دنیا میں بعض لوگ ایسے ہوتے ہیں جنہیں اپنی شخصیت پر اتنا اعتماد ہوتا ہے کہ وہ یہ سمجھنے لگتے ہیں کہ ان جیسا اور کوئی نہیں‘ اور اگر وہ دنیا میں پیدا نہ ہوتے تو پتا نہیں کیا ہو جاتا۔ امریکی سیاست میں ڈونلڈ ٹرمپ کا تعلق بھی اسی قبیلے سے محسوس ہوتا ہے۔ بزعمِ خود اُن کے اعتماد کا عالم یہ ہے کہ اگر کبھی ان سے پوچھا جائے کہ سورج مشرق سے کیوں نکلتا ہے تو شاید یہ جواب دیں: کیونکہ میں نے اسے ایسا کرنے کا مشورہ دیا‘ ورنہ وہ مغرب سے بھی نکل سکتا تھا۔ ان کی جانب سے آٹھ جنگیں بند کرانے کا دعویٰ کئی بار کیا جا چکا ہے۔ یہ بھی کہا گیا کہ اتنی جنگیں بند کرانے کے باوجود انہیں نوبیل انعام نہ دیا جانا ان کے ساتھ زیادتی ہے۔ ٹرمپ نے کہا تھا کہ انہیں نوبیل امن انعام نہ دینے کا فیصلہ شرمناک اور باعثِ خفت ہے اور اس سے ناروے پر ایسا داغ لگا ہے جو کبھی نہیں مٹے گا۔ وہ آٹھ جنگیں بند کرانے کی تو بات کرتے ہیں لیکن انہوں نے خود کتنی جنگیں شروع کرائیں‘ اور ان جنگوں کی وجہ سے کتنی انسانیت قتل ہوئی اور اب تیل کے راستوں کی بندش کی وجہ سے پوری دنیا میں جو کروڑوں‘ اربوں لوگ متاثر ہو رہے ہیں‘ اس کی طرف ان کا دھیان کم ہی جاتا ہے۔
یورپ کے مختلف ممالک میں امسال اکتوبر میں شروع ہونے والے ہنگامے اب تک جاری ہیں۔ مہنگائی‘ بیروزگاری‘ معاشی عدم مساوات اور تعلیمی بجٹ میں کٹوتی کے خلاف نوجوانوں اور عام شہریوں کی جانب سے بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے اور ہنگامے پھوٹ پڑے ہیں۔ فرانس اور جرمنی کے ساتھ ساتھ البانیہ‘ بلجیم‘ سپین اور اٹلی سمیت مختلف یورپی ممالک میں مہنگائی اور سماجی بے چینی کے خلاف مظاہرے دیکھنے میں آ رہے ہیں جبکہ عالمی سطح پر مہنگائی کے بڑھنے کی وجہ آبنائے ہرمز اور باب المندب کے بند ہونے کے باعث پٹرولیم مصنوعات کی ترسیل میں پیدا ہونے والا تعطل ہے جو دو ماہ سے زیادہ عرصے سے جاری ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی ترسیل میں رکاوٹ نے عالمی صنعت و زراعت اور وسیع تر تناظر میں پوری دنیا کی معیشت کو شدید خطرات سے دوچار کر دیا ہے۔ کورونا کی وجہ سے پیدا ہونے والی عالمی کساد بازاری کے اثرات ابھی ختم نہیں ہوئے تھے کہ پہلے روس یوکرین جنگ اور اب ایران امریکہ جنگ نے عالمی معیشت کو مزید غیر یقینی کا شکار بنا دیا ہے۔
خطے میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے سفارتی رابطوں کو تیز کیا گیا ہے‘ جس میں قطر اور پاکستان ثالثی کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق ایران کے ساتھ جنگ فوجی اعتبار سے عملًا ختم ہو چکی ہے اور وہ امریکی بحری ناکہ بندی سے مطمئن ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ایران جوہری ہتھیار نہ بنانے کی امریکی شرط تسلیم کر چکا ہے۔ دوسری جانب ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری میجر جنرل محسن رضائی نے کہا ہے کہ امریکہ مایوس جواری کی طرح ہاتھ پاؤں مار رہا ہے۔ ایران کی جانب سے یہ بھی کہا گیا کہ اب اگر امریکہ نے اس پر حملہ کیا تو اسے ایسا جواب دیا جائے گا جو دنیا کو حیرت میں مبتلا کر دے گا۔ کہنے کا مطلب یہ ہے کہ جنگ میں پیدا ہو چکے ڈیڈ لاک کے ختم ہونے کا ابھی کوئی امکان نظر نہیں آتا۔ ایسے میں ہر جگہ ایک ہی سوچ پائی جاتی ہے کہ حالات اعتدال پر کیسے آئیں گے؟
اب صدر ٹرمپ کے ' جنت ‘میں جانے کے بیان نے دنیا میں ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ دنیا ابھی تک یہ طے نہیں کر پائی کہ یہ بیان حد سے بڑھی ہوئی سیاسی خود اعتمادی کا شاہکار ہے‘ خود پسندی کا کوئی ریکارڈ ہے یا پھر انسانی تاریخ میں خوش فہمی کی کوئی نئی قسم دریافت ہوئی ہے۔ صدر ٹرمپ شاید جنت کو کسی عالمی سربراہی اجلاس کی طرح سمجھتے ہیں‘ جہاں پہنچ کر سب کو جمع کریں گے‘ ایک تقریر کریں گے اور پھر اعلان فرمائیں گے: میں نے دنیا میں بہت کچھ کیا ہے‘ امریکہ کو عظیم بنایا‘ انتخابات لڑے‘ آٹھ جنگیں رکوائیں‘ معیشت کو نئی بلندیوں تک پہنچایا؛ چنانچہ اب میں جنت کا حق دار ہو گیا ہوں۔ لیکن جنت میں کس نے جانا ہے اور کس نے نہیں جانا‘ یہ فیصلہ کرنا کسی انسان کے بس میں نہیں ہے۔ پروردگارِ عالم جسے چاہے گا جنت میں داخل کر دے جسے چاہے گا نہیں کرے گا۔
اصل مسئلہ یہ ہے کہ ٹرمپ کی سیاست میں ہر چیز ایک سودا دکھائی دیتی ہے۔ دوستی بھی کاروبار‘ دشمنی بھی کاروبار‘ امن بھی کاروبار۔ اس پورے معاملے میں سب سے دلچسپ پہلو یہ ہے کہ انسان اپنی دنیاوی کامیابیوں کو کبھی کبھی اس قدر بڑا سمجھنے لگتا ہے کہ اسے محسوس ہونے لگتا ہے کہ کائنات کے تمام دروازے اس کے لیے خود بخود کھل جانے چاہئیں حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ انسان چاہے کسی ملک کا صدر ہو‘ ارب پتی ہو‘ عالمی شہرت یافتہ ہو یا لاکھوں لوگوں کا محبوب رہنما‘ موت کے بعد اس کی حیثیت بھی ایک عام انسان جیسی ہی ہوتی ہے۔ اگلے جہان میں نہ کوئی انتخابی نشان ہوتا ہے‘ نہ پارٹی کا منشور‘ نہ صدارتی پروٹوکول اور نہ ہی کوئی ایسا ٹیلی ویژن چینل جوآپ کے حق میں مسلسل تبصرے کرتا رہے۔ ٹرمپ ہوں یا کوئی عام امریکی شہری‘ کوئی بادشاہ ہو یا فقیر‘ کوئی طاقتور حکمران ہو یا کمزور رعایا‘ آخرت کے معاملے میں کسی کی تشہیر کچھ نہیں کر سکتی۔ جنت کوئی انتخابی مہم کا میدان نہیں جہاں بڑے بڑے دعوے‘ بلند بانگ نعرے اور خود ستائشی تقریریں کام آ جائیں۔ وہاں نہ دولت کا رعب چلتا ہے‘ نہ عہدے کی دھاک‘ نہ سوشل میڈیا کے فالوورز۔
اسلامی تعلیمات کے مطابق جنت میں داخلے کا معیار کسی خاص قوم‘ نسل‘ رنگ‘ دولت‘ سیاسی منصب یا خاندانی نسبت پر نہیں بلکہ ایمان‘ اللہ کی رحمت‘ نیک اعمال‘ تقویٰ اور حقوق العباد کی ادائیگی پر ہے۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: (مفہوم) بے شک جو لوگ ایمان لائے اور نیک اعمال کیے‘ ان کی مہمانی کے لیے فردوس کے باغ ہوں گے۔ (سورۃ الکہف) اسی طرح سورۃ الزخرف میں کہا گیا: (مفہوم) اور یہی وہ جنت ہے جس کے تم وارث بنائے گئے ہو‘ ان اعمال کے بدلے میں جو تم دنیا میں کیا کرتے تھے۔ حدیث مبارکہ ہے: (مفہوم) مفلس وہ شخص ہے جو قیامت کے دن نیکیوں کے پہاڑ لے کر آئے گا لیکن اس نے کسی کو گالی دی ہو گی‘ کسی پر تہمت لگائی ہو گی‘ کسی کا مال کھایا ہو گا یا کسی پر ظلم کیا ہو گا؛ چنانچہ اس کی نیکیاں مظلوموں کو دے دی جائیں گی (صحیح مسلم)۔ نبی کریمﷺ نے ایک اور جگہ فرمایا: جس شخص کے دل میں رائی کے دانے کے برابر بھی تکبر ہو گا‘ وہ جنت میں داخل نہیں ہو گا۔ (صحیح مسلم)
اسلام میں کسی حکمران‘ صدر‘ بادشاہ‘ امیر یا طاقتور شخص کو محض اس کے منصب اور دولت کی بنیاد پر جنت کی ضمانت حاصل نہیں۔ اسی طرح کوئی غریب‘ کمزور یا عام انسان بھی محض اپنی سماجی حیثیت کی وجہ سے جنت سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔ جنت کسی کی سیاسی طاقت‘ دولت یا دعوے سے نہیں ملتی۔ اللہ تعالیٰ کے ہاں ایمان‘ تقویٰ‘ عدل‘ رحم‘ اعمال صالحہ اور اس کی رحمت ہی جنت میں داخلے کی اصل ضمانت ہیں اور کسی بھی شخص کے انجام کا حتمی و قطعی فیصلہ اللہ تعالیٰ ہی کے اختیار میں ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments