"KMK" (space) message & send to 7575

پپو کی اماں اور عدالتی حکمنامے

قریب ایک ماہ ہونے والا ہے اور مسافر مسلسل سفر میں ہے۔ اگر ہر دوسری رات کسی نئے شہر میں ہوتی ہے تو ہر چوتھی پانچویں رات کسی نئے ملک میں بسر ہو رہی ہے۔ اس مختصر سے وقت میں برطانیہ اور چار دیگر یورپی ممالک سمیت ایک سرے سے دوسرے سرے تک آدھا یورپ گھوم لیا ہے۔ ہر ملک کے موسم میں فرق ہے‘ عمارتیں ایک دوسرے سے مختلف ہیں‘ طرزِ تعمیر میں تنوع ہے‘ زبان مختلف ہے‘ لیکن دو چیزیں ہر جگہ مشترک ہیں: ایک صفائی اور دوسری سبزہ اور درخت۔ یہ مسافر درختوں‘ جنگلوں‘ میدانوں‘ صحراؤں‘ بیابانوں اور پہاڑوں سے محبت کرتا ہے‘ لیکن اگر اس سے کسی ایک شے کا پوچھا جائے تو اس کی ترجیح درخت ہوں گے۔ درخت کسی بھی صورت میں ہوں‘ جنگل کی صورت میں ہوں یا سڑک کے ساتھ ساتھ چلتے ہوں‘ یہ مسافر اپنے ساتھ بھاگتے ہوئے درختوں کو دیکھ کر خوش ہوتا ہے۔ اگر جنگل میں ہو تو اپنے اردگرد اور اپنے اوپر چھائے ہوئے درختوں کو دیکھ کر لطف لیتا ہے۔ خواہ امریکہ ہو‘ یورپ ہو یا افریقہ کے ایک دو ممالک‘ جنہیں دیکھنے کا اتفاق ہوا ہے‘ زمینی منظرنامے میں جو چیز سب سے نمایاں اور کثرت سے دکھائی دیتی ہے وہ سبزہ اور درخت ہیں۔ اسے احساسِ کمتری نہ سمجھیے‘ لیکن اسے حسرت کہے بغیر بھی چارہ نہیں کہ آخر ہمارے ہاں درخت کو وہ ترجیح اور پذیرائی کیوں نہیں مل سکی جو اسے دنیا کے دیگر حصوں اور ممالک میں حاصل ہے۔ ہم مجموعی طور پر شجر دشمن نہ بھی سہی‘ کم از کم درختوں سے الرجک ضرور ہیں۔ درخت لگانا تو رہا ایک طرف‘ ہم درخت کو دیکھ کر باقاعدہ پریشان ہو جاتے ہیں۔ ہم درخت لگانے کے بجائے اس سے چھٹکارا حاصل کرنے کے بہانے تلاش کرتے ہیں۔ کسی گھر میں درخت لگا ہو تو اس کی توصیف کرنے کے بجائے فوراً تنقیدی نقطۂ نگاہ سے دیکھ کر پند ونصائح کا دفتر کھول لیتے ہیں۔ پہلا جملہ یہ ہو گا کہ آپ کو اس جگہ درخت لگانے کی بھلا کیا سوجھی تھی؟ پھر کہیں گے اس کے پتے بہت گند مچاتے ہوں گے۔ اپنی بات میں مزید وزن پیدا کرتے ہوئے کہیں گے کہ سردیوں میں دھوپ تو نہیں آتی ہو گی۔ ایک دلیل یہ ہو گی کہ اس درخت نے تو صحن کا خاصا رقبہ بیکار کر کے رکھ دیا ہے۔ اچھے بھلے پڑھے لکھے لوگوں کو ہمیشہ درخت سے وابستہ مسائل اور خرابیوں کا ذکر کرتے سنا ہے۔ شاید ہی کبھی کسی کو یہ کہتے سنا ہو کہ درخت ہمیں آکسیجن دیتے ہیں‘ اچھا ماحول فراہم کرتے ہیں‘ اور ہمیں سموگ جیسی صحت دشمن فضا سے بچاتے ہیں۔ یہ باتیں دراصل ہماری ترجیحات میں کہیں فٹ ہی نہیں ہوتیں۔ لاعلمی بعض اوقات بڑی نعمت ہوتی ہے۔ اس کے طفیل بندہ خواہ مخواہ کڑھنے‘ تقابلی جائزہ لینے‘ تنگ پڑنے اور ملال کرنے سے محفوظ رہ جاتا ہے۔ ایمانداری کی بات ہے کہ جب تک اس مسافر نے یورپ اور دیگر مغربی ممالک خود نہیں دیکھے تھے‘ یہ خیال بھی کبھی ذہن میں نہیں آیا تھا کہ یورپ اتنا سرسبز اور درختوں سے بھرا ہوا ہو گا۔
اس فقیر کا خیال تھا کہ برطانیہ جیسا چھوٹا جزیرہ سیمنٹ‘ بجری اور کنکریٹ کا جنگل ہو گا۔ یہ جو کیلنڈروں پر یورپ کی سینریاں چھپتی ہیں‘ یہ سرسبز مناظر کہیں کہیں اور کبھی کبھار شاذ ونادر ہی دکھائی دیتے ہوں گے۔ سبزہ‘ درخت اور پھول پات نایاب اشیاء کی طرح سنبھال کر رکھے ہوں گے۔ لیکن عشروں پہلے برطانیہ اور خصوصاً لندن کو دیکھنے کا موقع ملا تو معلوم ہوا کہ دیکھے بغیر محض اندازہ لگانے اور حقیقت میں دیکھنے کی درمیان زمین آسمان کا فرق ہے۔ دنیا کی دو تین انتہائی قیمتی اور مہنگی ترین شہری پراپرٹی میں شمار ہونے والے لندن شہر میں اتنے باغات اور پارکس ہیں کہ پاکستان بھر کے تمام شہروں کے باغات اور پارکوں کا رقبہ جمع کر دیا جائے تو بھی اکیلے لندن کے پارکوں اور باغات کے رقبے سے کہیں کم بنے گا۔ لندن شہر میں عوامی پارکوں اور باغات کا کُل رقبہ اندازاً 35 ہزار ایکڑ کے لگ بھگ ہے۔ جی ہاں‘ 35 ہزار ایکڑ۔ یہ تقریباً 140 مربع کلومیٹر بنتا ہے۔ اتنے رقبے کا صرف تصور ذہن میں لائیں تو بندہ حیران رہ جاتا ہے۔ لندن شہر میں تقریباً 3000 عوامی پارکس ہیں۔ صرف یہ پارک شہر کے 18 سے 20 فیصد رقبے کو اپنی لپیٹ میں لیے ہوئے ہیں۔ اگر ان میں گھریلو باغات‘ دیگر سرسبز مقامات اور جنگلات بھی شامل کر لیے جائیں تو گریٹر لندن کا تقریباً 47 فیصد حصہ سرسبز علاقوں پر مشتمل ہے۔ ایک تخمینے کے مطابق لندن شہر کے گھروں میں 38 لاکھ سرسبز لان ہیں‘ جبکہ شہر بھر میں 83 لاکھ درخت ہیں۔ لندن میں کاروں کی تعداد لاہور سے زیادہ ہونے کے باوجود اگر وہاں سموگ دکھائی نہیں دیتی تو اس کی وجہ صرف یہ ہے کہ لندن شہر میں درخت‘ سبزہ‘ جنگلات اور باغوں کا رقبہ اس شہر میں موجود کنکریٹ کی عمارتوں اور گاڑیوں کی مجموعی تعداد کے مقابلے میں کہیں بڑھ کر ہے‘ جبکہ لاہور میں یہ نسبت اس کے بالکل برعکس ہے۔ نتیجہ سامنے ہے‘ فضائی آلودگی کے اعتبار سے لاہور گزشتہ کئی روز سے دنیا بھر میں پہلے نمبر پر ہے۔ ہم اس بات پر مطمئن ہیں کہ چلیں فضائی آلودگی میں ہی سہی‘ ہم کہیں تو اول آئے ہیں۔
مہذب ممالک میں درخت کو تقریباً انسانی جان کے برابر تحفظ کا درجہ حاصل ہو چکا ہے۔ برسبن آسٹریلیا کا ہمارا دوست رانا حنان بتا رہا تھا کہ شہر کے نواحی علاقے میں کسی نامعلوم شخص نے ایک درخت کی دو تین بڑی بڑی شاخیں کاٹ دیں۔ کونسل نے یہ حرکت کرنے والے شخص کو تلاش کرنے میں ناکامی کے بعد اس درخت کے ساتھ ایک اشتہار چسپاں کیا کہ اس درخت کو نقصان پہنچانے والے شخص کی نشاندہی کرنے اور اس کا نام پتا بتانے والے کو 5000 ڈالر انعام دیا جائے گا۔ اس اشتہار میں مزید یہ انتباہ بھی شامل تھا کہ اس درخت کو آئندہ نقصان پہنچانے کی صورت میں ذمہ دار شخص کو پانچ لاکھ آسٹریلین ڈالر جرمانہ کیا جائے گا۔ پانچ لاکھ آسٹریلین ڈالر سے مراد تقریباً 10 کروڑ پاکستانی روپے ہیں۔ آپ اس سے ان ممالک میں درخت کی اہمیت کا اندازہ لگا لیں۔
ادھر چھوٹے موٹے شہروں کو تو چھوڑیں‘ سب سے برا حال وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کا ہے۔ کبھی اس شہر کی پہچان سبزہ اور درخت ہوا کرتے تھے‘ جو آہستہ آہستہ مرحلہ وار کٹتے جا رہے ہیں۔ ہر زور آور اسے اپنی صوابدید کے مطابق گنجا کرنے پر تلا ہوا ہے۔ اسلام آباد میں تقریباً 43 ہزار ایکڑ رقبے پر مشتمل مارگلہ ہلز نیشنل پارک موجود ہے۔ اس میں مارگلہ کی پہاڑیاں‘ شکرپڑیاں اور راول ڈیم کا علاقہ شامل ہے۔ اس علاقے میں جن تجارتی اور کاروباری سرگرمیوں کی ممانعت ہے‘ وہ زور آوروں کے زیر سایہ زور وشور سے جاری و ساری ہیں۔ ہر دو چار ماہ بعد‘ کہیں نہ کہیں سے درخت کٹنے کی اطلاعات آ جاتی ہیں۔ رہائشی سکیمیں مسلسل سبزہ اور درخت کھا رہی ہیں۔ معاملہ عدالتوں میں جاتا ہے تو عدالتیں ہر بار درخت کاٹنے کے مرتکب اداروں‘ زور آوروں اور ہاؤسنگ پروجیکٹس کے مالکان کو آئندہ ایسا نہ کرنے کی تنبیہ کر کے فارغ کر دیتی ہیں۔ ایک طرف برسبن میں ایک درخت کاٹنے پر 10کروڑ روپے جرمانے جیسی سخت سزا درختوں کا تحفظ کرتی ہے‘ تو دوسری طرف ہمارے ہاں ایک عدد بے مقصد قسم کی عدالتی تنبیہ درختوں کے تحفظ کے بجائے مزید درخت کاٹنے والوں کے لیے حوصلہ افزائی کا باعث بنتی ہے۔ عدالتی حکمنامے دیکھ کر اس ٹھنڈی ٹھار ماں کا خیال آتا ہے جو مسلسل بدتمیزی میں مصروف اپنے بگڑے ہوئے بچے کو بڑے لاڈ سے کہتی ہے: پپو! ایسے نہیں کرتے۔ اور پھر دوسری خواتین کے ساتھ گپ شپ میں مصروف ہو جاتی ہے۔ پھر دس منٹ کے بعد دوبارہ کہتی ہے: پپو! میری جان ایسے نہیں کرتے۔ ماں کی پولی پولی ڈانٹ ڈپٹ اور پپو کی بدتمیزیاں ویسے ہی چل رہی ہیں جیسے درختوں کی کٹائی اور عدالتی احکامات چل رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...