ایک دو دوستوں نے فون کر کے مجھ سے پوچھا کہ کیا بات ہے میں آج کل ملک میں جو سیاسی بے چینی‘ افراتفری‘ بلکہ مار دھاڑ مچی ہوئی ہے‘ اس پر کیوں کچھ نہیں لکھ رہا؟ میرے پاس اپنے ان دوستوں کو مطمئن کرنے کیلئے کئی دلائل موجود ہیں مثلاً یہ کہ میں پاکستان میں نہیں ہوں اس لیے میرے پاس فرسٹ ہینڈ معلومات نہیں ہیں‘ یا یہ کہ صاحبانِ زبردست نے ایک بار پھر قوم کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگا دیا ہے یا وغیرہ وغیرہ۔ لیکن میں جانتا ہوں کہ میرے نہ لکھنے کی حقیقی وجہ کیا ہے۔ تاہم پہلے میں آپ کو ایک امریکی فوجی کا واقعہ سنانا چاہتا ہوں۔
ویتنام کی جنگ جاری تھی۔ ایک نہایت سمارٹ اور ہینڈسم نوجوان وردی پہنے سائیگون جانے کیلئے ایئرپورٹ کے باہر اپنی یونٹ کے دیگر ساتھیوں کا انتظار کر رہا تھا۔ ایک اخبار نویس نے اس سے پوچھا کہ وہ اس جوان عمری میں ملک سے ہزاروں میل دور ایک اَن دیکھی سرزمین پر جنگ کے لیے جا رہا ہے‘ تو آخر وہ فوج میں کیوں بھرتی ہوا تھا؟ نوجوان نے اخبار نویس سے کہا کہ اس کی ایک نہیں بلکہ کئی وجوہات ہیں۔ پہلی وجہ تو یہ ہے کہ آپ مجھے دیکھیں‘ میں فوجی وردی میں کتنا خوبصورت اور شاندار دکھائی دیتا ہوں۔ دوسری وجہ یہ ہے کہ اس میں تنخواہ بہت معقول ہے۔ تیسری وجہ یہ ہے کہ فوجی کی ہمارے معاشرے میں بہت عزت ہے۔ چوتھی وجہ یہ ہے کہ انسان کو ملک کی خدمت اور دفاع کا موقع ملتا ہے۔ پانچویں وجہ یہ ہے کہ دنیا بھر میں فوجیوں کے بارے میں بہت لطیفے بنتے ہیں‘ لیکن حقیقت یہ ہے کہ تمام خوبصورت لڑکیاں فوجیوں سے شادی کرنا پسند کرتی ہیں۔ اور چھٹی اور آخری وجہ یہ ہے کہ مجھے جبری بھرتی کے قانون کے تحت دو سالہ لازمی فوجی سروس کا پابند کرتے ہوئے بھرتی کیا گیا ہے۔
سو میں آج کل پاکستان کے موجودہ حالات کے بارے میں‘ اور خاص طور پر نئے صوبوں کے قیام کیلئے اپنائے جانے والے طریقہ کار پر جو نہیں لکھ رہا تو اس کی کئی وجوہات ہیں۔ تاہم آخری اور چھٹی وجہ یہ ہے کہ اس طریقہ کار کے بارے میں جو میرا مؤقف‘ نقطہ نظر اور خیالات ہیں‘ وہ میں لکھ بھی دوں تو چھپ نہیں سکتے‘ لہٰذا بہتر ہے کہ میں انہی معاملات پر لکھوں جن پر لکھ سکتا ہوں‘ لہٰذا آج کل میں وہی کچھ لکھ رہا ہوں جو میں کھل کر لکھ سکتا ہوں اور چھاپنے والے اسے دلیری اور بہادری کے ساتھ من و عن چھاپ سکتے ہیں۔
مارک ٹوئن نے اپنی ایک کتاب کے ابتدائی صفحے پر لکھا تھا کہ جو لوگ اس قسم کی کتابیں پسند کرتے ہیں‘ وہ اس کتاب کو ویسا ہی پائیں گے جیسی کتابیں وہ پسند کرتے ہیں۔ سو آج کل یہ مسافر وہ کچھ لکھ رہا ہے جو وہ لکھنا پسند کرتا ہے۔ گزشتہ دنوں میں گلاب خان سے ملنے برمنگھم گیا تو وہاں میرا قیام ہوٹل بروم وچ کاسل ہال میں تھا۔ میں اس ہوٹل میں دوسری بار ٹھہر رہا تھا۔ گزشتہ سال میں اور اسد برمنگھم آئے تھے تو اسی ہوٹل میں ٹھہرے تھے۔ تب ہم جس کمرے میں ٹھہرے کبھی اس میں ملکہ میری‘ بادشاہ جارج پنجم‘ برطانوی وزیراعظم بینجمن ڈزرائیلی‘ ولیم گلیڈ سٹون اور لیڈی آڈا برج مین جیسی شخصیات ٹھہرا کرتی تھیں تاہم اب قحط الرجال کا یہ عالم ہے کہ یہ فقیر اس کمرے میں دو دن کے لیے رہائش پذیر تھا۔
ہوٹل بروم وچ کاسل ہال انگلینڈ کے علاقے ویسٹ مڈلینڈز میں سولہل (Solihull) کے قریب واقع بروم وچ کے مقام پر ایک انتہائی تاریخی عمارت ہے تاہم اپنے نام کے برعکس یہ کوئی قلعہ نہیں بلکہ جیکوبین طرز کی ایک پرانی لگژری حویلی ہے جو 1599ء کے لگ بھگ سر ایڈورڈ ڈیورو (Sir Edward Devereux) کیلئے بنائی گئی تھی۔ 1820ء اور 1830ء کی دہائی میں اس میں مزید توسیع کی گئی۔ دوسری جنگِ عظیم کے دوران اسے فوج کے استعمال اور سٹوریج کیلئے لے لیا گیا۔ بعدازاں ایک طویل عرصے کی زبوں حالی کے بعد اسے 2009-2011ء کے دوران کروڑوں پاؤنڈ کی لاگت سے بحال کیا گیا اور 2013ء میں اسے ایک پُرتعیش بوتیک ہوٹل کے طور پر دوبارہ کھولا گیا۔ اب اس چار سو سال قدیم قلعہ نما حویلی میں‘ جو گریڈ وَن لسٹڈ بلڈنگ ہے‘ ایک شاندار ہوٹل ہے۔
برطانیہ میں قدیم اور تاریخی عمارتوں کو سرکاری تحفظ حاصل ہے اور اس سلسلے میں نہ صرف باقاعدہ قانون موجود ہے بلکہ اس پر بڑی سختی سے عمل درآمد بھی کیا جاتا ہے۔ تحفظ کے دائرے میں آنے والی یہ عمارتیں لسٹڈ بلڈنگز کہلاتی ہیں۔ ان عمارتوں کی بیرونی شکل و صورت‘ اندرونی ساخت حتیٰ کہ کھڑکیوں اور دروازوں کی جگہ اور ان کا سائز یا ملحقہ تعمیرات مثلاً اصطبل یا ملازمین کے لیے بنی ہوئی رہائش گاہوں تک کو منہدم یا تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔ ایسی کسی تبدیلی‘ ترمیم‘ انہدام یا توسیع کے نتیجے میں دو سال تک قید اور لامحدود جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔ اس سلسلے میں خاص بات یہ ہے کہ ایسی تبدیلی‘ توسیع یا توڑ پھوڑ پر کارروائی کیلئے وقت کی کوئی حد مقرر نہیں۔ برسوں پرانی کسی تبدیلی پر بھی حفاظتی قانون کے تحت کارروائی کر کے سزا دی جا سکتی ہے۔ اسی قانون کی بدولت بے شمار پرانی تاریخی عمارتیں آج بھی اپنی اصل شکل و صورت میں نہ صرف برقرار ہیں بلکہ نہایت شاندار حالت میں ہیں۔
اب ایسا نہیں کہ ان لسٹڈ عمارتوں کو ہاتھ بھی نہیں لگایا جاسکتا۔ یہ عمارتیں سینکڑوں سال گزرنے کے باوجود اگر اپنی اصل اور شاندار حالت میں موجود ہیں تو اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ ان کی مرمت اور بحالی کا کام مسلسل کیا جاتا ہے۔ اسی وجہ سے صدیوں پرانی عمارتوں کو دیکھ کر محسوس ہوتا ہے کہ شاید یہ چند عشرے پہلے تعمیر کی گئی ہیں۔ کنزرویشن یعنی بحالی کیلئے جو استعدادِ کار‘ تجربہ اور سب سے بڑھ کر سلیقہ درکار ہے‘ وہ یہاں بدرجہ اتم دکھائی دیتا ہے۔
ادھر ہمارے ہاں یہ حال ہے کہ اول تو کسی کو بحالی کا خیال ہی نہیں آتا اور اگر خیال آ جائے تو بحالی کا سلیقہ نہیں آتا‘ سلیقہ ہو بھی تو تجربہ کار کاریگر‘ مطلوبہ سامانِ تعمیر اور معیار میسر نہیں آتا۔ یہ سب کچھ ہو بھی جائے تو درمیان میں محکموں اور ان کے افسران کے کھانچے سب کچھ برباد کر کے رکھ دیتے ہیں۔اگر میں صرف ملتان کے قدیمی قلعے کا ذکر کروں تو میں نے بچپن میں وہاں رکن الدین عالم کے مزار کی بحالی کا کام اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے۔ یہ بحالی اور تزئین و آرائش آغا خان فاؤنڈیشن نے کی تھی۔ اس سلسلے میں خصوصی بھٹہ خشت لگایا گیا جس میں اُسی سائز کی مختلف اینٹیں پکا کر استعمال کی گئیں جو ابتدا میں اس عمارت میں استعمال ہوئی تھیں۔ تین چار مختلف سائز کی اینٹیں تھیں جنہیں اسی محنت اور عمدگی سے نہ صرف تیار کیا گیا بلکہ ان کی پختگی بھی ویسی ہی رکھی گئی جیسی روزِ اول اس عمارت کی تعمیر میں استعمال ہونے والی اینٹوں کی تھی۔ جس جگہ سے جیسی خستہ یا ٹوٹی ہوئی اینٹ نکالی گئی وہیں اسی سائز اور اسی معیار کی اینٹ لگائی گئی۔ بحالی اور تزئین و آرائش مکمل ہوئی تو پوری عمارت میں کہیں کوئی کمی‘ کوئی نقص‘ کوئی کجی یا تبدیلی دکھائی نہ دی۔ ہاں‘ البتہ یہ لگتا تھا کہ پرانی عمارت کو نئے سرے سے گویا چمکا کر دوبارہ ہمارے سامنے رکھ دیا گیا ہے۔ اسی عمارت کے عین سامنے اس قلعے کا قدیمی دمدمہ ہوا کرتا تھا۔ اس میں کچھ دراڑیں پڑیں تو اسے اس کی اصل شکل میں بحال کرنے کے بجائے گرا کر نئے سرے سے ایک انتہائی بدصورت اور بے ڈھنگا چوبارہ نما دمدمہ بنا دیا گیا جو دیکھنے میں اتنا بدنما لگتا ہے کہ اس مسافر نے اس واہیات اور بد ہیئت عمارت کی جانب دیکھنا ہی چھوڑ دیا ہے۔اب پنجاب والڈ سٹی اتھارٹی اربوں روپے کی لاگت سے اس قلعے کی بحالی کا آغاز کر چکی ہے۔ امید تو کم ہے تاہم دعا ہے کہ اللہ کرے کہ یہ کام سلیقے سے ہو جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments