امسال یومِ اقبال بھرپور طریقے سے منایا گیا۔ سماجی سطح پر اقبال کے نام پر ایک بڑی سرگرمی دیکھی گئی۔ افراد‘ تنظیمیں‘ سرکاری ادارے‘ سب متحرک ہوئے۔ بعض نے قومی اور بین الاقوامی سطح کی تقریبات کا اہتمام کیا۔ کم ازکم ایک ادھ فکری نشست اور سیمینار تو ہر جگہ منعقد ہوا۔
ممکن ہے بہت سی تقریبات نمائشی ہوں۔ اس سے صرفِ نظر کرتے ہوئے یہ بات اپنی جگہ باعثِ اطمینان ہے کہ کوئی علمی فکری سرگرمی تو ہوئی۔ علامہ اقبال علم و فکر کا استعارہ ہیں۔ ان کی نسبت سے ہونے والی کوئی تقریب‘ وہ رسمی ہی کیوں نہ ہو‘ خیر و برکت سے خالی نہیں ہو سکتی۔ اقبال فہمی کے باب میں بہت سے سوالات جواب طلب ہیں۔ فارسی اور اردو سے بے اعتنائی کے ساتھ تفہیمِ اقبال کا دروازہ کیسے کھل سکتا ہے؟ اس میں بھی شبہ نہیں کہ اقبال کے فکر کی روشنی میں قوم سازی کے باب میں ہمارا رویہ ناگفتہ بہ ہے۔ حکومت و ریاست کی سرد مہری بھی ایک حقیقت ہے۔ اس کے باوصف یہ بھی غنیمت ہے کہ اس سماج میں بہت سے لوگ ایسے موجود ہیں جو اقبال سے محبت کرتے اور ان کے ساتھ ایک زندہ تعلق رکھنا چاہتے ہیں۔
یہ ادبی میلوں کا موسم بھی ہے۔ اس کے ساتھ کتب میلے بھی منعقد ہو رہے ہیں۔ ان پر بھی بعض اعتراضات جائز ہیں۔ مثال کے طور پر ایک کارپوریٹ کلچر ہے جس نے ان ادبی میلوں کو یرغمال بنا رکھا ہے۔ یہ کیسی عجیب بات ہے کہ فیصل آباد میں ادبی میلہ ہو رہا ہے مگر ڈاکٹر ریاض مجید کے بغیر۔ نعت گوئی اردو ادب کی قابلِ فخر روایت ہے۔ ہمارے عہد میں ریاض مجید اس کا سب سے بڑا نام ہے۔ انہی کے شہر میں اگر انہیں نظر انداز کیا جاتا ہے تو سوالات کا پیدا ہونا قابلِ فہم ہے۔ اس کے باوصف میرا کہنا یہ ہے کہ ان ادبی میلوں کا خیر مقدم کرنا چاہیے۔ کسی شہر میں ان کا انعقاد اور ادب کے نام پر ایک بڑی سرگرمی خوش آئند ہے۔ یہ زندگی کے آثار کا پتا دے رہی ہے۔ اس سے یہ رائے قائم کی جا سکتی ہے کہ اس خاکستر میں چنگاریاں باقی ہیں۔
علمی و ادبی سرگرمیوں کا مطلب یہ ہے کہ سماج میں سوچنے سمجھنے کی روایت باقی ہے۔ سماج کی زندگی کے لیے اس روایت کا زندہ رہنا ضروری ہے۔ ہم اس پر گفتگو کر سکتے ہیں کہ جو ادب پیدا ہو رہا ہے‘ اس کا معیار کیا ہے۔ ان سرگرمیوں سے مگر یہ تو معلوم ہوتا ہے کہ ادب پیدا ہو رہا ہے۔ حال ہی میں اکادمی ادبیات کے جریدے 'ادبیات‘ کی دو خصوصی شمارے شائع ہوئے۔ یہ خواتین کے تخلیق کردہ معاصر ادب پر مشتمل ہیں۔ ایک شمارہ تو صرف افسانوی ادب کے لیے مختص ہے۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ خواتین ادب کی تمام اصناف میں اپنی موجودگی کا احساس دلا رہی ہیں۔ وہ سوچ رہی ہیں۔ زندگی کے تجربات میں معنویت تلاش کر رہی ہیں۔ خواب دیکھ اور دکھا رہی ہیں۔ وہ اپنے ہونے کا احساس دلا رہی ہیں۔
اگر سماج تخلیقی وفور کے اظہار کے لیے جگہ نہ دے تو گھٹن پیدا ہوتی ہے۔ یہی گھٹن فرد میں بغاوت پیدا کرتی ہے اور اگر اس کا تدارک نہ ہو توانفرادی گھٹن اجتماعی گھٹن میں بدل کر پورے سماج کو فساد میں جھونک دیتی ہے۔ اس کا دوسرا نقصان یہ ہوتا ہے کہ قوم اس تخلیقی سرمایے سے محروم ہو جاتی ہے جو اس کے مستقبل کو سنوار سکتا ہے۔ ان سخن ہائے ناگفتنی سے قوم میں بصیرت کے نئے مظاہر پیدا ہو سکتے ہیں‘ جن کا گلا قبل از پیدائش گھونٹ دیا جاتا ہے۔ اس سے قوموں میں تخلیقی صلاحیت دم توڑ دیتی ہے جس کا ناگزیر نتیجہ اعلیٰ افکار سے محرومی ہے۔ یہ محرومی قوموں کیلئے جان لیوا ہوتی ہے۔
آرٹ‘ فنونِ لطیفہ‘ ادب۔ یہ سب زندگی کی علامتیں ہیں۔ معاشرتی ترقی صرف مادی ترقی کا نام نہیں۔ اس میں یہ بھی شامل ہے کہ کسی قوم نے علم و فکر اور ادب و آرٹ میں کتنی ترقی کی ہے۔ سماج میں اگر علمی اور ادبی سرگرمیاں جاری ہیں تو یہ خبر دیتی ہیں کہ سماج زندہ ہے۔ ادب ہو یا آرٹ‘ یہ لازم نہیں کہ اس کی تخلیقی سطح ایک ہو۔ ایک شاعر کے تمام شعر ایک جیسا معیار نہیں رکھتے۔ سماج میں ہر سطح کے لوگ ہوتے ہیں اور لازم نہیں کہ ایک طرح کی موسیقی یا ایک طرح کی شاعری‘ سب کے ذوق کی بیک وقت آبیاری کر سکے۔ اس سے زیادہ پریشان نہیں ہو نا چاہیے کہ تخلیق کا معیار یکساں کیوں نہیں ہے۔ اہم بات تخلیقی عمل کا جاری رہنا ہے۔ یہ اس جاری عمل کا نتیجہ ہے کبھی اچانک کوئی فضل اللہ فانی سامنے آجاتا ہے جو نوجوانی میں بیدل‘ صائب تبریزی‘ غنی کاشمیری اور غالب جیسے شعرا کا اردو میں ایسا منظوم ترجمہ کرتا ہے کہ صاحبانِ ذوق اَش اَش کر اٹھتے ہیں۔
حکومت بھی اگر اس بات کی قدر و قیمت کو محسوس کرے تو اس سے اس جاری عمل میں بہتری آ سکتی ہے۔ اس کا دائرہ وسیع ہو سکتا ہے۔ حکومت جس انتہا پسندی اور نوجوانوں میں موجود ہیجان سے پریشان رہتی ہے‘ اس کا علاج بھی علمی و ادبی سرگرمیاں ہیں۔ مجھے حیرت ہوتی ہے کہ اس کا ادراک ہوتے ہوئے بھی اس جانب توجہ نہیں دی جاتی۔ مثال کے طور پر نیشنل بک فانڈیشن نے ایک بک کلب بنایا تھا‘ اس کا مقصد عوام کو سستی کتب فراہم کر نا تھا۔ اب اس کو بند کر دیا گیا ہے۔ حکومت کی نظر میں یہ وسائل کا سوئے استعمال ہے۔ میرا کہنا یہ ہے کہ نوجوانوں کو ہیجان سے نکالنے کے لیے بہت سے وسائل غیرضروری طور پر خرچ ہو رہے ہیں۔ لاکھوں روپے ایسے سیمیناروں پر ضائع کر دیے جاتے ہیں جن کا کچھ حاصل نہیں۔ اگر یہ پیسہ بک کلب جیسے منصوبوں پر لگا دیا جائے تو یہ کہیں زیادہ مفید ثابت ہو۔ اگر ترجیحات درست ہو جائیں تو موجود وسائل کے بہتر استعمال سے مطلوبہ نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
کتاب پر خرچ ہونے والا سرمایہ نفع کے ساتھ واپس آتا ہے۔ کتاب باقی رہنے والی چیزہے۔ اس کو ایک نہیں کئی افراد پڑھتے ہیں اور یوں اس کی افادیت دن بدن بڑھتی رہتی ہے۔ کتاب کے اس پھیلاؤ کے لیے سٹڈی سرکل قائم ہو سکتا ہے اور پبلک لائبریری بھی۔ جس شہر میں پبلک لائبریری موجود ہو اس کا کلچر دوسرے شہروں سے مختلف ہو گا‘ اگر ان کے دروازے سب کے لیے ہر وقت کھلے رہیں۔ ادبی میلے دراصل اسی احساس کو زندہ کرتے ہیں۔ سماج میں ان کا انعقاد ایک ادب دوست کلچر پیدا کرتا ہے۔ اگر ان سے وابستہ مسائل حل ہو جائیں تو یہ خیال برا نہیں۔
انجمنِ ستائش باہمی اور مفادات سے ہمیں مفر نہیں۔ یہ ہمارے کلچر کے اجزائے ترکیبی میں شامل ہیں۔ کارپوریٹ کلچر مذہب ہو یا ادب‘ ہر کسی کو مادی زاویے سے دیکھتا ہے۔ وہ ان میں بھی اپنا نفع تلاش کرتا ہے۔ اسی طرح ہم صرف ان کی تحسین کرتے ہیں جو ہماری تحسین کرتے ہوں۔ اس اعتراف کے ساتھ ہی ہمیں آگے بڑھنا ہے۔ اگر فیصل آباد والوں کو زہرہ نگاہ اور افتخار عارف کو براہِ راست سننے کا موقع مل رہا ہے تو اس کی اپنی افادیت ہے۔ ضروری ہے کہ تخلیق کے اعلیٰ مظاہر عوام تک پہنچیں۔ اسی سے ان کے ذوق کی تعمیر ہو گی۔ ادب بھی اگر خواص کی ذہنی عیاشی کیلئے بطور خادم استعمال ہونے لگا تو پھر یہ المیہ ہو گا۔ منٹو اور فیض نے عام آدمی کا المیہ بیان کیا ہے لیکن دونوں کی تخلیقات کو اشرافیہ کی خدمت پر لگا دیا گیا ہے۔ یہ بلاشبہ سفاکی ہے۔
اگر ہم ان باتوں کا ادر اک کر سکیں تو معاشرتی تعمیر کے لیے ادب اور فنونِ لطیفہ سے وہ کام لے سکتے ہیں جو تیر و تفنگ سے نہیں لیا جا سکتا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments