"MSC" (space) message & send to 7575

حقِ حکمرانی کی واپسی!

پاکستان کے چار موجودہ صوبوں میں سے کئی صوبے نکالنے یا ہر صوبے کو کئی صوبوں میں تقسیم کرنے کی بحث زوروں پر ہے۔ بہت سے لوگ بہت سے دلائل دے رہے ہیں‘ کسی کے پاس بھی الفاظ کی کمی نہیں۔ اپنے اپنے انبار لگائے جا رہے ہیں۔ زیریں سے لے کر اعلیٰ عدالتوں تک میں جو ہزاروں مقدمات زیر سماعت ہیں‘ ان میں سے ہر ایک میں ملزم کا دفاع کرنے والے اور اسے مجرم ثابت کرنے والے برسر پیکار رہتے ہیں۔ انہیں وکیل کہا جاتا ہے۔ اس کام کی انہوں نے باقاعدہ تعلیم حاصل کر رکھی ہے بلکہ یہ کہیے کہ باقاعدہ لائسنس لے رکھا ہے۔ اس کی وہ باقاعدہ فیس وصول کرتے ہیں‘ جو سینکڑوں‘ ہزاروں سے شروع ہو کر لاکھوں‘ کروڑوں تک جا پہنچتی ہے۔ لاہور ہائی کورٹ کے ایک مرحوم چیف جسٹس نے کئی بار یہ بات دہرائی کہ انہوں نے ایک مقدمے میں ایک فریق سے جو فیس وصول کی تھی‘ وہ جج کے طور پر ان کی ایک نہیں‘ دو بلکہ تین سالوں کی تنخواہ سے بھی زیادہ تھی۔
نئے صوبوں کا مقدمہ تو لڑا جا رہا ہے لیکن ابھی تک باقاعدہ فریق سامنے نہیں آئے۔ نہ ہی یہ پتہ چل رہا ہے کہ کون سی عدالت کو اس کی سماعت کرنی ہے اور کس کا فیصلہ حتمی قرار پانا ہے۔ دلائل دینے والے بہرحال میدان میں ہیں۔ یوں معلوم ہوتا ہے کہ ''چیٹ جی پی ٹی‘‘ لوازمہ فراہم کر رہا ہے اور اس سے استفادہ کرنے والے ہلکان ہو رہے ہیں۔ اس میں کوئی شبہ نہیں کہ پاکستان کا جمہوری نظام دنیا بھر میں انوکھا ہے۔ یہاں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کرا کر سمجھا جاتا ہے کہ جمہوریت کے تقاضے پورے کر دیے گئے ہیں۔ انتخابات کے بارے میں بھی شور مچا رہتا ہے‘ الزامات عائد کیے جاتے ہیں‘ ہارنے والے دھاندلی کا ہنگامہ اٹھاتے ہیں‘ جیتنے والے اسے کوئی اہمیت دینے پر تیار نہیں ہوتے۔ عوام الناس انتخابات کے انعقاد ہی پر پھولے نہیں سماتے‘ اور یوں لشٹم پشٹم ہماری سیاست آگے پیچھے اور دائیں بائیں ہوتی رہتی ہے۔ انتخابات کو آزادانہ اور منصفانہ بنانے کے دعوے اور وعدے بہت کیے جاتے ہیں لیکن جس کا داؤ چلتا ہے‘ وہ لگا گزرتا ہے۔ کسی نہ کسی طور وفاقی اور صوبائی حکومتیں قائم ہو جاتی ہیں۔ اسمبلیوں کے اجلاس منعقد ہونے لگتے ہیں۔ ان کے سپیکر منتخب کر لیے جاتے ہیں‘ قائدینِ ایوان اور قائدینِ حزب اختلاف بھی مقرر ہو جاتے ہیں لیکن قائدینِ ایوان کے پاس ایوان میں آنے کی فرصت کم ہی ہوتی ہے۔ یوں سپیکر صاحبان کے رحم و کرم پر گاڑی ہچکولے کھاتی رہتی ہے۔
آئین کا تقاضا یہ ہے‘ اور دنیا بھر میں اس کا اہتمام کیا جاتا ہے کہ اختیارات نچلی سطح تک پہنچیں‘ وسائل باقاعدہ تقسیم ہوں۔ تحصیل سے لے کر ضلع اور ضلع سے لے کر ڈویژن تک بااختیار منتخب ادارے وجود میں آئیں۔ پاکستان میں جمہوری کہلانے والی حکومتوں کو مقامی حکومتوں یا بلدیاتی اداروں سے اللہ واسطے کا بیر ہے۔ زیادہ تر وزرائے اعلیٰ اپنے اختیار میں کسی کو حصہ دار بنانے پر تیار نہیں‘ ارکانِ اسمبلی بھی اپنے اپنے حلقوں میں اپنی اپنی ڈفلی بجا کر اپنا اپنا راگ سنانا چاہتے ہیں۔ نتیجہ یہ ہے کہ افسرانِ کرام وہ کام کر رہے ہیں جو اُن کا نہیں ہے۔ جب لوگوں کے منتخب نمائندے ان کے روزمرہ مسائل کو حل کرنے کا اختیار نہیں رکھیں گے تو جمہوریت کس طرح پنپے گی؟ یہ بات ہمارے اہلِ سیاست کی سمجھ میں نہیں آ پائی۔ بلدیاتی انتخابات کرانا صوبائی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے‘ وفاقی حکومت کا اس میں کوئی عمل دخل نہیں‘ نہ ہی وفاقی سطح پر کوئی یکساں قانون بنایا جا سکا ہے جو ملک بھر میں نافذ العمل ہو۔ نتیجتاً کہیں تو بلدیاتی اداروں کا نام و نشان نہیں ہے اور کہیں ہے بھی تو ان کے پاس اختیارات نہیں ہیں۔ یہی وہ مسئلہ ہے جس نے وہ مسائل پیدا کیے جن کی دہائی دے دے کر نئے صوبوں کی تشکیل کی بات ہو رہی ہے۔ اٹھارہویں ترمیم نے وفاق سے اختیارات اور وسائل لے کر صوبوں میں تو بانٹ دیے لیکن صوبے انہیں ضلع اور تحصیل تک پہنچانے کو تیار نہیں ہیں۔ سو‘ اب یہ مطالبہ زور پکڑ گیا ہے کہ ''صوبائی سامراج‘‘ کو توڑا جائے اور ایک صوبے کو کئی صوبوں میں تقسیم کر کے عوام کو معاملاتِ کار میں شریک کیا جائے۔
نئے صوبوں کی ضرورت پر دلائل کے انبار لگ چکے ہیں لیکن انہیں کیسے بنایا جائے یا کیسے بنایا جا سکتا ہے‘ اس سوال نے حالات میں سنگینی گھول دی ہے۔ کتابِ آئین کہتی ہے کہ جس بھی صوبے میں نئے صوبے بنانے ہیں‘ وہاں کی اسمبلی کو پہلے دو تہائی اکثریت سے اس کی منظوری دینا ہو گی‘ اس کے بعد پارلیمنٹ کے دونوں ایوان کتابِ آئین میں باقاعدہ ترمیم کر کے ان کے ناموں کا اندراج کریں گے۔ گویا جب تک کوئی صوبائی اسمبلی نہ چاہے صوبے کی حدود میں ردوبدل نہیں کیا جا سکتا‘ اس اکائی کو دو تین یا چار حصوںمیں تقسیم نہیں کیا جا سکتا۔ یہ وہ الجھن ہے جو سلجھائے نہیں سلجھ رہی۔ ایک تجویز یہ سامنے آئی ہے کہ پارلیمنٹ آئین میں ترمیم کر کے صوبائی اسمبلیوں کا اختیار ختم کرے‘ اور اپنی اکثریت کے بل پر نئے صوبے بنا دے۔ اس کیلئے بھی دونوں ایوانوں (سینیٹ اور قومی اسمبلی) کی الگ لگ دو تہائی تعداد درکار ہے۔ موجودہ پارلیمنٹ پر مسلم لیگ(ن)‘ پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کے متعلقین کا غلبہ ہے۔ جب تک کوئی دو پارٹیاں آمادہ نہ ہوں ترمیم نہیں ہو سکتی۔ پیپلز پارٹی کو سندھ میں نیا صوبہ کسی طور قبول نہیں‘ لہٰذا وہ تو اس کیلئے کسی بھی سطح پر دستِ تعاون دراز کرنے سے رہی۔ مسلم لیگ(ن) میں بھانت بھانت کی بولیاں بولنے والے موجود ہیں لیکن ابھی تک اس نے باقاعدہ کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ تحریک انصاف نئے صوبوں کے حق میں ہے لیکن اس کی تائید حاصل کرنے کیلئے اس کی مٹھی گرم کرنا پڑے گی۔ وہ بھی تن تنہا یہ کام نہیں کر سکتی‘ اسے مزید کمک کی ضرورت ہو گی جو کہاں سے فراہم ہو گی‘ یہ کسی کو معلوم نہیں۔ حکیمانِ حاذق نے اس پر نسخہ یہ تجویز کیا ہے کہ ریفرنڈم کرا لو‘ عوام کی رائے نئے صوبوں کے حق میں آ جائے تو پارلیمنٹ سے پوچھے بغیر آئین میں ردو بدل کر ڈالو۔ جب عوام کی رائے سامنے آ جائے تو پھر پارلیمنٹ سے پوچھنے کی کیا ضرورت؟ پارلیمنٹ کو بھی تو عوام ہی نے بنایا ہے‘ عوام کی رائے کو براہِ راست وفاقی آئینی عدالت کے سامنے پیش کر کے توثیق کرا لی جائے اور نئے صوبے بنا دیے جائیں۔ اس پر بلاول بھٹو زرداری چراغ پا ہیں‘ للکار رہے ہیں‘ غرا رہے ہیں اور وارننگ دے رہے ہیں کہ اگر زور زبردستی ایسا ہوا تو خون کے دریا بہہ جائیں گے۔
صدر اور وزیراعظم سر جوڑ کر بیٹھے ہیں‘ اِدھر اُدھر بھی کھسر پھسر ہو رہی ہے لیکن کیا بنے بات جہاں بات بنائے نہ بنے؟ سو باتوں کی ایک بات یہ ہے کہ جو بھی کرنا ہے‘ اتفاقِ رائے سے یا (کم از کم) بھاری اکثریت کی رائے سے کیا جائے۔ اس کیلئے بیٹھک کا اہتمام کیجیے‘ ایک بار نہیں سو بار بیٹھیے۔ اجتماعی ذہانت کو کام میں لائیے‘ دستور کے تقاضوں کے مطابق عوام کو ان کا حقِ حکمرانی لوٹا دیجیے۔
''پرچھاواں‘‘ کیلئے عالمی ایوارڈ
اس خبر نے پورے ملک میں عموماً اور پنجاب میں خصوصاً خوشی کی لہر دوڑا دی کہ ریڈیو پاکستان سے منسلک ممتاز قلم کار اور براڈ کاسٹر اکمل شہزاد گھمن کے پنجابی ناول ''پرچھاواں‘‘ نے پنجابی فکشن کا 13واں سالانہ عالمی ایوارڈ جیت لیا ہے۔ اس کا اعلان کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا کے شہر سرے میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں کیا گیا‘ جس میں پنجابی زبان و ادب سے وابستہ دنیا بھر سے نمایاں شخصیات شریک ہوئیں۔ گھمن صاحب کو 25ہزار کینیڈین ڈالر نقد پیش کیے جائیں گے۔ ریڈیو پاکستان اور اکمل شہزاد گھمن کو یہ اعزاز مبارک۔
(یہ کالم روزنامہ ''پاکستان‘‘ اور روزنامہ ''دنیا‘‘ میں بیک وقت شائع ہوتا ہے)

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...