خبر کی بنیاد صرف معتبر معلومات پر رکھی جائے :ساجد ایڈووکیٹ

خبر کی بنیاد صرف معتبر معلومات پر رکھی جائے :ساجد ایڈووکیٹ

گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)غیر مصدقہ اور بے بنیاد خبریں ناصرف عوامی رائے کو گمراہ کرتی ہیں بلکہ جمہوری عمل اور سماجی اعتماد کیلئے بھی سنگین خطرہ بن رہی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار ساجد علی ایڈووکیٹ ڈائریکٹر پروگرامزسنگت ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن نے ٹرسٹ فار ڈیموکریٹک ایجوکیشن اینڈ اکاؤنٹیبلیٹی کے اشتراک سے ضلع گوجرانوالہ کے صحافیوں کیلئے مشاورتی نشست بعنوان قابلِ اعتماد سرکاری معلومات کے ذریعے غلط معلومات کا تدارکسے خطاب میں کیا۔ انہوں نے زور دیا کہ ذمہ دار صحافت کا تقاضا ہے کہ خبر کی بنیاد صرف معتبر اور تصدیق شدہ سرکاری معلومات پر رکھی جائے ۔ خرم شہزاد پروگرام آفیسر نے صحافیوں کو پنجاب رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ 2013(RTI) کے دائرہ کار، درخواست دینے ، قانونی اور مؤثر فالو اپ کے مراحل سے آگاہ کیا اور واضح کیا کہ کس طرح دستاویزی شواہد اور سرکاری ریکارڈ کے ذریعے خبروں کو مستند بنا کر افواہوں اور غلط معلومات کا مؤثر سدِباب کیا جا سکتا ہے ۔ نشست کا مقصد ڈیجیٹل دور میں تیزی سے پھیلنے والی غلط اور گمراہ کن معلومات کے چیلنجز کا مقابلہ کرنا اور صحافیوں کو ذمہ دارانہ رپورٹنگ کی ترغیب دینا تھا۔مشاورتی نشست میں شیخ مشتاق ،خرم شہزاد )، نویدہ بخاری ، آسیہ مہر ودیگرصحافیوں نے متفقہ مطالبہ کیا کہ پریس کلبوں میں RTI درخواستوں بارے رہنمائی کیلئے خصوصی ڈیسک قائم کیے جائیں، تمام سرکاری ادارے اپنی ویب سائٹس پر معلومات کی بروقت فراہمی یقینی بنائیں اورصحافیوں کو دھمکیوں، دباؤ اور ہراسانی کے مؤثر سدِباب کیلئے عملی اقدامات کیے جائیں۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں