محمد السید کی ''اسلامیت‘‘ اس وقت زیرِ بحث ہے۔ ایک طرف خوشی کے شادیانے بجائے جا رہے ہیں کہ پہلا مسلمان امریکی سینیٹ تک جا پہنچا۔ دوسری طرف واویلا ہے کہ پہلے السید کا ''اسلام‘‘ تو دیکھو! اس کے نظریات کو سمجھو۔ وہ تو ہم جنس پرستی کو بھی غلط نہیں کہتا۔ ایسے خیالات کے ساتھ کیا تم اسے مسلمانوں کا نمائندہ قرار دے سکتے ہو؟
یہ بحث اس وقت بھی اٹھی تھی جب ممدانی نیو یارک کے میئر منتخب ہوئے۔ ان کے نظریات بھی کم و بیش وہی ہیں جو السید کے ہیں۔ تاہم دونوں کے بہت سے خیالات ایسے بھی ہیں جن سے اکثریت کو اتفاق ہے۔ جیسے اسرائیل کے ظلم کی مذمت۔ ایران پر امریکی حملے اور جناب خامنہ ای کے قتل کی مذمت۔ صدر ٹرمپ کی مخالفت اور انہی کے لب و لہجے میں ان کو جواب دینا۔ یہ سب باتیں وہی ہیں جو سب پسند کرتے ہیں۔ یہ بات بھی اہم ہے کہ یہ حضرات صرف مسلمانوں کے ووٹوں سے منتخب نہیں ہوئے۔ دوسری شناخت رکھنے والوں نے بھی ان کی حمایت کی۔ گویا یہ رجحان دوسرے طبقات میں بھی پایا جاتا ہے۔ یہ خود بھی سب کو ساتھ لے کر چلنے کی بات کرتے ہیں۔ مذہب‘ اُن کی سیاست میں اس کے سوا کوئی معنی نہیں رکھتا کہ وہ مذہبی آزادی کا احترام کرتے ہوئے مذہب کو فرد کا ذاتی معاملہ سمجھتے ہیں۔
سوال یہ ہے کہ ان لوگوں کی پہچان کیا ہے؟ ہم موجود نظریاتی خانوں میں کیا انہیں کسی ایک مخصوص خانے میں ڈال سکتے ہیں؟ یہ عمومی شہرت میں بائیں بازو والے ہیں لیکن اس کے ساتھ چین کے بھی مخالف ہیں۔ تاہم یہ روس کی طرف کچھ جھکاؤ رکھتے ہیں۔ سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف ہیں لیکن روس کو پسند کرتے ہیں۔ اپنے مسلمان ہونے پر شرمندہ نہیں لیکن خود کو اسلام کی کسی خاص تعبیر سے وابستہ نہیں کرتے۔ وہ مذہب کو فرد کا ذاتی معاملہ قرار دیتے ہیں۔ ان کی شخصیات اور خیالات‘ مختلف افکار‘ رجحانات اور تصورات کا ملغوبہ ہیں۔ اس ملغوبے کو کیا ہم کوئی خاص عنوان دے سکتے ہیں؟
میں اس سے ملتا جلتا رجحان پاکستان میں بھی دیکھتا ہوں۔ اس حوالے سے تحریک انصاف اور عمران خان صاحب کی شخصیت مطالعے کا ایک دلچسپ موضوع ہیں۔ خان صاحب سے وابستہ لوگ مختلف نظریات اور رجحانات کے حامل ہیں۔ ان میں وہ بھی ہیں جو جدید تعلیمی اداروں کے فارغ التحصیل ہیں اور وہ بھی جو مدرسے کے پڑھے ہوئے ہیں۔ عبادت گزار اور مذہبی افراد بھی ان کی حمایت میں کھڑے ہیں اور لبرل و آزاد منش بھی۔ بظاہر ان لوگوں میں کچھ مشترک نہیں۔ لیکن عمران خان صاحب پر یہ سب متفق ہیں۔ ان کی سیاست اچار کی صورت اختیار کر چکی ہے۔ سبز مرچ بھی ہے اور گاجر بھی۔ آم بھی اور کریلے بھی۔
یہ رجحان ماضی سے بہت مختلف ہے۔ بیسویں صدی نظریات کی صدی تھی۔ دنیا میں نظریات کی بنیاد پر ایک واضح تقسیم تھی۔ کسی کے نزدیک ایشیا سرخ تھا اور کسی کے خیال میں سبز۔ کہیں دو رنگ ملتے نہیں تھے۔ سوویت یونین کے انہدام کے بعد یہ تقسیم باقی نہیں رہی۔ دنیا یک رنگ ہو گئی۔ یہ سرمایہ داری کا رنگ تھا۔ سب اس رنگ میں رنگے گئے۔ بقا کی واحد صورت یہی تھی جس کو اختیار کرنا مجبوری بن گیا۔ اکیسویں صدی کے آغاز تک یہی رنگ نمایاں رہا۔ مختلف معاشروں کی تہہ میں مگر اس جبر کے خلاف اضطراب تھا۔ اس اضطراب میں مقامی رنگ بھی شامل تھے۔ اس پس منظر میں سیاسی افق پر ٹرمپ‘ مودی اور عمران خان جیسے کردار نمودار ہوئے۔ انہوں نے موجود نظاموں کو چیلنج کرنا شروع کیا۔ سب نے اپنے اپنے سماج کے کسی ایک غالب رنگ کو اپنا لیا لیکن ہم رنگ ہونے کا تاثر دیا۔ ٹرمپ نے خود کو سفید فام امریکیوں کا نمائندہ بنا کر پیش کیا۔ مودی نے انتہا پسند ہندو عصبیت کا علم اٹھایا۔ عمران خان صاحب نے مذہبی ٹچ دیا اور ''ریاست مدینہ‘‘ کا جھنڈا اٹھا لیا۔ ان جھنڈوں تلے وہ سب جمع ہو گئے جو اپنی قیادت کے ساتھ ہم رنگ نہیں تھے۔ مودی کی حمایت بھارتی نیشنلسٹ طبقے نے بھی کی۔ عمران خان صاحب کے ساتھ وہ بھی کھڑے ہوئے جو کسی ''ریاست مدینہ‘‘ کے حق میں نہیں تھے۔ یہ محض اتفاق ہے کہ عمران خان صاحب کے حامیوں کی اکثریت ابتدا میں ٹرمپ کی حامی تھی۔ یہ ان کرداروں میں پائی جانے والی مماثلت کا غیر شعوری اظہار تھا۔ کیا متنوع رجحانات کے اس مجموعے کو کوئی ایک نام دیا جا سکتا ہے؟
یہ سوال مجھے ''پوسٹ ماڈرن ازم ‘‘ کی طرف لے جاتا ہے۔ بیسویں صدی میں جو نظریات وجود میں آئے۔ مذہبی ہوں یا غیرمذہبی‘ ان کی تشکیل ''جدیدیت‘‘ کے زیر اثر ہوئی۔ جدیدیت کی ایک خصوصیت زندگی کو ایک منضبط اکائی کے طور پر دیکھنا ہے۔ یہ سائنسی انقلاب کا ناگزیر نتیجہ تھا۔ سائنس ریاضی کی زبان میں کلام کرتی ہے۔ دو اور دو چار ہوتے ہیں۔ یہ پونے چار یا سوا چار نہیں ہو سکتے۔ اسی کے زیر اثر سماج کو بھی سمجھا گیا۔ یوں انسان اور زندگی کو نظاموں کا پابند بنا دیا گیا۔ سیاسی نظام‘ معاشی نظام۔ اس طرح ریاست کو بھی ایک خاص تعریف میں قید کر دیا گیا۔ یہ جدیدت کا جبر تھا کہ اداروں کے ساتھ خیالات کو بھی سٹرکچر کا اسیر بنا دیا گیا۔
اس غلبے کے خلاف بغاوت ہوئی۔ پوسٹ ماڈرن نظام اس بغاوت کا اظہار ہے۔ اس لیے اسے Post Structuralism بھی کہتے ہیں۔ اس نظریے کے مطابق لازم نہیں ہر چیز کی کوئی باضابطہ صورت ہو۔ سیاست ضروری نہیں کہ کسی ایک نظریاتی سانچے کی پابند ہو۔ معیشت کا سرمایہ دارنہ‘ اشتراکی یا اسلامی ہونا بھی ضروری نہیں۔ پوسٹ ماڈرن ازم دراصل سٹرکچر کو توڑنے کا نام ہے۔ آج دنیا میں یہی ہو رہا ہے۔ ممدانی اور السید کو کسی ایک نظریاتی خانے میں نہیں ڈالا جا سکتا۔ وہ پوسٹ ماڈرن ازم کے نمائندہ ہیں۔ وہ سب رنگ لیے ہوئے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے چاہنے والوں میں بھی ایک تنوع ہے۔ وہی جو ہم یہاں عمران خان صاحب کے مداحوں میں دیکھتے ہیں۔ ان سے وابستہ لوگوں میں اختلاف کے ساتھ یک رنگی بھی ہے اور وہ ہے موجودہ نظام سے بیزاری۔ یہ بیزاری اس نظریاتی وابستگی پر غالب آ گئی ہے جو ہمیں بیسویں صدی میں دکھائی دیتی تھی۔ عالمی سطح پر دیکھیے تو امریکہ اور اسرائیل سے بیزاری‘ مقامی سطح پر سیاسی جماعتوں اور ریاست کے سیاسی کردار سے بیزاری۔ یہ بیزار سیاست کا اظہار ہے۔ اس رجحان میں ایک مشترکہ خصوصیت ہے؛ ہیجان اور انتہا پسندی۔ اس میں معاملات کو گہرائی میں جا کر سمجھنے کی کوشش نہیں ہوتی۔ یہ ایک بے ساختہ ردعمل ہے۔ آپ گرمی سے بیزار ہوئے تو اچانک فیصلہ کیا اور بیگ اٹھا کر پہاڑی علاقوں کو چل نکلے۔ یہ جانے بغیر کہ راستہ کیسا ہے۔
کیا یہ درست سمت میں ایک پیش قدمی ہے؟ کیا یہ رجحان دیرپا ہے؟ جب ایک سٹرکچر ٹوٹتا ہے تو نیا سٹرکچر وجود میں آتا ہے یا اس کے عناصر ترکیبی تادیر بکھرے رہتے ہیں؟ کیا تنظیم سماج کی ناگزیر ضرورت ہے؟ یہ سوالات اس وقت میرا موضوع نہیں۔ میں نے اپنے تئیں یہ جاننے کی کوشش کی ہے کہ دنیا میں آنے والی ان تبدیلیوں کا مآخذ کیا ہے۔ ان کرداروں میں جو بظاہر مختلف بھی ہو سکتے ہیں‘ کوئی مماثلت کیا ہے؟ تنقید سے پہلے تفہیم لازم ہے۔ اگر یہ تجزیہ درست ہے تو پھر اگلا سوال یہ ہو گا کہ اس سے کیا امیدیں وابستہ کی جا سکتی ہیں؟ اس پر ان شاء اللہ پھر بات ہو گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments