ڈی ایچ کیو ہسپتالوں میں سہولیات کا فقدان، ہزاروں مریضوں کے آپریشن االتواکا شکار

ڈی ایچ کیو ہسپتالوں میں سہولیات کا فقدان،  ہزاروں مریضوں کے آپریشن االتواکا شکار

پیچیدہ امراض میں مبتلا مریضوں کو طبی معائنہ کرکے ایک سال تک کا وقت دیا جانے لگا ،ڈاکٹر وں کثیر تعداد میں ہونے با وجود لوگ نجی ہسپتالوں میں جانے پر مجبور

گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)گوجرانوالہ کے دونوں ڈی ایچ کیوٹیچنگ ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن توکردی گئی لیکن متعدد سرجیکل یونٹس میں سہولیات کا فقدان برقرار ہے اوربیڈز کی کمی بھی پوری نہ ہوسکی جس کے باعث ہزاروں مریضوں کے آپریشن التوا کا شکار ہیں ،بیشتر شعبوں میں ڈاکٹروں کی کثیر تعداد ہونے کے باوجود مریضوں کو ڈسچارج کرنا معمول بن گیا اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں آپریشن کر انے کی تجویز دی جانے لگی ،مہنگے ٹیسٹوں کی سہولیات بھی موجود نہیں، آبادی کے تناسب سے سالانہ چند سو مریض آپریشن کر انے میں کامیاب ہوتے ہیں 90 کے قریب سرجن ڈاکٹرز ،165 پروفیسرز ڈاکٹرز اور400سے زائد میڈیکل آفیسرز ہسپتال کے مختلف شعبوں میں تعینات ہیں جو یپچیدہ امراض میں مبتلا مریضوں کو طبی معائنہ کرکے اگلے سال کا ٹائم دے دیتے ہیں جبکہ معمولی نوعیت کے آپریشن کیلئے بھی 6ماہ کا وقت دے کر مریضوں کو ٹرخایا جانے لگا ۔

آنکھ ،ناک ،کان ،گلہ ،اپنڈکس ،معدہ ،چھاتی ،جسمانی زخموں اور دیگر امراض کے معمولی آپریشن کرکے دوبارہ تاریخیں دی جارہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق ڈی ایچ کیو ہسپتال اور گوندلانوالہ ٹیچنگ ہسپتال میں مختلف سرجیکل یونٹس ہیں جن میں آرتھوپیڈک ،یورالوجی ،جنرل سرجری ،نیوروسرجری ،ای اینڈ ٹی ،ڈینٹل ،گیسٹرو انٹالوجسٹ ،آئی سرجری اور دیگر شعبہ جات ہیں مگر آپریشن تھیٹرز کی کمی اوراور وارڈز میں سہولیات کے فقدان کے باعث ہزاروں مریض آپریشن سے محروم ہیں، ضلع گوجرانوالہ کی60 لاکھ آبادی کیلئے صرف1200 بیڈز دونوں ہسپتالوں میں موجود ہیں جس میں سرجیکل یونٹس کے وارڈز میں صرف200 کے قریب بیڈز موجود ہیں، ایک سال کے دوران مختلف امراض کا آپریشن کر انے کیلئے 20 ہزار سے زائد شہریوں نے رجسٹریشن کرائی جنہیں رواں سال اوراگلے سال کا ٹائم دیا گیا مگر ان میں سے نصف سے بھی کم مریضوں کا آپریشن کیا گیا جبکہ بیشترمریضوں کو معمولی کٹ لگا کر صفائی وستھرائی کرکے ٹرخادیا گیا جو پرائیویٹ ہسپتالوں اور لاہور کے سرکاری ہسپتالوں میں آپریشن کر انے پرمجبور ہوگئے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں