"MAHG" (space) message & send to 7575

بدلتے ورلڈ آرڈر میں پاکستان کا روشن مستقبل

عالمی سیاست ایک ایسے فیصلہ کن دوراہے پر کھڑی ہے جہاں طاقت کے روایتی مراکز اپنی حیثیت برقرار رکھنے کیلئے سرگرمِ عمل ہیں‘ جبکہ نئی عالمی قوتیں بین الاقوامی نظام میں اپنے اثر و رسوخ کو وسعت دے رہی ہیں۔ سرد جنگ کے خاتمے کے بعد کئی دہائیوں تک امریکہ کی سربراہی میں قائم یک قطبی عالمی نظام اب بتدریج کثیر قطبی دنیا میں تبدیل ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ چین کی غیرمعمولی معاشی پیش رفت‘ روس کا تزویراتی و عسکری کردار‘ یورپ کی سیاسی و معاشی اہمیت اور علاقائی طاقتوں کی بڑھتی ہوئی سرگرمیاں اس تبدیلی کو مزید نمایاں کر رہی ہیں۔ ایسے میں بنیادی سوال یہ نہیں کہ عالمی طاقت کا توازن تبدیل ہو رہا ہے یا نہیں بلکہ یہ ہے کہ اس نئی صف بندی میں کون سی ریاستیں اپنے قومی مفادات کا تحفظ کرتے ہوئے مستقبل کی عالمی سیاست میں مؤثر مقام حاصل کر سکیں گی۔اسی تناظر میں چین کے شہر شینزن میں 19نومبر کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ‘ روسی صدر ولادیمیر پوتن اور چینی صدر شی جن پنگ کی تاریخی ملاقات غیر معمولی اہمیت اختیار کر گئی ہے۔ تین بڑی عالمی طاقتوں کے سربراہان کی ایک میز پر موجودگی اور مشترکہ امن اعلامیے کا اجرا محض ایک سفارتی سرگرمی نہیں بلکہ بدلتے ہوئے عالمی منظرنامے کی اہم علامت ہے۔ تاہم اس پیش رفت کو کسی نئے عالمی نظام کے قیام یا بڑی طاقتوں کے درمیان کسی خفیہ معاہدے کا ثبوت قرار دینا قبل از وقت ہوگا۔ اس اجلاس کا ایک اہم پہلو روسی صدر کی یوکرین جنگ‘ مغربی پابندیوں اور بین الاقوامی فوجداری عدالت کے وارنٹ گرفتاری کے باوجود عالمی طاقتوں کے سربراہان کے ساتھ براہِ راست شرکت ہے‘ جو ماسکو کے سفارتی کردار کو نمایاں کرتی ہے۔ دوسری جانب مشترکہ اعلامیے میں یوکرین جنگ کا ذکر نہ ہونا یورپی ممالک کیلئے تشویش کا باعث بن سکتا ہے کیونکہ اس سے عالمی فیصلہ سازی میں یورپ کے کردار اور اسکے سلامتی کے مفادات سے متعلق نئے سوالات پیدا ہوتے ہیں۔ چین کی بڑھتی ہوئی معاشی و تکنیکی قوت کو اس نئے عالمی نظام میں خاص اہمیت حاصل ہے۔ امریکہ اور چین کے درمیان مقابلہ اب تجارت اور محصولات تک رہا بلکہ ٹیکنالوجی‘ دفاع‘ توانائی اور عالمی سفارتی اثر و رسوخ تک پھیل چکا ہے۔
روس یوکرین جنگ یورپی سلامتی کے ڈھانچے کو متاثر کر رہی ہے جبکہ مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی‘ ایران اور امریکہ کے درمیان تناؤ‘ فلسطین کا مسئلہ اور خلیجی خطے کی سلامتی عالمی سیاست کے اہم چیلنجز بنے ہوئے ہیں۔ توانائی کی ترسیل‘ آبنائے ہرمز اور اہم بحری تجارتی راستوں کا تحفظ عالمی معیشت کیلئے بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ چین کی بڑھتی ہوئی سفارتی فعالیت‘ خصوصاً 2023ء میں سعودی عرب اور ایران کے درمیان تعلقات کی بحالی میں چینی کردار نے واضح کیا کہ عالمی سفارت کاری میں نئے مراکز ابھر رہے ہیں۔ یوں دنیا محض طاقت کی منتقلی نہیں بلکہ سیاسی‘ معاشی اور تزویراتی ترجیحات کی ازسرِنو تشکیل کے مرحلے سے گزر رہی ہے۔ دوسری جانب امریکی وسط مدتی انتخابات کے نتائج کے اثرات صرف امریکی اندرونی سیاست تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ اس کی خارجہ پالیسی‘ دفاعی اخراجات‘ یوکرین کیلئے امداد‘ چین کے ساتھ مسابقت اور مشرقِ وسطیٰ سے متعلق امریکی ترجیحات پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔ تاہم پاکستان کیلئے یہ بدلتا ہوا عالمی منظرنامہ غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔ ایک طرف اسے امریکہ‘ چین اور روس جیسی عالمی طاقتوں کیساتھ تعلقات میں توازن برقرار رکھنا ہے‘ دوسری طرف خطے کے بدلتے ہوئے سیاسی و معاشی حالات میں اپنے قومی مفادات کا تحفظ بھی یقینی بنانا ہے۔ پاکستان کی جغرافیائی حیثیت اسے جنوبی ایشیا‘ وسطی ایشیا‘ چین اور مشرقِ وسطیٰ کے درمیان ایک اہم رابطہ فراہم کرتی ہے۔ لیکن محض جغرافیائی محلِ وقوع کسی ملک کو عالمی طاقت نہیں بنا دیتا۔ اس اہمیت کو معاشی ترقی‘ علاقائی رابطوں‘ صنعتی پیداوار اور مؤثر سفارت کاری میں تبدیل کرنا ہی اصل کامیابی ہے۔ آج پاک امریکہ تعلقات کو محض سلامتی و علاقائی سیاست کے تناظر میں دیکھنے کے بجائے تجارت‘ سرمایہ کاری‘ ٹیکنالوجی اور باہمی معاشی مفادات کی بنیاد پر نئی جہت دینے کی ضرورت ہے۔ چین پاکستان کا ایک اہم ترین تزویراتی اور معاشی شراکت دار ہے۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) ان خوشگوار تعلقات کا ایک اہم سنگِ میل ہے جس نے توانائی اور مواصلاتی بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ چین کے ساتھ شراکت داری کی حقیقی کامیابی اسی وقت ممکن ہے جب اس کے ثمرات پاکستان کی پیداواری صلاحیت‘ روزگار اور قومی آمدن میں اضافے کی صورت میں سامنے آئیں۔پاکستان کیلئے روس کے ساتھ تعلقات میں وسعت پیدا کرنا بھی اہم ہے۔ توانائی‘ زراعت‘ تجارت‘ ٹیکنالوجی‘ سرمایہ کاری اور علاقائی رابطوں کے شعبوں میں تعاون کے امکانات موجود ہیں۔ روسی منڈی اور وسطی ایشیائی ریاستوں تک رسائی پاکستان کی اقتصادی سفارت کاری کیلئے نئی راہیں کھول سکتی ہے۔ اسی طرح سعودی عرب‘ متحدہ عرب امارات اور قطر جیسے خلیجی ممالک پاکستان کیلئے محض سفارتی شراکت دار نہیں بلکہ سرمایہ کاری‘ توانائی‘ ترسیلاتِ زر اور روزگار کے اہم ذرائع بھی ہیں۔ ان ممالک کے ساتھ تعلقات کو روایتی مالی تعاون سے آگے بڑھا کر مشترکہ صنعتی منصوبوں‘ زرعی سرمایہ کاری‘ معدنیات‘ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور علاقائی تجارت تک وسعت دینا ناگزیر ہے۔
اس پورے منظرنامے میں پاکستان کی سٹرٹیجک خودمختاری بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ اس کا مطلب کسی ایک عالمی طاقت سے دوری اختیار کرنا یا ہر معاملے میں غیر جانبدار رہنا نہیں بلکہ یہ ہے کہ پاکستان اپنے فیصلے کسی بیرونی دباؤ کے بجائے قومی مفادات‘ معاشی ضروریات اور طویل المدتی ترجیحات کی بنیاد پر کرے۔ چین کیساتھ قریبی تعلقات برقرار رکھتے ہوئے امریکہ اور یورپ کیساتھ تجارتی و تکنیکی روابط کو وسعت دینا‘ روس کیساتھ اقتصادی تعاون بڑھانا اور خلیجی ممالک کیساتھ سرمایہ کاری کے نئے راستے تلاش کرنا ایک متوازن اور حقیقت پسندانہ خارجہ پالیسی کا تقاضا ہے۔ تاہم ان سفارتی سرگرمیوں کیساتھ پاکستان کو اپنی داخلی کمزوریوں پر بھی قابو پانا ہوگا۔وطنِ عزیز قدرتی وسائل کے اعتبار سے بھی غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔ لیکن قدرتی وسائل کی موجودگی بذاتِ خود خوشحالی کی ضمانت نہیں ہوتی۔ ان وسائل کی شفاف منصوبہ بندی‘ جدید ٹیکنالوجی‘ مقامی صنعت‘ ویلیو ایڈیشن اور ماحولیاتی تحفظ کے ساتھ ترقی ضروری ہے۔ جغرافیائی محلِ وقوع کو معاشی قوت میں بدلنے کیلئے علاقائی رابطوں کو ترجیح دینا ہوگی۔ وسطی ایشیا کی توانائی اور تجارتی منڈیوں تک رسائی‘ چین کے ساتھ صنعتی روابط‘ گوادر بندرگاہ کی مؤثر فعالیت اور ایران و افغانستان سمیت ہمسایہ ممالک کیساتھ تجارتی تعاون پاکستان کو علاقائی تجارت کا اہم مرکز بنا سکتے ہیں۔ آنیوالے برسوں میں پاکستان کی خارجہ پالیسی کا ایک اہم ستون اقتصادی سفارت کاری ہونا چاہیے۔ درحقیقت‘ بدلتے عالمی نظام میں پاکستان کا مستقبل صرف اس کی جغرافیائی اہمیت یا بڑی طاقتوں کے ساتھ تعلقات سے متعین نہیں ہوگا‘ بلکہ اس کا اصل فیصلہ ملک کی داخلی معاشی قوت‘ سیاسی استحکام‘ ادارہ جاتی صلاحیت اور قومی ترجیحات کے تسلسل سے ہوگا۔ دنیا میں طاقت کے نئے مراکز ابھر رہے ہیں‘ عالمی اتحادوں کی نوعیت تبدیل ہو رہی ہے اور معاشی و تکنیکی مسابقت بین الاقوامی سیاست کا بنیادی محرک بنتی جا رہی ہے۔ نئے ورلڈ آرڈر میں کامیابی کا راستہ کسی ایک عالمی طاقت سے وابستگی میں نہیں بلکہ پاکستان کو اپنی جغرافیائی اہمیت کو معاشی برتری‘ قدرتی وسائل کو صنعتی قوت اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کو انسانی سرمایہ بنانے کی ضرورت ہے۔ اگر ملک سیاسی استحکام‘ معاشی اصلاحات‘ برآمدات میں اضافے اور مؤثر سفارت کاری کو اپنی قومی ترجیحات بنا لے تو بدلتا ہوا عالمی نظام پاکستان کیلئے محض ایک چیلنج نہیں بلکہ ترقی‘ خودمختاری اور عالمی سطح پر باوقار مقام حاصل کرنے کا ایک تاریخی سنہری موقع بھی ثابت ہو سکتا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...