"IYC" (space) message & send to 7575

بے چارہ درمانہا

میں ڈاکٹر نہیں ہوں‘ نہ ہی حکیم ہوں‘ اتائی بھی نہیں ہوں۔ اس کے باوجود میڈیکل کے شعبے سے وابستہ چیزوں میں میری دلچسپی وقت کے ساتھ بڑھی ہے۔ یہ میڈیکل فیکٹ ہمیشہ میرے ذہن میں سوال اٹھاتا رہا ہے کہ نظر نہ آنے والے جرثومے انسانی جسم میں شکست و ریخت اور جان لیوا بیماریوں کا باعث کیسے بنتے ہیں اور پھر ادویات ان جراثیم کی پھیلائی گئی بیماریوں کا علاج کیسے ثابت ہوتی ہیں؟ میڈیکل کی اس جہت میں میری دلچسپی ہی آج کے کالم کی وجہ ہے۔ ویسے بھی آج جب میں یہ کالم ضبطِ تحریر میں لا رہا ہوں تو پوری دنیا میں اینٹی مائیکروبیل ریزسٹنس کے بارے میں آگہی بڑھانے کے ہفتے کا آغاز ہوا ہے‘ یعنی اس موضوع پر آگاہی بڑھانے کی مہم پورا ہفتہ جاری رہے گی۔
اینٹی مائیکروبیل ریزسٹنس (Antimicrobial Resistance) یعنی جراثیم کُش مادوں یا ادویات کے خلاف مزاحمت ایک ایسا بائیولوجیکل عمل ہے جس نے میڈیکل کی دنیا کو نئے چیلنجز سے دوچار کر دیا ہے۔ اینٹی مائیکروبیل ریزسٹنس اس وقت پیدا ہوتی ہے جب بیماری پھیلانے والے جراثیم جیسے بیکٹیریا‘ وائرس‘ فنگس اور دوسرے یونی سیلولر پیراسائٹ وقت کے ساتھ اپنے اندر تبدیلیاں پیدا کر لیتے ہیں اور ان ادویات کا اثر قبول کرنا بند کر دیتے ہیں جو انہیں ختم کرنے کے لیے بنائی گئی ہوتی ہیں۔ اس تبدیلی کے نتیجے میں عام ادویات بے اثر ہو جاتی ہیں اور ان جرثوموں سے بننے والے انفیکشن کا علاج انتہائی مشکل یا بعض اوقات ناممکن ہو جاتا ہے۔ عالمی ادارۂ صحت نے اینٹی مائیکروبیل ریزسٹنس کو دنیا بھر میں صحت عامہ کے لیے سب سے بڑے خطرات میں سے ایک قرار دیا ہے۔
ذہن میں یہ سوال ابھرنا قدرتی ہے کہ جراثیم میں اینٹی مائیکروبیل ریزسٹنس کیسے پیدا ہوتی ہے؟ اس کا جواب یہ ہے کہ جب جراثیم بار بار ادویات (اینٹی بائیوٹکس) کے رابطے میں آتے ہیں تو ان میں زندہ رہنے کی صلاحیت بڑھنے لگتی ہے۔ اس کی چند بڑی وجوہ یہ ہیں: ادویات کا غیر ضروری استعمال۔ ڈاکٹر کے مشورے کے بغیر خود سے اینٹی بائیوٹکس کا استعمال (سیلف میڈیکیشن) جراثیم کو مضبوط بناتا ہے اور وہ پھر ان ادویات کو کچھ سمجھتے ہی نہیں ہیں جو انہیں مارنے اور ان کے پیدا کردہ انفیکشن ٹھیک کرنے کے لیے استعمال کی جاتی ہیں۔ طبیعت کچھ بہتر محسوس ہونے پر ڈاکٹر کی تجویز کردہ دوا وقت سے پہلے بند کر دینے سے بچ جانے والے طاقتور جراثیم دوا کے خلاف مدافعت پیدا کر لیتے ہیں۔ نزلہ‘ زکام یا فلو وائرس سے بننے والے انفیکشن ہیں ؛چنانچہ ان امراض میں مبتلا افراد کا دوا کے طور پر اینٹی بائیوٹکس کا استعمال بے فائدہ ثابت ہوتا ہے۔ اس کے باوجود اینٹی بائیوٹکس استعمال کی یا کرائی جاتی ہیں جس کا نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ ان ادویات کے استعمال سے جسم میں موجود جراثیم میں مزاحمت بڑھتی ہے۔ اینٹی بائیوٹکس کا بے جا استعمال ایک اور طریقے سے بھی انسانی زندگی کو متاثر کر رہا ہے۔ جانوروں کی نشوونما بڑھانے یا بیماریوں سے بچاؤ کے لیے اینٹی بائیوٹکس کے زیادہ استعمال سے ان جانوروں میں مزاحم جراثیم پیدا ہوتے ہیں جو ان جانوروں کو خوراک کے طور پر استعمال کرنے کے نتیجے میں انسانوں میں منتقل ہو سکتے ہیں۔
طبی ماہرین کے مطابق اینٹی مائیکروبیل ریزسٹنس کے انسانی صحت پر سنگین اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ معمولی انفیکشن جان لیوا بن جاتے ہیں۔ نمونیا‘ پیشاب کی نالی کے انفیکشن اور تپ دق یعنی ٹی بی جیسی بیماریاں قابلِ علاج نہیں رہتیں۔ مؤثر اینٹی بائیوٹکس کے بغیر عام آپریشن‘ اعضا کی پیوند کاری اور کیموتھراپی کے دوران انفیکشن کا خطرہ کئی گنا بڑھ جاتا ہے۔ تاریخِ انسانی بتاتی ہے کہ پینسلین کی دریافت سے پہلے معمولی سے انفیکشن‘ جیسے کہ گلے کی خرابی یا معمولی سا زخم بھی بڑھ کر جان لیوا ثابت ہو سکتے تھے۔ اینٹی بائیوٹکس نے کروڑوں انسانوں کی زندگیاں بچائیں لیکن وہی ادویات جو کبھی بیماریوں کا خاتمہ کرتی تھیں‘ اب غیر مؤثر ہوتی جا رہی ہیں۔ ماہرینِ طب کا ماننا ہے کہ اگر اس رجحان کو نہ روکا گیا تو آنے والے سالوں میں معمولی سی سرجری‘ دانت نکلوانے اور دانت کی فلنگ کروانے کے دوران ہونے والے زخم یا معمولی چوٹ بھی جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے۔ معاشی لحاظ سے بھی اس کے تباہ کن اثرات ہیں۔ لمبا علاج‘ مہنگی ادویات اور کام کرنے کی صلاحیت کا ضیاع عالمی معیشت کو اربوں ڈالر کا نقصان پہنچا رہا ہے‘ جس سے بالخصوص ترقی پذیر ممالک شدید متاثر ہو رہے ہیں۔
انسان طب کے لحاظ سے تباہی کے کس دہانے پر کھڑا ہے اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ پوری دنیا میں سالانہ مجموعی طور پر کم و بیش ایک لاکھ 20ہزار سے ایک لاکھ 60ہزار میٹرک ٹن اینٹی بائیوٹکس استعمال ہوتی ہیں۔ اس مجموعی وزن کا تقریباً دو تہائی یعنی 70فیصد کے قریب حصہ مویشیوں اور پولٹری کے شعبے میں استعمال ہوتا ہے جبکہ باقی حصہ انسانوں کے علاج کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ طبی ماہرین انسانی استعمال کو عموماً وزن کے بجائے ڈیفائنڈ ڈیلی ڈوز میں ناپتے ہیں جو حالیہ برسوں میں تقریباًً 49.3ارب یومیہ خوراکوں تک پہنچ چکا ہے۔ لائیو سٹاک اور انسانوں دونوں شعبوں میں چین‘ بھارت‘ برازیل اور امریکہ دنیا کے سب سے بڑے اینٹی بائیوٹک صارفین ہیں۔ ایک تحقیق کے مطابق اگر زرعی طریقوں میں تبدیلی نہ لائی گئی تو 2040ء تک صرف لائیو سٹاک میں اینٹی بائیوٹکس کا سالانہ استعمال ایک لاکھ 43ہزار ٹن سے تجاوز کر سکتا ہے۔
پاکستان میں بھی اینٹی بائیوٹیکس کا بے جا استعمال دوسرے ممالک سے کم نہیں ہے۔ اندازہ اس رپورٹ سے لگائیں کہ پاکستان میں 96.9فیصد فارمیسیاں اور میڈیکل سٹورز بغیر ڈاکٹر کے نسخے کے اینٹی بائیوٹکس فراہم کرتے ہیں جبکہ یہاں 51فیصد سے زائد لوگ بغیر کسی مستند معالج سے مشورے کے خود ہی اینٹی بائیوٹکس کا استعمال شروع کر دیتے ہیں۔ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ کے مطابق پاکستان میں 70فیصد سے زائد اینٹی بائیوٹکس کا استعمال غیر ضروری ہوتا ہے مثلاً عام نزلہ‘ زکام یا وائرل انفیکشن میں‘ جن میں ان ادویات کی کوئی ضرورت نہیں ہوتی۔ رپورٹوں کے مطابق پاکستان میں سالانہ تقریباً 25فیصد اموات ادویات کے غیرضروری اور بے جا استعمال کی وجہ سے ہوتی ہیں۔ ادویات کے بے جا استعمال کی وجہ سے جراثیم میں ان دواؤں کے خلاف مزاحمت پیدا ہو چکی ہے۔ متعدد خطرناک بیکٹیریا پر اب عام اینٹی بائیوٹکس بھی اثر کرنا چھوڑ چکی ہیں اور بیکٹیریل انفیکشنز کے علاج کیلئے ڈاکٹر زیادہ پوٹینسی والی اینٹی بائیوٹکس لکھ کر دینے پر مجبور نظر آتے ہیں۔
یہ طے ہے کہ اگر موجودہ اینٹی بائیوٹکس ناکام ہو گئیں یعنی جراثیم نے ان کے خلاف مکمل مزاحمت ڈویلپ کر لی تو دنیا کو ان نظر نہ آنے والے جانداروں کے پیدا کردہ انفیکشن ختم کرنے کے لیے اینٹی بائیوٹکس کی زیادہ اور بڑی خوراکیں لینا پڑیں گی یا پھر نئی اینٹی بائیوٹکس دریافت کرنا پڑیں گی جو موجودہ اینٹی بائیوٹکس کے خلاف مزاحم ہو چکے جراثیموں کو مؤثر طور پر ختم کر سکیں۔ یہ ایک دقیق کام ہو گا اور اس پر تحقیق کے لیے طویل عرصہ بھی لگے گا۔ نئی اینٹی بائیوٹکس کی دریافت اور جانوروں اور انسانوں پر ان کے تجربے اور پھر حتمی استعمال کا مرحلہ آنے میں برسوں لگ سکتے ہیں۔ اس لیے بہتر یہی ہے کہ ان نظر نہ آنے والے جانداروں کے خلاف قدرت نے اینٹی بائیوٹکس کی صورت میں ہمیں جو طاقت اور نعمت عطا کر رکھی ہے‘ اس کا احتیاط کے ساتھ استعمال کریں تاکہ اینٹی مائیکروبیل ریزسٹنٹ یک خلوی جانداروں کی تباہ کاریوں سے بچا جا سکے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...