اس چھوٹی سی لائبریری سے جیسے ہی میں اگلے کمرے میں داخل ہوا‘ دروازے کے بالکل سامنے ایک شو کیس تھا۔ اس شو کیس میں سنہرے دستے والی ایک تلوار تھی۔ اس تلوار کے پیچھے مخمل سے بنا ہوا چھوٹا سا چوکور ستون تھا جو مسلسل گھوم رہا تھا۔ اس کے اوپر سونے کا بنا ہوا‘ شیر کا سر تھا‘ جس میں قیمتی پتھر از قسم زمرد‘ یاقوت اور ہیرے جڑے ہوئے تھے۔ چاروں طرف سے پڑنے والی روشنی میں شیر کے سر پر لگے ہوئے قیمتی جواہرات چمک رہے تھے۔ یہ ٹیپو سلطان کے تخت کے کٹہرے پر لگے ہوئے شیر کے آٹھ ایک جیسے سروں میں سے ایک سر تھا۔
1799ء میں معرکہ سرنگاپٹم میں ٹیپو سلطان کی شہادت کے بعد سلطان کی تلواروں اور دیگر نوادرات کے علاوہ اس کے مشہور تخت کو حصے بخرے کر کے فاتح فوج کے افسران اور دیگر اعلیٰ عہدیداران نے آپس میں بانٹ لیا۔ ان آٹھ شیروں کا بھی یہی حشر ہوا۔ پووس کاسل میں موجود جواہرات لگا ہوا یہ سر ہندوستان کے گورنر جنرل لارڈ رچرڈ ولزلی نے لیڈی کلائیو کو تحفے میں دیا تھا۔ اس طرح کا دوسرا سر میں وکٹوریا اینڈ البرٹ میوزیم لندن میں دیکھ چکا ہوں۔ یہ سر میسور کے انگریز کمشنر ہنری ولزلی (گورنر جنرل لارڈ ولزلی کا بھائی) نے بعد میں لیفٹیننٹ گرین وِل کو پیش کیا جو صدیوں تک اس خاندان کی ملکیت رہا۔ یہ سر 2021ء میں باقاعدہ طور پر میوزیم کو مستعار دیا گیا تھا۔ غالب امکان یہی ہے کہ یہ اب بھی گرین وِل فیملی کی اولاد یا ان کے خاندانی ٹرسٹ کے پاس ہے‘ یا پھر خفیہ طور پر کسی نجی کولیکٹر نے خرید کر میوزیم کو دے دیا ہے۔ اسی طرح کا ایک اور سر اب قطر کے شاہی خاندان کی جمع کردہ الثانی کولیکشن میں بھی موجود ہے۔ جبکہ ایک اور سر ایک دو بار نیلامی کے دوران دکھائی دیا ہے اور اب نوادرات کے شوقین کسی شخص کی ملکیت ہے۔ اس تخت کے بقیہ چار سروں کا اب کوئی اتا پتا نہیں۔ خدا جانے اب یہ کسی کی پرائیویٹ کولیکشن میں موجود ہیں یا انہیں توڑ کر سونے اور جواہرات کی شکل میں فروخت کیا جا چکا ہے۔
اسی شو کیس میں ٹیپو سلطان کی ذاتی تلوار پڑی ہوئی ہے۔ اس تلوار کا دستہ سونے کا ہے‘ جس پر شیر کے چھ سر بنے ہوئے ہیں۔ اس کے دستے پر سورۃ الفاتحہ‘ سورۃ البقرہ‘ سورۂ آل عمران‘ سورۃ الانفال کی آیات کے علاوہ سورۃ الفتح (انا فتحنا لک فتحاً مبینا) سورۃ الصف (نصر من اللہ وفتح قریب) اور سورۃ الاخلاص کندہ ہے۔ جہاں دستہ تلوار کے پھل سے ملتا ہے وہاں ایک دعا ''اے اللہ! (یہ تلوار) تیرے دشمنوں کی گردنوں پر تیز دھار بن جائے اور تیرے دین کے مددگاروں کیلئے فتح و نصرت کا سبب بنے‘‘ کھدا ہوا ہے۔ اس کے پھل کے ایک رخ پر قرآنی آیات لکھی ہوئی ہیں۔یہ تلوار سرنگاپٹم کی جنگ میں سلطان کی شہادت کے بعد کیپٹن ایلن گرانٹ نے اس وقت کے مدراس کے گورنر لارڈ ایڈورڈ کلائیو کو پیش کی۔ اس تلوار پر بھی ٹیپو سلطان کا پسندیدہ شعر
شد برق جانِ کافران تیغِ ظفر بنیادِ مَن
سلطانِ دین حیدر بود در فتح بر امدادِ مَن
لکھا ہوا ہے۔ اس تلوار کی ایک جڑواں تلوار برطانوی شاہی خاندان کی رہائشگاہ ونڈسر کاسل میں بھی موجود ہے۔
ونڈسر کاسل کی پہلی جھلک میں نے آج سے قریب 27‘ 28 سال قبل برادرِ عزیز طارق حسن کے ساتھ ریڈنگ سے لندن جاتے ہوئے دیکھی۔ شام کے ملگجے میں سڑک سے گزرتے ہوئے ونڈسر کاسل ایک تصویری پوسٹر کی مانند سامنے سے گزرا۔ تاہم اس طرح دیکھنے سے اس کی شان وشوکت‘ وسعت‘ خوبصورتی اور دبدبے کا صحیح اندازہ نہ ہو سکا۔ لیکن چند سال بعد ٹکٹ لے کر اندر داخل ہوا تو اس قلعے کی‘ جو اَب برطانیہ کے شاہی خاندان کی رہائشگاہ بھی ہے‘ وسعت کاصحیح اندازہ ہوا۔ اس قلعہ نما محل میں تقریباً 1000 کمرے‘ 300 آتش دان اور تقریباً 400گھڑیاں ہیں۔ صرف انہی اعداد وشمار سے اس کی وسعت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ ونڈسر کاسل اس وقت شاید دنیا کا سب سے بڑا اور آباد قلعہ ہے۔ اس کی تعمیر کا آغاز 11ویں صدی عیسوی میں ولیم دی کانکرر نے کیا تھا۔ یہ قلعہ ابتدائی طور پر ایک دفاعی حصار کے طور پر تعمیر کیا گیا تھا۔ بعد میں ہنری اول نے اسے رہائشگاہ کے طور پر استعمال کرنا شروع کیا۔ اس کے بعد تقریباً 40 برطانوی حکمران اسے اپنی رہائشگاہ کے طور پر استعمال کر چکے ہیں۔ برطانیہ کے موجودہ بادشاہ چارلس سوم بھی اسے اپنی شاہی رہائشگاہ کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔
ٹیپو سلطان کی شیروں کے سر والی ایک تلوار جو پووس کاسل میں پڑی ہوئی تلوار کی مثنیٰ یا جڑواں تلوار ہے‘ ونڈسر کاسل میں بھی پڑی ہوئی ہے۔ اس قلعہ نما محل‘ یا محل نما قلعے میں شاہی خاندان کی ملکیت نوادرات کی وسیع کولیکشن موجود ہے۔ محل کے Grand Vestibule اور شاہی ذخیرے میں یہ تلوار اور اس کی اصل میان بھی موجود ہے۔ لکڑی کی میان پر سرخ مخمل چڑھی ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ جواہرات سے جڑا ہوا تخت کے کٹہرے والا شیر کا چھوٹا سر اور جواہرات سے جڑا ہوا ہما پرندہ بھی اس محل میں موجود ہے۔ ٹیپو سلطان کے تخت کے مرکزی بڑے شیر کا سونے کا سر‘ جس کی آنکھیں اور دانت بلور کے ہیں‘ یہیں پڑا ہوا ہے۔ یہ 1800ء میں برطانیہ لایا گیا اور پہلے اسے ایسٹ انڈیا کمپنی کے لندن دفتر کے میوزیم میں رکھا گیا۔ اکتیس سال بعد دو نومبر 1831ء کو کمپنی کے کورٹ آف ڈائریکٹرز نے نئے بادشاہ ولیم چہارم کی تخت نشینی کی خوشی میں اپنی اطاعت اور وفاداری کے اظہار کے طور پر یہ سر باشاہ کی خدمت میں پیش کر دیا۔
پووس کاسل میں ٹیپو سلطان کی ایک اور تلوار بھی موجود ہے جس کا دستہ ہاتھی دانت کا ہے‘ اس پر بھی وہی فارسی شعر کھدا ہوا ہے جو ٹیپو سلطان کی باقی تلواروں پر کھدا ہوا ہے۔ میں نے یہاں ٹیپو سلطان کی دیگر کئی چیزوں کے علاوہ ان کے ذاتی استعمال کے برتن بھی دیکھے‘ جن میں چینی مٹی سے بنے ہوئے کپ اور پرچیں بھی ہیں‘ جو سلطان کو فرانس کے بادشاہ لوئی شانز دہم نے تحفے کے طور پر بھیجے تھے۔ ایک شو کیس میں سلطان کے ذاتی استعمال کی قیمتی صراحی اور پیالہ پڑا ہے۔ یہاں سلطان کا بارہ قناتوں پر مشتمل شاہی خیمہ بھی موجود ہے۔ اس کی قناتوں (دیواروں) پر بلاک پرنٹنگ اور ہاتھ کی مصوری سے خوبصورت گلدانوں‘ شاخوں اور پھولوں کے نقش ونگار بنے ہوئے ہیں۔ یہ خیمہ انیسویں صدی میں پووس کاسل میں منعقد ہونے والی شاہی دعوتوں میں باقاعدہ نصب کیا جاتا تھا۔
میرا دل کیا کہ میں اس تلوار کی تصویر کھینچوں۔ میں نے وہاں کھڑی ہوئی نگران خاتون سے تصویر کے بارے میں پوچھا تو اس نے کہا کہ یہاں تصویر کھینچنے کی اجازت نہیں‘ یہ قلعہ بیشک نیشنل ٹرسٹ کی ملکیت ہے‘ لیکن یہاں پڑے ہوئے تمام نوادرات ابھی تک کلائیو فیملی کی ملکیت ہیں۔ میں نے مسکرا کر خاتون سے کہا کہ آپ انہیں مالک نہ کہیں‘ قابض کہیں‘ کلائیو فیملی کے پاس ان چیزوں کی ملکیت کا کوئی ثبوت ہے تو دکھائیں۔ ان شو کیسوں میں جہاں اور بہت سی چیزیں نمائش کیلئے پڑی ہیں‘ کوئی ملکیتی دستاویز تو دکھائیں۔ خدا جانے اس خاتون کے دل میں کیا آئی‘ اس نے آہستہ سے مجھے کہا کہ میں ساتھ والے ہال میں جا رہی ہوں۔ یہ گویا اس بات کی اجازت تھی کہ میں ان چیزوں کی تصویریں کھینچ سکتا ہوں۔ اب یہ تلوار میرے کیمرے میں بھی محفوظ ہے اور میرے دل میں بھی۔
یہ بات بالکل درست ہے کہ سبھی فاتحین اپنے مفتوحین کے مال ودولت کے ساتھ یہی سلوک کرتے ہیں اور مال غنیمت باہم بانٹتے ہیں۔ لیکن مال مسروقہ دیکھ کر دل سے اٹھنے والی ہوک کا تو کوئی علاج نہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments