اقبال اور اکیسویں صدی کا مسلمان

اقبال میرے مرشد ہیں۔ گاہے گاہے اُن کی شاعری میں جھانکتا رہتا ہوں۔ اکثر کوئی نہ کوئی گوہرِ یکتا ہاتھ آ جاتا ہے۔
اقبال کے نزدیک قرآن پاک زندگی کے جملہ مسائل و مصائب کے لیے نسخہ کیمیا اور شاہ کلید ہے۔ قوموں کے فلسفۂ عروج و زوال پر اقبال کی گہری نظر تھی۔ علامہ جب کسی مسئلے پر غور و فکر فرمایا کرتے تو پھر اپنے دیرینہ خادم علی بخش سے قرآن پاک منگوایا کرتے اور پھر کلامِ ربانی میں غوطہ زن ہو جایا کرتے تھے۔ اپنے ایک شعری مجموعے ''رموز بے خودی‘‘ میں فرماتے ہیں:
آں کتاب زندہ قرآن حکیم
حکمتِ او لا یزال است و قدیم
نسخۂ اسرار تکوین حیات
بے ثبات از قوتش گیر و ثبات
یہ زندہ کتاب قرآن حکیم ہے‘ جس کی حکمت و دانائی کی باتیں لازوال و قدیمی (ازلی) ہیں۔ یہ زندگی کے ہونے یا نہ ہونے کے اسرار کا نسخہ ہے‘ بے ثبات کو بھی اس سے ثبات حاصل ہو جاتا ہے؛ یعنی فانی بھی اس نسخۂ کیمیا سے امر ہو جاتا ہے۔
دیکھیے مرشد اقبال عظمت قرآن کے بارے میں کیا فرماتے ہیں:
قرآن میں ہو غوطہ زن اے مردِ مسلماں
اللہ کرے تجھ کو عطا جدّتِ کردار
انہوں نے اپنی نظم جوابِ شکوہ میں کلام الٰہی کی ترجمانی کرتے ہوئے فرمایا تھا:
وہ معزز تھے زمانے میں مسلماں ہو کر
اور تم خوار ہوئے تارکِ قرآن ہو کر
علامہ اقبال بیسویں صدی میں مسلمانوں کے زوال پر بہت فکرمند رہا کرتے تھے۔ وہ امتِ مسلمہ کے اتحاد کے متمنی تھے۔ علامہ کے دل کا جلترنگ مسلمانوں کے درخشندہ و تابناک ماضی کے تذکروں سے بج اٹھتا۔ دیکھیے اپنی طویل نظم بلادِ اسلامیہ میں علامہ کیا فرماتے ہیں:
یہ چمن وہ ہے کہ تھا جس کے لیے سامانِ ناز
لالۂ صحرا جسے کہتے ہیں تہذیبِ حجاز
خاک اس بستی کی ہو کیونکر نہ ہمدوشِ ارم
جس نے دیکھے جانشینانِ پیمبر کے قدم
ہے زمینِ قرطبہ بھی دیدۂ مسلم کا نور
ظلمتِ مغرب میں جو روشن تھی مثلِ شمعِ طور
ہمیں مدتوں زمین حجاز میں رہ نوردِ شوق ہونے کی سعادت حاصل رہی۔ ہمیں خاکِ مدینہ کے آنکھوں سے بوسے لینے کا سرور بھی عطا ہوا۔ حجاز سے قرطبہ تک جانے اور مسجد قرطبہ میں نماز ادا کرنے کا موقع بھی ملا اور غرناطہ تک ڈرائیو کر کے جانے اور مسلمانوں کے عروج کی اس آخری نشانی کے زوال آمادہ ہونے کی عبرتناک داستان کے کئی اسرار و رموز سمجھنے اور قصر الحمرا کی دیواوں پر ''لا غالب الا اللہ‘‘ کی حقیقت جاننے کا بھی موقع ملا۔ دنیا پر غالب آنے کیلئے خدا کا وعدہ اپنے فرمانبرداروں سے ہے‘ نافرمانوں سے نہیں۔ اسی لیے تو اقبال فرماتے ہیں:
کبھی اے نوجواں مسلم! تدبر بھی کیا تُو نے
وہ کیا گردوں تھا تُو جس کا ہے اک ٹوٹا ہوا تارا
گنوا دی ہم نے جو اسلاف سے میراث پائی تھی
ثریا سے زمیں پر آسماں نے ہم کو دے مارا
20ویں صدی میں اقبال کے ان نالوں کا آسمانوں سے جواب آنے لگا۔ آج اکیسویں صدی کے ''نوجواں مسلم‘‘ نے تدبر بھی خوب کیا‘ غور و فکر بھی خوب کیا۔ اپنے اسلاف کی عظمتِ رفتہ کو نہ صرف پڑھا بلکہ اس عظمت کے عروج کی تاریخ کا مطالعہ کیا اور اس کے زوال کے اسباب کو بخوبی سمجھا ہے۔ آج شکوہِ دیں اور ملتِ اسلامیہ کی عظمتِ رفتہ کا سورج مغرب سے طلوع ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔
ابھی امریکہ کے حالیہ انتخابات میں مسلمانوں کو جو عظیم کامیابی حاصل ہوئی ہے‘ اس کا سبب یہ ہے کہ انہوں نے اپنے من میں ڈوب کر نہ صرف سراغِ زندگی بلکہ اپنے اسلاف کی عظمتِ رفتہ کو زندہ و تابندہ کرنے کے جذبوں سے بھی اپنے آپ کو سرشار کیا۔ نائن الیون کے بعد یورپ بطور خاص امریکہ میں اسلامو فوبیا کی لہر ہر طرف موجزن دکھائی دینے لگی تھی۔ امریکیوں کی ایک بڑی تعداد مسلمانوں کو شک کی نظر سے دیکھنے لگی تھی۔ اس پر امریکی مسلمانوں کا ردعمل نہایت مثبت اور دور اندیشی پر مبنی تھا۔ انہوں نے وہاں سب سے پہلے اپنی مساجد اور مراکز کو آباد کیا۔ اپنے رب سے اپنا سچا ناتا جوڑا۔ ان مراکز کو انہوں نے اسلام کی روح کے مطابق کمیونٹی سنٹرز بنا دیا۔ اس کے ساتھ ہی اکنا(Islamic Circle of North America) اور اسنا(Islamic Society of North America) جیسی تنظیموں نے ایک طرف اپنے آپ کو سوسائٹی کے سامنے سچے مسلمان کی حیثیت سے پیش کیا تو دوسری طرف مذہب و ملت سے ماورا ہو کر خدمتِ خلق کو اپنا شعار بنا لیا۔ اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ اسلامو فوبیا کی لہر از خود ہی مدہم پڑتی اور مٹتی چلی گئی۔ آج اقبال کی روح خلدِ بریں میں مغرب میں مسلمانوں کی نشاۃِ ثانیہ دیکھ کر یقینا بہت شاد ہو گی۔
20ویں صدی یقینا امتِ مسلمہ کے لیے فکری‘ سیاسی اور سماجی لحاظ سے انتہائی پریشان کن تھی۔ اس زمانے میں جہاں مغربی افکار اور نوآبادیات نے مسلم معاشروں کو اتھل پتھل کیا‘ وہاں بہت سے مصلحین اور زعمائے اسلام نے مسلمانوں میں حقیقی اسلامی روح بیدار کرنے کی انتہائی کامیاب کوششیں کیں۔ ان مسلم مفکرین میں علامہ محمد اقبال نے اپنی شاعری اور افکارِ اسلام کی تجدید پر مبنی اپنی تصنیف کے ذریعے مسلمانوں کا ناتا اُن کی عظمتِ رفتہ سے جوڑا۔ مولانا اشرف علی تھانوی نے ہزاروں مسلمانوں کی اخلاقی و باطنی اصلاح کی۔ ترکیہ کے بدیع الزماں نورسی نے وہاں کے لادینی دور میں سائنس اور عقل کی روشنی میں حقائق و انوارِ اسلامیہ کو اجاگر کیا۔ سیّد ابوالاعلیٰ مودودی کو بیسویں صدی کے سب سے بااثر مفکرین و مصلحین میں شمار کیا جاتا ہے۔ شیخ حسن البناء نے جامع تعلیمی و اصلاحی پروگرام پیش کیا اور مصر میں مغربی یلغار کو روکا۔ یہی کارِ خیر سیّد قطب نے تفسیرِ قرآن لکھ کر انجام دیا۔
علامہ محمد اقبال نے قرآنی نورِ بصیرت‘ افکارِ تازہ اور جدّتِ کردار پر بہت زور دیا۔ 20ویں صدی میں کسی نہ کسی مصلح و مجدد کے ذریعے فکرِ اقبال اور اقبال کا نورِ بصیرت آسمانی بندوبست کے ساتھ‘ اسلامی معاشروں میں پھیلتا چلا گیا۔ مرشد نے دعائیہ انداز میں فرمایا تھا:
خدایا! آرزو مری یہی ہے
مرا نورِ بصیرت عام کر دے
20ویں صدی میں اقبال کا نورِ بصیرت دیگر مفکرین و مصلحین کے اپنے اپنے رنگ میں پھیلنا شروع ہوا جو آج اکیسویں صدی میں بھرپور برگ وبار لے آیا ہے۔ آج مغرب بالخصوص امریکہ میں مسلمانوں کو جو عظیم سیاسی کامیابی وپذیرائی ملی ہے اس کے پیچھے اقبال کے الفاظ میں افکارِ تازہ اور جدّتِ کردار دونوں موجود ہیں۔ آج مغرب میں ہی نہیں ساری اسلامی دنیا کے عوام میں بالعموم اور نوجوانوں میں بالخصوص اسلامی عقابی روح بیدار ہو چکی ہے۔ مگر افسوس کہ بیشتر مسلم ملکوں کی حکومتیں ابھی تک ''فریب خوردہ شاہیں‘‘ ہی بنی ہوئی ہیں۔ خدا جلد وہ دن لائے جب اسلامی دنیا کی حکومتیں اپنے عوام کی خواہشات اور امنگوں کا حقیقی عکس ہوں گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...