جھنگ روڈ سدھار بائی پاس پر جدید ہسپتال تعمیر کرنے کا مطالبہ
ہسپتال کی تعمیر کیلئے ہنگامی فنڈز فراہم کرکے عملی اقدامات کیے جائیں :شہری
ٹھیکریوالا (نمائندہ دنیا) جھنگ روڈ سدھار بائی پاس پر جدید ہسپتال کا قیام ناگزیر ہوگیا، حلقہ این اے 100 کے لاکھوں افراد معیاری طبی سہولیات سے محروم ہیں۔ عوامی حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز ، وزیراعظم کے مشیر و سینیٹر رانا ثناء اللہ خان اور سابق رکن پنجاب اسمبلی میاں اجمل آصف سے ہسپتال کی تعمیر کے لیے فوری عملی اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق جھنگ روڈ سدھار بائی پاس پر 100 بستروں پر مشتمل جدید اور معیاری ہسپتال کا قیام انتہائی ضروری قرار دیا جارہا ہے ۔ حلقہ این اے 100 کے درجنوں دیہات میں آباد لاکھوں افراد جدید طبی سہولیات سے محروم ہیں، جس کے باعث انہیں علاج معالجے کے لیے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔عوامی حلقوں کے مطابق ہنگامی صورتحال میں مریضوں کو دور دراز علاقوں سے فیصل آباد شہر کے بڑے ہسپتالوں تک کئی کلومیٹر کا سفر طے کرنا پڑتا ہے ۔ جھنگ روڈ پر ٹریفک کے بے پناہ رش کے باعث مریضوں کو بروقت ہسپتال پہنچانا بھی دشوار ہوجاتا ہے ۔ فوری طبی امداد نہ ملنے کے باعث بعض مریض راستے ہی میں دم توڑ جاتے ہیں۔ عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ہسپتال کی تعمیر کے لیے ہنگامی بنیادوں پر فنڈز فراہم کرکے عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کو ان کی دہلیز کے قریب معیاری طبی سہولیات مل سکیں اور قیمتی انسانی جانیں بچائی جاسکیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments