"KMK" (space) message & send to 7575

ناشتہ، ڈبل روٹی اور منڈی واربرٹن

گزشتہ کالم میں کھانوں کا ذکر ہوا تو یاد آیا کہ اگر میں ملتان اپنے گھر میں ہوتا توریلوے ٹائم ٹیبل کے مطابق ناشتے کا مینو تبدیل ہو چکا ہوتا۔ گزشتہ 14 برس سے ملتان میں‘ بلکہ زیادہ بہتر کہوں تو گھر میں ناشتہ ایک باقاعدہ نظام الاوقات کے مطابق چلتا ہے۔ پندرہ مارچ سے چودہ نومبر تک لسی سے ناشتہ کیا جاتا ہے اور پندرہ نومبر سے چودہ مارچ تک کشمیری چائے کے ساتھ باقرخانی ناشتے کا جزو بن جاتی ہے۔ اگر ملتان میں ہوتا تو ایک ہفتہ قبل کشمیری چائے تیار ہو چکی ہوتی‘ راولپنڈی سے ڈاکٹر بدرِ عالم باقرخانیاں بھجوا چکا ہوتا‘ لیکن سفر کی وجہ سے سارا ٹائم ٹیبل خراب ہو کر رہ گیا ہے۔ مجھے یہ دعویٰ تو بالکل نہیں کہ میں لسی اور کشمیری چائے بہت اچھی بناتا ہوں‘ تاہم ویسی ضرور بنا لیتا ہوں جیسی مجھے پسند ہے۔ سردیوں میں شوکت گجر کشمیری چائے میں میرا حصے دار ہے‘ وہ اکتوبر میں ہی اصرار کرنا شروع کر دیتا ہے کہ کشمیری چائے کے نظام الاوقات میں ترمیم کرتے ہوئے اسے پندرہ نومبر کے بجائے چودہ اکتوبر سے شروع کر دیا جائے‘ لیکن میں ہنس کر ٹال دیتا ہوں۔ بچے بعض اوقات پوچھتے ہیں کہ میں سارا سال ناشتے کی اس یکسانیت سے تنگ نہیں پڑ جاتا؟ میں جواباً ہنس دیتا ہوں۔ دراصل انسانی فطرت مختلف متبادل ملنے پر اپنے پاؤں پھیلاتی ہے۔ اگر آپ مختلف آپشنز کا دروازہ بند کر دیں تو معاملات نہ صرف آسان ہو جاتے ہیں بلکہ طبیعت میں یکسوئی پیدا ہو جاتی ہے۔ ہاں‘ البتہ رمضان کا مہینہ ایسا ہوتا ہے کہ اس میں ناشتے کی طے شدہ روٹین تبدیل ہو جاتی ہے‘ تاہم رمضان میں سحری ہوتی ہے‘ ناشتہ تو ہوتا ہی نہیں۔ اس مسافر کے ملتان سے باہر نکلتے ہی ناشتہ اپنے طے شدہ مینو سے نہ صرف آزاد ہو جاتا ہے بلکہ بے قابو ہو جاتا ہے۔
امریکہ میں ناشتہ زیادہ تر اوٹ میل پر مشتمل ہوتا ہے‘ تاہم ہوائی اڈوں پر پنیر اور انڈا لگے ہوئے کروسانٹ کے ساتھ کافی کا ایک کپ تقریباً طے شدہ ناشتہ ہے۔ ویک اینڈ پر آئی ہوپ کا ناشتہ ایک علیحدہ عیاشی ہے۔ امریکہ کی شمالی ریاستوں میں ٹم ہارٹن کی فرنچ ونیلا کافی اور ایگ وائٹس ناشتے کے کینوس پر مزید رنگ آمیزی کرتے ہیں۔ اللہ بخشے ماں جی حیات تھیں تو ہر تیسرے چوتھے دن آلو کا پراٹھا میٹھے دہی کے ساتھ چلتا تھا۔ بعد ازاں یہ کام نیک بخت نے سنبھال لیا۔ اس کے جانے کے بعد ناشتے کی عیاشی ختم ہوئی۔ کشمیری چائے اور لسی بنانی آتی ہے‘ سو گزشتہ 14سال سے اسی لگی بندھی ناشتے کی روٹین پر عمل کرتا ہوں۔ اب بھی لاہور جاؤں تو ملا قادر کے ساتھ روزانہ نئی قسم کا ناشتہ کرتا ہوں۔ میاں ایاز کے ہاں جیدے کی لسی‘ آلو کے پراٹھے اور لاہوری چنوں سے لطف اندوز ہوتا ہوں۔ میں ایک عرصہ تک صادق حلوہ پوڑی والے کی اسلامیہ کالج ریلوے روڈ کے سامنے والی اور پھر وہاں سے تھوڑا آگے منتقل ہونے والی دکان پر جاتا رہا۔ وہاں جب بھی جاتا تو غلام رسول پہچان لیتا تھا۔ برسوں پہلے ایک صبح وہاں گیا تو غلام رسول دکھائی نہ دیا۔ میں نے کام کرنے والے لڑکے سے پوچھا تو اس نے کہا‘ میں یہاں چند روز پہلے آیا ہوں‘ مجھے تو غلام رسول کا پتا نہیں۔ ساتھ سے گزرتے ہوئے دوسرے آدمی نے بتایا کہ غلام رسول چند ماہ پہلے گزر گیا ہے۔ یقین کریں‘ حلوہ پوری کھانے کا لطف ختم ہو گیا۔ پھر کئی سال ادھر کا رخ نہ کیا‘ تاوقتیکہ اچھرہ کے پاس ان کی دوسری برانچ بن گئی۔ اب ادھر جاتا ہوں‘ ناشتہ بھی کرتا ہوں‘ لیکن اس برانچ پر بیٹھ کر بھی غلام رسول ویسے ہی یاد آتا ہے جیسے ملتان میں خورشید ہوٹل جائیں تو مُنے میاں یاد آتے ہیں۔
نسبت روڈ کے آغاز میں طارق کی ریڑھی پر نان کے ساتھ چکڑ چھولے کھانا ایک علیحدہ لطف کا حامل تھا۔ اب ریڑھی کی جگہ چھوٹی سی دکان نے لے لی ہے۔ کبھی کبھار ادھر کا چکر لگ جاتا ہے۔ سردیوں میں اسد کے ساتھ دو تین بار صابن والی گلی میں زاہد کے پاس سری پائے اور مغز کھانے چلا جاتا ہوں۔ تاہم ناشتے کی اس تنوع بھری دنیا میں ابھی تک ڈبل روٹی‘ یعنی صبح ناشتے میں سلائس کے ساتھ تعلقات مثالی نہیں بن سکے۔ ناشتے میں کچھ نہ ہو تو مجبوراً ڈبل روٹی کے سلائس سے گزارہ چلا لیتا ہوں‘ لیکن یہ مجبوری ہے‘ پسند یا ترجیح ہرگز نہیں۔ ڈبل روٹی سے یاد آیا‘ برطانیہ میں ایک دوست کے ہاں صبح ناشتے میں آملیٹ اور سلائس کھاتے ہوئے کبھی کلفت کا احساس نہیں ہوتا۔ شاید اس کی وجہ اس دوست کی کمپنی کے ساتھ ساتھ یہ بھی ہے کہ ایسا سال میں محض دو تین بار ہی ہوتا ہے۔ انگلینڈ اور سلائس سے یاد آیا کہ برطانیہ میں سب سے مقبول اور سب سے زیادہ فروخت ہونے والی ڈبل روٹی بنانے والے ادارے کا نام واربرٹنز ہے۔ یہ بیکری 1876ء میں تھامس واربرٹن نے برطانیہ کے شہر بولٹن میں قائم کی تھی جو آج 150 سال بعد بھی پوری آب و تاب کے ساتھ چل رہی ہے۔ اس واربرٹن ڈبل روٹی سے یاد آیا کہ پاکستان میں ضلع ننکانہ صاحب کے قریب ہی ایک قصبے کا نام بھی (منڈی) واربرٹن ہے۔ عام طور پر یہ خیال کیا جاتا ہے کہ ہندوستان پر برطانوی راج کے دوران آباد ہونے والے اس قصبے کا نام شاید کسی گورے برطانوی افسر کے نام پر رکھا گیا ہے۔ اس قصبے کا نام تو واقعتاً جان پال واربرٹن کے نام پر ہی رکھا گیا ہے‘ تاہم جان پال واربرٹن گورا نہیں بلکہ 1840ء میں کابل میں پیدا ہونے والا ایک افغان تھا اور عیسائی ہونے سے پہلے اس کا نام جہاں داد خان تھا۔
آئر لینڈ کے جاگیردار رچرڈ واربرٹن کا بیٹا رابرٹ واربرٹن برطانوی فوج میں کرنل تھا۔ 1839ء میں برطانیہ نے افغانستان میں امیر دوست محمد کو ہٹا کر شاہ شجاع کو دوبارہ بادشاہ بنانے کے لیے فوجی مہم شروع کی تو رابرٹ واربرٹن اس میں شریک تھا اور غزنی کی جنگ میں بہادری دکھانے پر اسے جنگی تمغہ اور اضافی امتیازی پٹی دی گئی۔ رابرٹ واربرٹن جو اس مہم کے دوران کابل میں تھا‘ کو امیر دوست محمد خان کے سگے بھائی امیر محمد خان کی مطلقہ بیٹی شاہجہان بیگم جو شاہ شجاع کی بھی رشتہ دار تھی‘ سے محبت ہو گئی اور 1841ء میں اسلامی قانون کے مطابق چھ لاکھ روپے حق مہر کے عوض ان کی شادی ہو گئی۔ اسی دوران کابل میں برطانوی حکومت کے خلاف بغاوت پھوٹ پڑی اور برطانوی نمائندے سمیت متعدد برطانوی مارے گئے جبکہ کرنل رابرٹ واربرٹن گرفتار ہو گیا۔ 1842ء میں برطانوی حکومت نے جنرل جارج پولاک اور جنرل ولیم نٹ کی قیادت میں فوج بھیجی جس نے کابل پر دوبارہ قبضہ کر کے برطانوی فوجی قیدی رہا کرائے جن میں کرنل رابرٹ واربرٹن بھی شامل تھا۔ رہائی کے بعد کرنل رابرٹ واربرٹن اپنی بیوی شاہجہان بیگم اور اس کے پہلے شوہر امیر فیض طلب سے پیدا ہونے والے بیٹے جہاں داد خان اور اسی دوران پیدا ہونے والے اپنے بیٹے سر رابرٹ واربرٹن جونیئر کے ہمراہ واپس ہندوستان آ گیا۔ یہاں رابرٹ واربرٹن نے شاہجہان بیگم کے پہلے بیٹے جہاں داد خان کو باقاعدہ قانونی طریقہ کار سے اپنے بیٹے کے طور پر اپنی تولیت میں لیتے ہوئے جان پال واربرٹن کا خاندانی نام بھی دیا۔ جان پال واربرٹن 1864ء میں پولیس میں بھرتی ہو گیا۔ 1900ء میں بطور ڈپٹی انسپکٹر جنرل ریٹائر ہوا اور اسی سال ریاست پٹیالہ کی پولیس میں بطور آئی جی تعینات ہو گیا۔ پولیس سروس کے دوران نہایت اعلیٰ کارکردگی کے عوض اسے موجودہ واربرٹن میں 1080ایکڑ زمین انعام میں ملی۔ وہ مقامی لوگوں میں ''بٹن صاحب‘‘کے نام سے مشہور تھا۔ اکتوبر 1919ء میں جان پال واربرٹن کسولی (ہماچل پردیش) میں گھوڑے سے گر زخمی ہوا اور وفات پائی۔ اس کا سرپرست اور قانونی باپ کرنل رابرٹ واربرٹن پشاور کے تہکال گورا قبرستان میں‘ ماں شریک بھائی سر رابرٹ واربرٹن برومپٹن سمٹری لندن میں اور خود جان پال واربرٹن عرف بٹن صاحب کرائسٹ چرچ سمٹری کسولی میں دفن ہے اور اس کے نام کا قصبہ ادھر ننکانہ صاحب کے پاس پاکستان میں ہے۔ ناشتے کی بات ڈبل روٹی سے ہوتی ہوئی کہاں سے کہاں چلی گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...