ملک عزیز میں روزی روٹی کے تمام ذرائع ایک ایک کرکے بند کیے جا رہے ہیں‘ جس سے لوگوں کے چولہے بجھ گئے ہیں‘ دو وقت کی روٹی پوری نہیں ہو رہی‘ ان کے پاس کھانے کو کچھ نہیں‘ وہ بھاری یوٹیلیٹی بل ادا کرنے کے قابل نہیں رہے۔ شعبۂ سیاحت کو ایک طرح سے بند کر دیا گیا ہے۔ سیاحوں کیلئے کوئی پُرکشش حکمت عملی اور سہولت نہیں ہے۔ کوئی لاء اینڈ آرڈر نہیں اور دعویٰ یہ کیا جاتا ہے کہ اتنے سیاح باہرسے آئے۔ان اعدادوشمار میں ان لوگوں کو بھی شامل کر لیا جاتا ہے جو افغانستان سے آتے ہیں حالانکہ افغانستان سے آنے والے لوگ سیاح نہیں بلکہ وہ تو محنت مزدوری یا علاج معالجہ کیلئے پاکستان آتے ہیں۔ مہنگائی اور بیروزگاری ہمارا سب سے بڑا مسئلہ ہے لیکن ہم لوگوں کو مسلسل بیروزگارکر رہے ہیں۔ روز گار کے مواقع پیدا کرنے کے بجائے لوگوں کا پہلے سے چلتا روزگار بند کر رہے ہیں۔ ہر چیز پر کلہاڑا مار کر اس کو سیدھا کرنے کی کوشش ہو رہی ہے جس کی وجہ سے ملک کا یہ حال ہو گیا ہے کہ مہنگائی اور بیروزگاری کم ہونے کے بجائے بڑھتی چلی جا رہی ہے۔ ریڑھی والوں کو صرف اس لیے بند کر دیا کہ ہمیں خوبصورت شہر چاہیے۔ ایسی خوبصورتی کو کیا کرنا ہے جس سے لوگ بیروزگار ہو جائیں۔ مفلس آدمی کیلئے ایسی خوبصورتی کس کام کی؟ وہ کہتے ہیں ناں: بھوک آداب کے سانچوں میں نہیں ڈھل سکتی؍ مفلسی حسِ لطافت کو مٹا دیتی ہے ؍ بشر کو بشر کی اوقات بھلا دیتی ہے؍ آئو اس ماں کی بھی کوئی بات سنیں؍ روز جو بچوں کو بھوکا سلا دیتی ہے؍ اپنی عزت کے بھروسے جو تھی مجبور کھڑی؍ آخر اک روز وہ سر اپنا جھکا دیتی ہے؍ اس کے دامن پر لگے داغ یہی کہتے ہیں؍ بھوک تہذیب کے آداب مٹا دیتی ہے
صرف پنجاب میں پانچ سے دس لاکھ ریڑھیاں بند کرنے سے لاکھوں افراد بیروزگار اور ایک کروڑ کے قریب متاثر ہوئے ہیں۔ لوگوں کو سائیکل پر بھی سامان بیچنے کی اجازت نہیں ‘ ان کو بھی پکڑ لیا جاتا ہے۔ کسی کو کندھے پر اٹھا کر بھی چیزیں نہیں بیچنے دیتے‘ کسی کو چھابڑی نہیں لگانے دیتے‘ دکانوں کے باہر یا سامنے کسی چھابڑی والے کو پھٹکنے تک نہیں دیتے۔ ان لوگوں کا روزگار ہی بند کر دیا گیا ہے کیونکہ ہمیں خوبصورتی چاہیے۔ یہ لوگ جائیں تو کہاں جائیں؟ کس کو جا کر اپنے دکھڑے سنائیں؟ بقول عرفان صادق:
اسی کی اپنی بیٹی کی ہتھیلی خشک رہتی ہے
جو بوڑھا دھوپ میں دن بھر حنا بیچتا ہے
بڑی دکان والا تو امیر سے امیرتر بننے کے چکرمیں ہے مگر غریب چھابڑی والا تو دو وقت کی روٹی کمانے کی فکر میں ہے‘ لیکن ہمارے اربابِ اختیار کو غریب سے کیا غرض! غربت‘ مہنگائی اور بیروزگاری کے باعث غریب مرتا ہے تو مرتا رہے۔انہیں تو صرف سرمایہ دار عزیز ہیں کیونکہ وہ خود سرمایہ دار ہیں۔ ایک طرف اشرافیہ کے پالتو جانوروں کے علاج کیلئے ڈاکٹر گھر تک پہنچ جاتے ہیں‘ دوسری طرف غریب کا بچہ علاج کی آس امید میں‘ ہسپتال کی قطار میں اپنی باری کے انتظار میں زندگی کی بازی ہار جاتا ہے۔ یہ صرف غربت نہیں‘ ہمارے معاشرے کے نظامِ انصاف اور انسانیت پر بہت بڑا سوالیہ نشان ہے۔ کیا غریبوں اور ان کے بچوں کو پاکستان میں جینے کا کوئی حق نہیں؟ کیا غربت‘ مہنگائی اور بیروزگاری ہمیشہ یونہی ان کا مقدر رہے گی؟
غریب لوگوں کے ٹیکس سے اکٹھے ہونے والے اربوں روپے خوبصورتی کے نام پر ایسے بہا دیے گئے ہیں جیسے پاکستان ترقی یافتہ ممالک سے بھی کوئی اگلے درجے کا ملک ہے۔ امریکہ‘ کینیڈا اور یورپ جا کر دیکھ لیں‘ وہاں درختوں کی کٹائی کرکے شہروں کو خوبصورت نہیں بنایا جاتا بلکہ ان کی مناسب کاٹ چھانٹ کی جاتی ہے۔ یہی ان کی خوبصورتی ہوتی ہے۔ ہمارے حکمران نجانے اس سے بے خبر کیوں ہیں کہ لوگ بھوکے مر رہے ہیں‘ ان کے بچے بھوک سے بلک رہے ہیں‘ ان کے پاس پینے کو صاف پانی تک نہیں ‘ صحت کی سہولتیں نہیں ‘ وہ تعلیم کی دولت سے بھی محروم ہیں۔ صرف پنجاب میں ایک کروڑ سے زائد بچے سکولوں سے باہر ہیں۔ غریب آدمی کے پاس سر چھپانے کو چھت نہیں۔ صوبے میں اکثریت بھاری کرایوں پر رہنے پر مجبور ہیں۔ بہت سے لوگ کرایہ تک ادا کرنے کی سکت نہیں رکھتے۔ لاہور جیسے میٹرو پولیٹن شہر میں ہزاروں بے گھر افراد گرمی‘ سردی میں پارکوں اور فٹ پاتھوں پر سونے پر مجبور ہیں مگر حکمران کروڑوں‘ اربوں روپے بازاروں کی بیوٹیفکیشن پر ضائع کر رہے ہیں۔ درخت بھی ایسے لگائے جاتے ہیں جو ماحول دوست ہونے کے بجائے محض نمائشی ہیں۔ پھر ان کی صورت ایسی بنائی جاتی ہے کہ دیکھنے والا حیران رہ جائے۔ لاہور کوخوبصورت بنانے کیلئے جتنی بی لیپا پوتی کر لیںاصل معاملہ یہ ہے کہ کیا اس شہر سے سموگ ختم ہو رہی ہے؟ کیا شہر میں لوگوں کو بنیادی سہولتیں میسر ہیں؟ پوری دنیا میں پاکستان کو ایک مقروض ملک کے طور پر جانا جاتا ہے۔ وزیراعظم صاحب خود یہ بتا چکے ہیں کہ دوست ممالک ہمارے ملک اور ہمارے حکمرانوں کو کس نظر سے دیکھتے ہیں۔ ایسے میں کیا شہر کی چند سڑکوں کو خوبصورت بنانے سے دنیا میں ہمارا منفی تاثر اور بدنما چہرہ خوبصورت لگنے لگے گا؟ ایسا ہرگز نہیں ہو گا۔ صوبے کے حکمران اپنی ذاتی تشہیر پر اربوں روپے خرچ کر رہے ہیں اور غریب کے بچوں کے منہ سے نوالہ تک چھینا جا رہا ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ اس طرح کے کاموںسے ہم اس ملک کو کس طرف لے کر جا رہے ہیں۔ غریب آدمی کی کمائی کے تمام ذرائع بند کرنے کا فائدہ امیر اور سرمایہ دار طبقے کو پہنچ رہا ہے۔ چھابڑی والے سے روزگار چھین کر ہم بڑے دکاندار اور ڈیپارٹمنٹل سٹور کے سہولت کار بن جاتے ہیں۔ ہمارے نو مقتدر طبقات اسی طرح ایک دوسرے کے سہولت کار اور معاون بنے ہوئے ہیں کہ ہر قسم کی قانون سازی صرف ان کے مفاد کے تابع ہوتی ہے اور یہاں صرف ان طبقاتِ اشرافیہ کے پیٹ کا خیال رکھا جاتا ہے۔ پچیس کروڑ عوام دن رات دھکے کھا کر کام کر رہے ہیں اور نو طبقات عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے موج میلہ کر رہے ہیں۔
پہلے حکومت نے سینما کو طرح طرح کی پابندیوں کے نیچے دبا کر بند اور بہت سے لوگوں کو بے روزگار کیا۔ بہت سے افراد سستی تفریح سے بھی محروم ہو گئے۔ پھر فلیکس سینما آیا تو اس کو بھی بند کر دیا گیا۔ اب حکومت تھیٹرز کے پیچھے پڑی ہوئی ہے۔ ملک کو بیروزگاروں کا قید خانہ بنا دیا گیا ہے۔ محسوس ہوتا ہے کہ ان کی پالیسی ہی یہ ہے کہ کسی کوکام کرنے دیں گے نہ ان کو کہیں بھاگنے دیں گے۔ ہر کسی کو بیروزگار کرکے‘ بھوکا ماریں گے۔ پچیس کروڑ افراد صرف حکومت کو ٹیکس دینے کیلئے زندہ ہیں؟ وہ جو کماتے ہیں اس میں سے بیشتر بالواسطہ اور بلاواسطہ ٹیکسوں میں چلا جاتا ہے۔ بقول ابراہیم ذوق:
اب تو گھبرا کے یہ کہتے ہیں کہ مر جائیں گے
مر کے بھی چین نہ پایا تو کدھر جائیں گے
پوری دنیا سیاحت کیلئے محنت کر رہی ہے‘ پاکستان میں ہندوئوں‘سکھوں اور دیگر مذاہب کے مذہبی مقامات پر سیاحوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ اگر ہم صرف مذہبی سیاحت پر ہی فوکس کر لیتے تو ہمارے وارے نیارے ہو جاتے۔ پاکستان میں موجود دیگر مذاہب کے مذہبی اور روحانی مقامات کو دوسرے ممالک سے آنے والے زائرین کیلئے کھول دیا جاتا اور ان پر سکیورٹی اہلکاروں کو اس طرح نہ چھوڑا جاتا جیسے وہ ان کے قیدی ہوں‘ تو اس سے ہی ہم کتنا کچھ حاصل کر سکتے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments