پاکستان میں گورننس ماڈل اور اس کی افادیت پر ہر دور میں بحث جاری رہی ہے۔ گورننس پر سوالات بھی اٹھتے رہے ہیں۔ اس وقت بھی ایسے سوالات اٹھائے جا رہے ہیں ۔سسٹم کے فیل ہونے اور سسٹم کو ری سیٹ کرنے کی باتیں بھی کی جارہی ہیں۔ اہم بات یہ ہے کہ نظام کی خامیوں کی نشاندہی کرنے والے بیشتر حلقے وہی ہیں جو خود پالیسی سازی اور اقتدار کا حصہ رہے ہیں۔ یعنی جو اس نظام کی خوبیوں اور خامیوں کو اچھی طرح مشاہدہ کر چکے ہیں‘ وہی اس میں جوہری تبدیلی کی راہ سجھا رہے ہیں۔ پچھلی دہائیوں میں جو جمہوری نظام پریکٹس کیا گیا اس میں وقتاً فوقتاً کئی تجربات کیے گئے‘ ان میں سے کتنے تجربات کارگر ثابت ہوئے یہ تاریخ کا حصہ ہے۔ اس دوران آئینی ترامیم اور اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کے دعوے کیے گئے‘ مگر عملی طور پر انتظامی ڈھانچے کو مضبوط بنانے میں سیاسی عزائم حائل رہے‘ جس کے بجائے صرف شخصیات اور مخصوص گروہ ہی مضبوط ہو کر سامنے آتے رہے۔ ہمارے اربابِ اختیار جب فخر سے یہ کہتے ہیں کہ ہمارا پانچ سالہ ترقیاتی پلان دنیا کا بہترین نظام رہا اور کئی ترقی پذیر ممالک نے ہم سے یہ ماڈل لے کر ترقی کی ہے‘ تو اس وقت حیرت کی انتہا نہیں رہتی جب ہم دیگر ممالک کو اس نظام کے تحت ترقی کرتے اور خود کو ویسے ہی‘ پسماندہ دیکھتے ہیں۔
ملک میں نئے صوبوں کی بحث زور پکڑ چکی ہے۔ بلاشبہ نئے صوبے بننے چاہئیں اور نئے انتظامی یونٹس کی اشد ضرورت بھی ہے‘ اور یہ پورا عمل مکمل طور پر اتفاق رائے سے مکمل ہونا چاہیے۔ یہاں پہلا سوال یہ ہے کہ نئے انتظامی یونٹس کی ضرورت کیونکر ہے۔ بڑھتی ہوئی آبادی اور وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم نے نئے انتظامی یونٹس کی ضرورت کو دوچند کر دیا ہے۔ اب جبکہ قوم میں اس حوالے سے بیداری پیدا ہوئی ہے تو اسے سیاست کی نذر نہیں کیا جانا چاہیے۔ ایوان کے پاس جامع قانون سازی کی مکمل صلاحیت موجود ہے اور جو ایوان اس قوم کو ایک متفقہ آئین دے سکتا ہے‘ اس ایوان میں نئے صوبوں کے قیام کا معاملہ بھی خوش اسلوبی سے حل کیا جا سکتا ہے۔ آج یہ اہلِ سیاست اور ارکانِ پارلیمنٹ کے لیے ایک بڑی آزمائش کا مقام ہے کہ وہ قومی نوعیت کے اہم معاملات میں کس درجہ سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔
ملک میں نئے صوبوں کی تشکیل کا جو ماحول اس وقت بن چکا ہے‘ اس کا اگلا مرحلہ کٹھن سیاسی جوڑ توڑ پر مبنی نظر آتا ہے۔ جس طرح نئے صوبوں کے قیام کا ماحول بن رہا ہے‘ عوامی رجحانات بھی بڑی حد تک اسی کے حق میں دکھائی دیتے ہیں۔ حال ہی میں میریڈین نیشنل بیرومیٹر 2026ء کے نام سے کیے گئے سروے میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ پاکستان میں گڈ گورننس‘ ترقی اور حکومتی خدمات کی بہتر فراہمی کے لیے نئے صوبوں کے حامی شہریوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ سروے میں شہریوں نے اس رائے کا اظہار کیا ہے کہ اس اقدام سے طرزِ حکمرانی میں بہتری‘ ترقیاتی عمل میں تیزی اور سرکاری خدمات کی عوام کی دہلیز تک رسائی کو یقینی بنانے میں بڑی مدد مل سکتی ہے۔ عوامی سطح پر پایا جانے والا یہ رجحان اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ عام شہری اب روایتی نعروں کے بجائے مقامی سطح پر فوری ریلیف کے خواہاں ہیں۔ البتہ اس عوامی سوچ کو عملی شکل دینے کے لیے پارلیمانی سطح پر سنجیدہ اور متفقہ اقدامات ناگزیر ہیں۔
جس طرح عوامی سطح پر نئے صوبوں کی تشکیل کا ماحول بن چکا ہے‘ اسی طرح سیاسی ہم آہنگی پیدا کرنا بھی اتنا ہی ضروری ہے کہ اہلِ سیاست کی اکثریت نئے صوبوں کے حق میں کھڑی ہو۔ پاکستان کے آئین کے آرٹیکل 239 کی شق (4) کے مطابق کسی بھی صوبے کی حدود میں تبدیلی سے متعلق آئینی ترمیم کا مکمل طریقہ کار موجود ہے۔ نئے صوبوں کی تشکیل کے معاملے پر اگرچہ صوبائی تعاون درکار ہے؛ تاہم یہ بات ملحوظ رہنی چاہیے کہ صوبوں کا وقار بھی اسی صورت ہے جب ملک معاشی لحاظ سے ترقی کی منازل طے کرے گا۔ بعض سیاسی حلقوں کی جانب سے یہ خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں کہ شاید موجودہ صوبائی حکومتیں اس ضمن میں تعاون نہیں کریں گی اور یوں نئے صوبوں کی تشکیل کی راہ میں قانونی رکاوٹیں کھڑی ہو سکتی ہیں۔ خصوصاً سندھ اور پنجاب کی بااثر صوبائی جماعتوں کے تحفظات کو یکسر نظر انداز کرنا آسان نہیں ہو گا‘ کیونکہ ہمارے ہاں انتظامی تقسیم کو اکثر لسانی اور علاقائی سیاست کی نظر سے دیکھا جاتا ہے۔ لیکن جب یہ حقیقت واضح ہو چکی ہے کہ نئے صوبوں کی تشکیل کوئی علاقائی نہیں بلکہ ایک خالص قومی اور انتظامی معاملہ ہے تو صوبائی حکومتوں کو اس پر قائل کرنے کے لیے سنجیدہ سیاسی مکالمہ اور مخلصانہ کوشش ضرور کی جانی چاہیے۔
یوں لگتا ہے کہ مقتدرہ کو بھی اس امر کا بخوبی ادراک ہے کہ اہلِ سیاست کے تعاون کے بغیر نئے صوبوں کے اس حساس معاملے کو حتمی شکل دینا آسان نہیں ہو گا۔ اس پس منظر میں سیاسی حلقوں میں یہ افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ اگر پاکستان پیپلز پارٹی اس عمل میں تعاون کے لیے پوری طرح آمادہ نہیں ہوتی تو پھر متبادل کے طور پر تحریک انصاف کا تعاون حاصل کرنے کی راہیں تلاش کی جائیں گی۔ اس مقصد کے حصول کے لیے اگر بانی چیئرمین عمران خان کو کسی بھی سطح پر ریلیف دینے کی ضرورت پیش آتی ہے تو اس کا آپشن بھی میز پر رکھا گیا ہے۔ لطیف کھوسہ کی عمران خان سے ہونے والی حالیہ ملاقات کے تناظر میں یہ چہ مگوئیاں بہت گرم ہیں کہ خان صاحب کو سیاسی معاملات میں نرمی اور ریلیف کی پیشکش کی گئی ہے اور اس مبینہ پیشکش کا عملی آغاز بشریٰ بی بی کو بنی گالہ منتقلی سے کیا جا سکتا ہے۔ اس پس منظر میں پسِ پردہ رابطوں اور سیاسی ڈیل کی قیاس آرائیوں نے ملکی سیاست میں ہلچل سی مچا دی ہے۔ اس موقع پر عمران خان کا فیصلہ انتہائی اہمیت کا حامل ہو گا‘ کیونکہ اس سے قبل وہ اپنے بیانیے میں یہ تاثر دیتے رہے ہیں کہ وہ اصولوں پر کسی صورت کوئی سمجھوتا نہیں کریں گے۔ شنید ہے کہ اس وقت عمران خان کو ان کی اپنی جماعت کی طرف سے یہ سمجھانے کی بھرپور کوشش کی جا رہی ہے کہ چونکہ پی ٹی آئی زیرِ عتاب ہے‘ اس لیے اپنی جماعت کو سیاسی بحران سے نکالنے اور کارکنان کو مشکلات سے نجات دلانے کے لیے خان صاحب کو کچھ نہ کچھ لچک کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ اب اہم ترین سوال یہ ہے کہ کیا تحریک انصاف صوبوں کے اس آئینی معاملے میں تعاون کر کے اپنے قائد کے لیے کوئی ریلیف حاصل کرنے میں کامیاب ہو سکتی ہے؟
نئے صوبوں کا قیام اور انتظامی یونٹس کی تشکیل محض سیاسی یا وقتی معاملہ نہیں ہے بلکہ یہ فیصلہ خالصتاً عوام کی فلاح‘ بہتر گورننس اور ملکی استحکام کی بنیاد پر ہونا چاہیے۔ آئینی اور انتظامی اصلاحات کے اس کٹھن سفر میں کسی بھی قسم کے مصلحتی فیصلوں کے بجائے تمام سیاسی قوتوں کو مل بیٹھ کر وسیع تر قومی مفاہمت کا راستہ اپنانا ناگزیر ہے‘ تاکہ ملک کو مزید بحرانوں سے بچایا جا سکے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments