کچھوے اور خرگوش کی کہانی تو آپ نے درجنوں بار پڑھی اور سنی ہو گی۔ آج میں آپ کو کچھوے اور انسان کی کہانی سناتا ہوں۔ پہلے یہ خبر پڑھیے کہ انسان اور کچھوے کی کہانی کا اس خبر کے ساتھ گہرا تعلق ہے۔
پچھلے دنوں برازیل کے سلگاڈو فلہو ایئرپورٹ پر ایک غیر معمولی واقعہ پیش آیا جس کی تفصیلات کچھ یوں ہیں کہ ازول ایئر لائنز کی پرواز اے ڈی 2885 پورٹو الیگری سے ریوڈی جنیرو کے لیے روانہ ہونے والی تھی۔ طیارہ ٹیکسی وے ڈیلٹا پر آگے بڑھ رہا تھا کہ پائلٹ کی نظر اچانک سامنے ڈیلٹا پر موجود ایک کچھوے پر پڑی جو اپنی مخصوص دھیمی رفتار سے ٹیکسی وے پر رینگ رہا تھا۔ پائلٹ نے فوری طور پر ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ کیا اور ریڈیو پیغام میں حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یقین کریں یا نہ کریں‘ ہمارے طیارے کے بالکل سامنے ٹیکسی وے ڈیلٹا پر ایک کچھوا موجود ہے۔ کنٹرول ٹاور نے صورتحال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے طیارے کو اسی جگہ رک جانے کی ہدایت کی اور ایئر پورٹ کی وائلڈ لائف مینجمنٹ ٹیم کو موقع پر طلب کر لیا تاکہ کچھوے کو بحفاظت وہاں سے محفوظ مقام پر منتقل کیا جا سکے۔ آپ سوچ رہے ہوں گے اتنی رحم دلی کے بعد کچھوے کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہو گا اور یوں یہ کہانی ختم ہو گئی ہو گی‘ لیکن یہ کہانی کا اختتام نہیں آغاز ہے۔
فلسطینی صحت حکام کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق سات اکتوبر 2023ء سے تاحال غزہ پر جاری اسرائیلی حملوں میں جاں بحق ہونے والے فلسطینیوں کی کل تعداد 74736 ہو چکی ہے۔ زخمی فلسطینیوں کی مجموعی تعداد 176194 ہے۔ حتیٰ کہ11اکتوبر 2025ء کو نافذ ہونے والی جنگ بندی کے بعد سے اب تک ہونے والے اسرائیلی حملوں میں بھی 1650 افراد جاں بحق اور 5975 زخمی ہو چکے ہیں جبکہ ملبے تلے سے 850لاشیں نکالی جا چکی ہیں اور جاری جھڑپوں اور ملبے تلے دبے افراد کی وجہ سے ان اعداد و شمار میں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ ہو رہا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ستمبر 2025ء میں اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کے ساتھ ملاقات کے بعد غزہ جنگ کے خاتمے کے لیے 20نکاتی امن منصوبہ پیش کیا تھا‘ جس کا مقصد فوری جنگ بندی‘ قیدیوں و یرغمالیوں کی رہائی‘ غزہ کی تعمیر نو اور عبوری انتظام طے کرنا تھا۔ ایک سال سے زیادہ عرصہ گزر جانے کے باوجود اس منصوبے پر پوری طرح عملدرآمد نہیں ہو سکا ہے۔ امسال ستمبر میں امدادی وسائل کی شدید کمی کے باعث عالمی پروگرام برائے خوراک نے مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینی خاندانوں کے لیے غذائی امداد نصف حد تک کم کر دی حالانکہ دو برس میں ان جنگ زدہ لوگوں کی ضروریات دوگنا سے بھی زیادہ بڑھ چکی ہیں۔ کچھوے پر رحم کھا کر چلتے جہاز کو بریک لگانے والے مغربی پائلٹ کے اپنے ملک اور اس ملک کے ارد گرد قائم دوسرے ترقی یافتہ ممالک میں سے کسی نے بھی یہ ہامی نہیں بھری کہ وہ اپنی خوراک کے استعمال کو کچھ بریک لگا کر غزہ کے انسانوں کی غذائی ضرورت پوری کریں گے‘ حتیٰ کہ کسی مسلم ملک نے بھی نہیں۔
ابھی کل ہی خبر آئی کہ عالمی عدالت نے روہنگیا مسلم کی نسل کشی پر میانمار کے خلاف تاریخی فیصلہ دیا ہے‘ یوں نو سال بعد قتل ہونے والوں کو انصاف مل گیا۔ کیا اس فیصلے سے قتل ہونے والے ہزاروں افراد میں سے کوئی ایک بھی واپس آ سکے گا؟ یاد رہے کہ 2017ء میں میانمار کی فوج نے ایک آپریشن کے تحت مسلم نسل کشی کی تھی جس کے خلاف مغربی افریقہ کے ملک گیمبیا نے مقدمہ دائر کرایا تھا۔ 2018ء کے ایک سروے پر مبنی مطالعے میں ہلاکتوں کا تخمینہ 25ہزار تک لگایا گیا تھا۔ میانمارکی فوج کے اس آپریشن کے باعث سات لاکھ 30 ہزار سے زائد روہنگیا مسلم جان بچا کر بنگلہ دیش میں پناہ لینے پر مجبور ہوئے تھے۔ اب بھی 13لاکھ سے زیادہ روہنگیا جنوبی اور جنوب مشرقی ایشیا میں بے گھر اور بے قرار ہیں۔ عالمی عدالت نے اپنے فیصلے میں حکم دیا ہے کہ میانمار کو متاثرین کی بحالی‘ تباہ شدہ اجتماعی املاک کی واپسی‘ لاپتا افراد کی تلاش اور ان کی جسمانی و نفسیاتی بحالی کے اقدامات کرنا ہوں گے۔ آپ کا کیا خیال ہے عالمی عدالت کے اس فیصلے پر برازیل کے سلگاڈو فلہو ایئرپورٹ کے ٹیکسی وے ڈیلٹا پر کچھوا دیکھنے کے بعد جہاز دوڑاتے پائلٹ اور ایئرپورٹ انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے اقدامات جتنی بھی کارروائی ہو گی؟ کیا عالمی برادری میانمار کی فوج کو اس عدالتی فیصلے پر عمل درآمد پر مجبور کر سکے گی؟
یہ تاریخ کا حصہ ہے کہ برطانوی استعماری دور میں برصغیر کے عوام کو معاشی‘ سماجی‘ سیاسی اور انسانی سطح پر شدید مظالم کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ برطانوی پالیسیوں‘ زبردستی نقد آور فصلوں کی کاشت اور اناج کی بھاری مقدار میں برآمدات کے باعث اس دوران برصغیر میں کئی شدید قحط آئے جن میں کروڑوں افراد بھوک اور بیماریوں سے ہلاک ہوئے۔ ان قحطوں میں 1943ء کا بنگال کا قحط بھی شامل ہے۔ یہ اکیلا قحط 30لاکھ انسانوں کی زندگیاں نگل گیا تھا۔ برطانوی حکومت نے اپنے فوجیوں اور جنگ میں مصروف دیگر افراد کے لیے چاول ذخیرہ کر لیے تھے جس کی وجہ سے یہ قحط پیدا ہوا۔ 1919ء میں امرتسر کے جلیانوالہ باغ میں نہتے اور پُرامن شہریوں کے اجتماع پر برطانوی فوج نے اندھا دھند گولیاں چلائیں‘ جس سے سینکڑوں افراد موقع پر جاں بحق اور ہزاروں زخمی ہوئے۔ 1857ء کی بغاوت کے بعد برطانوی افواج نے بڑے پیمانے پر گرفتاریاں کیں‘ پھانسیاں دیں اور گاؤں و بستیاں تباہ کیں۔ اس دور میں خاص طور پر مسلمانوں کو معاشی اور تعلیمی طور پر شدید دباؤ اور پسماندگی کا سامنا کرنا پڑا۔ برطانوی راج کے دوران بھاری ٹیکسوں اور تجارتی پالیسیوں کے ذریعے مقامی صنعتوں‘ خصوصاً ٹیکسٹائل اور دستکاری کو نقصان پہنچایا گیا اور وسائل برطانیہ منتقل کیے گئے۔ ماہرینِ معاشیات کے مطابق 1765ء سے 1938ء تک کے 173برسوں کے دوران 45کھرب ڈالر کے برابر دولت برصغیر سے برطانیہ منتقل کی گئی۔ اس سے بڑا کوئی ظلم ہو سکتا ہے؟ پہلی اور دوسری جنگ عظیم کے دوران برصغیر کے لاکھوں سپاہیوں کو بیرونی محاذوں پر بھیجا گیا‘ جن میں بڑی تعداد میں جانی نقصان ہوا۔ 1947ء کی تقسیم کے دوران اقتدار کی منتقلی اور سرحدوں کے تعین کے عمل کے دوران بڑے پیمانے پر نقل مکانی ہوئی جس میں لاکھوں افراد جان سے گئے اور کروڑوں بے گھر ہوئے‘ لیکن مغربی دنیا کے نزدیک برازیل کے سلگاڈو فلہو ایئرپورٹ پر ٹیکسی وے ڈیلٹا پر رینگتے کچھوے کی اہمیت اور حیثیت شاید بھوک اور کالے قوانین کی زد میں آ کر مرنے والے لاکھوں انسانوں سے زیادہ ہے‘ جو اس خبر کو اتنا بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا۔
اور یہ محض چند مثالیں ہیں‘ مشتے نمونہ از خروارے‘ ورنہ انسانی تاریخ ایسے واقعات‘ سانحات اور حادثات سے اٹی پڑی ہے جب انسان کی حیثیت ایک کچھوے سے بھی کم تر محسوس ہوتی نظر آتی ہے۔ کچھوا تو خرگوش سے ریس جیت گیا تھا لیکن حیثیت‘ اہمیت‘ افادیت‘ مقام‘ درجے میں انسان کچھوے سے ریس ہارتا نظر آتا ہے۔ حالات یہ ہے کہ جنگ کے حوالے سے جاری جمود کے باعث پوری دنیا کی معیشتیں تباہ ہو رہی ہیں اور عوام احتجاج اور خود کشیوں پر مجبور ہو رہے ہیں‘ لیکن دنیا کے اربابِ بست وکشاد میں ایسا سکون پایا جاتا ہے جیسے کچھ ہوا ہی نہ ہو۔ جیسے کچھ ہو ہی نہ رہا ہو۔ پوری انسانی آبادی کچھوے بن جائے تو ممکن ہے ان کی حیثیت اور مقام میں کچھ بہتری پیدا ہو جائے‘ ورنہ تو حالات بدلتے نظر نہیں آتے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments