چتال گاؤں چکوال کے قریب ہی ہے۔ اپنے زمانے کے نامور سپاہی کرنل امام یہیں کے تھے۔ دو روز قبل وہاں جانا پڑا‘ میجر عمر کی شہادت کی وجہ سے۔ ان کے والد کرنل ریٹائرڈ ناصر منہاس سے افسوس کیا۔ ہر ایک سے وہ مل رہے تھے‘ میں نے کہا کہ بڑی ہمت سے یہ صدمہ برداشت کر رہے ہیں تو ذرا ٹوٹی ہوئی آواز سے بولے کہ کوشش کر رہا ہوں۔ کرنل صاحب کی یونٹ 44 ایف ایف تھی اور اسی میں میجر عمر تعینات تھے۔ حال ہی میں اچھی پوزیشن سے سٹاف کالج کورس کیا اور یونٹ کے عارضی کمانڈنگ آفیسر تھے۔ پتا چلا کہ ڈرون حملے سے شہادت واقع ہوئی ہے۔ چند ہفتے پہلے بھٹی گجر میں لیفٹیننٹ شیراز بابر کی شہادت پر افسوس کرنے گئے۔ موضع کرسال جانا تھا حوالدار محمد عمران کی شہادت پر افسوس کرنے۔ جا نہ سکا لیکن کرسال پھر گئے تو حاضری ضرور ہو گی۔ انہی دنوں وہالی زیر جو کہ چوآسیدن شاہ میں واقع ہے‘ وہاں گئے کیونکہ آرمی ایوی ایشن کے ایک میجر کی شہادت ہوئی تھی۔ وجہ ہیلی کاپٹر میں تکنیکی خرابی تھی کوئی فائر وغیرہ نہیں۔ لیکن یہ حادثہ بھی بلوچستان میں ہی پیش آیا۔
عرض کرنے کا مقصد یہ کہ کے پی اور بلوچستان میں جاری شورشیں اور جنگیں‘ کوئی نام بھی آپ انہیں دیں‘ چکوال کے دیہات تک پہنچ چکی ہیں۔ کئی بار کہہ چکا ہوں کہ چکوال‘ تلہ گنگ اور چوآسیدن شاہ کا کوئی گاؤں نہیں جہاں شہدا کی قبریں نہ ہوں۔ یہ شہادتیں پرانی جنگوں کی نہیں بلکہ اس دور کی ہیں۔ کے پی میں جو وہاں کی پولیس فورس کو سہنا پڑ رہا ہے اخباروں میں آتا ہے۔ نہ صرف وہاں بلکہ بلوچستان میں بھی اتنے واقعات ہوئے ہیں جن میں پولیس اور ایف سی کو بھاری نقصان اُٹھانا پڑا ہے۔ ان اِنسرجینسیز کو جو نام بھی دیا جائے اور ذمہ ہم جس کا ٹھہرائیں‘ حقیقت تو یہ ہے کہ مغربی صوبے دونوں ان شورشوں میں پھنسے ہوئے ہیں اور یہ صورتحال کب سے جاری ہے۔ سیاسی حل کا کوئی ذکر نہیں ہوتا۔ زوراس پر ہے کہ باغیانہ کارروائیوں کو کچل دیا جائے گا۔ حقیقی صورتحال البتہ سامنے ہے کہ حالات کنٹرول میں نہیں ہیں۔
قبرستانوں کی وجہ سے چکوال کا تو بڑا قریب کا تعلق ہے اس ساری صورتحال سے۔ لیکن جہاں فیصلہ ساز بیٹھے ہیں وہاں کتنا ادراک ہے اس سنگینی کا۔ ہونا تو یہ چاہیے کہ تمام قومی سوچ ان شورشوں پر مرکوز ہو۔ لیکن وہاں ترجیحات ہی اور ہیں۔ اسلام آباد یا لاہور جائیں کچھ محسوس ہوتا ہے کہ بلوچستان اور کے پی میں کیا ہو رہا ہے؟ نئے صوبوں کی بات ہو رہی ہے‘ ضرور بنائیے۔ شاید صدارتی نظام کا کوئی بلیو پرنٹ تیار ہو رہا ہے۔ یہ سب ٹھیک ہے لیکن یہ جو دو اِنسرجینسیاں ہیں ان کی بازگشت اوپر کے ایوانوں میں اتنی نہیں ہوتی۔
اوپر کی ترجیحات کیا ہیں۔ جنرل باجوہ کی توسیع کا معاملہ سامنے آیا تو متعلقہ قانون منظور کرانے کیلئے پی ٹی آئی تو پہلے ہی تیار تھی اور دیگر پارٹیوں کو بھی تیار کیا گیا۔ جنرل باجوہ کی توسیع ہو گئی تو عمران خان کو ہٹانے کا منصوبہ بنا۔ اُس مقصد کیلئے تمام اقتدار سے باہر پارٹیوں کو اکٹھا کیا گیا۔ تب مولانا فضل الرحمن کی بھی بہت ضرورت تھی اور مولانا بھی اس کام کیلئے تیار تھے۔ پھر اعلیٰ عدلیہ کو درست کیا گیا۔ قاضی فائز عیسیٰ تب ہتھیار بنے اعلیٰ عدلیہ کو درست راستے پر لانے کیلئے۔ جسٹس منصور علی شاہ کی چھٹی ہوئی۔ قاضی صاحب نے پھر وہ کیا جو کرنا تھا۔ آئینی ترمیمات آئیں‘ مرضی کے الیکشن کرائے گئے۔ ووٹ تو کہیں اور ڈلے لیکن نتائج مختلف نکلے۔ اقتدار کے انعامات اُن میں تقسیم ہوئے جنہیں حقیقت میں الیکشن میں پھینٹی اور اچھی خاصی پھینٹی پڑی تھی۔ لیکن لازوال اصول سٹالن کا تھا کہ الیکشنوں میں اہمیت ووٹوں کی نہیں بلکہ ووٹ گننے والوں کی ہوتی ہے۔ گننے والوں نے اپنے کمال دکھائے۔ جب یہ تمام ناٹک ہو رہے تھے تو کے پی اور بلوچستان میں شورشیں جاری تھیں۔ ٹی ٹی پی اور بلوچ تنظیموں کے حملے جاری رہے۔ یعنی جو سیاسی کھیل اسلام آباد میں ہو رہے تھے اُن کا ان دو مغربی صوبوں کی صورتحال سے کوئی تعلق نہ تھا۔ لیکن حکمرانوں کا دھیان ان سیاسی کھیلوں کی طرف تھا۔ آج بھی صورتحال یہی ہے۔ اسلام آباد کی سوچ کچھ اور ہے اور کے پی اور بلوچستان میں کچھ اور ہو رہا ہے۔
پی ٹی آئی سیاسی جماعت ہے‘ اس سے سیاسی مخالفت ہو سکتی ہے۔ مملکت کے وجود کو تو پی ٹی آئی سے کوئی خطرہ نہیں۔ وجود کی لڑائی مغربی صوبوں میں ہو رہی ہے۔ سارا سیاسی زور پی ٹی آئی کو دبانے میں لگایا جا رہا ہے۔ عمران خان قید ہے‘ مقدمات اور سزاؤں کا سلسلہ لمبا ہے۔ لیکن اس سب کچھ سے حاصل کیا ہو رہا ہے؟ کیا کے پی کی صورت بہتر ہو رہی ہے؟ گورنر راج لگا دیا گیا‘ اس سے کیا ہوا ہے؟ کیا ٹی ٹی پی کے حملے تھم گئے ہیں؟ سیاسی میدان میں دباؤ کے استعمال سے کیا بلوچستان کی صورتحال بہتر ہوتی جا رہی ہے؟ سوچنے کی باتیں ہیں۔ کئی دفعہ ڈر لگتا ہے کہ اپنے ساتھ ہم کیا کر رہے ہیں‘ ملک کہاں جا رہا ہے۔ پتا نہیں عمران خان اور پی ٹی آئی سے کوئی معاملات طے ہو رہے ہیں یا نہیں۔ لیکن ہونے چاہئیں۔ ہر طرف محاذ آرائی کی کیفیت ختم ہونی چاہیے۔ یہ جو عمران خان نے تین چیف جسٹسوں کو خط لکھا ہے‘ پڑھ کے دل دہل جاتا ہے۔ خاص طور پر جہاں وہ لکھتے ہیں کہ میں نے لوگوں کیلئے ہسپتال بنائے اور یہاں مناسب طبی سہولتوں سے میں خود محروم ہوں۔ بہت ہو گئی‘ صلح صفائی کی طرف جانا چاہیے۔ اس لیے نہیں کہ اخلاقی طور پر یہ بہتر راستہ ہے۔ اخلاقیات بھاڑ میں جائیں۔ ملکی مفاد یہ کہتا ہے کہ ہر طرف محاذ آرائی مہنگا سودا ثابت ہو رہا ہے۔ توانائیاں اُن شورشوں پر جانی چاہئیں جن سے مملکت کو صحیح معنوں میں خطرہ ہے۔
سٹیٹ بینک کی رپورٹ ہے کہ پچھلے تقریباً چالیس سال سے ملک کی مینوفیکچرنگ صلاحیت میں کوئی اضافہ نہیں ہوا۔ پیسے ہمارے لگے کہاں ہیں؟ شادی ہالوں پر اور ہاؤسنگ سوسائیٹیوں پر۔ جسے پروڈَکٹو صلاحیت کہتے ہیں اُس میں کون سا اضافہ ہوا ہے۔ کون سی فیکٹریاں بنی ہیں؟ کون سا ہماری برآمدات میں اضافہ ہوا ہے؟ عوام سے ٹیکس نچوڑی جا رہے ہیں‘ کچھ بھلا ہو باہر مقیم پاکستانیوں کا کہ پیسے بھیجتے ہیں اور مملکت کا کام چلتا ہے۔ پسماندگی غربت کی نہیں سوچ کی پسماندگی ہے۔ پتا نہیں کس دور کے چلے ہوئے کارتوس اب تک مملکت اور اُس کے نظام پر سوار ہیں۔ نئی سوچ‘ نئی صلاحیتیں کہاں سے آئیں؟ پنجاب حکومت سے تو جہاز والا معاملہ نہیں سنبھل رہا۔ مہنگا جہاز تو خرید لیا سیر سپاٹے کیلئے۔ اب معلوم پڑا ہے کہ اس جہاز کی دیکھ بھال کی صلاحیت پنجاب حکومت کے پاس نہیں ہے۔ مجبوراً ایئر فورس سے معاہدہ کرنا پڑا ہے کہ دیکھ بھال وہ کریں گے۔ معاہدے پر دستخط ہو گئے ہیں لیکن یہ نہیں بتایا گیا کہ معاہدہ پنجاب حکومت کو کس بھاؤ پڑے گا۔
ملک میں گندم کی قلت ہے۔ بازار میں جا کر پوچھیں کہ کلو آٹا کتنے میں مل رہا ہے۔ یہ حالت ہے ایک زرعی ملک میں اور حکومتیں اور حکمران ہیں‘ اُن کے اَللے تللے ختم نہیں ہوتے۔ اب پنجاب حکومت کی خواتین ترجمان‘ جو بولتی ہی رہتی ہیں‘ کہہ رہی ہیں کہ پنجاب حکومت کو کوئی خطرہ نہیں۔ جب ایسی وضاحتیں دینی پڑ جائیں تو جان لیں کہ دال میں کچھ کالا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments