صبح جب میں اور گلاب خان پووس کاسل جانے کیلئے روانہ ہوئے تو ہلکی ہلکی بارش مسلسل ہو رہی تھی۔ موسم کا حال معلوم کیا تو پتا چلا کہ بارش نہ صرف آج سارا دن بلکہ کل کا دن بھی اسی طرح ہوتی رہے گی۔ گلاب خان نے گاڑی میں دو چھتریاں بھی رکھ لیں لیکن جب ہم پووس کاسل اترے تو میں نے گلاب خان کو چھتریاں اٹھانے سے منع کر دیا۔ پارکنگ سے ٹکٹ گھر تو نزدیک تھا لیکن ٹکٹ گھر سے کاسل کے اندر داخل ہونے والا دروازہ خاصی دور تھا اور چڑھائی بھی کافی تھی۔ لیکن اس کے باوجود مجھے چھتری کی مصیبت کو ہمہ وقت اپنے ہاتھ میں رکھنا قبول نہ تھا۔ میں نے جیکٹ کا ہڈ سر پر کھینچا اور گلاب خان کو کہا کہ چلتے ہیں‘ دیکھی جائے گی۔ ٹکٹ کاؤنٹر پر بیٹھی ہوئی بزرگ خاتون نے بتایا کہ قلعے کی مرکزی رہائشی بلڈنگ کرسمس کی تیاری کیلئے بند ہے اور وِزٹرز اس حصے میں داخل نہیں ہو سکتے۔ پھر ہمیں بغیر چھتری کے دیکھ کے کہنے لگی کہ اس حالت میں تو آپ شاید باغ بھی نہ دیکھ سکیں۔ میں نے اس سے پوچھا کہ وہ حصہ جو انڈین میوزیم کہلاتا ہے کیا وہ کھلا ہے؟ اس نے جواب دیا کہ ہاں وہ حصہ وِزٹرز کیلئے کھلا ہے۔ میں نے کہا ہمیں بس یہی کچھ دیکھنا ہے‘ اگر یہ کھلا ہے تو ٹکٹ دے دیجیے۔ ٹکٹ لے کر ہم دونوں قلعے کی طرف چل پڑے۔ قلعے کے سنگِ سرخ سے بنے ہوئے داخلی دروازے کے بالکل سامنے ایک خوبصورت فوارہ تھا‘ اور فوارے کے سامنے دس بارہ سیڑھیاں چڑھ کر مرکزی عمارت میں داخل ہونے کا دروازہ تھا۔ وسیع صحن کے دائیں طرف پتھر کی بنی ہوئی مضبوط اور بلند حفاظتی دیوار تھی۔ جیسا کہ میں بتا چکا ہوں سامنے والا مرکزی حصہ وِزٹرز کیلئے بند تھا‘ بائیں ہاتھ پر نچلی منزل میں ایک کیفے تھا جبکہ اوپری منزل میں کلائیوز کا انڈین میوزیم تھا۔ بائیں جانب والی ساری دیوار پر سرخ پتوں والی ایسی خوبصورت بیل نے قبضہ جمایا ہوا تھا کہ بارش کے باوجود اس مسافر کا یہاں سے ہٹنے کو دل ہی نہیں کر رہا تھا‘ آنکھیں تھیں کہ اس خوبصورتی پر جمی ہوئی تھیں اور دل تھا کہ وہیں پھنسا ہوا تھا۔ بلا مبالغہ ایک دو منٹ کھڑے ہو کر سرخ پتوں سے ڈھکی ہوئی اس دیوار کو دیکھتا رہا۔ جاوید صبا نے یقینا یہ شعر کسی اور تناظر میں کہا تھا مگر اس کیفیت میں یہ یاد آ گیا:
ویسے تو کچھ نہیں ہوا دیکھ کے اس کی اک جھلک
پاؤں سے کھنچ گئی زمیں ہاتھ سے دل پھسل گیا
بارش میں اس دیوار کے سامنے اس شعر کی یاد نے ایسا لطف دیا کہ بھیگنے کی کلفت دور ہو گئی۔
ہم اس دیوار کے اختتام پر‘ بائیں جانب میوزیم والے چھوٹے سے دروازے میں داخل ہوئے۔ ایک بی بی نے ہمارا ٹکٹ چیک کیا اور اوپر جانے کا اشارہ کیا۔ سیڑھیاں چڑھ کر پہلے ہال میں داخل ہوئے‘ چاروں طرف فرش سے چھت تک لکڑی کی قدیم الماریاں تھیں‘ جو کتابوں سے بھری ہوئی تھیں۔ ایک کتاب کو اٹھا کر دیکھا‘ وہ 150 سال پرانی تھی۔ ''مشتے نمونہ از خروارے‘‘ تین چار الماریاں چھوڑ کر ایک اور خستہ سی جلد والی کتاب اٹھا کر دیکھی‘ یہ 200سال پرانی تھی۔ ساری کتابیں نہایت صاف ستھری حالت میں بڑی ترتیب سے رکھی ہوئی تھیں۔ اس مختصر سی لائبریری کی صفائی اور ترتیب دیکھ کر دل سے ایک آہ سی اٹھی۔ دو اڑھائی سال پرانی بات ہے‘ خدا جانے میرے دل میں کیا آئی کہ میں اپنی پرانی مادرِ علمی ایمرسن کالج‘ جو اَب ایمرسن یونیورسٹی بن چکا ہے‘ وہاں چلا گیا۔ بھلا میں نے وہاں اور کہاں جانا تھا سوائے لائبریری کے۔ اس لائبریری سے تعلق کی سب سے بڑی وجہ تو یہ ہے کہ اللہ جنت نصیب کرے والد مرحوم کو‘ وہ 40 سال سے زائد عرصہ اس کے لائبریرین رہے۔ جب انہوں نے اس لائبریری کا چارج سنبھالا تب کالج‘ چوک کچہری پر واقع اپنی پرانی عمارت میں ہوا کرتا تھا۔ طلبہ کے تعداد بڑھ جانے کے نتیجے میں ساٹھ کی دہائی میں کالج کو شہر سے باہر بوسن روڈ پر منتقل کر دیا گیا۔ پہلے یہ لائبریری موجودہ ایجوکیشن لائبریری کے کیمپس میں ہوا کرتی تھی‘ بعد ازاں لائبریری کی باقاعدہ نئی عمارت بنی تو اسے وہاں شفٹ کر دیا گیا۔ اب بھی یہ لائبریری اسی عمارت میں ہے۔ البتہ اس کے ساتھ ایک توسیعی عمارت مزید شامل ہو گئی ہے۔ اس لائبریری سے دلچسپی کی دوسری وجہ ظاہر ہے اس کے علاوہ اور کیا ہو سکتی ہے کہ میں نے چار سال تک اس لائبریری سے جی بھر کر کتابیں حاصل کیں اور ان سے لطف لیا۔ کتاب بینی کے شوق کو مزید جلا بخشنے میں اس لائبریری کا بہت بڑا ہاتھ ہے۔ میرا اس لائبریری میں جانے کا دل یوں کیا کہ تب ایمرسن یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے طور پر ڈاکٹر رمضان کا تقرر ہوا۔ مجھے کسی نے بتایا کہ موصوف بنیادی طور پر لائبریرین ہیں اور ان کی پی ایچ ڈی بھی لائبریری سائنس سے متعلق ہے‘ تو دل کیا کہ جا کر اس لائبریری کو دیکھوں۔ گمان تھا کہ اس ادارے کا سربراہ چونکہ بنیادی طور پر لائبریرین ہے اس لیے اس کے تقرر کے بعد اس لائبریری کی شکل و صورت اور حالت یقینا بہتر ہو چکی ہو گی‘ لہٰذا اپنے اس خیالِ خام کو سامنے رکھتے ہوئے میں لائبریری چلا گیا۔ لائبریری کی حالت خدا جھوٹ نہ بلوائے تو ایسی تھی جیسے برسوں سے کسی نے اس کی نہ صفائی کی ہو‘ نہ کتابوں کو ترتیب سے رکھا ہو‘ اور نہ کسی لائبریرین نے اس پر نظر تک دوڑائی ہو۔
سو سال پرانی مضبوط لکڑی کی دیوہیکل الماریاں باقاعدہ ٹوٹ چکی تھیں‘ الماریوں کے تالے ٹوٹے ہوئے تھے‘ کئی الماریاں باقاعدہ ایک طرف جھکی ہوئی تھیں اور گرنے والی تھیں۔ پوری لائبریری میں کوئی شخص موجود نہیں تھا جسے دیکھ کر اندازہ ہو کہ اس لائبریری کا کوئی پرسانِ حال ہے۔ والد صاحب کے لائبریرین والے کمرے کو تالا لگا ہوا تھا۔ وہاں سے گزرتے ہوئے ایک شخص کو روک کر لائبریرین کا پوچھا تو اس نے بتایا کہ کئی سال سے یہاں کوئی باقاعدہ لائبریرین نہیں ہے۔ والد صاحب کے ہوتے ہوئے یہاں چچا منظور اور چچا دھمن خان خالد اسسٹنٹ لائبریرین تھے۔ چچا ابراہیم‘ چچا صفدر کے علاوہ دو اور اٹینڈنٹ تھے۔ یعنی لائبریرین سمیت سات لوگوں کا عملہ اس لائبریری کی دیکھ بھال پر متعین تھا۔ کافی دیر بعد پتا چلا کہ اس لائبریری کا موجودہ انچارج ایک ڈیلی ویجر‘ یعنی کہ یومیہ اجرت پر رکھا گیا شخص ہے اور وہی اس کی دیکھ بھال کرتا ہے۔ بڑا افسوس ہوا کہ جنوبی پنجاب کی سب سے قدیم اور سب سے بڑی لائبریری‘ جو اَب کالج کے درجے سے اوپر نکل کر یونیورسٹی کی لائبریری کا درجہ اختیار کر چکی ہے‘ اور اس یونیورسٹی کے سربراہ جو بذاتِ خود لائبریرین رہے ہیں‘ اور ان کی ڈاکٹریٹ بھی لائبریری سائنس میں ہے‘ ان کے زیرِ سایہ اس لائبریری کا یہ حال ہے۔
چند روز بعد میری ایمرسن یونیورسٹی کے وی سی کے کسی چاہنے والے سے ملاقات ہوئی۔ اس نے وی سی کی شان میں زمین اور آسمان کے قلابے ملانا شروع کیے تو میں نے اسے ٹوک دیا اور کہا کہ جہاں تک وی سی کی علمی اور انتظامی حالت کی بات ہے‘ تو وہ لائبریری کی شکل و صورت اور حالت دیکھ کر مجھ پر واضح ہو چکی ہے۔ جو شخص اپنے شعبے سے تعلق رکھنے والی چیز کی مناسب دیکھ بھال نہیں کر پا رہا‘ اس سے باقی کس چیز کی بہتری کی توقع رکھی جا سکتی ہے؟ کیا شاندار لائبریری تھی اور کس طرح برباد ہو کر رہ گئی۔ اس ایک لائبریری پر ہی کیا موقوف‘ نہ صرف یہ کہ ملک میں لائبریریاں تباہ ہو گئیں بلکہ پورے کا پورا لائبریری کلچر ہی برباد ہو گیا ہے۔کتابیں دیکھنا تو میرے پروگرام میں شامل ہی نہیں تھا بس ایک کمرے پر مشتمل یہ چھوٹی سی شاندار لائبریری دیکھ کر میرے ذہن میں خیالات کا ایک ریلا سا اُمڈ آیا اور میں پووس کاسل سے ایمرسن یونیورسٹی کی لائبریری جا پہنچا۔ اس کمرے کے پار ایک دوسرا کمرہ تھا اور مجھے دراصل اسی کمرے میں جانا تھا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments