یوں تو انسان زمین کا باسی ہے اور کششِ ثقل اسے اپنے ساتھ باندھے رکھتی ہے‘ کہیں جانے نہیں دیتی لیکن حضرت انسان مسلسل اس بندھن سے آزاد ہونے کا عزم ظاہر کرتا رہا ہے۔ یہ عزم ہی انسان کو کائنات کی وسعتوں‘ بلندیوں اور گہرائیوں میں جھانکنے کے اسباب فراہم کرتا رہا ہے۔ آگے بڑھنے اور ترقی کرنے کے مواقع پیدا کرتا رہا ہے۔ علامہ اقبال نے کہا تھا:
ستاروں سے آگے جہاں اور بھی ہیں
ابھی عشق کے امتحاں اور بھی ہیں
آج انسان اگر ہمسایہ سیاروں پر کمندیں ڈال رہا ہے اور ستاروں سے آگے کے جہانوں کی دور بینی کر رہا ہے تو اس کے پیچھے وہی عزم اور عشق کارفرما ہیں۔ انسان کی پرواز کا آغاز زمین سے ہوتا ہے مگر اس کی منزل ہمیشہ آسمان سے آگے رہی ہے۔ خواب دیکھنے والی قومیں کبھی اپنی حدود پر قناعت نہیں کرتیں‘ وہ سمندروں کو عبور کرتی ہیں‘ پہاڑوں کو سر کرتی ہیں اور بالآخر ستاروں کو مسخر کرنے کا ارادہ باندھ لیتی ہیں۔ پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی کا دو چینی خلا بازوں کے ہمراہ چین کے خلائی سٹیشن تیانگونگ میں داخل ہونا بظاہر ایک سائنسی خبر ہے لیکن اس کے باطن میں ایک پوری قوم کے خواب‘ آرزوئیں‘ امنگیں‘ امیدیں اور امکانات پوشیدہ ہیں۔
فروری 2025ء میں پاکستان اور چین کے خلائی اداروں نے پاکستانی خلا بازوں کی تربیت اور چین کے خلائی سٹیشن کیلئے قائم مشن میں شرکت کا معاہدہ کیا تھا۔ اس پروگرام کے تحت دو پاکستانی امیدواروں نے تربیت حاصل کی اور بالآخر محمد ذیشان علی کا انتخاب عمل میں آ گیا۔ یہ ایک فرد کی کامیابی ضرور ہے مگر اس کا تعلق ایک ملک‘ ایک قوم سے بھی ہے۔ ایسے ملک سے اور ایسی قوم سے جس کے نوجوانوں میں صلاحیت کی کمی نہیں‘ مواقع کی کمی ضرور رہی ہے۔ علامہ اقبال نے ایسے ہی موقع کیلئے کہا تھا:
نہیں ہے ناامید اقبال اپنی کشتِ ویراں سے
ذرا نم ہو تو یہ مٹی بہت زرخیز ہے ساقی
ایک نوجوان پاکستانی کا خلا میں پہنچنا ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہماری قوم کی پرواز ابھی ختم نہیں ہوئی۔ محمد ذیشان علی کی یہ عظم جست اس حقیقت کا اظہار ہے کہ اگر پاکستانی قوم کو مواقع‘ وسائل اور درست سمت میسر آئے تو وہ دنیا کے کسی بھی میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکتی ہے۔ یہ پاکستان کیلئے اپنے سائنسی علم کو عالمی سطح پر آزمانے کا ایک اہم موقع تھا‘ الحمدللہ جس میں ہمارا ملک سرخرو ٹھہرا۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ پاکستان نے عالمی برادری میں اپنی صلاحیتوں کو آزمایا اور منوایا ہے۔ پاکستان کی 78 سالہ مختصر سی تاریخ پر نظر ڈالیں تو یہ حقیقت سامنے آتی ہے کہ اس قوم نے محدود وسائل کے باوجود کئی ایسے سنگ میل عبور کیے ہیں جنہوں نے بین الاقوامی برادری میں اس کی واضح اور منفرد شناخت قائم کی۔ 28مئی 1998ء کو پاکستان نے کامیاب جوہری تجربات کر کے دنیا کی ساتویں اور مسلم دنیا کی پہلی ایٹمی طاقت ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ یہ سائنسی تحقیق‘ انجینئرنگ اور قومی عزم کا ایک بڑا مظاہرہ تھا۔ پاکستان نے 1961ء میں Pakistan Space & Upper Atmosphere Research Commission قائم کر کے اپنی خلائی تحقیق کی بنیاد رکھی۔ ایک سال بعد 1962ء میں رہبر اوّل راکٹ کا تجربہ پاکستان کے ابتدائی خلائی سفر کا اہم سنگ میل تھا۔ یہ راکٹ سات جون 1962ء کو شام سات بج کر 53 منٹ پر بلوچستان کے ساحلی مقام سونمیانی سے فضا میں چھوڑا گیا تھا۔ یہ راکٹ بالائی فضا میں 130 کلومیٹر (80 میل) کی بلندی تک گیا۔ اس کے بعد بدر سیریز کے تجربات‘ پاک سیٹ اور جدید ریموٹ سینسنگ سیٹیلائٹس نے مواصلات‘ موسمیاتی معلومات‘ قدرتی وسائل اور زمینی نقشہ سازی کے شعبوں میں پاکستان کی صلاحیتوں کو آگے بڑھایا۔ بدر سیریز پاکستان کے پہلے مقامی طور پر تیار کردہ مصنوعی سیاروں کا سلسلہ تھا جسے سپارکو نے ڈیزائن اور تیار کیا تھا۔ اس سیریز کے تحت دو سیٹیلائٹس خلا میں بھیجے گئے تھے۔ پہلا بدر وَن 16 جولائی 1990ء کو اور بدر ٹو 10 دسمبر 2001ء کو خلا میں بھیجا گیا تھا۔ 2012ء میں اس پروگرام کو ختم کر کے اس کی جگہ پاکستان ریموٹ سینسنگ سیٹیلائٹ (PRSS) پروگرام شروع کیا گیا۔ اسی پروگرام کے تحت پاکستان کا تیار کردہ ایک قمری روور (Luner Rover)بھی چین کے چانگ ای 8 مشن کے ذریعے 2028ء میں چاند کی جانب بھیجے جانے کا منصوبہ ہے۔ قمری روور ایک ایسی خاص گاڑی ہوتی ہے جو چاند کی اوبڑ کھابڑ سطح پر چلنے اور وہاں تحقیق کرنے کیلئے بنائی جاتی ہے۔ یہ پاکستان کے لیے خلائی تحقیق میں محض شرکت نہیں بلکہ اپنی ٹیکنالوجی اور انجینئرنگ کی صلاحیتوں کو آزمانے کا موقع ہے۔ پاکستان نے بجلی کی پیداوار اور طبی و سائنسی تحقیق کیلئے جوہری ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا‘ جو توانائی کے متبادل ذرائع کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ پاکستان کی نوجوان نسل نے سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ‘ مصنوعی ذہانت‘ فری لانسنگ‘ سائبر سکیورٹی اور ڈیجیٹل کاروبار میں بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی حاصل کی ہے۔ یہ شعبہ کس تیزی سے ترقی کر رہا ہے اس کا اندازہ اس بات سے لگائیے کہ اکتوبر 2026ء میں آئی ٹی برآمدات 453 ملین ڈالر کی تاریخی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں‘ جو سالانہ بنیاد پر 17 فیصد اور ماہانہ بنیاد پر چار فیصد اضافہ ہے۔ اس طرح رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ میں مجموعی آئی ٹی برآمدات 1.7 ارب ڈالر ہو گئیں‘ جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں تقریباً 18 فیصد زیادہ ہیں۔
یہ سب کچھ معمولی نہیں تھا۔ محدود وسائل‘ سیاسی عدم استحکام اور معاشی مشکلات کے باوجود پاکستان نے ایسے سنگ میل عبور کیے جن کیلئے دوسری قوموں کو طویل عرصہ درکار ہوتا ہے۔ ایٹمی صلاحیت حاصل کرنے والی قوم اگر تعلیم‘ تحقیق‘ صنعت اور ٹیکنالوجی میں بھی اسی تسلسل کے ساتھ آگے بڑھتی تو آج اس ملک کی تصویر کچھ اور ہوتی۔ جو قوم ایٹمی ٹیکنالوجی میں مہارت حاصل کر سکتی ہے‘ وہ جدید سیمی کنڈکٹرز‘ مصنوعی ذہانت‘ روبوٹکس اور خلائی ٹیکنالوجی میں بھی آگے بڑھ سکتی ہے‘ اس کیلئے کون سا چیلنج کٹھن اور ناممکن ہو سکتا ہے؟ شرط صرف یہ ہے کہ قومی ترجیحات واضح ہوں اور ادارے افراد کے بجائے نظام کے تابع ہوں۔ اسی لیے ایک سوال بار بار ذہن میں ابھرتا ہے کہ ہم نے اپنی ان کامیابیوں کو مستقل ترقی کی بنیاد کیوں نہیں بنایا؟ کیا وجہ ہے کہ ہمیں اپنے معاملات کیلئے دوسروں کے آگے دست طلب دراز کرنا پڑتا ہے۔ ٹریلینز آف ڈالر کے معدنی اور قدرتی وسائل کے حامل ہونے کے باوجود ہم تہی داماں سے کیوں ہیں؟
اب جبکہ پاکستان نے خلائی دوڑ میں ایک نیا سنگ میل عبور کیا ہے تو ضروری ہے کہ ہم اپنے بچوں کو صرف یہ نہ بتائیں کہ ایک پاکستانی خلا میں پہنچ گیا ہے بلکہ انہیں یہ بھی بتائیں کہ اس مقام تک پہنچنے کیلئے برسوں کی تربیت‘ تعلیم‘ نظم و ضبط اور محنت درکار ہوتی ہے۔ پاکستان نے ایٹمی سائنس میں اپنی صلاحیت منوائی‘ میزائل ٹیکنالوجی میں پیش رفت کی‘ مصنوعی سیارے خلا میں بھیجے اور اب انسان کے خلائی سفر کی تاریخ میں اپنا نام درج کرا لیا ہے۔ یہ تمام سنگ میل ہمیں مستقبل کیلئے ایک بڑا خواب دیکھنے کا حوصلہ دیتے ہیں۔ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان کا اگلا خلا باز کسی دوسرے ملک کی سرزمین سے تربیت حاصل کرنے کے بجائے پاکستان کے اپنے جدید خلائی تحقیقی اداروں میں تیار ہو‘ ہمارا اپنا خلائی جہاز ہو‘ ہماری اپنی جدید لیبارٹریاں ہوں اور ایک دن ایسا بھی آئے جب پاکستانی سائنس دان چاند اور مریخ کے تحقیقی مشنز کی قیادت کر رہے ہوں۔ ان شاء اللہ!
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments