"KNC" (space) message & send to 7575

فکرِ اقبال اور جدید ذہن کے سوالات

علامہ اقبال نے فرمایا تھا:
جہانِ تازہ کی افکارِ تازہ سے ہے نمود
اقبال کو دنیا سے رخصت ہوئے نو دہائیاں ہو نے کو ہیں۔ اُن کے اپنے افکار کی روشنی میں‘ آج کے انسان کے لیے اُن کا فکر کیسے راہنما ہو سکتا ہے جو نوے برس پرانا ہے؟ اس دوران میں ایک نئی دنیا وجود میں آ چکی۔ آج ہمیں فکرِ تازہ کی ضرورت ہے۔ اگر یہ بات درست ہے تو نئی نسل سے اقبال شناسی یا اقبال وابستگی کا مطالبہ کیوں؟
کیا یہ سرکار کی سرپرستی ہے جس نے اقبال کو زندہ ر کھا ہوا؟
چنددن پہلے قائداعظم یونیورسٹی کے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف پاکستان سٹڈیز میں یومِ اقبال کی ایک تقریب ہوئی۔ پی ایچ ڈی کے طلبہ و طالبات سے مکالمے کا موقع ملا تو انہوں نے یہ سوالات اٹھائے۔ یہی سوالات اس کالم کا موضوع ہیں۔ مجھے خوشی ہوئی کہ نئی نسل سنجیدہ سوالات بھی اٹھا رہی ہے۔ جامعات‘ دنیا بھر میں علم کے مراکز سمجھے جاتے ہیں۔ ایسے مراکز جہاں علم تخلیق ہوتا ہے۔ موجود علم کا تنقیدی مطالعہ ہوتا ہے اور اگلے مرحلے میں‘ سماج جدید علم اور تحقیقی مطالعے سے استفادہ کرتا ہے۔ یوں معاشرہ فکری ارتقا کے مراحل طے کرتا ہے۔ ہمارے ہاں جامعات میں ایسی روایت مستحکم نہیں ہو سکی۔ ریاست ہو یا پریشر گروپس‘ سب مل کر جامعات پر اپنا تسلط قائم کرنا چاہتے ہیں۔ طالب علم سوال نہیں کر سکتا۔ کوئی اسے مذہب کا باغی قرار دیتا ہے اور کوئی ریاست کا۔ مذہب اور ریاست کے خود ساختہ نمائندوں نے جبر کی ایسی فضا قائم کر رکھی ہے کہ نوجوان سوال اٹھانے سے ڈرتے ہیں۔
یومِ اقبال کی تقریب میں شریک ہو کر مجھے اندازہ ہوا کہ کوئی سوال ایسا نہ تھا جس کا جواب موجود نہ ہو۔ پھر یہ کہ اگر ایک سوال کا جواب نہیں ہے تو کسی طالب علم کو یہ اسائنمنٹ دی جا سکتی ہے کہ وہ اسے تلاش کرے۔ علم کی روایت اسی طرح آگے بڑھتی ہے۔ طالب علم کا ریاست اور اپنی علمی روایت پر اعتماد پیدا ہوتا ہے۔ علامہ اقبال ہی کی مثال لے لیجیے۔ ان کی نجی زندگی اور افکار کے بارے میں جو اعتراضات اٹھائے گئے‘ ان کے جوابات فراہم کیے جا چکے۔ ڈاکٹر ایوب صابر مرحوم کے علاوہ بھی بہت سوں نے اس پر کام کیا ہے۔ پھر یہ کہ معصومیت کا دعویٰ نہ اقبال کو تھا نہ ان کے مداحوں کو۔ کسی انسان کی عظمت اس میں نہیں کہ اس نے ہر سوال کا جواب دے دیا ہے۔ اس کی بڑائی اس میں ہے کہ اس نے علمی روایت کو آگے بڑھایا ہے۔
اقبال کا اصل کارنامہ یہ ہے کہ انہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک منہجِ فکر دیا۔ انہوں نے خطبات کے دیباچے میں یہ واضح کر دیا ہے کہ ان کے پیشِ نظر دو باتیں ہیں۔ ایک یہ کہ مذہب ایک باطنی واردات ہے۔ بعض طبیعتوں میں یہ صلاحیت نہیں ہوتی کہ وہ باطنی تجربے کو بھی اسی طرح شخصی تجربے میں ڈھال سکیں جیسے وہ علم بالحواس سے ماخوذ واردات کو ڈھال لیتے ہیں۔ ان کے خیال میں جو صحیح قسم کے سلسلہ ہائے تصوف ہیں‘ انہوں نے اس کی کامیاب کوشش کی مگر دورِ جدید میں‘ اس روایت کے وارث یہ صلاحیت نہیں رکھتے کہ وہ جدید ذہن کو سامنے رکھتے ہوئے‘ ایک ایسا منہج تشکیل دے سکیں جو اس باطنی واردات کو اس ذہن کے لیے قابلِ قبول بنا سکے۔ جب تک ہم ایسا منہج تشکیل نہیں دے سکتے‘ ہمیں مذہبی علم کو سائنس کی زبان میں سمجھنا اور بیان کرنا ہے۔ وہ اپنے خطبات کو اسی نوعیت کی ایک کاوش قرار دیتے ہیں۔
دوسری بات یہ کہ فلسفیانہ غور و فکر میں کوئی بات حرفِ آخر نہیں ہوتی۔ اقبال کا کہنا ہے کہ میں جو نظریہ ان خطبات میں پیش کر رہا ہوں‘ اس سے کہیں بہتر نظریات آنے والے وقت میں سامنے آئیں گے۔ ہمارا کام یہ ہے کہ ہم نقد وجرح کے ساتھ فکرِ انسانی کے اس ارتقا پر نظر رکھیں۔ گویا قبولیت اور عدم قبولیت کا فیصلہ علم و عقل کے پیمانے پر پرکھ کر کیا جائے۔ ان دونوں باتوں کا حاصل یہ ہے کہ علامہ اقبال کے نتائجِ فکر سے اختلاف ممکن ہے کہ ان کا تعلق زمان ومکان سے ہے۔ تاہم انہوں نے جو اصول متعین کیے ہیں‘ وہ آفاقی ہیں اور یہی بات اقبال کو آج کے دور سے متعلق کرتی ہے۔
علامہ اقبال کی فکر اگر آج بھی ایک زندہ فکر ہے تو اس کا ایک سبب اور بھی ہے۔ وہ علم وتزکیے کے جن سرچشموں سے فیضیاب ہوئے ہیں‘ وہ آفاقی ہیں۔ انہوں نے خود کو قرآن مجید اور سیدنا محمدﷺ سے وابستہ کیا ہے۔ یہ زمان و مکان سے ماورا‘ تاقیامت انسانوں کی راہنمائی کا ذریعہ ہیں۔ تاہم اُن کی تعبیرات زمانی ہو سکتی ہیں۔ جیسے اقبال نے اپنے دور میں علم بالحواس اور مذہبی تجربات میں مطابقت کی بات کی۔ سائنس اب وہ نہیں رہی جو اقبال کے دور میں تھی۔ کوانٹم فزکس نے ایک نئی دنیا کی بنیاد رکھ دی ہے۔ اس کائنات کا انتہائی گہرا (Micro) مطالعہ ہمیں جن نتائج تک پہنچاتا ہے‘ وہ ان سے مختلف ہیں جو عمومی مشاہدے اور تجربے کا حاصل ہیں۔ قدیم فزکس کی بنیاد پر یقینی نتائج کے حصول کا دعویٰ کیا جا سکتا تھا جبکہ کوانٹم فزکس میں یقین کے بجائے امکانات ہیں۔ یوں جانیے کہ ایک ٹینس بال کی حرکت کے بارے میں بتایا جا سکتا ہے کہ کیسے اور کہاں ختم ہو گی۔ ایک الیکٹران کی حرکت کے بارے میں پیش گوئی کرنا مشکل ہے۔ لہروں کا سفر پارٹیکل کے سفر سے مختلف ہے۔ گویا علم بالحواس‘ اب مطالعۂ کائنات میں ایک ایسی منزل ہے‘ انسان جس سے گزر چکا۔ آج اگر علم بالوحی کا تقابل ہو گا تو وہ اس علم سے ہو گا جو کوانٹم فزکس کی دین ہے۔
اس تبدیلی کو سمجھ لیا جائے تو اس عہد کے ساتھ اقبال کے نظریات کا تعلق سمجھا جا سکتا ہے۔ یہی بات 'خطبات‘ کے دیباچے میں بھی کہی گئی ہے۔ آج کے دور سے اقبال کا تعلق وہی ہے جو قدیم فقہا کا موجودہ عہد سے ہے۔ وہ ہمارے علمی سفرکا ایک اہم پڑاؤ ہیں اور اس حوالے سے تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔ پھر یہ کہ وہ جس حوالے (Frame of Reference) میں کھڑے ہیں‘ وہ زندہ وپائندہ ہے جو اُن کو کبھی مرنے نہیں دے گا۔ ان کی آرا البتہ آج کے دور میں قابلِ قبول ہو سکتی ہیں اور رد بھی کی جا سکتی ہیں۔ دونوں صورتوں میں ان کی قدر ومنزلت میں کوئی فرق نہیں آئے گا۔ اقبال پر تنقید کا دروازہ کھلا ہے مگر یہ کام وہی کرے جو اس کی اہلیت رکھتا ہو۔ جو اقبال کے فکری کینوس کی وسعت کا ادراک رکھتا ہو۔
اب آئیے دوسرے سوال کی طرف۔ اقبال اگر آج زندہ ہیں تو اپنی علمی وفکری وجاہت کی وجہ سے۔ سرکاری سرپرستی سے تو ان کو نقصان ہوا۔ ریاست نے عملاً ان کے افکار کو قبول نہیں کیا۔ وہ اجتہاد کو جس زندہ روایت کے طور پر دیکھتے تھے‘ اس کو کبھی نہیں اپنایا گیا۔ پارلیمنٹ کو انہوں نے اجماع کا متبادل بتایا مگر ہم اسے یہ مقام نہیں دے سکے۔ ریاستی و اجتماعی سطح پر اقبال سے ہماری وابستگی ان بچوں کی طرح ہے جو ہر سال والدین کی قبر پر نیا سنگِ مرمر لگا دیتے ہیں مگر ان کی نصیحت پر عمل کے لیے آمادہ نہیں ہوتے۔
قائداعظم یونیورسٹی کے طلبہ کے اٹھائے ہوئے سوالات نے سوچ و فکر کے عمل کو مہمیز دی۔ ان سے مل کر احساس ہوا کہ اگر اقبال اور قائداعظم پر ان کے ساتھ تنقیدی نشستیں ہوں تو نہ صرف ان شخصیات کے ساتھ ان کی محبت میں اضافہ ہو گا بلکہ وہ ان کے افکار کو بہتر انداز میں آگے بڑھا سکیں گے۔ اس کے لیے جامعات میں آزاد علمی فضا کا قیام لازم ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...