خلاباز ذیشان علی تسخیرِ کائنات کے سفر پر

25نومبر کو علی الصباح پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی دو چینی خلا بازوں کے ہمراہ تسخیرِ کائنات کے سفر پر روانہ ہوئے تو یہ خوبصورت منظر ہر پاکستانی کے دل کو شاد کر گیا۔Jiuquan سیٹیلائٹ لانچ سنٹر میں خلائی جہاز Shenzhou-24 کے ذریعے خلا کی طرف پرواز سے پہلے ایک تقریب بھی منعقد ہوئی۔ تقریب میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے وزیر منصوبہ بندی جناب احسن اقبال بھی سبز ہلالی پرچم لہرا رہے تھے۔ اس موقع پر محمد ذیشان علی نے دلوں کو گرمانے والا علامہ اقبال کا حسبِ حال شعر نہایت جوش و جذبے سے پڑھا۔ اس شعر کا ساتھ ساتھ چینی زبان میں ترجمہ بھی پیش کیا گیا۔
تُو شاہیں ہے پرواز ہے کام تیرا
ترے سامنے آسماں اور بھی ہیں
یہ شعر اس لحاظ سے کچھ اور بھی حسبِ حال اور بامعنی ثابت ہوا کیونکہ ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی ہوا باز ہیں۔ فی الحقیقت وہ اقبال کے شاہین ہیں۔ ان کا تعلق میرے شہر‘ شاہینوں کے شہر‘ سرگودھا سے ہے۔ اس لحاظ سے جہاں خلا باز ذیشان فخرِ پاکستان اور 25 کروڑ عوام کے دلوں کی دھڑکن ہیں وہاں وہ فخرِ سرگودھا بھی ہیں۔ 40سالہ پاکستانی خلا باز نے اس موقع پر نہایت پُرجوش انداز میں ایک پیغام بھی ہر پاکستانی بچے اور جوان کو دیا۔ انہوں نے کہا کہ زمین سے آسمان کی طرف دیکھنے والا ہر پاکستانی بچہ یہ یاد رکھے کہ میں اُن کے خوابوں کو لے کر ستاروں کے درمیان جا رہا ہوں۔ پاکستان میں مایوسی و بے یقینی کے بھنور میں چکر کاٹنے والے نوجوانوں کے لیے امید اور سربلندی کا یہ پیغام نہایت قابلِ قدر اور باعثِ حوصلہ افزائی ہے۔ ہم آگے چل کر محمد ذیشان علی کی زندگی بلکہ جوانی کی مختصر کہانی بھی آپ کو سنائیں گے کہ انہوں نے صرف 40برس کی عمر میں کامیابیوں اور کامرانیوں کے کئی سنگ ہائے میل عبور کیے ہیں۔
جس طرح سے سہلِ ممتنع شعر کہنا مشکل ہوتا ہے اس سے کہیں بڑھ کر سائنسی و فنی معلومات کو آسان زبان میں بیان کرنا دشوار ہوتا ہے۔ کوشش تو کی ہے کہ آسان الفاظ میں خلائی سفر اور مشنز کی مختصر تاریخی جھلکیوں کے ساتھ ساتھ چین کے خلائی سٹیشن تیان گونگ اور موجودہ مشن کا منظر نامہ بھی پیش کر سکوں۔ چاند کا زمین سے فاصلہ تین لاکھ 84 ہزار 400کلو میٹر ہے۔ روس 1961ء میں خلائی سفر کا آغاز کرنے والا پہلا ملک تھا۔ سوویت یونین کا یوری گاگرین خلا میں جانے والا پہلا زمینی انسان تھا۔ نیل آرمسٹرانگ نے 21جولائی 1969ء کو چاند پر پہلا قدم رکھا تھا۔ اس کے بعد 1969ء سے لے کر 1972ء تک 12خلا بازوں نے چاند کی سطح پر چل پھر کر دیکھا۔ نیل آرمسٹرانگ کی چاند پر لینڈنگ کی تاریخی بلکہ تاریخ ساز خبر پر سرگودھا سے ہی تعلق رکھنے والے ممتاز ادیب اور دانشور ڈاکٹر وزیر آغا نے دلچسپ تبصرہ کیا تھا کہ بلاشبہ چاند کی سیر و سیاحت انسان کی ایک عظیم کامیابی ہے مگر انسان چاند پر اپنے زمینی بندوبست کے ساتھ اُترا ہے۔ چاند پر زمین کی نسبت آکسیجن کی مقدار بہت تھوڑی اور کششِ ثقل چھ گنا کم ہے۔ چین نے انسان بردار خلائی پروازوں کا آغاز 1992ء سے کیا تھا۔ خلائی سٹیشن تیانگونگ زمین سے فضا میں 400کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے جبکہ عام ہوائی جہاز زمین سے دس بارہ کلو میٹر بلندی پر محوِ پرواز ہوتے ہیں۔ یہ خلائی سٹیشن ہر وقت حرکت میں رہتا اور تقریباً نوے منٹ میں زمین کے گرد ایک چکر لگا لیتا ہے۔ اس طرح سے وہ ایک دن میں زمین کے پندرہ سولہ چکر لگا لیتا ہے۔ یہ چین کا اپنا خلائی سٹیشن ہے۔ انٹرنیشنل خلائی سٹیشن کا زمین سے فاصلہ 420کلو میٹر ہے۔
امریکی خلائی سفر کا بھی 1960ء کے اوائل سے آغاز ہو گیا تھا۔ ان کے بہت سے انسان بردار اور بغیر کسی بشر کے کئی مشن خلا میں جا چکے ہیں۔ انسان کی اگلی منزل مریخ ہے جس کا زمین سے اوسطاً فاصلہ ساڑھے 22کروڑ کلو میٹر ہے۔ پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی خلا میں ایک مسافر یا سیاح کی حیثیت سے نہیں گئے بلکہ ان کے ذمے نہایت اہم مشن ہے۔ خلائی سٹیشن سے باہر نکل کر وہ چہل قدمی تو نہیں کر سکتے مگر وہ سٹیشن کے اندر موجود لیبارٹری میں حیاتیات‘ بائیو ٹیکنالوجی‘ خلا میں کششِ ثقل‘ بعض دیگر سائنسی تجربات اور خلا میں کچھ مخصوص فصلیں اگانے کے امکانات کا جائزہ لیں گے۔ ان کی ریسرچ کے نتائج موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے‘ غذائی تحفظ اور صنعتی ترقی میں مددگار ثابت ہوں گے۔
محمد ذیشان علی 1986ء میں سرگودھا میں پیدا ہوئے۔ پاک فضائیہ میں ونگ کمانڈر اور پائلٹ کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ بطور خلا باز منتخب ہونے سے قبل وہ ایک انجینئرنگ کالج میں پروفیسر بھی رہے۔ انہوں نے ایرو سائنس‘ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور وارسٹڈیز میں تعلیمی قابلیت حاصل کی۔ چین میں سات ماہ کی ٹریننگ میں ہر لفظ اور ہر سگنل چینی زبان میں تھا۔ دوسری ٹریننگ کے علاوہ ذیشان نے چینی زبان پر عبور حاصل کیا حتیٰ کہ وہ پرانی چینی شاعری بھی گنگنانے لگے۔ چین اور پاکستان کی دوستی سمندروں سے گہری اور ہمالیہ سے زیادہ بلند ہے۔ چین نے اپنے خلائی مشن میں پاکستان کو شامل کر کے اس مثالی دوستی کو مضبوط تر کر دیا ہے۔ پاک چین دوستی زندہ باد۔ ستاروں پر کمند ڈالنے والے محمد ذیشان علی پاکستانی بچوں اور نوجوانوں کے لیے مشعل راہ بھی ہیں اور قابلِ تقلید نمونہ بھی۔
سیرتِ معلمِ انسانیتﷺ
حضرت عائشہ صدیقہؓ کے قول کے مطابق جناب رسالت مآب محمد مصطفیﷺ قرآنی تعلیمات کا عملی نمونہ تھے۔ وہ صرف قول نہیں سراپا عمل تھے۔ ان کا اسوۂ حسنہ اور حیاتِ طیبہ ہر زمانے کے انسانوں کے لیے ایک کامل نمونہ ہے۔ جناب ڈاکٹر طارق سلیم کے حصے میں یہ سعادت آئی ہے کہ انہوں نے ایک سچے محب رسول کی حیثیت سے سیرتِ طیبہ پر ایک دل نشیں پیرائے میں اپنی کتابی کاوش پیش کی ہے۔اگرچہ ''سیرتِ معلمِ انسانیتﷺ‘‘ میں واقعات زمانی ترتیب سے بیان کیے گئے ہیں مگر پیرایۂ اظہار اتنا دلکش ہے کہ کتاب کو بڑے ہی نہیں بچے بھی دلچسپی سے پڑھ سکتے ہیں۔ ''سیرت معلم انسانیتﷺ‘‘ کی ایک منفرد خوبی یہ ہے کہ ہر واقعے کے بعد اس سے متعلقہ اسباق مختصر نکات کی شکل میں پیش کیے گئے ہیں۔ یہ اسباق قاری کو اپنی عملی زندگی میں تبدیلی لانے پر مائل کرتے ہیں۔ قاری کے دل میں اُمنگ پیدا ہوتی ہے کہ وہ بھی اپنی عملی زندگی میں عدل‘ صبر‘ عفو و درگزر‘ خدمتِ خلق‘ حسنِ اخلاق اور دیانت و مساوات جیسے اوصافِ حمیدہ اپنائے۔ کتاب کا اختصار اور ہر واقعے کے ذیلی عنوانات کی بنا پر حیاتِ طیبہ کے مختلف ادوار پڑھنے والے کے حافظے پر نقش ہوتے چلے جاتے ہیں۔میرا ذاتی مشاہدہ ہے کہ مغربی دنیا بالخصوص امریکی لوگ قرآن پاک کے ساتھ ساتھ رسول کریمﷺ کی زندگی کے واقعات اور میثاقِِ مدینہ جیسے معاہدات سے بہت متاثر ہوتے ہیں۔ ''سیرت معلم انسانیتﷺ‘‘ جیسی آسان فہم کتب بکثرت انگریزی زبان میں بھی شائع ہونی چاہئیں تاکہ سراجِ منیرﷺ کی کرنوں سے مغرب میں بسنے والوں کے قلوب بھی منور ہو سکیں۔ ہم ڈاکٹر طارق سلیم صاحب کو اس کتاب کی اشاعت پر ہدیۂ تبریک پیش کرتے ہیں۔سیرت طیبہ پر لکھی گئی اس کتاب کی اشاعت میں عقیدت اور حسنِ ذوق کا مظاہرہ کیا گیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...