ سکتا تھا۔ ان کا دامن بدعنوانی یا عہدے سے ناجائز فائدہ اٹھانے کے الزامات سے بالکل پاک تھا۔ شنید ہے کہ انہوں نے صدر ایوب خان کو خبردار کیا تھا کہ ان کا ایک بیٹا کراچی میں صدارتی انتخابات میں اپنے باپ کی صریح دھاندلی سے حاصل ہونے والی کامیابی کا جشن مناتے ہوئے لیاری میں بے گناہوں کے قتلِ عام کا ذمہ دار ہے۔ مزید یہ کہ وہ اپنے سسر جنرل حبیب اللہ خان اور امریکی سرمایہ داروں کے ساتھ مل کر گندھارا انڈسٹریز کے نام سے کاروبار شروع کرکے اپنے باپ کی بدنامی کا باعث بن رہا ہے۔ نواب صاحب کو یہ سچ بولنا اتنا ہی مہنگا پڑا جتنا ایچیسن کالج لاہور میں پڑھانے والے اس استاد کو مادرِ ملت کے جلسے میں شرکت اور تقریر کرنا مہنگا پڑا تھا۔ دونوں کی ملازمت جاتی رہی۔ نواب صاحب گورنری چھوڑ کر واپس کالا باغ چلے گئے۔ دریائے سندھ کے کنارے اپنی حویلی میں بیٹھے ہوں گے تو انہیں یہ خیال ضرور آیا ہوگا کہ کتنا اچھا ہوتا اگر وہ صوبائی اسمبلی میں ان کے اور جنرل ایوب خان کے خلاف سخت تقریر کرنے والے رکن عبدالباقی بلوچ پر قاتلانہ حملہ کرانے کا فیصلہ نہ کرتے‘ جو اُن جیسے بہادر شخص کو زیب نہیں دیتا تھا۔ اس حملے میں بلوچ تو بچ گئے مگر ایک صحافی ضمیر قریشی مارا گیا۔ نواب صاحب ساری عمر بڑی شان سے سر پر طرے والی پگڑی باندھتے تھے۔ وہ اپنے رب کے حضور اپنے اعمال لے کر پیش ہوں گے تو یہ پگڑی ان کے سر سے اتار کر اس خون میں ڈبوئی جائے گی جو اُن کے احکامات پر محض مخالفت کے جرم میں معصوم لوگوں کا بہایا گیا۔ اس دنیا میں انہیں اس سے بڑی سزا کیا مل سکتی تھی کہ وہ اپنے ہی بیٹے کے ہاتھوں قتل ہوئے۔
نواب صاحب سے میری واحد ملاقات مارچ 1963ء میں لاہور میں ایک پولو میچ کے درمیانی وقفے میں ہوئی۔ میری بیوی اور مجھے ان سے چند کرسیوں کے فاصلے پر بٹھایا گیا تھا۔ ہم انکی شاندار شخصیت‘ کُلے والی سفید پگڑی‘ بڑی مونچھوں‘ شیروانی اور دراز قد کو بار بار دیکھ رہے تھے۔ ایک مرتبہ نظریں ملیں تو وہ مسکرائے اور ہماری طرف بڑھے۔ تعارف کے بعد پوچھا کہ کہاں کا رہنے والا ہوں؟ میں نے بتایا کہ اب میرا دوسرا وطن جوہرآباد‘ ضلع خوشاب ہے۔ یہ سن کر انہوں نے گرم جوشی سے ہاتھ ملایا اور کہا کہ خوشاب تو میانوالی کے پڑوس میں ہے‘ اس لیے میں ان کا گرائیں ہوں۔ چند رسمی جملوں کے بعد یہ ملاقات ختم ہوگئی۔ جب میں ایچیسن کالج میں پڑھانے گیا تو اسکے بورڈ آف گورنرز کے سربراہ مغربی پاکستان کے گورنر نواب آف کالا باغ تھے۔ مادرِ ملت کی حمایت میں روزانہ لالٹین جلوس نکالنے اور ان کے ایک جلسے میں تقریر کرنے کے جرم میں مجھے نواب صاحب کے نادرشاہی حکم پر آناً فاناً برطرف کر دیا گیا۔ بے پناہ ہجوم کے باعث مادرِ ملت کا گوجرانوالہ سے لاہور کا سفر ڈیڑھ گھنٹے کے بجائے چھ سات گھنٹے میں مکمل ہوا تھا۔ اس دوران کئی گھنٹوں سے ان کے منتظر ہجوم کے سامنے وقت گزارنے کے لیے ڈنگ ٹپائو تقریر بھی کی تھی۔ نواب صاحب کا دوسرا حکم یہ تھا کہ مجھے اور مرحوم سکندر جمال کو کالج کی حدود سے نکال دیا جائے اور اس کی اطلاع گورنر ہاؤس پہنچائی جائے تاکہ ان کے غصے کی بھڑکتی آگ کا درجہ حرارت کچھ کم ہو سکے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...