ترکیہ میں اقوام متحدہ کی موسمیاتی کانفرنس کوپ 31 کے موقع پر کم وبیش 200 ممالک کے مندوبین بحیرہ روم کے کنارے واقع انطالیہ شہر میں اکٹھے ہوئے۔ ترکیہ ہی کے علاقے‘ پرگامون کے بادشاہ اٹالس دوم نے 150 قبل مسیح کے لگ بھگ جب انطالیہ شہر کی بنیاد رکھی تھی تو کسی کے وہم وگمان بھی نہ ہو گا کہ یہ بستی ہزاروں سال تک متعدد عظیم تہذیبوں کا سنگم رہے گی اور رومی‘ بازنطینی‘ سلجوق اور عثمانی سلطنتوں کے عروج و زوال کی گواہ بن جائے گی۔ کوپ 31 کانفرنس نے اس شہر کی تاریخی اہمیت کو مزید بڑھا دیا ہے۔ دنیا بھر کے ممالک کے نمائندے ایسے وقت پر یہاں جمع ہوئے جب کوششوں کے باوجود عالمی گرین ہائوس گیسوں کے اخراج میں کمی کے آثار نظر نہیں آ رہے جبکہ دوسری جانب جنگوں‘ مہنگائی اور دیگر عالمی بحرانوں کے باعث موسمیاتی تبدیلیاں بین الاقوامی برادری کی سیاسی توجہ کا مرکز نہیں رہیں اور عالمی توانائی میں بجلی کے استعمال کا تناسب بڑھانے اور فوسل فیول پر انحصار ختم کرنے کی کوششوں کو دوبارہ فعال کرنے کیلئے اتفاق رائے کی کوششوں کی ضرورت ماضی کی نسبت کہیں زیادہ شدت کے ساتھ محسوس کی جا رہی ہے۔
اقوام متحدہ کی گزشتہ ماہ جاری ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق دنیا پیرس معاہدے کے تحت‘ عالمی درجہ حرارت میں اضافے کو 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک محدود رکھنے کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔ اس کی بنیادی وجہ عالمی آلودگی کا باعث بننے والے ممالک کی جانب سے اس آلودگی کے خاتمے کے سلسلے اپنی ذمہ داریوں سے پہلوتہی کرنا ہے۔ امریکہ مسلسل دو برس سے موسمیاتی کانفرنسوں میں شریک نہیں ہو رہا۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2025ء میں اقتدار میں دوسری بار واپسی کے بعد امریکہ کو موسمیاتی تعاون سے الگ کر لیا تھا۔ اہداف کے حصول میں ناکامی میں ایک بڑا فیکٹر دنیا کی سپر پاور کا موسمیاتی تبدیلیوں کے بارے میں یہ غیر سنجیدہ رویہ اور طرزِ عمل بھی ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ کوئلے‘ تیل اور گیس جیسے فوسل فیولز سے کلین انرجی کی طرف منتقلی کے لیے واضح ٹائم لائن مقرر کریں۔ اگرچہ ایسی ٹائم لائنز اس سے پہلے بھی کئی بار مقرر کی جا چکی ہیں اور اصل مسئلہ ٹائم لائن مقرر کرنا نہیں بلکہ اس ٹائم لائن پر عمل درآمد کا ہے‘ جس کے لیے بھاری وسائل درکار ہیں اور وضع کی گئی پالیسیوں پر عمل درآمد کے لیے عزمِ صمیم بھی چاہیے۔ ہو یہ رہا ہے کہ دنیا کے متمول ترین افراد انسانی آبادی کو کنٹرول کرنے کے لیے تو ہر طرح کی سرمایہ کاری پر تیار نظر آتے ہیں لیکن موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات سے پیدا ہونے والے خطرات کی طرف ان کی توجہ کم ہی جاتی ہے۔
انطالیہ کانفرنس کے جاری ہونے والے اہم نکات اور اعلامیے کے مطابق عالمی حد حرارت کو صنعتی دور سے پہلے کے مقابلے میں 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک محدود رکھنے کے عزم کا ایک بار پھر اعادہ کیا گیا ہے اور اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ درجہ حرارت میں عارضی اضافے (Overshoot) کو جلد از جلد معکوس کیا جائے گا‘ یعنی واپس لایا جائے گا۔ عالمی سطح پر توانائی کے نظام کو تبدیل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت 2035ء تک عالمی سطح پر بجلی کے استعمال کی شرح کو 35 فیصد تک بڑھانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ میزبان ترکیہ کے ویژن کے مطابق زیرو ویسٹ کے اصول کو عالمی ماحولیاتی ایجنڈے کا بنیادی حصہ بنایا گیا ہے تاکہ فضلہ پیدا ہونے کی شرح میں نمایاں کمی لائی جا سکے۔ چند اہم اعداد وشمار ماحولیاتی بحران کی سنگینی کو واضح کرتے ہیں۔ گزشتہ چند برس تاریخ کے گرم ترین سال ریکارڈ کیے گئے ہیں‘ جہاں عالمی اوسط درجہ حرارت صنعتی دور سے پہلے کے مقابلے میں تقریباً 1.3 سے 1.4 ڈگری سینٹی گریڈ تجاوز کر چکا ہے۔ National Oceanic and Atmospheric Administration Home، ناسا کا GISTEMP اور Copernicus ERA5 دنیا کے تین سب سے بڑے اور مستند ترین موسمیاتی ڈیٹا سیٹس ہیں جو زمین کے درجہ حرارت اور موسمی تبدیلیوں کی نگرانی کرتے ہیں۔ یہ تینوں ادارے مختلف سائنسی طریقوں‘ سٹیلائٹس اور زمینی سٹیشنوں کے ذریعے گلوبل وارمنگ کا ریکارڈ مرتب کرتے ہیں۔ ان اداروں کے ڈیٹا کے مطابق 2024ء انسانی تاریخ کا سب سے گرم سال تھا۔ دوسرے نمبر 2025ء آتا ہے۔ 2026ء کا حتمی ڈیٹا ابھی آنا ہے‘ لیکن جیسی صورتحال ہے یعنی نومبر کا وسط ہو چلا ہے اور سردیاں ابھی تک پوری طرح شروع نہیں ہو سکیں‘ ایک ماہ سے گلابی جاڑے چل رہے ہیں‘ لگتا یہی ہے کہ 2026ء بھی انسانی تاریخ کے گرم ترین سالوں میں سے ایک ہو گا۔ ڈیٹا ہمیں یہ بھی بتاتا ہے کہ عالمی سطح پر کاربن ڈائی آکسائیڈ کا اخراج اب بھی بلند ترین سطح پر ہے اور سالانہ اربوں ٹن گیسیں فضا میں شامل ہو رہی ہیں جس سے گرین ہائوس اثرات میں شدت آ رہی ہے۔ دنیا بھر میں شدید موسمیاتی آفات کی وجہ سے ہر سال لاکھوں افراد بے گھر ہو جاتے ہیں اور معیشتوں کو سینکڑوں‘ ہزاروں ارب ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔ پاکستان میں 2022ء اور 2025ء کے تباہ کن سیلاب اس کی واضح مثالیں ہیں‘ جن کے سبب قومی پیداوار (جی ڈی پی) اور بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا۔ ترقی پذیر ممالک کو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات جیسے سیلاب‘ خشک سالی اور گلیشیرز کے پگھلائو جیسے مسائل سے نمٹنے کے لیے اربوں‘ کھربوں ڈالر کی ضرورت ہے جبکہ ترقی یافتہ ممالک کی طرف سے وعدہ کردہ فنڈز تاحال ناکافی ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے انطالیہ موسمیاتی تبدیلی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عالمی برادری پر واضح کیا کہ پاکستان کو 2035ء تک کم کاربن اور صاف بجلی کے نظام کی منتقلی کے لیے تقریباً 138 ارب ڈالر درکار ہوں گے۔ انہوں نے شمسی توانائی اور دیگر متعلقہ کلین انرجی کے اہداف و منتقلی کیلئے مزید فنڈز کی بھی ضرورت پر زور دیا۔ سوال اب بھی یہی ہے کہ کیا پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے بچانے کیلئے عالمی برادری وزیراعظم کی آواز پر کوئی ردعمل دے گی؟
موسمیاتی تبدیلیوں پر قابو پانے کیلئے آٹھ قابل عمل تجاویز اس طرح ہو سکتی ہیں: قابلِ تجدید توانائی کا فروغ‘ موسمیاتی فنانسنگ کے طریقہ کار کی اصلاح‘ اب تک کاٹے گئے جنگلات کی بحالی اور آئندہ مسلسل شجر کاری‘ زیرو ویسٹ اور ری سائیکلنگ پالیسیاں‘ پلاسٹک اور دیگر تلف نہ ہونے والے میٹریل پر پابندی‘ پائیدار زراعت کا قیام اور ڈرپ ایریگیشن‘ شہری منصوبہ بندی اور گرین بلڈنگز‘ عمارتوں میں توانائی کی بچت کے نظام کو لازمی قرار دینا اور پبلک ٹرانسپورٹ کو الیکٹرک گاڑیوں پر منتقل کرنا۔ قدرتی آفات سے بچائو کیلئے جدید ٹیکنالوجی پر مبنی قبل از وقت آگاہی کے نظام کو بہتر بنایا جائے تاکہ قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع روکا جا سکے۔ سکولوں اور یونیورسٹیوں کے نصاب میں موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی تحفظ کو لازمی مضامین کے طور پر شامل کیا جائے تاکہ نئی نسل ماحولیاتی اعتبار سے ذمہ دار بن سکے۔
وہ موسمیاتی کٹھنائیاں‘ انسان آج جن کا شکار ہے‘ اس کی اپنی پیدا کردہ ہیں۔ اس نے صنعتی ترقی کی دوڑ میں من مانی کرتے ہوئے قدرتی توازن کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی جس کا خمیازہ آج پوری دنیا بھگت رہی ہے۔ اس کو توازن کو ٹھیک کرنے کیلئے ہم انسانوں کو ہی متحرک ہونا پڑے گا۔ اس کی ابتدا طرزِ زندگی تبدیل کرنے اور فطرت کی طرف واپس آنے سے کرنا ہو گی۔ یہ سوچنے کا مقام ہے کہ ایک زمانے میں جس اوون‘ پلاسٹک بیگز‘ ٹوتھ پیسٹ‘ ریفائنڈ کوکنگ آئل‘ پلاسٹک برتنوں‘ نان سٹک کُک ویئر‘ ایئر فریشنرز اور خوشبو والی موم بتیوں‘ پروسیسڈ اور جنک فوڈ‘ سافٹ ڈرنکس‘ سفید چینی‘ ریفائنڈ آٹا‘ مصنوعی رنگ‘ اضافی ذائقے کیلئے استعمال ہونے والے کیمیکلز‘ کاسمیٹکس اور ہیئر سٹریٹننگ پروڈکٹس کا استعمال بڑے فخر سے کیا جاتا تھا۔ آج اس کے نقصانات پر بھاشن دیے جا رہے ہیں۔ یہی معاملہ موسمیاتی تبدیلیوں کا ہے۔ صنعتی ترقی تو ہم نے کر لی‘ اب اس کے منفی اثرات سہنے کی تاب ہم انسان اپنے اندر نہیں پاتے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments