خلیج فارس میں گزشتہ ساڑھے آٹھ ماہ سے جاری جنگ کا جائزہ لیا جائے تو یہ کہنا بے جا نہ ہو گا کہ ایران کو شکست دینے کے مذموم عزائم نے امریکہ و اسرائیل کو بڑے پیمانے پر مادی و مالی نقصانات سے دوچار کیا ہے۔ اس کے باوجود دونوں اپنی خود سری اور جنگی خواہشات سے دستبردار ہونے پر آمادہ نہیں۔ بلاشبہ دنیا کی سب سے بڑی معاشی و عسکری قوت کے سامنے پانچ دہائیوں سے ناجائز پابندیوں کا سامنا کرنے والے ایران کی کارکردگی ایک نیا تزویراتی منظرنامہ پیش کرتی ہے۔ غیر متناسب وارفیئر‘ استقامت اور مسلسل مزاحمت کے ذریعے تہران نے امریکی عسکری برتری اور روایتی فوجی طاقت کو بے نقاب کر کے رکھ دیا ہے۔ امریکہ اور اسرائیل تمام تر حربوں کے باوجود اب تک اپنے بنیادی مقاصد کی تکمیل میں ناکام رہے ہیں۔ اس طویل محاذ آرائی کے سیاسی اثرات واشنگٹن اور تل ابیب کی سیاست پر بھی مرتب ہوئے ہیں؛ جیسا کہ مڈٹرم انتخابات میں ٹرمپ کی ریپبلکن پارٹی کی شکست۔ اسرائیل میں نیتن یاہو کی انتخابی شکست کا سامنا کرنا پڑا اور اب اسرائیلی اپوزیشن نئی حکومت کی تشکیل کے لیے عرب سیاسی نمائندوں کے ساتھ اتحاد کر رہی ہے۔ لیکن سیاسی و تزویراتی حقائق کو تسلیم کرنے کے بجائے نیتن یاہو کی جانب سے ٹرمپ پر جنگ میں مزید شدت لانے کے لیے دبائو کا سلسلہ جاری ہے۔ اس دبائو میں ایران کے خلاف ٹیکٹیکل جوہری ہتھیار استعمال کرنے کا ممکنہ آپشن بھی شامل ہے۔ معروف امریکی سیاسی مبصر اینا کاسپیرین (Ana Kasparian) نے اسرائیل کو عالمی امن کیلئے سب سے بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صہیونی توسیع پسندانہ پالیسیاں مشرق وسطیٰ میں عدم استحکام کو ہوا دے رہی ہیں۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ اگر نیتن یاہو کی جانب سے دباؤ برقرار رہتا ہے اور ٹرمپ بھی ہر قیمت پر ایران کو شکست دینے پر تُل جاتے ہیں تو یہ تنازع ایک ایسی غیر معمولی اور ناقابلِ تلافی بربادی کی طرف جا سکتا ہے جس کے نتائج پوری دنیا کو بھگتنا پڑیں گے۔
3 نومبر کے وسط مدتی انتخابات نے ٹرمپ کی داخلی سیاست کو بھی ایک بڑا دھچکا پہنچایا ہے۔ ٹرمپ کی حریف ڈیمو کریٹک پارٹی نے کانگریس کے دونوں ایوانوں‘ سینیٹ اور ایوانِ نمائندگان میں اکثریت حاصل کر لی ہے جس سے واشنگٹن میں سیاسی طاقت کا توازن تبدیل ہو گیا ہے۔ روایتی طور پر ریپبلکن کا مضبوط گڑھ سمجھی جانے والی ریاست ٹیکساس میں بھی ڈیموکریٹس نے فتح حاصل کر کے تاریخ پلٹ کر دی ہے۔ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ تصادم کا آغاز تہران میں رجیم چینج کے دعوئو ں کے ساتھ کیا تھا لیکن ان کی فوجی مہم جوئی کے سیاسی مضمرات ایران کے بجائے خود امریکہ میں سامنے آتے دکھائی دے رہے ہیں۔ ٹرمپ کے انتخابی نعرے ''میک امریکہ گریٹ اَگین‘‘ (میگا) کو اب ''میک امریکہ ویک اَگین‘‘ کہا جا رہا ہے۔ مڈٹرم الیکشن کے نتائج امریکی سیاسی تناظر میں ایک بڑے تغیر اور عوامی ردعمل کی عکاسی کرتے ہیں‘ جو ٹرمپ کی صدارت کے آخری دو برسوں کی سمت متعین کر رہے ہیں۔ ڈیموکریٹس نے ٹرمپ کے احتساب‘ ایڈمنسٹریشن کے حوالے سے تحقیقات‘ عسکری فیصلوں کو چیلنج کرنے اورمواخذے کی کارروائی شروع کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ تحقیقات کا دائرہ ایران جنگ‘ وائٹ ہاؤس میں مبینہ بدعنوانی‘ انتظامیہ کے طرزِ عمل اور اُن بزنس سرگرمیوں تک بڑھ سکتا ہے جن کے ذریعے صدارت کے دوران صدر ٹرمپ کی ذاتی دولت میں اضافہ ہوا ہے۔ سینیٹ میں برتری ہونے کی صورت میں ڈیموکریٹس کو صدارتی نامزدگیوں پر بھی نمایاں رسوخ حاصل ہو سکتا ہے‘ جن میں سپریم کورٹ کی خالی نشستوں سمیت کابینہ کے اہم عہدوں پر تقرریاں شامل ہیں۔ وہ اپنے مخالف امیدواروں کو روکنے اور انتظامیہ کو مسلسل سیاسی نگرانی میں رکھنے کی پوزیشن میں ہوں گے؛ چنانچہ ٹرمپ کی صدارت عملاً ایک کمزور(Lame Duck) صدر کے مرحلے میں داخل ہو سکتی ہے۔
اصل سوال یہ ہے کہ آیا ٹرمپ اس انتخابی دھچکے کے بعد تحمل کا مظاہرہ کریں گے یا اپنے داخلی سیاسی اختیارات میں کمی کی تلافی کے لیے بین الاقوامی سطح پر مزید جارحانہ رویہ اختیار کریں گے؟مبصرین کا خیال ہے کہ مایوسی کے عالم میں وہ مزید خطرناک فوجی آپشنز کی طرف مائل ہو سکتے ہیں‘ جن میں جوہری آپشن بھی شامل ہے۔ ٹرمپ نے دو نومبر کو سٹرٹیجک اہمیت کے حامل ایرانی جزیرے قشم پر حملہ کرکے تنازع کو دوبارہ ہوا دی۔ دیگر اہم مقامات سمیت نطنز کے قریب پِک ایکس ماؤنٹین کے نیچے واقع جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کا عندیہ دیا۔ دراصل اس کارروائی کا مقصد ایران کے گہرائی میں واقع یورینیم افزودگی کے اُس بنیادی ڈھانچے کو تباہ کرنا ہے جو چٹانوں کے سینکڑوں میٹر نیچے محفوظ ہے اور جسے روایتی بنکر شکن ہتھیاروں کی پہنچ سے باہر سمجھا جاتا ہے۔ چھ نومبر اور آٹھ نومبر کو رات گئے بھی جزیرہ قشم کو امریکہ نے نشانہ بنایا اور ٹرمپ نے ان کارروائیوں کو ''انتہائی معمولی‘‘ قرار دیا۔ 13 نومبر کو صوبہ ہرمزگان کے ساحلی علاقے سیریک میں ایک ٹیلی کمیونیکشن ٹاور امریکی حملے کا نشانہ بنا۔ ماہرین کے مطابق امریکہ کی جانب سے بڑے فضائی اور ممکنہ زمینی کارروائیوں کی تیاریاں بھی کی جا چکی ہیں۔ دوسری جانب ایران بدستور اپنے مؤقف پر قائم اور مقابلہ کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ اس نے ممکنہ جوہری حملے کے اثرات سے نمٹنے کے لیے عوام کو احتیاطی تدابیر اور ہدایات بھی جاری کر دی ہیں۔ ایران نے گزشتہ برسوں کے دوران روس‘ چین اور شمالی کوریا کے ساتھ تکنیکی تعاون اور معاونت سے بیلسٹک میزائل صلاحیتوں میں خاصا اضافہ کیا ہے۔ سیٹلائٹ مواصلات‘ نگرانی اور ہدف کے تعین کی ٹیکنالوجی میں بہتری نے اس کی فوجی تیاریوں کو خاصا مؤثر بنادیاہے۔ ایران کا پیغام واضح ہے کہ اس کے فوجی‘ تزویراتی اور بنیادی ڈھانچے کو تباہ کرنے کی کسی بھی کوشش کا جواب دیا جائے گا اور اس کے نتائج خلیج فارس تک ہی محدود نہیں رہیں گے۔
ٹرمپ پہلے امریکی صدر نہیں ہیں جنہیں وسط مدتی انتخابات میں بڑی سیاسی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ باراک اوباما نے 2010ء میں اپنی جماعت کی شکست کو Shellacking (عبرتناک شکست) قرار دیا تھا۔ اس سے قبل جارج ڈبلیو بش کو بھی 2006ء میں بڑی انتخابی پسپائی کا سامنا کرنا پڑا تھا اور 1994ء میں بل کلنٹن کو بھی ریپبلکن کے سیاسی انقلاب کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ امریکہ کے تبدیل ہوتے سیاسی منظر نامے میں ٹیکساس سے ڈیموکریٹ امیدوار جیمز ٹالاریکو نے تقریباً چار دہائیوں بعد اپنی جماعت کیلئے سینیٹ کی نشست جیتی ہے۔ حالیہ انتخابات میں افریقی نژاد امریکی‘ لاطینی‘ مسلم ودیگر اقلیتی برادریوں کی بڑھتی دلچسپی نے امریکہ کے بدلتے ڈیموگرافک و سیاسی کردار کو واضح کر دیا ہے۔ عبدل السید امریکی سینیٹ کیلئے منتخب ہونے والے پہلے مسلمان ہیں۔ ڈاکٹر آدم ہماوی نیو جرسی سے کانگریس کیلئے منتخب ہونے والے پہلے مسلمان ہیں۔ ابرکواس نیویارک کی ریاستی قانون ساز اسمبلی کیلئے منتخب ہونے والی پہلی فلسطینی نژاد ہے۔ عباس علویہ مشی گن سٹیٹ سینیٹ کیلئے منتخب ہونے والے پہلے عرب مسلم امیدوار ہیں۔حالیہ الیکشن میں کئی پاکستانی نژاد امریکی امیدواروں نے بھی تاریخ رقم کی۔ مریم صبیح‘ سعود انور‘ ٹیکساس میں سلمان بھوجانی کامیاب ہوئے ہیں۔ سلیمان لالانی‘ جارجیا میں فاروق مغل نے سٹیٹ ہاؤس کی نشست جیتی ہے۔
امریکہ اور اسرائیل کی تمام تر غیر معمولی فوجی برتری کے سامنے ایران نے غیر معمولی استقامت کا مظاہرہ کیا ہے اوراس جنگ کو اپنے مخالفین کے لیے کہیں زیادہ مہنگا اور نقصان دہ بنا دیا ہے۔ اس میں کوئی دو آرا نہیں کہ اسلام آباد معاہدہ اس بڑھتی کشیدگی کو ایک بڑی سفارتی کامیابی و علاقائی استحکام کی جانب پیش قدمی کا ایک نادر موقع فراہم کرتا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments