دنیا بھر کے ممالک میں امیروں سے ٹیکس لیا جاتا ہے اور غریب طبقے کی فلاح وبہبود پر خرچ کیا جاتا ہے۔ دین اسلام میں بھی زکوٰۃ اور عشر کی صورت میں امیروں سے پیسے وصول کرکے غریبوں پر خرچ کرنے کا حکم ہے۔ لیکن پاکستان دنیا کا وہ انوکھا ملک ہے جہاں غریبوں سے ٹیکس لے کر امیروں پر خرچ کیا جاتا ہے۔ جس کی وجہ سے غریب غریب تر اور امیر امیر تر ہو رہا ہے۔ غریب اور عام آدمی کے خون پسینے کی کمائی سے حاصل ہونے والے ٹیکس سے اشرافیہ میں شامل طبقات عیاشی کر رہے اور اپنی جیبیں بھر رہے ہیں جبکہ ٹیکس دینے والے عوام کا کوئی پرسانِ حال نہیں اور وہ دن بدن مہنگائی اور بیروزگاری کے باعث غربت اور افلاس کا سامنا کر رہے ہیں۔ وطن عزیز میں الٹی گنگا بہہ رہی ہے۔ دنیا میںجن ممالک میں تیل کے چشمے بہہ رہے ہیں وہاں کسی بھی چھوٹے یا بڑے آدمی کو تیل مفت نہیں ملتا جبکہ پاکستان میں مہنگا تیل خرید کر افسروں کو مفت دیا جا رہا ہے۔ جن ممالک میں سستی ترین بجلی پیدا ہو رہی ہے وہاں بھی کسی کو بجلی کا ایک یونٹ فری نہیں دیا جاتا لیکن ہم پاکستان میں مہنگی ترین بجلی پیدا کر کے اپنے افسروں کو ماہانہ ہزاروں یونٹس بالکل مفت فراہم کر رہے ہیں۔ جو ممالک خود گاڑیاں بناتے ہیں وہاں کسی کومفت گاڑی کی سہولت میسر نہیں لیکن پاکستان میں اشرافیہ کیلئے ٹیکس فری اور کسٹم فری گاڑیاں منگوانے کی سہولت بدرجہ اتم موجود ہے۔ ایک ایک سرکاری افسر کے پاس کئی کئی گاڑیاں ہیں۔ جو ممالک ترقی کرکے صفِ اول میں کھڑے ہیں وہاں ہر کوئی اپنا کام خود کرتا ہے لیکن پاکستان میں سرکاری خرچ پر ہر ایک افسر کو پانچ دس ملازم دے رکھے ہیں۔ دنیا میں کسی ملک کے سرکاری افسران کے پاس دہری شہریت نہیں ہے۔ یہ واحد اور انوکھا ملک ہے جہاں سرکاری افسران کا قابلِ ذکر طبقہ دہری شہریت رکھتا ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ اکثر نے یہ دہری شہریت لاکھوں ڈالر دے کر حاصل کی ہے۔ اب سوال یہ ہے کہ ان افسروں کے پاس لاکھوں ڈالر کہاں سے آ رہے ہیں؟ وہ نوکری تو پاکستان میں کر رہے ہیں لیکن ان کے خاندان بیرونِ ملک موج میلہ کر رہے ہیں۔ ان کے بچے بیرونِ ملک اعلیٰ تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم ہیں جبکہ پاکستان میں ڈھائی کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں۔ ترقی یافتہ ممالک میں کسی کو سرکاری خرچ پر چائے پینے کی بھی اجازت نہیں مگر ہمارے ہاں ہرایک سرکاری میٹنگ میں لاکھوں روپے کھابوں پر اڑا دیے جاتے ہیں۔ ترقی یافتہ ممالک میں کسی عوامی نمائندے کیلئے کوئی پروٹوکول نہیں۔ وہ اپنا بیگ خود اٹھاتے ہیں‘ اپنی گاڑ ی خود چلاتے ہیں اور اپنا خرچہ بھی خود برداشت کرتے ہیں مگر ہمارے ہاں عوامی نمائندے عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے سرکاری خرچ پر بیس پچیس گاڑیوں کے پروٹوکول کے ساتھ گھومتے ہیں۔ بقول شاعر:
برباد گلستاں کرنے کو بس ایک ہی الو کافی تھا
ہر شاخ پہ الو بیٹھا ہے انجامِ گلستاں کیا ہو گا
عام آدمی‘ جس کے یہ نام نہاد نمائندے ہیں‘ اس کو اپنی اور اپنے بچوں کی دو وقت کی روٹی پوری کرنے کیلئے جان کے لالے پڑے ہوئے ہیں مگر اشرافیہ نے ہر جانب لُٹ مچائی ہوئی ہے اور یہ تمام طبقات ایک دوسرے کے معاون بنے ہوئے ہیں۔ ان میں سے ہر طبقہ اپنا حصہ بقدر جثہ وصول کر رہا ہے۔ پہلے تو عوامی نمائندوں کی بھی دہری شہریت ہوا کرتی تھی جس پر بڑی مشکل سے پابندی لگائی گئی۔اگر کوئی عوامی نمائندہ دہری شہریت نہیں رکھ سکتا تو ایک سرکاری افسر کو کس طرح حق پہنچتا ہے کہ وہ دہری شہریت رکھے ؟ دہری شہریت کے حامل تمام افسروں کو نوکری اور غیر ملکی شہریت میں سے ایک چیز اختیار کرنے کیلئے فوری طور پر قانون سازی کرنا ہو گی۔ دہری شہریت والا افسر کسی بھی طرح اور کبھی بھی پاکستان کا وفادار نہیں ہو گا بلکہ وہ پاکستانی شہریت کے مقابلے میں دیگر ممالک کو ترجیح دے گا۔ اگر ایسا نہ ہوتا تو دہری شہریت حاصل کرنے کیلئے کروڑوں روپے خرچ کرنے کی کیا ضرورت تھی؟ جس دن یہ سرکاری افسر ریٹائرڈ ہو گا اگلے ہی دن دہری شہریت والے ملک کو پیارا ہو جائے گا کیونکہ اس کی فیملی تو پہلے ہی بیرونِ ملک موجود ہے۔
گورنر سندھ نہال ہاشمی گزشتہ دنوں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہہ رہے تھے کہ آج جاپان سائنس اور ٹیکنالوجی میں بہت آگے جا چکا ہے‘ دوسری عالمی جنگ کے بعد انہوں نے سیکھا اور دوبارہ اپنے ملک کو تعمیر کیا۔ ستم ظریفی دیکھیے کہ ہمارے حکمران جاپانیوں کی مثالیں تو دیتے ہیں لیکن ان سے کچھ سیکھنے اور سچ بولنے کیلئے بالکل بھی تیار نہیں۔ ہمارے ہاں ایک سے ایک بڑا جھوٹا موجود ہے۔ ہمارے حکمران اور ہمارے سرکاری کار پرداز سرکاری مال کو‘ جو عوام کے ٹیکسوں سے حاصل کردہ ہوتا ہے‘ بے رحمی سے استعمال کرتے ہیں۔ انہیں نہ کوئی ضابطہ روک پاتا ہے اور نہ ہی وہ کسی سماجی و اخلاقی دبائو کو خاطر میں لاتے ہیں۔ ہمارے سیاستدان جس بے رحمی کے ساتھ سرکاری وسائل کو ذاتی استعمال میں لاتے ہیں‘ اس سے عوام میں بے چینی بڑھ رہی ہے اور ان کے اندر ایک لاوا پک رہا ہے۔
ہمارے ملکی ریونیو کا بڑا حصہ حکمرانوں پر خرچ ہوتا ہے۔ سیاستدان چاہتے ہیں کہ انہیں ہر چیز مفت اور وافر ملنی چاہیے۔ بھاری بھر کم تنخواہ ملنی چاہیے‘ گھر کا کرایہ اور پٹرول سرکار کی طرف سے ملنا چاہیے۔ ہوائی جہازکے ٹکٹ ملیں بلکہ انہیں ہر سال فیملی سمیت ورلڈ ٹور پر بھی جانا چاہیے۔ حکمرانوں کی جانب سے عوام کو صبر کرنے کی تلقین کی جاتی ہے لیکن یہ خود قومی اسمبلی اور سینیٹ کی کمیٹیوں میں شرکت کیلئے ٹریول الائونس اور ایئر لائنز کے مفت ٹکٹس تک چھوڑنے کیلئے تیار نہیں ہوتے۔ پارلیمنٹ کے ایک ایک اجلاس پر کروڑوں روپے خرچ ہوتے ہیں۔ عوام کو ایک طرف اپنے اخراجات پورے کرنے کیلئے دن رات کمانا پڑتا ہے اور دوسری طرف کروڑوں بلکہ اربوں پتی ارکانِ اسمبلی کے خرچوں کا بھاری بھر کم بوجھ بھی برداشت کرنا پڑتا ہے۔ درجنوں گاڑیوں کے قافلے کی صورت میں ایک غریب اور مقروض ملک کے وزیراعظم اور وزرائے اعلیٰ کی گھر سے دفتر اور دفتر سے گھر روانگی اور سائرن بجاتی سکیورٹی عوام کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے۔ سوال یہ ہے کہ اگر ملک کا ہر شہری اپنے پٹرول کے اخراجات خود برداشت کر رہا ہے تو ہمارے حکمرانوں اور سرکاری ملازمین کو ماہانہ اربوں روپے کا پٹرول مفت کیوں دیا جا رہا ہے؟ کیا ان کی تنخواہیں پٹرول کے اخراجات برداشت کرنے کیلئے ناکافی ہیں؟
عوام سے چار وزرائے اعلیٰ‘ مرکز کے حکمرانوں اور شاہی افسروں کے شاہی اخراجات برداشت نہیں ہو رہے تھے کہ ملک میں نئے صوبوں کی تشکیل کی باتیں ہو رہی ہیں۔ اگلے روز ایک صاحب کہہ رہے تھے کہ گوجرانوالہ سے جہلم تک ایک نیا 'ناردرن صوبہ‘ بننے جا رہا ہے اور اس کی وزارتِ اعلیٰ گجرات کے حصے میں آئے گی۔ بقول ان کے تخت لاہور سے جلد جان چھوٹ جائے گی۔ نئے صوبے ضرور بننے چاہئیں لیکن یہ صوبے سیاسی اور لسانی بنیادوں پر نہیں بلکہ انتظامی بنیادوں پر بنائے جائیں تو ہی عوام کو کچھ حاصل ہوگا۔ یہ امر بھی ذہن نشیں رہے کہ محض نئے صوبے بنانے سے مسائل حل نہیں ہوں گے‘ اس کے ساتھ بہت سے دیگر اقدامات بھی کرنا ہوں گے۔ سب سے پہلے حکومتی اخراجات کم کرنا ہوں گے۔ سرکاری شاہ خرچیاں مکمل بند کرنا ہوں گی۔ حکمرانوں کو سادگی اپنانا ہو گی۔ سرکاری وسائل کا ضیاع روکنا ہو گا۔ حکمرانوں کو ساری توجہ قومی اور عوامی مسائل کے حل پر مرکوز کرنا ہو گی۔ عوام کوصاف پانی‘ صحت اور تعلیم کی بنیادی سہولتیں ہر حال میں اور ہر سطح پر فراہم کرنا ہوں گی۔ جہالت‘ غربت‘ مہنگائی اور بیروزگاری کا خاتمہ کرنا ہوگا اور عام آدمی کیلئے روزگار کے وسیع مواقع پیدا کرنا ہوں گے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments