"KMK" (space) message & send to 7575

سوتری وٹ کے چنے، دال مونگ اور ڈولی روٹی

سفر وسیلۂ ظفر ایک قدیم محاورہ ہے۔ ظاہر ہے‘ محاورے صدیوں کے عملی تجربات کے بعد وجود میں آتے ہیں‘ اس لیے ان میں چھپی ہوئی حکمت اور دانش کے بارے میں کوئی شک و شبہ نہیں ہونا چاہیے۔ نہ صرف یہ کہ محاورے صدیوں میں بنتے ہیں بلکہ پھر وہ صدیوں اپنی حکمت‘ دانش اور سچائی کی بنیاد پر اپنا وجود برقرار بھی رکھتے ہیں۔ اس محاورے سے ہٹ کر بھی اگر دیکھا جائے تو سیر و سیاحت اور سفر کا سب سے بڑا فائدہ نئی چیزوں کے بارے میں جاننا‘ نئے مقامات سے روشناس ہونا‘ نئے نئے لوگوں سے ملنا‘ نئی معاشرت کو دیکھنا‘ نئے رسم و رواج سے آگاہ ہونا اور نئے ذائقوں کو محسوس کرنا ہے۔ یہ سب کچھ مسافر کو نفع میں حاصل ہوتا ہے۔
میں یہ بات پہلے بھی لکھ چکا ہوں کہ ایک ہی چیز کو کئی بار دیکھنے سے بدرجہا بہتر اور خوش کن کام یہ ہے کہ بہت سی چیزوں اور بہت سی جگہوں کو ایک بار دیکھ لیا جائے۔ میں ذاتی طور پر اس بات کا قائل ہوں کہ آپ کسی علاقے کے بارے میں دس کتابیں پڑھ لیں یا ایک بار وہاں خود چلے جائیں تو آپ کو احساس ہو گا کہ یہ ایک بار دیکھنا دس کتابوں سے بڑھ کر ہے۔ کتابی علم بعض اوقات مشاہداتی علم کے سامنے ہیچ پڑ جاتا ہے۔ نئے علاقے‘ نئے شہر اور نئے ملک جہاں بہت سی نئی چیزوں کے در کھولتے ہیں وہاں اس زمین‘ دھرتی اور علاقے سے جڑے ہوئے نت نئے ذائقوں کے کھانے بھی اپنا حصہ ڈالتے ہیں۔ میں نئی جگہوں پر جا کر اپنے دیسی کھانے تلاش کرنے کے بجائے وہاں کے مقامی کھانوں میں حلال کھانے تلاش کرکے لطف اندوز ہونا زیادہ پسند کرتا ہوں۔ میں دوستوں سے مذاقاً ہنس کر کہتا ہوں کہ مالکِ کائنات نے زبان صرف باتیں بگھارنے کیلئے ہی نہیں دی بلکہ اس میں ذائقہ محسوس کرنے کی حس شامل کرنے کا مقصد ذائقوں سے لطف اندوز ہونا ہے۔ یہ منشائے الٰہی ہے تبھی تو مالکِ کائنات جنت کا بیان کرتے ہوئے مختلف پھلوں اور نعمتوں کے ذائقوں کا ذکر کرتا ہے۔ اس وسیع دنیا میں بے شمار پھلوں اور کھانے پینے کی دیگر نعمتوں کے لاتعداد ذائقے محسوس کرنا اور ان سے لطف اندوز ہونا مقصودِ الٰہی ہے۔ سو یہ مسافر دورانِ سفر کوشش کرتا ہے کہ مختلف تہذیبوں‘ معاشروں‘ علاقوں اور ملکوں سے جڑے ہوئے کھانوں کو بھی نئی دریافتوں میں شمار کرے اور ان سے لطف لے۔
عرصہ ہوا یہ مسافر نیویارک میں دوستوں کے ساتھ گھوم رہا تھا۔ ایک دوست کہنے لگا کہ چلیں جیکسن ہائٹس چلتے ہیں‘ وہاں چل کر لاہوری چنے اور نہاری سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ تب لاہور سے نیویارک کیلئے پی آئی اے کی براہِ راست فلائٹ چلا کرتی تھی‘ اور میں اسی فلائٹ پر لاہور سے نیویارک آیا تھا اور اگلے روز اسی فلائٹ پر میری واپسی تھی۔ میں نے اس دوست سے ہنس کر کہا: گو آپ کا تعلق لاہور سے نہیں ہے تاہم آپ نے زندگی میں کئی بار لاہوری چنے اور نہاری کھائی ہو گی‘ آپ ایمانداری سے بتائیں کہ جیکسن ہائٹس میں جس جگہ کا آپ ذکر کر رہے ہیں‘ وہاں کے چنے اور نہاری لاہور جیسے ہیں؟ وہ جھٹ سے بولا کہ لاہور کا تو عشرِ عشیر بھی نہیں لیکن یہاں سب سے بہتر چنے اور نہاری اسی ریسٹورنٹ پر ملتے ہیں جہاں میں آپ کو لے کر جانا چاہتا ہوں۔ میں نے کہا: لاہوری چنے اور نہاری یا دیگر جو بھی دیسی کھانے اس ریسٹورنٹ پر میسر ہیں‘ میں لاہور جا کر کھا لوں گا۔ آپ براہِ کرم مجھے کوئی ایسی چیز کھلائیں جو لاہور میں نہ ملتی ہو‘ بس شرط یہ ہے کہ وہ حلال ہو۔
دنیا بھر میں مختلف ممالک میں گھومتے ہوئے جہاں جہاں ایسے کھانے کھانے کا اتفاق ہوا جو پاکستان میں بھی دستیاب ہیں تو اندازہ ہوا کہ پاکستان میں ملنے والے یہی کھانے ذائقے کے اعتبار سے اپنی اصل کے بجائے پاکستانی ذائقے کے زیادہ قریب تھے۔ یعنی ہم نے دیارِ غیر سے آنے والے ان کھانوں کو بھی پاکستانی تڑکا لگا کر پاکستانی نہ بھی کیا ہو تو کم از کم انہیں وہ بھی نہیں رہنے دیا جو یہ حقیقت میں تھے۔ ہمارے ایک دوست نے قصہ سنایا کہ تب وہ حکومتِ پنجاب میں کسی محکمے کا سیکرٹری تھا‘ اور اس محکمے سے متعلق چین سے ایک وفد آیا ہوا تھا۔ ہمارے دوست نے سوچا کہ آج اس وفد کو لاہور میں موجود کسی ایسے چائنیز ریسٹورنٹ میں لے جایا جائے جہاں ''اتھینٹک چائنیز کوزین‘‘ دستیاب ہو۔ اللہ جانے اب وہ ریسٹورنٹ موجود ہے یا بند ہو چکا ہے‘ تاہم وہ گلبرگ میں ایک چھوٹا سا چائنیز ریسٹورنٹ تھا۔ کافی عرصہ پہلے میں اپنے دوست آغا نثار کے ساتھ ایک بار اس ریسٹورنٹ میں جا چکا ہوں۔ اس ریسٹورنٹ کو ایک چینی خاندان چلا رہا تھا جو عیسائی ہو چکا تھا اور ان کے نام بھی چینیوں کے بجائے انگریزوں جیسے تھے۔ کاؤنٹر پہ اس خاندان کا سربراہ خود کھڑا ہوتا تھا‘ کچن اور ہال میں میں اس کی بیوی‘ بہو بیٹیاں اور بیٹے مل کر کھانا پکانے اور ویٹر سروس کے فرائض سرانجام دیتے تھے۔ خیر‘ بات ہو رہی تھی اس کھانے کی جو ہمارے دوست نے چینی وفد کے اعزاز میں کیا۔ اس چینی ریسٹورنٹ میں کھانا کھانے کے بعد وفد کے سربراہ نے بڑے خوش ہو کر ہمارے دوست کو بتایا کہ آپ کے کھانے چینی کھانوں سے کافی ملتے جلتے ہیں۔ ہمارے ہاں خواہ کوئی ایرانی ریسٹورنٹ ہو یا کوئی ترکی کھانوں کا دعویدار‘ جہاں بھی چلے جائیں اس کھانے میں آخری تڑکا پاکستانی مرچوں کا لگا ہو گا۔ ہمارے نزدیک وہ کھانے پاکستانی نہیں ہوتے جبکہ اس خاص علاقے سے آنے والا شخص انہیں چکھے تو وہ اسے اپنا کھانا کہنے سے صاف انکار کر دے گا۔
لاس اینجلس کے ساتھ ایناہائم میں شفیق کے ساتھ حاتم نامی ریسٹورنٹ‘ اور برمنگھم میں گلاب خان کے ساتھ آقا جی کے ایرانی ریسٹورنٹ میں چلو کباب‘ جوجہ کباب اور کوبیدہ کباب کھانے اور دوغ پینے کا جو مزہ ہے‘ وہ یہاں ممکن ہی نہیں۔ اسی طرح برطانیہ میں نمک اور سرکہ چھڑکی ہوئی کاڈ مچھلی کے ساتھ موٹے کٹے ہوئے آلو کے چپس کھانے کا مزہ صرف لندن کی فش اینڈ چپس ہی دے سکتی ہے۔ امریکہ میں آئی ہوپ کا آملیٹ اپنی مثال آپ ہے۔ استنبول کی گلیوں میں گھومتے ہوئے ادانہ کباب‘ ڈونر کباب اور آئران کسی اور ہی ذائقے کے حامل ہیں۔ نیویارک کی ایک گلی میں شیخ شمیخ شہادت کے ساتھ گیانا کا روایتی کھانا ایک مختلف تجربہ تھا۔ یہ مسافر یہی لطف میکسیکو میں وہاں کے روایتی کھانوں سے لے چکا ہے۔ میرا ذاتی تجربہ یہ ہے کہ پاکستان سے باہر جن جگہوں پر دیسی کھانوں کے ریسٹورنٹس کے مابین مسابقت اور مقابلے کی فضا ہے‘ وہاں محشر بدایونی کے شعر والی مثال صادق آتی ہے کہ
اب ہوائیں ہی کریں گی روشنی کا فیصلہ
جس دیے میں جان ہو گی وہ دِیا رہ جائے گا
وہاں باہمی مقابلے کی وجہ سے آپ کو اچھا کھانا مل جاتا ہے۔ مانچسٹر میں ومزلو روڈ‘ لندن میں ایلفرڈ اور ٹوٹنگ کا علاقہ‘ شکاگو میں ڈیون المعروف دیوان ایونیو‘ نیویارک میں جیکسن ہائٹس اور اسی قسم کی چند جگہوں پر آپ کو نسبتاً بہتر کھانا مل جاتا ہے۔ وگرنہ صورتحال یہ ہے کہ جہاں مقابلہ‘ مسابقت یا کمپٹیشن نہیں ہے وہاں کھانے کا معیار یہ بتاتا ہے کہ جو شخص دیارِ غیر میں ٹیکسی چلانے میں بھی ناکام ہو گیا ہو‘ وہ کھانا پکانے پر مامور ہو جاتا ہے۔
خدا جانے اس میں کیا رمز ہے کہ جب بیرونِ پاکستان کہیں جائیں تو لوگ اہتمام کی انتہا کرتے ہوئے آپ کو کسی دیسی ریسٹورنٹ پر لے جاتے ہیں۔ پاکستان سے آنے والے کو باقاعدہ اہتمام سے پاکستانی ہوٹل پر لے جانا‘ جہاں کھانے کا معیار بھی پاکستان جیسا نہ ہو‘ بالکل ایسے ہی ہے جیسے لاہور سے آنے والے کسی مہمان کو ملتان میں لاہوری چھولے یا سری پائے کھلانے کی کوشش کی جائے۔ کسی دوسرے شہر سے آنے والے مہمان کو ملتان میں سوتری وٹ کے چنے‘ دال مونگ‘ ڈولی روٹی‘ مسی روٹی اور چانپیں کھلانے سے بہتر بھلا اور کیا چیز ہو سکتی ہے؟

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...