اعتراف سے اصلاح کا دروازہ کھلتا ہے۔ ہر چند کہیں کہ پیپلز پارٹی حکومت میں نہیں ہے‘ مگر ہے۔ ہر اہم معاملے پر یہ اتحادی پارٹی حکومت کے قدم سے قدم ملا کر چلتی ہے۔ اس لیے وہ حکمران سیٹ اَپ کا حصہ ہے‘ بس کابینہ میں شامل نہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے سیاست کو ری سیٹ کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ دوسری جانب وزیر داخلہ جناب محسن نقوی نے یہ کہہ کر دھماکا کیا ہے کہ میں اور بلاول ایک پیج پر ہیں؛ البتہ وہ صرف سیاست اور میں سارا سسٹم ری سیٹ کرنا چاہتا ہوں۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین جواں سال ہونے کے ساتھ ساتھ جواں فکر ہونے کا ثبوت بھی دیتے رہتے ہیں۔ گاہے گاہے وہ پامال راستوں سے ہٹ کر چلنے کی ترغیب دیتے سنائی دیتے ہیں۔ تاہم ابھی تک وہ سیاست‘ جمہوریت‘ آزادانہ انتخابات اور آزاد میڈیا کے بارے میں کوئی ایسی پالیسی اختیار نہیں کر سکے جو روشِ عام سے مختلف ہو۔ 10نومبر کو کراچی میں سیلاب متاثرین کو مکانات دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کئی اہم اعترافات بھی کیے۔ انہوں نے بعض ایسے اعلانات کیے ہیں جو بظاہر مختصر ہیں مگر ان کے اندر تفصیلات کا ایک جہان موجود ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک کی سیاست کو ری سیٹ کرنا ہوگا۔ وزیراعظم اپوزیشن کے ساتھ نئے جھگڑے نہ چھیڑیں اور اتحادیوں کا اعتماد بحال کریں۔ ملک کو بدترین معاشی بحران اور تاریخی مہنگائی کا سامنا ہے۔ عوام کو نفرت کی سیاست نہیں‘ مسائل کا حل چاہیے۔
دس لاکھ گھر مستحقین کیلئے تعمیر کرنا یقینا ایک نہایت قابلِ قدر کارنامہ ہے اور اس کی داد دی جانی چاہیے۔ سیلاب زدگان کیلئے تعمیر کردہ ان گھروں کے زمین سمیت مالکانہ حقوق خواتین کے نام منتقل کیے گئے ہیں۔ یہ اور بھی قابلِ تحسین کام ہے۔ ہمارے ہاں غیر تعلیم یافتہ یا کم تعلیم یافتہ افراد اپنی بیویوں پر رعب جماتے ہیں مگر جب انہیں معلوم ہوگا کہ جس گھر کی چھت تلے وہ سکھ کا سانس لیتے ہیں اس کے مالک وہ نہیں بلکہ ان کی بیگمات یا گھر کی دوسری خواتین ہیں تو وہ سنبھل کر بات کریں گے اور تحکمانہ لہجے سے اجتناب کریں گے۔اب بات کرتے ہیں کہ بلاول بھٹو زرداری نے جن نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے‘ انہیں عملی جامہ پہنانے کی کیا صورت ممکن ہے۔ آگے بڑھنے سے پہلے ایک دلچسپ بات کا ذکر ہو جائے۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے بار بار زور دے کر کہا کہ گھروں کے اس منصوبے میں کوئی کرپشن نہیں ہوئی۔ گویا منطق کے اصول کے مطابق اس بیان میں درپردہ دیگر منصوبوں میں کرپشن کا اعترافِ جلی موجود ہے۔
بلاول بھٹو کہتے ہیں کہ سیاست کو ری سیٹ کرنا ہوگا۔ اس بارے میں گمان طرح طرح کی آپشنز کی طرف جاتا ہے مگر قرینِ قیاس یہ ہے کہ موجودہ حکومتی سیٹ اَپ کی تبدیلی کا وقت قریب آ لگا ہے۔ ''ری سیٹ‘‘ کرنے کا ان کے نزدیک کیا نقشہ ہے‘ اس بارے میں انہوں نے کوئی واضح اشارہ نہیں کیا مگر قیاس آرائی ضرور کی جا سکتی ہے۔ اگلے انتخابات سے پہلے کسی نئے ارینجمنٹ کی باتیں بھی ہونے لگی ہیں۔ محترمہ مریم نواز صاحبہ نے حدّتِ کلام سے مرصع ایک خطاب میں چودھری سالک حسین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگلے ارینجمنٹ میں جگہ بنانے والے وزارت سے استعفیٰ کیوں نہیں دیتے۔ اس بیان سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ کسی نئے ارینجمنٹ کی باتیں چل پڑی ہیں۔ البتہ سیاست کو ری سیٹ کرنے کے بیان کے دوسرے حصے میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وزیراعظم اپوزیشن کے ساتھ نئے جھگڑے نہ چھیڑیں۔ تازہ ترین خبروں سے کچھ بہتری کے اشارے بھی مل رہے ہیں۔ 11 نومبر کو اڈیالہ جیل میں عمران خان اور بشریٰ بی بی سے ان کے وکلا لطیف کھوسہ اور سلمان صفدر کی کئی گھنٹوں پر محیط طویل ملاقات ہوئی۔ اس کے علاوہ باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ پسِ پردہ رابطوں میں بیرسٹر گوہر علی کے علاوہ عمران خان کی فیملی بھی پہلی دفعہ شامل ہوئی ہے۔ ان ذرائع کے مطابق کسی بڑی پیش رفت کا امکان ہے۔ پہلی پیش رفت تو یہ ہوئی کہ 12 نومبر کی شام عمران خان کی دو بہنوں کو کوٹ لکھپت جیل سے پچاس دن بعد رہا کر دیا گیا۔
واپس آتے ہیں بلاول بھٹو زرداری کی نیک تمنائوں کی طرف۔ ان میں ایک نکتہ یہ بھی شامل ہے کہ وزیراعظم اتحادیوں کا اعتماد بحال کریں۔ اس بیان میں یہ پہیلی بوجھنا آسان نہیں لگتا۔ غالباً ان کا اشارہ نئے صوبوں کی تشکیل کے بارے میں ہے کیونکہ چند روز سے ایک بار پھر نئے صوبوں کی صدائے بازگشت سنائی دینے لگی ہے۔ پیپلز پارٹی بڑے زور و شور سے اس کی مخالفت کر چکی ہے۔ سندھ اسمبلی اس حوالے سے ایک قرارداد پاس کر چکی ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے یہ اعتراف بھی کیا کہ ملک کو بدترین معاشی بحران اور تاریخی مہنگائی کا سامنا ہے۔ ورلڈ بینک جیسے مختلف غیر جانبدار عالمی اداروں کی رپورٹوں کے مطابق پاکستان میں خطے کی سب سے زیادہ بیروزگاری اور مہنگائی ہے۔ ان رپورٹوں کے مطابق پاکستان میں 30 فیصد سے لے کر 48 فیصد تک پاکستانی عوام خطِ غربت سے نیچے ہیں۔ 10 کلو آٹے کا تھیلا 1400 روپے کا ہو گیا ہے۔ بجلی کے بل غریب صارفین کے استطاعت سے باہر ہو چکے ہیں۔
پاکستان کا محل وقوع ایسا ہے کہ بڑی بڑی عالمی طاقتیں اس کی طرف دیکھتی اور اس کے تعاون کی متمنی رہتی ہیں۔ اسی طرح حالیہ مہینوں میں خطے میں قیامِ امن کیلئے پاکستان نے ایران اور امریکہ کے درمیان مصالحت و ثالثی کیلئے گراں قدر خدمات انجام دی ہیں۔ ابھی 11 نومبر کو انطالیہ‘ ترکیہ میں کوپ 31 اجلاس کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ایک بار پھر خطے میں قیامِ امن کیلئے پاکستان کا کردار ابھر کر سامنے آیا ہے۔قیامِ امن کیلئے پاکستان کی اس جدوجہد کا بہت سے ملکوں نے اعتراف کیا ہے۔ ان سارے اعزازات کی چکاچوند اس وقت ماند پڑ جاتی ہے جب دو چار ارب ڈالر کیلئے حکمران دریوزہ گری کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ اسی بنا پر پاکستان میں داخلی خوشحالی کیلئے معاشی ترقی و استحکام انتہائی ضروری ہے۔
بلاول بھٹو کے مذکورہ بیان کا اہم ترین نکتہ یہ ہے کہ عوام کو نفرت کی نہیں‘ باہمی مفاہمت کی سیاست چاہیے۔ ایک ایسا خوشگوار ماحول جس میں عوام کے مسائل حل ہو سکیں۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ بلاول بھٹو نے جن تشویشناک معاشی و سیاسی حقائق کا اعتراف کیا ہے‘ کم و بیش وہی بات وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے بھی کی ہے۔ احسن اقبال طویل عرصے کے منصوبے اور پروگرام پیش کرنے کی شہرت رکھتے ہیں۔ انہوں نے چند روز قبل دس برس کیلئے ''میثاقِ سیاست‘‘ کی تجویز پیش کی ہے۔ اس سے قبل 2006ء میں محترمہ بینظیر بھٹو اور نواز شریف کے درمیان ''میثاقِ جمہوریت‘‘ طے پایا تھا۔ ان سب باتوں سے محسوس یوں ہوتا ہے کہ بقول فیض احمد فیض: روشن کہیں بہار کے امکاں ہوئے تو ہیں
بلاول بھٹو اپنے والدِ گرامی‘ شہنشاہِ مفاہمت جناب آصف علی زرداری کے ساتھ مل کر سیاست کو نفرت و مخاصمت کے خار دار راستوں سے پھیر کر ''شاہراہِ مفاہمت‘‘ کی طرف لائیں۔ بھٹو خاندان اور جناب آصف علی زرداری کے ساتھ مولانا فضل الرحمن کے دیرینہ تعلقات ہیں۔ لہٰذا مولانا صاحب کی تجویز کے مطابق آل پارٹیز کانفرنس بلا کر آئین کی بالادستی‘ عدلیہ کی حقیقی آزادی اور صاف شفاف انتخابات کی ضمانت کو یقینی بنا کر ''قومی میثاقِ سیاست و مفاہمت‘‘ کا اعلان کیا جا سکتا ہے۔ اگر بلاول بھٹو زرداری کے مطابق اس طرح سیاست ری سیٹ ہو جائے تو کیا کہنے!
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments