گزشتہ چند روز سے نئے صوبوں کا موضوع ایک بار پھر سے اخباری شہ سرخیاں اور ٹی وی چینلز کی بریکنگ نیوز بن چکا ہے۔
یہ خاکسار لاہور میں جس بستی کا مکین ہے‘ وہیں کچھ فاصلے پر جناب آصف علی زرداری کا پیلس ہے۔ زرداری صاحب صدر ہوں یا نہ ہوں‘ وہ جب کبھی لاہور آتے ہیں تو یہیں قیام کرتے ہیں۔ تب سیاستدانوں‘ اینکروں اور صحافیوں کی آمد و رفت سے ہمارے اڑوس پڑوس خوب چہل پہل ہو جاتی ہے۔ 14 نومبر کو صدر زرداری نے شہباز شریف سے لاہور میں اُن کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اخباری رپورٹس کے مطابق ملاقات میں معاشی استحکام اور ترقی کا عمل تیز کرنے کیلئے مل کر کام کرنے پر عزم صمیم کا اظہار کیا گیا۔ ہمارے اندازے کے مطابق دو باتیں ایسی بھی ہیں کہ جن کا بظاہر سارے فسانے میں ذکر نہیں مگر ضرور زیرِ بحث آئی ہوں گی۔ ایک تو نئے صوبوں کی تشکیل‘ دوسرا مولانا فضل الرحمن کا معاملہ۔
نئے صوبوں کے موضوع پر مسلم لیگ (ن) کی ''فاختہ‘‘ بڑی دیر سے چپ اس لیے تھی کہ وہ غور وفکر کر رہی تھی۔ اب بلی تھیلے سے باہر آ چکی ہے۔ لگتا ہے کہ مسلم لیگ (ن) پنجاب میں بھی نئے صوبوں کیلئے آمادہ ہو چکی ہے۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے تو یہاں تک کہہ دیا ہے کہ نئے سال کے آغاز کیساتھ ہی نئے صوبے وجود میں آ جائیں گے۔ اگر پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی نہ مانیں تو ریفرنڈم کی تیاریاں مکمل ہیں۔ ہم بھی نئے صوبوں کی اہمیت وافادیت کے دل وجان سے قائل ہیں۔ صوبوں کی تشکیل کا بنیادی مقصد یہی بیان کیا جاتا ہے کہ عام آدمی کے کام اور اس کی خوشحالی کے امکانات اس کے گھر کے قریب ہونے چاہئیں۔ نئے صوبوں کے قیام کے بعد بھی یہاں بااختیار اور خود مختار مقامی حکومتیں نہ بنیں تو پھر محض نئے صوبوں کے قیام سے عام آدمی کو کچھ فرق نہیں پڑے گا۔ پہلے یہی سمجھا جاتا تھا کہ صوبائی حکومتیں بلدیاتی اداروں کے قیام میں بڑی رکاوٹ ہیں مگر اب تازہ ترین منظرنامے کے مطابق وفاقی حکومت بھی خم ٹھونک کر اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کے راستے میں سدِّ سکندری بن کر حائل ہو گئی ہے۔ چار سال قبل چیف الیکشن کمشنر جب یہ اہم عہدہ قبول کر کے‘ لاہور سے اسلام آباد کیلئے عازم سفر ہو رہے تھے تو اُن سے ملاقات ہوئی تھی۔ تب اُن کے ارادے بہت بلند تھے۔ اس ملاقات میں وہ صاف شفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے بہت پُرعزم تھے مگر پھر اُن کے دور میں انتخابات پر جو گزری‘ اسکے بارے میں ہر طرح کے تبصرے آ چکے ہیں اس لیے مزید کسی تبصرے کی ضرورت نہیں۔ دوسرے صوبوں میں ٹوٹی پھوٹی لولی لنگڑی جیسی کیسی نام کی ہی سہی ''مقامی حکومتیں‘‘ موجود تو ہیں مگر پنجاب حکومت نے بہانہ بسیار کا سہارا لے کر گزشتہ گیارہ برس سے بلدیاتی انتخابات ہونے ہی نہیں دیے۔ راجہ صاحب اپنے دور میں تاحال پنجاب میں مقامی حکومتوں کے انتخابات نہیں کروا سکے۔
اسلام آباد لوکل گورنمنٹ آرڈیننس 2026ء غیر مؤثر ہو گیا تو چیف الیکشن کمشنر نے لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2015ء کے بحال ہونے پر 21 اکتوبر 2026ء کو اسلام آباد کی مقامی حکومت کے الیکشن کا اعلان کرتے ہوئے انتخابی شیڈول کی تفصیلات مشتہر کر دیں۔ اس موقع پر انہوں نے بعض سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کے ساتھ اپنی ملاقات میں بتایا کہ بہت ہو چکا! اب کوئی عذر یا بہانہ قبول نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی کوئی کمپرومائز ہوگا۔ اس شیڈول کے مطابق اسلام آباد میں سیاسی جماعتیں فی الفور متحرک ہو گئیں۔ اطلاعات کے مطابق اسلام آباد میں 1125کونسلرز سیٹوں پر جماعت اسلامی نے 730 امیدوار کھڑے کیے۔ ان میں سے 46 بلامقابلہ کامیاب ہو گئے۔ مسلم لیگ (ن) نہ تو اسلام آباد میں مقبول ہے اور نہ اس کی انتخابی تیاری تھی۔ اس لیے وفاقی حکومت کے اشارے پر پہلے تو اسلام آباد کی انتظامیہ نے اساتذہ کو پولنگ ڈیوٹیوں پر بھیجنے سے انکار کر دیا‘ پھر علی الاعلان مکمل عدم تعاون کیا۔ اس پر بھی الیکشن کمیشن نے اپنا شیڈول بدلنے یا انتخاب ملتوی کرنے سے انکار کر دیا تو وفاقی حکومت اسلام آباد ہائیکورٹ چلی گئی اور وہاں سے انتخابات کی معطلی کیلئے سٹے آرڈر لے آئی۔
مریم نواز صاحبہ نے 14 نومبر کو اعلان کیا کہ صوبے میں ہر گلی پکی‘ ہر گاؤں میں سیوریج نظام بنے گا۔ خوشحال دیہات کیلئے 23 ارب روپے منظور کیے گئے ہیں۔ مریم نواز جب سے وزیراعلیٰ بنی ہیں تب سے پنجاب میں کہیں مقامی حکومتوں کے انتخابات نہیں ہوئے۔ وہ خود ہی مقامی معاملات چلاتی اور کریڈٹ لینے کی کوشش کرتی ہیں۔ اگر پختہ گلیاں اور سیوریج نظام صوبائی حکومت نے تعمیر کرنا ہے تو پھر سارے صوبے کی ترقی‘ روزگار کے وسیع تر مواقع‘ بین الاضلاعی سڑکوں‘ تعلیم اور صحت کے مختلف منصوبوں کیلئے پلاننگ کس نے کرنی ہے؟ اسی طرح وفاقی حکومت نے جس حیلہ جوئی سے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کو روکا ہے‘ اس سے تو یہ محسوس ہوتا ہے کہ وفاقی حکومت بھی صوبائی حکومتوں کی سطح پر اتر آئی ہے۔ دنیا کے ہر ترقی یافتہ ملک میں مضبوط مقامی حکومتوں کا شاندار نظام قائم ہے۔ ہر شہر اور علاقے کی اپنی منتخب سٹی کونسل ہوتی ہے۔ یہ سٹی کونسل شہر کی تعمیر وترقی کی ذمہ دار ہوتی ہے۔ شہر کی انتظامیہ اور پولیس بھی اس کونسل کے تابع ہوتی ہے۔ امریکہ‘ برطانیہ‘ سیکنڈے نیوین ممالک کی قابلِ رشک سٹی کونسلز کو تو چھوڑیے‘ ہمارے حکمران آئے روز برادر ملک ترکیہ آتے جاتے رہتے ہیں کبھی وہاں استنبول کی میٹرو پولیٹن گورنمنٹ کے مرکزی دفتر جا کر دیکھیں تو اُنکی آنکھیں کھل جائیں کہ استنبول کی مقامی حکومت یا بلدیہ عظمیٰ کیا کیا کام کرتی ہے۔ ہمیں استنبول میں کارپوریشن کے مرکزی دفتر کا وزٹ کرنے کا موقع ملا تھا۔ استنبول کارپوریشن کی طرح ترکیہ کی تمام مقامی حکومتوں کے دائرہ اختیار میں پبلک تعمیرات‘ صحت‘ تعلیم‘ ماحولیات‘ پانی‘ ٹریفک‘ ٹرانسپورٹ‘ زمین کی رجسٹری اور شہری خدمات وغیرہ شامل ہیں۔ سوال یہ ہے کہ ہماری صوبائی حکومتیں بلدیاتی اداروں کو بااختیار کیوں نہیں بننے دیتیں اور انہیں کیوں نہیں چلنے دیتیں؟ پرویز مشرف سے ہمیں ایک سو ایک اختلافات ہیں مگر انہوں نے خود مختار حکومتوں کا نہایت ترقی یافتہ ماڈل متعارف کروایا تھا۔ مقامی حکومت کے یہ پروگرام اُن کے ابتدائی دور کے وزیر بلدیات بریگیڈیئر (ر) حامد سعید اختر اور اُن کی ٹیم نے ترقی یافتہ ممالک کی سٹی کونسلز کے نظاموں کو سٹڈی کر کے مرتب کیا تھا۔ جب صاف شفاف انتخابات کے ذریعے لوگوں نے مقامی حکومتیں قائم کیں تو اس پر لوگوں نے بے حد مسرت کا اظہار کیا کہ اب وہ بیورو کریسی یا ایم این اے یا ایم پی اے کے بجائے براہِ راست اپنی یونین کونسل کے چیئرمین کو اپنی ضروریات اور شکایات سے آگاہ کرتے تھے۔ یوں لوگوں کے مسائل عملاً اُن کے گھر کی دہلیز پر حل ہونے لگے۔ ضلعی ناظم تک بھی اُن کی رسائی تھی۔ بلاشبہ یہ سٹی گورنمنٹ مرکزی و صوبائی حکومتوں کے قوانین کی پابندی کرتی تھیں مگر انہیں مقامی معاملات میں فنڈز سمیت مکمل اختیارات حاصل تھے۔ ہم نے اس دور کے وزیر بلدیات سے یہ بھی پوچھا کہ صدر مشرف نے اس نظام کو خود مختار سے ''بے اختیار‘‘ کیوں کر دیا؟ حامد سعید صاحب نے بتایا کہ انہیں مشرف صاحب نے بنفس نفیس آگاہ کیا تھا کہ اُن کے سیاسی پارٹنرز چودھری برادران کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیاست پیسے کے بغیر نہیں چلتی۔ اگر آپ سارے فنڈز مقامی حکومتوں کو دے دیں گے تو پھر ہماری کون سنے گا‘ اس لیے آپ صدارت کریں اور ہمیں سیاست کرنے دیں۔ یوں مقامی حکومتوں کا یہ شاندار نظام آگے نہ چل سکا۔ سردست نئے صوبوں کی تعداد کے بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔ تاہم جب تک بے جان مقامی حکومتوں کو جاندار نہیں بنایا جاتا اور فیئر اینڈ فری انتخابات کو یقینی نہیں بنایا جاتا اس وقت تک محض صوبوں کے قیام سے بھی عام آدمی کو فرق نہیں پڑے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments