(د) اہلِ علم کیلئے ضروری ہے کہ وہ محض اللہ تعالیٰ کی رضا کے حصول کیلئے حق کی تلاش کریں اور اسکے سامنے سرِ تسلیم خم کریں۔ علمی بحث و مناظرہ میں بھی ذاتی برتری‘ مخالف کو نیچا دکھانے یا اپنی رائے منوانے کے بجائے حق کی وضاحت اور اسکی سربلندی مقصود ہونی چاہیے۔ الغرض اُمتِ مسلمہ میں فقہی‘ فکری اور اجتہادی اختلافات ہمیشہ سے موجود رہے ہیں‘ لیکن ان اختلافات کو باہمی دشمنی‘ نفرت اور تفرقے کا سبب بنا لینا کسی طرح درست نہیں‘ اُمت پر اسکے تباہ کن اثرات مرتب ہوتے ہیں اور اسکی وجہ سے اسلام کی تصویر مسخ ہو کر رہ جاتی ہے‘ جب لوگ اہلِ دین کو آپس میں جھگڑتا دیکھتے ہیں تو ان کی دعوت سے متنفر ہو جاتے ہیں اور ان کا خطاب بے اثر ہو جاتا ہے۔ انسان کو تعجب ہوتا ہے کہ اہلِ باطل تو باطل پر جمع ہو جاتے ہیں‘ جبکہ اہلِ حق اپنی ذاتی اَنا سے بالاتر ہو کر حق پر جمع ہونے سے گریز کرتے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ قطعی اور مسلَّمہ دینی اصولوں کی حفاظت کے ساتھ اجتہادی مسائل میں وسعتِ نظر‘ تحمل اور ایک دوسرے کے نقطہ نظر کا احترام پیدا کیا جائے۔ یہی وہ فکر ہے جو وحدتِ امت کے قیام میں بنیادی کردار ادا کر سکتی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے مسلمانوں کی باہمی اُلفت ومحبت کو اپنی نعمت اور احسان قرار دیتے ہوئے فرمایا: ''اور اپنے اوپر اللہ کی نعمت کو یاد کرو جب تم ایک دوسرے کے دشمن تھے تو اس نے تمہارے دلوں میں الفت ڈال دی‘ پھر تم اس کی نعمت سے بھائی بھائی بن گئے‘‘ (آل عمران: 103)۔رسول اللہﷺ نے فرمایا: ''میری اور تمہاری مثال اُس شخص کی سی ہے جس نے آگ جلائی اور کیڑے مکوڑے اور پروانے اُس میں گرے جا رہے ہیں‘ پس میں تمہاری کمر سے پکڑ کر تمہیں روک رہا ہوں اور تم اس آگ میں گھسے جا رہے ہو‘‘ (مسلم: 2284)۔ آپﷺ نے اس امت کی تصویر ایک جسم کی صورت میں پیش فرمائی: ''مومنوں کی مثال آپس کی محبت‘ رحمت اور شفقت میں ایک جسم کی سی ہے‘ جب اس کا کوئی عضو تکلیف میں ہو تو سارا جسم بے خوابی اور بخار کیساتھ اس کا ساتھ دیتا ہے‘‘ (مسلم: 2586)۔ نیز فرمایا: ''مومن مومن کیلئے عمارت کی طرح ہے‘ اس کا ایک حصہ دوسرے کو مضبوط کرتا ہے‘‘ (بخاری: 481)۔
کانفرنس کے آخری روز‘ جمعہ 30اکتوبر کو تمام مندوبین کو جزیرے سے واپس استنبول شہر لایا گیا۔ وہاں تاریخی مسجد ''آیا صوفیہ‘‘ میں نمازِ جمعہ ادا کی گئی۔ نمازکے بعد متفقہ اعلامیہ پیش کیا گیا۔ عالمی اتحاد برائے علمائے مسلمین کے صدر شیخ ڈاکٹر علی محیی الدین قرہ داغی نے پریس کانفرنس میں اس اعلامیے کو پڑھ کر سنایا‘ جس میں کانفرنس کے علمی مباحث‘ مشاورت اور ورکشاپس کے نتائج کو یکجا کیا گیا تھا۔ اعلامیے میں سب سے پہلے اس حقیقت پر زور دیا گیا کہ امتِ مسلمہ کی وحدت محض ایک خوبصورت خواہش نہیں ہے‘ بلکہ ایک شرعی فریضہ‘ بنیادی دینی مقصد اور تہذیبی ضرورت ہے۔ آل عمران: 103کو بنیاد بناتے ہوئے مسلمانوں کو باہمی اتحاد‘ اخوت اور اجتماعیت کی طرف متوجہ کیا گیا۔ اعلامیے میں واضح کیا گیا کہ وحدت کا مطلب فقہی وفکری تنوع اور معتبر اجتہادی اختلافات کو ختم کرنا نہیں‘ بلکہ مشترکہ اصولوں کو مضبوط بنانا‘ اختلافات کو علم وحکمت کیساتھ حل کرنا‘ تعصّب و غُلو سے اجتناب کرنا اور امت کے اجتماعی مفادات کو ترجیح دینا ہے۔ اسی طرح شرعی مسلمات اور اجتہادی متغیرات کے درمیان منضبط فرق کو بھی بنیادی اہمیت دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں 'میثاقِ امتِ وسط: مُسلَّمات و متغیرات‘ کے منصوبے کو مزید مشاورت اور تجاویز کی روشنی میں ایک جامع اور متفقہ دستاویز کی شکل دینے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ دینی اصولوں کی حفاظت کے ساتھ نئے مسائل میں اجتہاد اور تجدید کے امکانات بھی برقرار رہیں۔ اعلامیے کا ایک اہم حصہ علما‘ مفکرین‘ سیاسی قائدین اور دینی اداروں کی مشترکہ ذمہ داریوں سے متعلق تھا۔ اس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ امت کی وحدت کسی ایک طبقے کی ذمہ داری نہیں‘ بلکہ اس کیلئے تمام طبقات کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ ذرائع ابلاغ کو بھی نفرت‘ اشتعال انگیزی اور تعصب کے بجائے مشترکہ اقدار‘ باہمی احترام اور اعتماد کے فروغ کیلئے استعمال کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ عملی اقدامات کے ضمن میں مرکزِ وحدت برائے مطالعات و منصوبہ جات کا قیام‘ مختلف مسلم اور غیر مسلم ممالک میں آباد مسلم اقلیتوں کیلئے وحدت کی کمیٹیوں کی تشکیل‘ مشترکہ علمی نصابوں‘ تربیتی پروگراموں‘ تحقیقی منصوبوں اور باقاعدہ علمی و فکری ملاقاتوں کی تجاویز پیش کی گئیں‘ اس ضرورت کو بھی تسلیم کیا گیا کہ غیر مسلم ممالک میں قیام پذیر مسلمانوں کو کیا حکمتِ عملی اختیار کرنی چاہیے کہ عالَمِ انسانیت کے سامنے اسلام کا خوبصورت عملی چہرہ سامنے آئے۔ یہ بھی طے کیا گیا کہ کانفرنس کے فیصلوں کو محض کاغذی دستاویز تک محدود نہ رکھا جائے‘ بلکہ ان پر عملدرآمد کیلئے رابطہ کار مقرر کیے جائیں اور وقتاً فوقتاً پیشرفت کا جائزہ لیا جائے۔
اعلامیے میں فلسطین‘ غزہ‘ مغربی کنارے‘ مسجدِ اقصیٰ اور کشمیر سمیت دیگر مظلوم مسلم اقوام کے مسائل کو بھی خصوصی اہمیت دی گئی۔ غزہ میں جاری نسل کشی کے خاتمے‘ فلسطینی عوام کے حقوق کے تحفظ‘ مسجدِ اقصیٰ اور دیگر مقدسات کی حفاظت اور فلسطینی علاقوں سے قبضے کے خاتمے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔اسی طرح یمن اور سوڈان کے عوام سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے ان ممالک کی وحدت‘ خودمختاری‘ امن واستحکام اور جائز ریاستی اداروں کی بحالی پر زور دیا گیا۔ روہنگیا‘ مشرقی ترکستان اور دیگر مظلوم اقوام کیساتھ بھی اظہارِ ہمدردی کیا گیا اور بے گناہ قیدیوں کی رہائی اور ان کے حقوق و وقار کے تحفظ کا مطالبہ کیا گیا۔ اعلامیے کے ایک اور حصے میں دہشت گردی کی تمام صورتوں کی مذمت‘ اسلامو فوبیا اور مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیزی کی روک تھام‘ مذہبی آزادی‘ انسانی حقوق اور پُرامن بقائے باہمی کے اصولوں پر زور دیا گیا۔ بالخصوص مذہبی مقامات پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے معاشرتی امن اور پُرامن بقائے باہمی کی فضا قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ اعلامیے کے اختتام پر عالمی اتحاد برائے علمائے مسلمین‘ وقف علماء الاسلام‘ کانفرنس کے منتظمین‘ شریک وفود اور ترکیہ کی حکومت و عوام کا شکریہ ادا کیا گیا اور اس امید کا اظہار کیا گیا کہ یہ اجتماع امت کی وحدت کی طرف ایک مستقل اور بامقصد سفر کا نقطہ آغاز ثابت ہو گا۔
اس کانفرنس میں شرکت کے دوران ایک بات شدت سے محسوس ہوئی کہ امتِ مسلمہ کے مختلف ممالک میں بسنے والے اہلِ علم اور قائدین اگرچہ جغرافیائی اعتبار سے ایک دوسرے سے دور ہیں‘ لیکن ان کے مسائل‘ دینی وابستگی اور امت کے مستقبل کے حوالے سے انکی فکری تشویش بڑی حد تک مشترک ہے۔ زبانیں مختلف‘ حالات مختلف‘ فقہی و فکری رجحانات میں بھی تنوع ہے‘ لیکن قرآن و سنت سے وابستگی اور امت کی بہتری کی خواہش سب کو ایک دوسرے سے جوڑتی ہے۔اس اجتماع سے یہ احساس بھی مزید پختہ ہوا کہ وحدتِ امت کیلئے جذباتی تقریروں اور عمومی اپیلوں سے آگے بڑھ کر علمی مکالمے‘ اختلاف کے آداب‘ ادارہ جاتی تعاون‘ مشترکہ منصوبہ بندی اور مسلسل عملی جدوجہد کی ضرورت ہے۔ بلاشبہ یہ کانفرنس اپنی نوعیت کا ایک اہم علمی و فکری اجتماع تھا۔ اسکے نتائج اور تجاویز کی حقیقی کامیابی کا انحصار اس بات پر ہو گا کہ شریک ممالک‘ علما اور ادارے ان فیصلوں کو کس حد تک عملی شکل دیتے ہیں۔ تاہم یہ بات اپنی جگہ اہم ہے کہ امت کی وحدت کیلئے دنیا بھر کے اہلِ علم اور قائدین کا ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونا اور مشترکہ لائحہ عمل پر گفتگو کرنا امید افزا پیش رفت ہے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ امتِ مسلمہ کو باہمی اتحاد و اتفاق نصیب فرمائے‘ اختلافات کو حکمت و بصیرت کے ساتھ حل کرنے کی توفیق عطا فرمائے‘ مظلوم مسلمانوں کی نصرت فرمائے اور اس اجتماع کی کوششوں کو امت کے حق میں مفید اور بابرکت بنائے۔ آمین!
نوٹ: کانفرنس میں استاذِ حدیث وشارحِ جامع ترمذی علامہ حافظ عبداللہ ضیائی میرے معاون اور رفیقِ کارکے طور پر شریکِ سفر رہے‘ ضُعف و بیماری میں میرے مُمِدّ ومعاون ثابت ہوئے اور علمی امور میں بھی شریکِ کار رہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments