"IYC" (space) message & send to 7575

خون سفید کیوں؟

انسانی معاشرے کی خوبصورتی محبت‘ خلوص‘ ایثار اور باہمی احترام سے عبارت ہے جبکہ خونی رشتے ان جذبات کے فروغ میں سب سے مضبوط بنیاد فراہم کرتے ہیں۔ ماں کی لازوال ممتا‘ باپ کی بے لوث شفقت‘ بہن کی بے غرض الفت اور بھائی کی جانب سے والدین اور باقی بہن بھائیوں کیلئے گہرا احساسِ تحفظ انسانی زندگی کے ایسے انمول روابط ہیں جن کا کوئی نعم البدل نہیں‘ مگر افسوس معاشرے اور خاندانوں کا یہ دل پذیر تاروپود اب تنکا تنکا ہوتا نظر آتا ہے۔ آئے روز سامنے آنے والے لرزہ خیز واقعات نے رشتوں کے تقدس کو ایک بڑا سوالیہ نشان بنا دیا ہے کہ اب قتل کی وارداتوں میں اجنبیوں سے زیادہ اپنے ہی عزیز‘ رشتے دار ملوث پائے جاتے ہیں۔ کہیں بھائی‘ بھائی کا قاتل بن رہا ہے۔ کہیں بہن اپنی ہی بہن کی جان لے رہی ہے۔ کہیں اولاد والدین کے خون سے ہاتھ رنگ رہی ہے اور کہیں والدین اپنی اولاد کے لیے موت کا سامان بن رہے ہیں۔ کیا وحشت ہے۔
پاکستان میں ماضی قریب میں سامنے آنے والے کچھ واقعات نے ہر ذی حس اور ذی شعور کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ چند ہفتے قبل گجرات میں سعودی عرب سے پاکستان آنے والے ایک شخص پر اپنے چھوٹے بھائی کو قتل کرنے کا الزام سامنے آیا۔ پولیس کے مطابق دونوں بھائیوں کے درمیان وراثتی جائیداد کا تنازع تھا۔ ملزم نے مبینہ طور پر واردات کے بعد خود کو سعودی عرب میں ظاہر کرنے کی کوشش کی اور پھر پاکستان آ کر اپنے بھائی کے جنازے میں شرکت بھی کی‘ حالانکہ وہ پہلے سے پاکستان میں موجود تھا۔ یہ واقعہ اس تلخ حقیقت کی عکاسی کرتا ہے کہ جب انسان کے دل سے رشتوں کا احترام ختم ہو جائے تو مفادات کی خاطر وہ انتہائی سنگین جرم سے بھی گریز نہیں کرتا۔ اسی طرح گجرات ہی میں ایک نوجوان لڑکی پر اپنی بڑی بہن کو زہریلے نوڈلز کھلا کر قتل کرنے کا الزام عائد ہوا۔ پولیس کے مطابق اس واردات کے پس منظر میں ایک ذاتی تعلق کو چھپانے کا معاملہ تھا۔ ایک بہن‘ جسے اپنی دوسری بہن کی رازدار اور محافظ ہونا چاہیے تھا‘ مبینہ طور پر اسی کی جان لینے کے الزام میں گرفتار ہوئی۔
ضلع قصور کی تحصیل چونیاں کے علاقے کنگن پور میں ایک ماہ قبل زہریلی کھیر کھانے سے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد‘ جن میں والدین اور تین جوان بیٹے شامل تھے‘ جاں بحق ہونے کا واقعہ بھی انتہائی افسوسناک ہے۔ اس معاملے میں نوجوان بیٹی سمیت متعدد افراد کے خلاف مقدمہ درج ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ ایک ہی گھر میں پلنے والے‘ ایک ہی دسترخوان پر بیٹھنے والے اور ایک دوسرے کے دکھ سکھ کے ساتھی جب ایک دوسرے کی زندگی کے لیے خطرہ بن جائیں تو یہ محض ایک خاندان کا المیہ نہیں رہتا‘ پورے معاشرے کے لیے لمحۂ فکریہ بن جاتا ہے۔
اس سے پہلے بھی جائیداد اور نام نہاد غیرت کے تنازعات میں خونی رشتوں کے ہاتھوں خونی رشتوں کے قتل کی متعدد وارداتیں رونما ہو چکی ہیں۔ ساہیوال میں سعودی عرب سے آنے والے ایک شخص پر اپنی دو کم عمر سوتیلی بہنوں کو قتل کرنے کا الزام سامنے آیا تھا۔ پولیس کے مطابق اس واقعے کے پس منظر میں وراثتی جائیداد کا تنازع تھا اور مقتول بچیوں کے قتل کو غیرت کا معاملہ ظاہر کرنے کی کوشش بھی کی گئی۔ اور یہ تو ابھی کل کی خبر ہے کہ لودھراں کی تحصیل دنیا پور میں بیٹی کی پیدائش پر ناخوش ماں نے نومولود کو کھیتوں میں پھینک دیا اور پھر پولیس کو کال کر کے بچی کے اغوا ہونے کی اطلاع دی۔ ملزمہ نے بتایا کہ تین خواتین نے اسے نشہ آور شے سونگھنے کو دی اور بچی کو اغوا کر لیا۔ یہ اطلاع غلط ثابت ہوئی۔
آج سے ٹھیک ایک مہینہ پہلے 28اکتوبر کو ملتان میں ایک گھر میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا تھا‘ جس میں ایک خاتون اور دو بیٹیاں جاں بحق ہو گئی تھیں۔ ابتدائی طور پر واقعہ کو گھر میں آگ لگنے کا حادثہ سمجھا جا رہا تھا تاہم پولیس تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ تینوں خواتین کو قتل کر کے واردات کو آتشزدگی کا رنگ دیا گیا تھا۔ جس ماں نے اپنی اولاد کو انگلی پکڑ کر چلنا سکھایا‘ جس نے اپنی خوشیاں بچوں کی خوشیوں پر قربان کیں‘ جس نے اپنی نیندیں اولاد کے مستقبل کے لیے تیاگ دیں‘ اگر اسی ماں کو اس کی اپنی اولاد کے ہاتھوں جان سے ہاتھ دھونا پڑے تو اس سے بڑا المیہ کیا ہو سکتا ہے؟ بہنیں جنہیں بھائی کی طرف سے تحفظ ملنا چاہیے‘ وہی اس کے غصے‘ تشدد اور انتقام کا نشانہ بنیں تو خاندان کے بنیادی تصور پر سوال اٹھتا ہے۔
ان واقعات کا جائزہ لیا جائے تو کئی مشترکہ عوامل سامنے آتے ہیں۔ سب سے بڑا مسئلہ لالچ اور جائیداد کی ہوس ہے۔ زمین‘ مکان‘ کاروبار اور وراثت کے چند ٹکڑوں کیلئے سگے بہن بھائی ایک دوسرے کے دشمن بن جاتے ہیں حالانکہ وراثت انسان کے مرنے کے بعد تقسیم ہونے والی ملکیت ہے‘ اسے حاصل کرنے کے لیے کسی کی زندگی ختم کرنا نہ صرف قانونی جرم بلکہ اخلاقی اور دینی اعتبار سے بھی سنگین گناہ ہے۔ دوسرا بڑا مسئلہ عدم برداشت ہے۔ ہمارے گھروں میں اختلافِ رائے کو برداشت کرنے کا حوصلہ کم ہوتا جا رہا ہے۔ کسی کی پسند‘ ناپسند‘ دوستی‘ شادی‘ طرزِ زندگی یا ذاتی فیصلے سے اختلاف ہو تو بات سمجھانے اور مکالمے کے بجائے دھمکیوں‘ تشدد اور انتقام تک پہنچ جاتی ہے۔ بعض لوگ اپنی سوچ اور خواہشات کو دوسروں پر مسلط کرنے کیلئے ہر حد پار کر جاتے ہیں۔ اس طرزِ فکر میں دوسرے انسان کی آزادی‘ عزت اور زندگی کی کوئی اہمیت باقی نہیں رہتی۔ اس کے علاوہ سوشل میڈیا‘ غیر صحت مندانہ تفریحی مواد‘ معاشی دباؤ‘ بیروزگاری‘ منشیات اور ذہنی پریشانیوں جیسے عوامل بھی بعض حالات میں خاندانی تنازعات کو پیچیدہ بنا سکتے ہیں تاہم کسی بھی جرم کا جواز ان عوامل کو نہیں بنایا جا سکتا۔ ہر شخص اپنے عمل کا ذمہ دار ہے اور قتل جیسے سنگین جرائم کی روک تھام کے لیے ان کے اصل محرکات کو سمجھنا ضروری ہے۔
یہ سوال بھی انتہائی اہم ہے کہ آخر ایسے واقعات کی روک تھام کیسے ممکن ہے؟ سب سے پہلے گھروں میں محبت‘ اعتماد اور مکالمے کی فضا پیدا کرنا ہو گی۔ والدین کو چاہیے کہ بچوں کے مسائل سنیں‘ ان کی بات سمجھیں اور اختلافات کو تشدد کے بجائے بات چیت سے حل کرنے کی تربیت دیں۔ بہن بھائیوں کے درمیان وراثتی معاملات کو زندگی اور موت کا مسئلہ بنانے کے بجائے قانون کے مطابق حل کیا جائے۔ اداروں کو بھی گھریلو تشدد‘ قتل کی دھمکیوں اور خاندانی تنازعات کی شکایات کو سنجیدگی سے لینا ہو گا۔ اگر کسی گھر میں مسلسل تشدد ہو رہا ہو یا کسی فرد کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہوں تو متعلقہ اداروں کو بروقت مداخلت کرنی چاہیے۔ ایسے معاملات کو یہ کہہ کر نظرانداز کرنا کہ یہ گھر کا اندرونی معاملہ ہے‘ بعض اوقات بڑے سانحات کا راستہ ہموار کر دیتا ہے۔
تعلیمی اداروں میں اخلاقی تربیت‘ برداشت‘ انسانی حقوق اور تنازعات کے پُرامن حل سے متعلق شعور پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ علما‘ اساتذہ‘ سماجی رہنماؤں اور ذرائع ابلاغ کو بھی اپنی ذمہ داری پوری کرنی چاہیے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے ضروری ہے کہ قتل کے مقدمات کی شفاف تحقیقات ہوں‘ ملزمان کو قانون کے مطابق سزا ملے اور مقتولین کے اہلِ خانہ کو انصاف فراہم کیا جائے۔ کسی بھی ملزم کو محض الزام کی بنیاد پر مجرم قرار دینا درست نہیں‘ لیکن شواہد سامنے آنے کے بعد انصاف میں تاخیر بھی نہیں ہونی چاہیے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...